Sunday, 7 June 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 07 جون 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 07 June 2026
Time: 09:00-09:10 AM
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۷/ جون ۶۲۰۲ء؁
وقت: 09.00 سے 09.10/ بجے
***** ***** *****
سرخیاں
پہلے خاص خبروں کی سرخیاں...
٭ 353 واں شیوراجیہ ابھیشیک دن جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔
٭ ریاستی حکومت نے مندر اراضی کے خاتمے کے قانون کو فی الحال معطل کرنے کا کیا فیصلہ۔
٭ دھاراشیو کے ستیش سابڑے نے عالمی یوگا چمپئن شپ میں جیتا گولڈ میڈل۔
٭ بھارت جاپان کو شکست دے کر مردوں کے انڈر 18 ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست۔
اور۔۔۔ ٭ جنوب مغربی مانسون کی بارشیں نشیبی کوکن میں داخل،محکمہ موسمیات نے مانسون کے 20 جون تک پوری ریاست میں داخل ہونے کا ظاہر کیا امکان۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
کل 353 واں شیوراجیہ ابھیشیک دن جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ رائے گڑھ میں منائی گئی مرکزی تقریب میں ریاست بھر کے شیو بھکتوں نے مہاراج کو خراج عقیدت پیش کیا۔ یوراج سمبھاجی راجے چھترپتی نے اس احساس کا اظہار کیا کہ 300 سال بعد بھی لوگ اس جگہ پر آتے ہیں یہ مہاراج سے عقیدت کی علامت ہے۔
نئی ممبئی بین الاقوامی ہوائی اڈے کے دروازے پر نصب چھترپتی شیواجی مہاراج کے مجسّمے کی نقاب کشائی وزیر اعلی دیویندر پھڑنویس نے کل شیوراجیہ ابھیشیک دن کے موقع پر کی۔
بعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ نئی ممبئی ہوائی اڈے کا نام عوامی قائد ڈی بی پاٹل کے نام سے منسوب کرنے سے متعلق کارروائی جاری ہے، اور اس سلسلے میں مرکزی حکومت کے ساتھ نمائندگی بھی جاری ہے۔
***** ***** *****
نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیر اعلیٰ سنیترا پوار نے بھی چھترپتی شیواجی مہاراج کو خراج عقیدت پیش کیا اور تمام شیو بھکتوں کو شیو راجیہ ابھیشیک دن کی مبارکباد دی۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں بھی شیوراجیہ ابھیشیک دن جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔
چھترپتی سمبھاجی نگر میں شیو بھکتوں کی بڑی بھیڑ صبح سے ہی کرانتی چوک پر جمع تھی۔ شیو کے نعروں کی آواز سے پورا علاقہ گونج اٹھا تھا، تمام پارٹیوں کے لیڈران اور عوامی نمائندوں نے بھی چھترپتی شیواجی مہاراج کے مجسّمے پر پھول چڑھائے۔
***** ***** *****
ناندیڑ میں ضلع کلکٹر راہل کرڈیلے اور ضلع پریشد کی CEO میگھنا کاولی نے شیواجی مہاراج کی مورتی پر پھول چڑھائے۔ اس کے بعد گڑی کھڑی کرکے شیوراجیہ ابھیشیک دن منایا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس شاہ جی اماپ اور کئی افسران اور ملازمین موجود تھے۔
***** ***** *****
پربھنی ضلع کے پورنا تعلقہ کے کاتنیشور کے ہند یان اسپورٹس سائنس اکیڈمی میں شیوراجیہ ابھیشیک کی تقریب منائی گئی۔ علاقہ نوجوان شیو بھکتوں کے نعروں سے گونج اٹھا۔ چھوٹے بچوں نے روایتی پوجا اور پالکی کی تقریب منائی اور شیو دور کے مارشل آرٹ کا سنسنی خیز مظاہرہ بھی پیش کیا۔
***** ***** *****
کولہاپور، ستارا، دھولیہ، پال گھر، شولاپور اور ریاست کے کئی دیگر مقامات پر بھی شیو کی تاجپوشی کی تقریب جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے مذہبی مقامات لینڈ ابالیشن ایکٹ کو فی الحال معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیرِ محصول چندر شیکھر باونکولے نے کل ناگپور میں ایک پریس کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے یہ فیصلہ اس قانون کے حوالے سے دائر اعتراضات کا نوٹس لینے کے بعد لیا ہے جس سے ہندو مذہبی اور دیوستھان اداروں میں الجھن پائی جاتی ہے۔ باونکولے نے یہ بھی کہا کہ مذہبی مقامات کو مضبوط کرنے کا قانون مقننہ کے آئندہ سرمائی اجلاس میں لایا جائے گا۔
***** ***** *****
کل دہلی کے جنتر منتر پر کاکروچ جنتا پارٹی کی قیادت میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان سے مختلف امتحانات اور بھرتی کے عمل میں بے قاعدگیوں اور بددیانتی پر استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا گیا۔ اس احتجاج میں ہزاروں مظاہرین جمع ہوئے۔ کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی ابھیجیت دیپکے نے مطالبہ کیا کہ پیپر لیک اور دیگر بے ضابطگیوں کے معاملے میں وزراء کی ذمہ داری طئے کی جائے اور وزیر تعلیم استعفیٰ دیں۔ سماجی کارکن سونم وانگچک، سی پی آئی لیڈر عینی راجہ، اور سی پی آئی ایم کے جنرل سکریٹری دیپانکر بھٹاچاریہ نے بھی اس احتجاج میں شرکت کی۔
دریں اثنا، ڈپٹی کمشنر آف پولیس نے مطلع کیا ہے کہ چھترپتی سمبھاجی نگر میں دیپکے کی رہائش گاہ پر پولس کے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت نے حال ہی میں 12 سال مکمل کیے ہیں۔ چھترپتی سمبھاجی نگر میں کھیلوں کے کوچ ڈاکٹر مکرند جوشی نے کہا کہ اس عرصے کے دوران، حکومت نے کھیلوں کے شعبے میں بنیادی تبدیلیاں کی ہیں، جس کی وجہ سے کھلاڑیوں کو حوصلہ مل رہا ہے، اور کھیلوں کے شعبے نے بھی اچھے دن دیکھے ہیں۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جا رہی ہیں۔
***** ***** *****
لاتور تعلقہ کے کھنڈا پور میں اکھنڈ ہری نام ہفتے میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کے معاملے میں کل مرکزی منتظم اور کچھ دیگر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس تقریب کیلئے پانچ کروڑ 98 لاکھ روپے سے زائد جمع ہوئے ہیں جن میں سے تقریباً تین کروڑ پینسٹھ لاکھ روپے کا حساب نہیں ہے۔ پولس اس معاملے میں مزید تفتیش کر رہی ہے۔
***** ***** *****
رکنِ پارلیمان بجرنگ سونونے نے مطالبہ کیا ہے کہ بیڑضلع کے پرلی کے نوجوان توحید خیراتی خان پٹھان کے قتل کے تمام ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرکے سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے حکومت اور انتظامیہ سے تحریری خط میں یہ مطالبہ بھی کیا ہے کہ اس کیس کی سماعت فاسٹ ٹریک عدالت میں کی جائے اور متاثرہ خاندان کو جلد از جلد انصاف فراہم کیا جائے۔
***** ***** *****
احمد آباد میں ورلڈ چمپئن شپ یوگاسنا مقابلے میں، دھاراشیو ضلعے کے یوگا ایتھلیٹ ستیش سابڑے نے ٹوئسٹنگ زمرے میں انفرادی گولڈ میڈل جیتا اور عالمی چمپئن بن گئے۔ سابڑے، جو بارڈر سیکورٹی فورس میں کام کر رہے ہیں، عالمی یوگاسنا مقابلے میں بھارت کیلئے طلائی تمغہ جیتنے والے پہلے یوگا کھلاڑی ہیں۔
***** ***** *****
بھارت نے کل مردوں کے انڈر 18 ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں میزبان جاپان کو 4-1 سے شکست دے کر اپنا تیسرا طلائی تمغہ جیتا۔ جاپان کے کاکامی گاہارا میں منعقدہ فائنل مقابلے میں بھارت کی جانب سے آشیش پورتی نے تین اور کیتن کُشواہا نے ایک گول کیا۔
اس سے قبل بھارتی ٹیم نے انڈر 18 خواتین ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں کانسے کا تمغہ جیتا۔ اس مقابلے میں انہوں نے کورین ٹیم کو تین صفر سے شکست دی۔
***** ***** *****
انگلینڈ اور آئرلینڈ کے دورے کیلئے شیریس ایئر کی قیادت میں بھارتی ٹی 20 کرکٹ ٹیم کا کل اعلان کیا گیا۔ تلک ورما بھارتی ٹیم کے نئے نائب کپتان ہوں گے۔ اس دوران نوعمر کرکٹر ویبھو سوریہ ونشی کو ٹیم میں منتخب کیا گیا ہے۔ ویبھو، جو اس وقت 15 سال 71 دن کے ہیں، نے سب سے کم عمر کرکٹر کے طور پر بھارت رتن سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑ دیا۔ سچن کی عمر 16 سال 205 دن تھی جب وہ بھارتی ٹیم میں منتخب ہوئے تھے۔
***** ***** *****
دسویں جماعت کے امتحان میں 90 فیصد سے زیادہ نمبر حاصل کر کے نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے پولیس افسران و ملازمین کے بچوں کیلئے ایک خصوصی اعزازی تقریب کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں منعقد ہوئی۔ پولس سپرنٹنڈنٹ پرکاش جادھو کی صدارت میں منعقدہ تقریب میں ہونہار طلباء کو اعزاز سے نوازا گیا۔
***** ***** *****
لاتور-دھاراشیو-بیڑ قانون ساز کونسل انتخابات کے پیش نظر، کانگریس لیڈر اور سابق وزیر و رکن اسمبلی امیت دیشمکھ نے حکمراں پارٹی پر تنقید کی ہے۔ وہ کل لاتور میں صحافیوں سے بات کر رہے تھے۔ یہ الزام لگاتے ہوئے کہ بی جے پی قائدین امیدواروں کو لالچ دے رہے ہیں اور انہیں انتخابات سے دستبردار ہونے پر مجبور کررہے ہیں، انہوں نے خیال ظاہر کیا کہ اگر انتخابات نہیں ہوئے تو جمہوریت زندہ نہیں رہے گی۔
***** ***** *****
جالنہ ضلع کے عنبڑ کے تحصیلدار وِجئے چوہان کو 12 لاکھ روپے رشوت طلب کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ اس نے یہ رشوت غیر قانونی ریت نکالنے والی پوکلین مشین کے خلاف کارروائی نہ کرنے کیلئے مانگی تھی۔
***** ***** *****
ٹیچر اہلیتی امتحان چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع میں 28 جون کو منعقد ہوگا۔ ضلع میں امتحان کیلئے 29 ہزار 631 امیدواروں نے رجسٹریشن کرایا ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر شہر کے 50 اسکولوں میں امتحانی مراکز مقرر کیے گئے ہیں، جبکہ یہ امتحان دو سیشن میں منعقد ہوگا۔
***** ***** *****
ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے حیدرآباد-جے پور خصوصی ہفتہ وار ٹرین کو باقاعدہ کرنے کو منظوری دے دی ہے۔ یہ ٹرین ناندیڑ، پورنا، اکولا، کھنڈوا، اجین، اجمیر کے راستے چلے گی۔
***** ***** *****
جنوب مغربی مانسون کی بارش کل کوکن کے نچلے حصے میں داخل ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ مون سون کی بارشیں 20 جون کے قریب ریاست کے تمام مقامات کو ڈھک لے گی۔
پربھنی ضلعے میں کل تیز ہواؤں کے ساتھ پری مانسون بارش ہوئی۔ اس سے پانی کی کمی کی وجہ سے سوکھنے والے گنے کو راحت ملی ہے، جبکہ بوائی سے پہلے کی کاشت کے کام میں بھی تیزی آئے گی۔ دریں اثناء‘ کل چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے پیٹھن علاقے میں بھی بارش ہوئی۔
***** ***** *****
پونے کے ڈویژنل کمشنر شیتل تیلی نے تمام سرکاری محکموں کے سربراہوں سے پنڈھرپور کی آشاڑھی واری کے لیے رابطہ قائم کرنے اور کام کرنے کی اپیل کی ہے۔ وہ کل شولاپور میں آشاڑھی واری کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ جائزاتی میٹنگ سے خطاب کر رہی تھیں۔ کمشنر تیلی نے تجویز پیش کی کہ وارکریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کی جانی چاہئے۔
***** ***** *****
سرخیاں
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر....
٭ 353 واں شیوراجیہ ابھیشیک دن جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔
٭ ریاستی حکومت نے مندر اراضی کے خاتمے کے قانون کو فی الحال معطل کرنے کا کیا فیصلہ۔
٭ دھاراشیو کے ستیش سابڑے نے عالمی یوگا چمپئن شپ میں جیتا گولڈ میڈل۔
٭ بھارت جاپان کو شکست دے کر مردوں کے انڈر 18 ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست۔
اور۔۔۔ ٭ جنوب مغربی مانسون کی بارشیں نشیبی کوکن میں داخل،محکمہ موسمیات نے مانسون کے 20 جون تک پوری ریاست میں داخل ہونے کا ظاہر کیا امکان۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment