Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 12 July 2026
Time: 09:00-09:10 AM
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲۱/جولائی ۶۲۰۲ء
وقت: 09.00 سے 09.10/ بجے
***** ***** *****
سرخیاں
پہلے خاص خبروں کی سرخیاں...
٭ ریاستی حکومت ایکیوپنکچر طریقہئ علاج کو وسعت دینے کیلئے کوشاں ہے: وزیر اعلیٰ کا تیقن۔
٭ نقل و حمل کے شعبے کو بااختیار بنانے کیلئے برکس ممالک کے درمیان جدید ترین ٹیکنالوجی اور اختراعی حل کاتبادلہ۔
٭ ریاست میں 45 فیصد زرعی رقبے پر خریف کی تخم ریزی مکمل۔
اور۔۔۔ ٭ لارڈز میدان پر انگلینڈ کے خلاف جاری خواتین کے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں بھارت کو 269 رنز کی برتری۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
وزیر اعلی دیویندر پھڑنویس نے یقین دلایا ہے کہ ریاستی حکومت ایکیوپنکچر علاج کے طریقوں کی وسعت اور اس طریقہئ علاج کے تعلیمی ترویج کو بڑھانے کیلئے کوشاں ہے، اور اس کیلئے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ وہ ناگپور میں ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر انٹرنیشنل کنونشن سینٹر میں ایکیوپنکچر کے موضوع پر منعقدہ قومی کانفرنس”ایکیوکان“ کے افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ ہم اپنی آنکھوں سے جو دیکھتے ہیں اس پر یقین رکھتے ہیں اور ایکیوپنکچر علاج کا طریقہئ کار ایسا ہی ہے۔
دریں اثناء، ناگپور کے دابھا علاقے میں جدید ترین سہولیات سے آراستہ ملک کا سب سے بڑا انٹرنیشنل ایگریکلچرل کنونشن اینڈ ایکزیبیشن سینٹر قائم کیا جا رہا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ پھڑنویس نے کل اس سینٹر کے کاموں کا معائنہ کیا اور کام کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
***** ***** *****
شاہراہ اور حمل و نقل کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے کہا ہے کہ برکس ممالک حمل و نقل کے شعبے کو زیادہ موثر اور پائیدار بنانے کیلئے جدید ترین ٹیکنالوجیز اور اختراعی حلوں کا تبادلہ کر رہے ہیں۔ برکس حمل و نقل وزارتی کانفرنس کل ناگپور میں گڈکری کی صدارت میں شروع ہوئی۔ اس موقعے پر گڈکری نے بتایا کہ اجلاس میں متبادل طبعی ایندھن اور آلودگی سے پاک ٹیکنالوجیز کو اپنا کر سڑک، ریل، ہوائی اور آبی نقل و حمل کے شعبوں میں صفر کاربن ٹرانسپورٹ سسٹم بنانے کی کوششوں پر تبادلہئ خیال کیا گیا۔ گڈکری نے کہا کہ اجلاس میں ”برکس وزارتی اعلامیہ2026“ کو بھی تسلیم کیا گیا۔
***** ***** *****
ریاست میں خریف ہنگام کیلئے تخم ریزی کی سرگرمیوں نے زور پکڑ لیا ہے۔ زرعی کمشنریٹ کی 7 جولائی کی رپورٹ کے مطابق ریاست میں 65 لاکھ 11 ہزار 872 ہیکٹر یعنی 45 فیصد رقبے پر بوائی مکمل ہو چکی ہے۔ امراوتی ڈویژن میں سب سے زیادہ بوائی کی شرح 58 فیصد ہے، اس کے بعد چھترپتی سمبھاجی نگر اور ناسک ڈویژن میں 50 فیصد، لاتور ڈویژن میں 44 فیصد، ناگپور ڈویژن میں 39 فیصد، پونے ڈویژن میں 22 فیصد، کولہاپور ڈویژن میں 15 فیصد، جبکہ کوکن ڈویژن میں صرف چار فیصد بوائی ہوئی ہے۔ اس میں تلہن کی 60 فیصد، کپاس 49 فیصد، دلہن 37 فیصد اور اناج کی 30 فیصد بوائی کی گئی ہے۔ جبکہ 65 لاکھ 82 ہزار 623 ہیکٹر رقبے پر گنے کی کاشت کی گئی ہے۔
ریاست بھر میں گزشتہ ہفتے ہونے والی بارش سے بوائی کے کاموں میں تیزی آئی ہے اور محکمہ زراعت نے توقع ظاہر کی ہے کہ آئندہ چند دنوں میں بوائی کی شرح میں مزید اضافہ ہوگا۔
***** ***** *****
مہاراشٹر اسٹیٹ کامن انٹرنس ایگزامینیشن سیل کے اعلیٰ تعلیم کے تحت، بی پی ایڈ اور ایم پی ایڈکے تین لاء کورسیز کیلئے مرکزی داخلوں کے رجسٹریشن کی معیاد میں 13 تاریخ تک توسیع کردی گئی ہے۔ سی ای ٹی سیل نے متعلقہ کورسیز کا سی ای ٹی امتحان دینے والے اہل طلباء سے داخلوں کیلئے رجسٹریشن کروانے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
لاتور شہر میں ”امدادِ باہمی کامپلیکس“ کا سنگ ِ بنیاد ضلعے کے رابطہ وزیر اور ریاستی تعمیرات ِعامہ وزیر شیویندر سنگھ راجے بھوسلے کے ہاتھوں رکھا گیا۔ تقریباً 20 کروڑ کے صرفے سے تعمیر ہونے والا یہ کمپلیکس چار ہزار سات سو مربع میٹر رقبے پر تعمیر کیا جائے گا اور اس کمپلیکس میں امدادِ باہمی شعبے کے 11 دفاتر ایک ہی جگہ سے کام کریں گے۔
دریں اثناء، شیویندر بھوسلے نے بتایا کہ لاتور کو پینے کے پانی کیلئے اُجنی پشتے کا پانی فراہم کرنے کا دیرینہ مطالبہ ہے‘ لہٰذا اس سلسلے میں ضرورت پڑنے پر وزیر اعلیٰ سے نمائندگی کی جائے گی۔ بھوسلے نے کہا کہ حکومت اس متبادل کے ساتھ ہی ندی جوڑ منصوبے کے تحت لاتور کیلئے دستیاب اختیارات پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جا رہی ہیں۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلعے میں کل دوبارہ زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ اس زلزلے کا مرکز اونڈھا ناگناتھ تعلقے کا ”وسئی“ قصبہ تھا۔ انتظامیہ کے مطابق، زلزلہ پیماء پر اس زلزلے کی شدت تین اعشاریہ پانچ اور گہرائی پانچ کلومیٹر درج ہوئی ہے۔ ان زلزلوں کی وجہ سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے اور ضلع انتظامیہ نے شہریوں سے خوفزدہ نہ ہونے اور افواہوں پر یقین نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
مہاراشٹرتوانائی ترقیاتی ادارے (مہااُورجا) نے پالکی تقاریب میں شریک ہونے والی دِنڈیوں کیلئے شمسی توانائی پر چلنے والی موبائل چارجنگ کی سہولیات فراہم کی ہیں۔ اسی طرح‘ وزیرِ ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائیک نے بھی وارکریوں کی خدمت کیلئے اپنے خرچ سے پانچ جدید ترین موبائل چارجنگ وین بھی فراہم کی ہیں۔ ان گاڑیوں میں ایک ہی وقت میں سو موبائل چارج کرنے کی استعداد ہیں۔
***** ***** *****
دریں اثناء، سنت گیانیشور مہاراج اور سنت تکارام مہاراج کی پالکیاں پونے میں اپنا قیام مکمل کر کے آگے کے راستے پر گامزن ہوچکی ہیں۔ سنت تکارام کی پالکی آج ہڑپسر سے جبکہ ماؤُلی کی پالکی ساسوڑ سے آگے کیلئے روانہ ہوگی۔
شری سنت نیورتی ناتھ مہاراج کی پالکی اہلیا نگر میں داخل ہوئی‘ جہاں فوجی شعبے کے بیسک ٹریننگ رجمنٹ کی جانب سے وارکریوں میں ناشتہ اور پانی تقسیم کیا گیا۔
اسی طرح سنت مکتائی کی پالکی کی کل بیڑ شہر میں آمد ہوئی‘ جبکہ پیٹھن کے سنت ایکناتھ مہاراج کی پالکی بھی آج بیڑ ضلعے کے راکشس بھون میں قیام کے بعد پیش رفت کرے گی۔
***** ***** *****
پونے کے موشی کچرا ڈپو میں پیش آئے ایک حادثے میں آٹھ افراد کی موت ہو ئی ہے‘ جن میں سے سات افراد کی نعشیں مل گئی ہیں، جبکہ دیگر ایک شخص کی تلاش جاری ہے۔ یہ حادثہ ”ویسٹ ٹو اینرجی“ پروجیکٹ کی انتظامی عمارت پر کچرے کا ڈھیر گرنے کے سبب پیش آیا تھا۔
***** ***** *****
پربھنی ضلعے میں فہرست ِ رائے دہندگان پر خصوصی نظرثانی پروگرام کے تحت جاری سرگرمیاں تیز ہوچکی ہیں اور اس پروگرام کا 80 فیصد سے زیادہ کام مکمل ہو چکا ہے۔ ضلعے کے 15 لاکھ 41 ہزار سات رائے دہندگان میں سے 12 لاکھ 40 ہزار 211 رائے دہندوں کو ان کے اینیومیریشن فارم تقسیم کیے جا چکے ہیں۔
بیڑ ضلعے میں بھی محصول انتظامیہ خصوصی کیمپوں، گھر گھر جا کر اور عوامی بیداری کے ذریعے متعلقہ فارم پُرکروانے کا کام کر رہا ہے۔ بیڑ کے تحصیلدار چندرکانت شیلکے نے پالی میں جاری خصوصی کیمپ کا دورہ کرکے کاموں کا معائنہ کیا۔
***** ***** *****
پربھنی کی وسنت راؤ نائیک مراٹھواڑہ زرعی یونیورسٹی کی طرف سے گزشتہ تین سالوں سے جاری ”میرا ایک دن میرے بلی راجہ کیلئے“ پہل، مراٹھواڑہ کے آٹھوں اضلاع میں شروع کی گئی۔ ال نینو کی ممکنہ صورتحال کو ذہن میں رکھتے ہوئے یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اندرمنی نے کسانوں سے خریف ہنگام کی منظم منصوبہ بندی کرنے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
بیڑ میں کل ”او بی سی مردم شماری: وقت کی ضرورت“ کے موضوع پر ایک روزہ خصوصی سیمینار منعقد ہوا۔ او بی سی کی بزرگ رہنماء سشیلا مورالے کی موجودگی میں سیمینار کا افتتاح عمل میں آیا۔ بعد ازاں‘ سیمینار میں آئندہ مردم شماری کے درخواست فارم میں او بی سی زمرے کیلئے علیحدہ کالم شامل کرنے کی قرار داد اتفاقِ رائے سے منظور کی گئی کرکے حکومت کو روانہ کی گئی۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے پیٹھن کی سنت پیٹھ میں اس تعلیمی سال سے، سنت نام دیو گاتھا پریچئے، سنت تنتروگیان اور سمپردائیک سنگیت، کے موضوع سے تین نئے کورسیز شروع کیے جائیں گے۔ اس سنت پیٹھ کے تعلیمی اُمور آئندہ پانچ سالوں کیلئے ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کو سونپے گئے ہیں۔
***** ***** *****
خوراک اور ادویات محکمے نے شولاپور ضلعے کے سانگولا تعلقے کے جوَڑا میں اجنکیارانا ملک انڈسٹریز پر کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 15 لاکھ روپے مالیت کے 37 ہزار 532 لیٹر ملاوٹ شدہ دودھ کو موقعے پر ہی تلف کر دیا۔ اس انڈسٹری کو کمیوں کو ختم کرنے تک کاروبار بند رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
***** ***** *****
انگلینڈ کے لارڈز میں جاری خواتین کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کے اختتام پر بھارتی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 154 رنز بنالیے ہیں۔ اس سے قبل انگلینڈ کی پہلی اننگز 170 رنز پر سمٹ گئی۔ بھارت نے اپنی پہلی اننگز کی بنیاد پر اب تک 269 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔
***** ***** *****
موسم
مراٹھواڑہ کے، چھترپتی سمبھاجی نگر، جالنہ اور ہنگولی اضلاع میں آئندہ تین دنوں تک ہلکی سے درمیانی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ جبکہ دیگر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔
***** ***** *****
سرخیاں
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر....
٭ ریاستی حکومت ایکیوپنکچر طریقہئ علاج کو وسعت دینے کیلئے کوشاں ہے: وزیر اعلیٰ کا تیقن۔
٭ نقل و حمل کے شعبے کو بااختیار بنانے کیلئے برکس ممالک کے درمیان جدید ترین ٹیکنالوجی اور اختراعی حل کاتبادلہ۔
٭ ریاست میں 45 فیصد زرعی رقبے پر خریف کی تخم ریزی مکمل۔
اور۔۔۔ ٭ لارڈز میدان پر انگلینڈ کے خلاف جاری خواتین کے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں بھارت کو 269 رنز کی برتری۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment