Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 01 August-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: یکم/اگست ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ مرکزی کابینہ کی وزیر اعظم سوریہ سرووَر اسکیم کو منظوری؛ پی ایم کسان سمان ندھی اسکیم میں 5 سال کی توسیع۔
٭ بچپن سیکھنے، غلطیاں کرنے اور انہیں درست کرنے کا وقت ہوتا ہے- وزیراعظم کا بیان۔
٭ 17 ستمبر تک بیڑ-پونے ریلوے خدمات شروع کرنے کی کوشش:نائب وزیر اعلیٰ سنیترا پوار کی یقین دہانی۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میں دودھ ڈیری کے خلاف کارروائی؛ملاوٹ شدہ مصنوعات کا ذخیرہ ضبط؛ لائسنس معطل۔
٭ بیڑ میں محکمہ جنگلات کا افسر 45 لاکھ روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار۔
٭ کامن ویلتھ گیمز میں بھارت نے جوڈو میں دو سونے کے تمغے جیتے، بھالا پھینک کھلاڑی نیرج چوپڑا نے چاندی کا تمغہ جیتا۔
اور۔۔۔٭ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مراٹھواڑہ کے 233 ڈویژنوں میں موسلادھار بارش۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
مرکزی کابینہ نے وزیر اعظم سوریہ سرووَر اسکیم کو منظوری دے دی ہے۔ مرکزی اطلاعات و نشریات کے وزیر اشونی ویشنو نے کل نئی دہلی میں کابینہ کی میٹنگ کے بعد ایک پریس کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ اس اسکیم کیلئے تقریباً پانچ ہزار 70 کروڑ روپے کا انتظام کیا گیا ہے، جس سے تیرتے ہوئے شمسی توانائی کے منصوبے تیار کیے جائیں گے۔
کابینہ نے وزیر اعظم کسان سمان ندھی اسکیم کو مزید پانچ سال کیلئے توسیع دینے اور اس کیلئے تین لاکھ 15ہزار کروڑ روپے کے فنڈ کی فراہمی کو بھی منظوری دی۔ ویشنو نے کہا کہ اب تک تقریباً ساڑھے چار لاکھ کروڑ روپے کسانوں کے کھاتوں میں 23 قسطوں کے ذریعے جمع ہو چکے ہیں۔
مرکزی کابینہ نے ”کھیلو انڈیا“ اسکیم کی توسیع اور قومی کھیلوں کی فیڈریشنوں کی امداد میں اضافے کو بھی منظوری دی۔ ویشنو نے بتایا کہ سال 2026-27 سے سال 2030-31 تک اس کیلئے کل 36 ہزار 441 کروڑ روپے کا انتظام کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی کے باعث کل پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی کارروائی میں خلل پڑا۔ لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے اپوزیشن پر پہلے سے منصوبہ بند طریقے سے ایوان کی کارروائی میں خلل ڈالنے کی تنقید کی۔
***** ***** *****
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بچپن سیکھنے، غلطیاں کرنے اور ان غلطیوں کو درست کرنے کا وقت ہوتا ہے۔ وہ دہلی میں حالیہ NEET تحریک کے ضمن میں کل سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں مخاطب تھے۔ انھوں نے کہا کہ اگرچہ اس تحریک میں بچوں کے الفاظ سننا فطری ہے،اور یہ غصے اور مایوسی پیدا کرتے ہیں، وزیر اعظم نے کہا کہ ایسے نوجوانوں کو قانونی عمل میں گھسیٹنے یا سزا دینے کے بجائے انہیں صحیح راستہ دکھایا جانا چاہیے۔ وزیر اعظم نے معاشرے کے دیگر لوگوں سے بھی افہام و تفہیم کے اسی کردار کو قبول کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ وہ ان بچوں کو معاف کرنا چاہتے ہیں۔
***** ***** *****
دریں اثناء‘ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے پبلک ایگزامینیشنز پریوینشن آف اَن فیئر مینز ترمیمی ایکٹ، 2026 کو منظوری دی۔ اس بل کو جمعرات کو پارلیمنٹ سے منظور کیا گیا۔ اس کا مقصد سخت سزاؤں کی فراہمی اور فاسٹ ٹریک عدالتیں قائم کرکے عوامی امتحانات میں غیر منصفانہ طرز عمل کو روکنا ہے۔ یہ بل طلباء کے مستقبل کی حفاظت کرتے ہوئے ایک مضبوط قانونی ڈھانچہ تشکیل دے کر امتحانی نظام میں شفافیت، انصاف پسندی اور دیانتداری کو مضبوط کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ اس ایکٹ میں کئی اہم دفعات شامل ہیں، جن میں سخت سزائیں جیسے دس سال تک قید، دس کروڑ روپے تک کا جرمانہ، اور سزا یافتہ مجرموں کی جائیدادیں ضبط کرنا۔ یہ مقدمات کو تیزی سے نمٹانے کو یقینی بنانے کے لیے، ہر ریاستی حکومت اور مرکز کے زیر انتظام انتظامیہ سے روزانہ کی سماعت کیلئے خصوصی فاسٹ ٹریک عدالتیں قائم کرنے کا مطالبہ کرتا ہے۔
***** ***** *****
وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ انابھاؤ ساٹھے کا ادب حقیقت کا احساس دلاتا ہے۔ وہ کل ممبئی میں انابھاؤ ساٹھے ریسرچ اینڈ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ اور یادگار کے پہلے مرحلے کی سنگ بنیاد تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
وزیر اعلیٰ نے ممبئی میں ”سوکنیا سمردھی اسکیم“ کے تحت لڑکیوں کیلئے اقتصادی بااختیار بنانے کے پروگرام میں بھی شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ نے ہندوستانی ثقافت میں مختلف زبانوں کی انفرادیت کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کی ضرورت کا اظہار کیا۔
***** ***** *****
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ پونے کے دو روزہ دورے پر ہیں۔ قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال کو آج لوک مانیہ تلک میموریل نیشنل ایوارڈ سے وہ نوازیں گے۔
***** ***** *****
پنڈھرپور میں آشاڑھی ایکادشی یاترا کے دوران، عقیدت مندوں نے وٹھل-رکمنی کے قدموں میں 9 کروڑ 92 لاکھ روپے سے زیادہ کا عطیہ پیش کیا ہے۔ یہ آمدنی نقد عطیہ، سونے اور چاندی کے زیورات، لڈو پرساد کی فروخت، اور دیگر مختلف ذرائع سے حاصل ہوئی ہے۔ یہ اطلاع وٹھل-رکمنی مندر کمیٹی کے شریک چیئرمین گہینی ناتھ مہاراج اوسیکر نے دی۔
***** ***** *****
آبی وسائل کے وزیر اور مراٹھا ریزرویشن سب کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر رادھا کرشن ویکھے پاٹل نے کہا ہے کہ مہایوتی حکومت مراٹھا برادری کے تمام مطالبات کو مؤثر طریقے سے نافذ کر رہی ہے کہ منوج جرانگے کو احتجاج کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ اگر وقت اجازت دیتا ہے تو ہم ان سے ملیں گے اور انہیں مطمئن کریں گے۔ مراٹھا ریزرویشن لیڈر منوج جرانگے کے 29 اگست سے دوبارہ احتجاج شروع کرنے کی وارننگ کے تناظر میں وزیر وکھے پاٹل کل میڈیا سے مخاطب تھے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
نائب وزیر اعلیٰ اور بیڑ کی سرپرست وزیر سنیترا پوار نے کہا ہے کہ اہلیانگر-بیڑ-پرلی ریلوے لائن کا کام آخری مرحلے میں ہے اور 17 ستمبر تک بیڑ-پونے ریلوے خدمات شروع کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔وہ کل بیڑ ضلعی منصوبہ بندی کمیٹی کی میٹنگ کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں، فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے چکل تھانہ علاقے میں ایک ڈیری پر چھاپہ مارا اور 3 لاکھ 12 ہزار 380 روپے کی ملاوٹ شدہ ڈیری مصنوعات ضبط کیں۔ اس میں 950 کلو گھی، کریم اور ریفائنڈ سویا بین تیل شامل ہے۔ شہر کی لکشمی ڈیری کے تین سنٹرز کے خلاف بھی کارروائی کی گئی ہے اور ڈیری کا لائسنس فوری طور پر معطل کر کے پروڈکشن یونٹ کو بند کر دیا گیا ہے۔ قبضے میں لیے گئے نمونے بھی ٹیسٹ کے لیے لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
اہلیا دیوی ہولکر کسان قرض معافی اسکیم کے تحت، ریاست کے تقریباً 50 فیصد اہل کسانوں نے آدھار کی تصدیق مکمل کر لی ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر ڈویژن میں 35 فیصد‘جبکہ لاتور ڈویژن میں تقریباً 40 فیصد کسانوں نے یہ عمل مکمل کر لیا ہے۔ ضلع کلکٹر کیرتی کرن پجار نے دھاراشیو ضلعے کے کسانوں سے جلد از جلد آدھار کی تصدیق کروانے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
بیڑ میں محکمہ سماجی جنگلات کے ڈویژنل فاریسٹ آفیسرشری نواس لکھم واڑ کو کل 45 لاکھ روپے کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ لکھم واڑ نے بقایا ادائیگیوں کی ادائیگی، ملازمین کے بقایا جات کی ادائیگی اور معطلی کی کارروائی واپس لینے کے لیے رشوت طلب کی تھی۔ چھترپتی سمبھاجی نگر انسداد رشوت ستانی محکمے نے یہ کارروائی کی۔
***** ***** *****
بھارت کی جوڈو کھلاڑی اسمیتا ڈے اور ہرش سنگھ نے گلاسگو میں جاری کامن ویلتھ گیمز میں کل سونے کے تمغے جیتے۔ یامنی موریہ نے اسی ٹورنامنٹ میں چاندی کا تمغہ جیتا۔ بھالا پھینک کھلاڑی نیرج چوپڑا کو اس سال چاندی کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا، جبکہ یشویر سنگھ نے اسی مقابلے میں کانسے کا تمغہ جیتا۔ تیجسوین شنکر نے ڈیکاتھلان مقابلے میں کانسے کا تمغہ جیتا،وہ اس مقابلے میں ایسا کارنامہ انجام دینے والے پہلے بھارتی کھلاڑی بن گئے ہیں۔ دریں اثناء اس ٹورنامنٹ میں باکسنگ میں بھارت کے 10 تمغے یقینی ہوگئے ہیں۔ بھارت نے اب تک کل 23 تمغے جیتے ہیں جن میں 5 طلائی، 12 چاندی اور 6 کانسے کے تمغے شامل ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ کے 233 ڈیویژنوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں شدید بارش ہوئی ہے۔ ناندیڑ ضلعے کے 71 ڈیویژنوں میں سب سے زیادہ بارش ہوئی، پربھنی کے 47 ڈیویژنوں میں، جالنہ کے 42، چھترپتی سمبھاجی نگر کے 33، ہنگولی کے 27، بیڑ کے 6، لاتور کے 4 اور دھاراشیو ضلعے کے 3 ڈویژنوں میں شدید بارش درج کی گئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ان تمام ڈیویژنوں میں اوسطاً 68 اعشاریہ آٹھ پانچ ملی میٹر بارش ہوئی ہے جو سالانہ اوسط کا47 اعشاریہ آٹھ فیصد ہے۔
اس بارش کی وجہ سے کئی ندیوں میں طغیانی آ گئی ہے اور بارش کا پانی کئی گھروں میں داخل ہو گیا ہے۔ ناندیڑ ضلعے کے کنوٹ تعلقے کے مانڈوی محصول ڈیویژن میں بادل پھٹنے جیسی بارش ہوئی۔ پمپرکھیڑ اور مارلیگاؤں کے درمیان حمل و نقل اور مواصلات میں خلل پڑا ہے۔ ہنگولی کے 7 دیہاتوں سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے جبکہ سینگاؤں میں ایک چار پہیہ گاڑی بہہ گئی ہے۔ خوش قسمتی سے اس میں موجود چار افراد بچ گئے ہیں۔ دھاراشیو ضلعے کے کلمب میں تیز ہواؤں کے ساتھ تیز بارش ہوئی جس کی وجہ سے بجلی کے کھمبے گرنے کی اطلاعات ہیں۔
پیٹھن کے جائیکواڑی آبی پشتے میں پانی کی سطح 75 فیصد سے زیادہ ہو گئی ہے۔
دریں اثناء، مراٹھواڑہ کے بیڑ، دھاراشیو اور لاتور اضلاع میں آج تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔
***** ***** *****
ریاست کے آفات سے نمٹنے کے وزیر گریش مہاجن نے تھانے ضلعے کے بھیونڈی میں عمارت کے حادثے میں مرنے والوں کے لواحقین کو پانچ پانچ لاکھ امراد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعلی دیویندر پھڑنویس نے میونسپل کمشنر کو اس معاملے میں فوری طور پر مقدمہ درج کرنے اور قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا حکم دیا ہے۔
***** ***** *****
ڈاکٹر چندرکانت پُولکنڈوار، سکریٹری، دیہی ترقی اور پنچایت راج محکمہ اور پربھنی کے سرپرست سکریٹری نے کہا ہے کہ پربھنی ضلعے کی مجموعی ترقی کو تیز کرنے کے لیے، تمام محکموں کو مربوط اور منصوبہ بند طریقے سے کام کرنا چاہیے۔ وہ کل اس ضمن میں منعقدہ جائزاتی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ مرکزی کابینہ کی وزیر اعظم سوریہ سرووَر اسکیم کو منظوری؛ پی ایم کسان سمان ندھی اسکیم میں 5 سال کی توسیع۔
٭ بچپن سیکھنے، غلطیاں کرنے اور انہیں درست کرنے کا وقت ہوتا ہے- وزیراعظم کا بیان۔
٭ 17 ستمبر تک بیڑ-پونے ریلوے خدمات شروع کرنے کی کوشش:نائب وزیر اعلیٰ سنیترا پوار کی یقین دہانی۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میں دودھ ڈیری کے خلاف کارروائی؛ملاوٹ شدہ مصنوعات کا ذخیرہ ضبط؛ لائسنس معطل۔
٭ بیڑ میں محکمہ جنگلات کا افسر 45 لاکھ روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار۔
٭ کامن ویلتھ گیمز میں بھارت نے جوڈو میں دو سونے کے تمغے جیتے، بھالا پھینک کھلاڑی نیرج چوپڑا نے چاندی کا تمغہ جیتا۔
اور۔۔۔٭ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مراٹھواڑہ کے 233 ڈویژنوں میں موسلادھار بارش۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment