Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 04 July 2026
Time: 09:00-09:10 AM
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۴/جولائی ۶۲۰۲ء
وقت: 09.00 سے 09.10/ بجے
***** ***** *****
سرخیاں
پہلے خاص خبروں کی سرخیاں...
٭ ملاوٹی دودھ فروخت کرنے پر 10 لاکھ روپئے جرمانہ عائد کیا جائے گا: خوراک و ادویات محکمے کا انتباہ۔
٭ اسکولوں کے اطراف 500 میٹر کے علاقہ میں اِسٹنگ اِنرجی ڈِرنک کی فروخت پر پابندی۔
٭ حقِ اطلاعات قانون میں تبدیلیوں کو مؤخر کرنے کا ریاستی حکومت کا فیصلہ۔
٭ سابق وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کی جانب سے کل ریاست گیر رام رَکشا تحریک۔
اور۔۔۔ ٭ ریاست میں آئندہ پانچ دِن موسلا دھار بارش کی پیش گوئی۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
ملاوٹ شدہ دودھ فروخت کرنے والوں پر 10 لاکھ روپئے جرمانہ عائد کرنے کا انتباہ خوراک و ادویہ انتظامیہ نے دیا ہے۔ خوراک و ادویہ انتظامی کمشنر تکارام منڈے نے کہا ہے کہ دودھ کی پیداوار سے لیکر ترسیل تک کے مرحلے میں کہیں بھی ملاوٹ کی جاتی ہے تو یہ کارروائی کی جائیگی۔ انھوں نے دودھ فروشوں کیلئے کل نئے رہنماء ضوابط بھی جاری کیے اور ان پر سختی کے ساتھ عمل درآمد کرنے کی ہدایت دی۔ چند ہوٹل اور ریسٹورنٹ مالکان کی جن کی جانب سے پیسٹ کنٹرول کے جھوٹے صدات نامے پیش کیے جانے کا انکشاف ہونے کے حوالے سے منڈے نے انکے لائسنس منسوخ کرنے کا اشارہ بھی دیا۔
***** ***** *****
گذشتہ ایک سال کے دوران خوراک و ادویات انتظامیہ نے غذائی نمونوں کی جانچ میں چار گنا اضافہ کیا ہے۔ محکمہ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اس برس جون ت 13ہزار 474 نمونے موصول ہوئے، جن میں سے چار ہزار 494 نمونوں کی جانچ مکمل ہوچکی ہے۔ جانچ کے بعد چار ہزار 91 نمونے ناقص معیار کے پائے گئے۔ ریاست بھر سے حاصل ہونے والے نمونوں کی جانچ ممبئی‘ ناگپور اور چھترپتی سمبھاجی نگر کی تجربہ گاہوں میں کی جاتی ہے۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلع میں اونڈھا ناگناتھ دیو استھان کے اطراف و اکناف خوراک ادویہ انتظامیہ نے کل خصوصی جانچ مہم چلائی۔ اس کارروائی کے دوران غلط طریقے پر ذخیرہ کیا گیا 93 کلو کھویا تلف کردیا گیا۔ جبکہ بغیر رجسٹریشن یا لائسنس کے کاروبار کرنے والے دکاندارو ں کو کاروبار بند کرنے کی ہدایت کی گئی۔
***** ***** *****
دریں اثناء‘ ناندیڑ میں خوراک و ادویہ محکمے کی جانب سے کل دو اسکولوں میں طلبہ کے غذائی پروگرام کا معائنہ کیا گیا اور دولاکھ 24 ہزار 530 روپئے مالیت کا غذائی ذخیرہ ضبط کیا گیا۔ محکمے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ لیباریٹری رپورٹ موصول ہونے کے بعد فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائیگی۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے کل اسمبلی کو بتایا کہ ممبئی کے ہافکِن ادارے کی کسی بھی صورت میں نجکاری نہیں کی جائیگی۔ خوراک و ادویہ کے وزیر نرہری جھرواڑ نے ایوان کو بتایا کہ ادارے کے انتظامی اُمور میں بہتری لانے کیلئے ادارے کی ذمہ داری سینئر آئی اے ایس آفیسر تکارام منڈے کو سونپی جائے گی۔ وزیرِ موصوف نے یہ بھی بتایا کہ اسٹنگ اِنرجی ڈرنک میں بعض مضرِ صحت کیمیاوی مادّوں کی موجودگی سامنے آئی ہے جو بچوں کیلئے نقصاندہ ہیں۔ اس لیے اسکولوں کے اطراف 500 میٹر کے دائرے میں اس کی فروخت پر پابندی عائد کی جائیگی۔ وزیرِ موصوف نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں طلبہ میں آگاہی کیلئے اسکولوں کو ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے حقِ اطلاعات قانون میں مجوزہ تبدیلیوں پر عمل درآمد مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بزرگ سماجی کارکن انا ہزار اور ریاست کے آر ٹی آئی کارکنان نے ان تبدیلیو ں کو واپس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔ اس مطالبے کے حق میں انا ہزارے نے 5 جولائی سے احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔ اس کے بعد وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اس ضمن میں اطلاعاتی کمیشن کو ایک مکتوب ارسال کرکے قانون میں مجوزہ تبدیلیوں کومؤخر کرنے کا فیصلہ کیا۔
***** ***** *****
عوامی انتظامی محکمے کے وزیر آشیش شیلار نے اعلان کیا ہے کہ سرکاری ملازمین کے تبادلوں کے ضابطے‘ فائلوں کو جلد نمٹانے اور سرکاری کام کاج میں شفافیت کیلئے اسمبلی کے دونوں ایوانوں کے ارکان پر مشتمل ایک کمیٹی قائم کی جائیگی۔ کل اسمبلی میں سدھیر منگنٹیوار کے پیش کردہ ایک غیر سرکاری بل پر مباحثے کا وہ جواب دے رہے تھے۔
***** ***** *****
وزیر اُدئے سامنت نے کہا ہے کہ آوارہ کتوں کے مسئلے کے حل کیلئے عدالت ِ عظمیٰ کے جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔ کل ریاستی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ ریاست میں اب تک دو لاکھ سے زائد آوارہ کتوں کا ویکسینیشن اور ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد کتوں کی نس بندی کی جاچکی ہے۔
***** ***** *****
توانائی کی وزیر میگھنا ساکورے بورڈیکر نے اسمبلی کو بتایا کہ ریاست میں بجلی کے پوسٹ پیڈ اسمارٹ میٹر لگوانا لازمی ہے۔ انھوں نے وضاحت کی کہ صارفین میں یہ غلط فہمی پائی جاتی ہے کہ اسمارٹ میٹر نصب کرنے پر بجلی کا بل زیادہ آتا ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جا رہی ہیں۔
***** ***** *****
شیوسینا اُدّھو باڑا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے شری رام جنم بھومی مندرمیں چندہ باکس میں مبینہ خرد برد کے پس منظر میں 5 جولائی یعنی کل ریاست گیر رام رکشا تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے۔ وہ کل ممبئی میں ایک اطلاعی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے ممبئی میں رہائش پذیر شمالی ہندوستان کے باشندوں سے بھی اس تحریک میں شرکت کی اپیل کی۔ انھوں نے کہا کہ اس موقع پر سب مل کر رام رکشا اور ہنومان استروتر کا پاٹھ کریں گے۔ انھوں نے ترغیب دی کہ جو بھی ہندو ہیں اور جنھوں نے ہندو مذہب ترک نہیں کیا وہ اس تحریک میں شامل ہوں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر شہر میں بار بار ہونے والی تجاوزات کی روک تھام کیلئے میونسپل کارپوریشن ایک خصوصی دستہ تشکیل دے گی۔ تجاوزات ہٹاؤ شعبے کے ذمہ دار افسر سنتوش واہوڑے نے صحیفہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے یہ اطلاع دی۔ اسی دوران فائر بریگیڈ شعبے کے سربراہ انکش پانڈھرے نے بتایا کہ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ہوٹلوں‘ اسپتالوں اور نجی اداروں کو فائر این او سی کے سلسلے میں نوٹس جاری کیے جارہے ہیں۔ اس خصوص میں اب تک 213 اداروں کو نوٹس جاری کیے جاچکے ہیں۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلع امدادِ باہمی بورڈ کے چیئرمین کے طور پر ابھیلاش لومٹے اور نائب سربراہ کے عہدے پر اویناش ماڑی کا بلا مقابلہ انتخاب عمل میں آیا ہے۔ دھاراشیو ضلع میں کوآپریٹیو تحریک مضبوط بنانے میں اس ادارے کا اہم کردار ہے۔
***** ***** *****
ناندیڑکے ضلع کلکٹر راہل کرڈیلے نے اہل کسانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پنیہ شلوک اہلیا دیوی ہولکر کسان قرض معافی اسکیم سے فائدہ اٹھانے کیلئے اپنے آدھار نمبر کو فعال موبائل نمبر سے منسلک کرکے ایگری اسٹیک پورٹل پر رجسٹریشن مکمل کریں۔ اس اسکیم کی مکمل کارروائی آن لائن ہوگی اور آدھار کی تصدیق و رجسٹریشن لازمی ہوگا۔
***** ***** *****
لاتور ضلع میں پولس نے چار لاکھ 70 ہزار 320روپئے کا ممنوعہ گٹکا‘ کار اور موبائل فون کل ضبط کرلیا۔ دیونی تعلقے میں یہ کارروائی انجام دی گئی۔ تاہم‘ پولس کی نقل و حرکت کا پتہ چلتے ہی ڈرائیور اپنی کار سڑک کے کنارے لگاکر فرار ہوگیا۔ ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
***** ***** *****
جالنہ شہر میں طلائی زیورات لوٹنے والے گروپ کا پردہ فاش کرکے لوکل کرائم برانچ نے چار افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ اس گروہ سے مسروقہ طلائی زیورات خریدنے والے سنار کو بھی پولس نے گرفتار کرلیا اور اس کے قبضے سے تین لاکھ 70 ہزار روپئے کامال ضبط کیا۔
***** ***** *****
بھارت اور انگلینڈ کے مابین آج سیریز کا دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلا جائے گا۔ مین نچسٹر میں شام سات بجے اس میچ کاآغاز ہوگا۔
***** ***** *****
موسم: ریاست میں آئندہ پانچ دنوں میں موسلا دھار بارش کی پیش گوئی محکمہ موسمیات نے کی ہے۔ اس دوران مراٹھواڑہ، وسطی مہاراشٹر اور کوکن میں گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکان کا اظہار کیا گیا ہے۔
اسی دوران مراٹھواڑہ میں دھاراشیو اور لاتور کے سوا تمام اضلاع میں بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر، اور جالنہ اضلاع میں رات بھر ہلکی بارش جاری رہی۔
***** ***** *****
سرخیاں
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر....
٭ ملاوٹی دودھ فروخت کرنے پر 10 لاکھ روپئے جرمانہ عائد کیا جائے گا: خوراک و ادویات انتظامیہ کا انتباہ۔
٭ اسکولوں کے اطراف 500 میٹر کے علاقہ میں اِسٹنگ اِنرجی ڈِرنک کی فروخت پر پابندی۔
٭ حقِ اطلاعات قانون میں تبدیلیوں کو مؤخر کرنے کا ریاستی حکومت کا فیصلہ۔
٭ سابق وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کی جانب سے کل ریاست گیر رام رَکشا تحریک۔
اور۔۔۔ ٭ ریاست میں آئندہ پانچ دِن موسلا دھار بارش کی پیش گوئی۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment