Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 16 AUGUST-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ یومِ آزادی کی تقاریب کا پورے ملک میں انعقاد؛ لال قلعے سے خطاب میں وزیرِ اعظم کا ’سپت دھارا‘ کے تصور پر زور
٭ ترقی یافتہ بھارت کا ہدف حاصل کرنے میں مہاراشٹر اہم کردار ادا کرے گا، وزیرِ اعلیٰ کا اعتماد
٭ مراٹھواڑہ میں مختلف پروگراموں کے ذریعے یومِ آزادی جوش و خروش سے منایا گیا
٭ مہا ڈی بی ٹی پورٹل پر دستیاب اسکیموں کی تعداد اب105 ہو گئی
اور۔۔۔٭ پربھنی ضلع کے پرلی وائیجناتھ میں ویٹرنری اور اینیمل سائنسز کالج کا سنگِ بنیاد
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ملک بھر میں کل 80/واں یومِ آزادی جوش و خروش سے منایا گیا۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے تاریخی لال قلعے کی فصیل پر قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے زراعت اور غذائی اجناس کی پروسیسنگ، ٹیکنالوجی و اختراع، مواصلات، دفاعی شعبے میں خود کفالت، سبز اور بحری معیشت، نیز صحت، تفریح اور سیاحت پر مشتمل ’سپت دھارا‘ کے تصور پر خصوصی زور دیا۔ انہوں نے کہا...
Byte Prime Minister 01
وزیرِ اعظم نے اعتماد ظاہر کیا کہ140کروڑ اہلِ وطن کی محنت اور صلاحیت کی قوت پر ’ترقی یافتہ بھارت 2047‘ کا ہدف حاصل کیا جائے گا۔ ملک کی ترقی کو نئی رفتار دینے کے لیے انہوں نے تمام شعبوں میں ملک کو خود کفیل بنانے کی اپیل کی۔
آزادی کے بعد پہلی مرتبہ ’اس یوم آزادی پر وندے ماترم‘ گیت لال قلعے پر چلایا گیا۔ اس سلسلے میں وزیرِ اعظم نے کہا...
Byte Prime Minister 02
وزیرِ اعظم نے غریب اور متوسط طبقے کے خاندانوں کے نوجوانوں کو مسابقتی امتحانات کی تیاری کے لیے مفت آن لائن تربیت فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے اپیل کی کہ مردم شماری کے دوران خاندان سے متعلق درست معلومات کمپیوٹر پر درج کرنے کے لیے ٹیکنالوجی سے واقف نوجوان آگے آئیں۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ سابقہ نکسل متاثرہ علاقوں میں اب ترقی، اعتماد اور کوشش کی ترنگا لہرا رہی ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے اعتماد ظاہر کیا ہے کہ ترقی یافتہ بھارت کا ہدف حاصل کرنے میں مہاراشٹر اہم کردار ادا کرے گا۔ وہ کل ممبئی میں منترالیہ میں پرچم کشائی کے بعد خطاب کر رہے تھے۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ مہاراشٹر ملک کے اسٹارٹ اَپ کادارالحکومت بن چکا ہے اور ریاست میں سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقعوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔
گورنر جِشنو دیو ورما کے ہاتھوں پوناکے ودھان بھون میں، جبکہ قانون ساز کونسل کے چیئرمین رام شندے کے ہاتھوں ممبئی کے ودھان بھون میں پرچم کشائی کی گئی۔ نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کے ہاتھوں تھانہ ضلع کلکٹر دفتر کے احاطے میں پرچم کشائی کی گئی۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں بھی پرچم کشائی، موٹر سائیکل ریلیوں، حب الوطنی کے گیتوں سمیت مختلف پروگراموں کے ذریعے یومِ آزادی جوش و خروش سے منایا گیا۔یومِ آزادی کے موقع پر مراٹھواڑہ میں ہر جگہ پرچم کشائی سمیت متعدد پروگرام منعقد کیے گئے۔ ریاست کی نائب وزیرِ اعلیٰ سنیترہ پوار کے ہاتھوں بیڑ ضلع کلکٹر دفتر کے احاطے میں ضلع کی مرکزی سرکاری پرچم کشائی تقریب منعقد ہوئی۔ پرچم کشائی کے بعد خطاب کرتے ہوئے پوار نے بیڑ ضلع کو ہر شعبے میں نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اظہار کیا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں رابطہ وزیر سنجے شرساٹ کے ہاتھوں ڈویژنل کمشنر دفتر کے احاطے میں پرچم کشائی کی گئی۔ بعدازاں رابطہ وزیر کے ہاتھوں مختلف ایوارڈز تقسیم کیے گئے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کے فائر بریگیڈ کی مدد کے لیے جدید مشینری کا افتتاح بھی سنجے شرساٹ کے ہاتھوں کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شرساٹ نے ملک کی عظمت اور وقار کے تحفظ کے لیے سب کو متحد ہوکر تیار رہنے کی اپیل کی۔
***** ***** *****
جالنا میں ضلع کلکٹر دفتر میں رابطہ وزیر پنکجا منڈے کے ہاتھوں پرچم کشائی کی گئی۔ منڈے نے ضلع کے عوام کو یومِ آزادی کی مبارک باد دی اور ضلع میں جاری مختلف ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔
***** ***** *****
پرَبھنی میں ضلع کلکٹر دفتر کے احاطے میں رابطہ وزیر میگھنا بورڈیکر ساکورے کے ہاتھوں پرچم کشائی عمل میں آئی۔ سماجی بہبود محکمے کے اسٹال کا افتتاح کیا گیا، جبکہ ’جل ہفتہ‘ کے لوگو کی نقاب کشائی بھی عمل میں آئی۔
***** ***** *****
ہنگولی میں ضلع کلکٹر دفتر میں رابطہ وزیر نرہری جھروال کے ہاتھوں پرچم کشائی کی گئی۔ پرچم کشائی کے بعد خطاب کرتے ہوئے رابطہ وزیر نے بتایا کہ قدرتی آفات سے متاثرہ کسانوں کو امداد دی گئی ہے اور یقین دلایا کہ حکومت آئندہ بھی عام کسانوں کے ساتھ کھڑی رہے گی۔
***** ***** *****
لاتور میں ضلع کلکٹر دفتر کے احاطے میں تعمیراتِ عامہ کے وزیر اور ضلع کے رابطہ وزیر شیویندر سنگھ راجے بھوسلے کے ہاتھوں پرچم کشائی کی گئی۔ اس موقع پر بھوسلے نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ صرف ملازمت تلاش کرنے والی نسل نہ بنیں، بلکہ صنعت اور روزگار پیدا کرنے والی نسل بنیں۔ ضلع کلکٹر بھارت باستے واڑ سمیت متعدد معززین اس موقع پر موجود تھے۔ شہید فوجیوں کے لواحقین کی اس موقع پر عزت افزائی کی گئی اور ہر خاندان کو دو ہیکٹر زمین فراہم کی گئی۔
***** ***** *****
ناندیڑ میں رابطہ وزیر اتل ساوے کے ہاتھوں ضلع کلکٹر دفتر میں پرچم کشائی کی گئی۔ اس تقریب میں میئر کویتا مولے، ضلع کلکٹر راہل کرڈیلے، خصوصی پولیس ڈپٹی انسپکٹر جنرل شاہاجی اوماپ سمیت متعدد معززین موجود تھے۔ رابطہ وزیر ساوے نے اپنی تقریر میں ضلع میں جاری ترقیاتی کاموں کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے کسانوں کی قرض معافی کا خصوصی ذکر کیا۔
***** ***** *****
دھاراشیو میں ضلع کلکٹر دفتر کے احاطے میں ٹرانسپور ٹ کے وزیر پر تاپ سر نائک کے ہاتھوں مرکزی سرکاری پر چم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ ضلع کلکٹر کیرتی کرن پجار، تمام افسران اور عوامی نمائندے اس موقع پر موجودتھے۔ دھاراشیو ضلع کے 20اسکولی طلباء کا ناسا کے دورے کے لیے انتخاب ہونے پر رابطہ وزیر کے ہاتھوں ان کا استقبال کیا گیا۔
***** ***** *****
تمام اضلاع کے صدر مقامات پر نمایاں خدمات انجام دینے والے افسران و ملازمین کو رابطہ وزراء کے ہاتھوں اعزاز سے نوازا گیا۔ نشے سے پاک بھارت اور مٹی و آبی تحفظ کے سلسلے میں اجتماعی حلف بھی آج کی پرچم کشائی کی تقریبات کے بعد دلایا گیا۔
***** ***** *****
ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی میں وائس چانسلر ڈاکٹر وجے پھلاری کے ہاتھوں، سوامی رامانند تیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی میں وائس چانسلر ڈاکٹر منوہر چاسکر کے ہاتھوں جبکہ پربھنی میں وسنت راؤ نائیک مراٹھواڑہ زرعی یونیورسٹی میں وائس چانسلر ڈاکٹر اندرمنی مشرا کے ہاتھوں پر چم کشائی کی گئی۔
***** ***** *****
بیڑ ضلع کے پرلی ویجناتھ میں ویٹرنری اور اینیمل سائنس کالج کا سنگ بنیاد کل نائب وزیر اعلیٰ سنیترہ پوار کے ہاتھوں رکھا گیا۔ 634کروڑ روپیوں کی لاگت سے قائم ہونے والے اس کالج میں شاندار عمارت، جدید ہاسٹل، جدید ترین تجربہ گاہ اور تحقیقی مرکز کی تعمیر کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اب آس پاس کے 50تا 100گاؤں کے مویشیوں کا علاج پرلی ہی میں ممکن ہوگا۔ دودھ کی پیداوار میں اضافے اورمنافع بخش بکری پالن شعبے میں تحقیق بھی کی جائے گی۔ وزیر حیوانات پنکجہ منڈے اور رکن اسمبلی دھننجئے منڈے بھی اس موقع پر موجود تھے۔
***** ***** *****
یومِ آزادی کے موقع پر شری تُلجا بھوانی مندر ادارے کی جانب سے ابھیشیک درشن کے لیے آنے والے عقیدت مندوں کے لیے ’ورکش پرساد یوجنا‘ کل سے تجرباتی بنیاد پر شروع کی گئی۔ اس منصوبے کے تحت عقیدت مندوں کو ’درخت پرساد‘ کے طور پر پودے دیے جا رہے ہیں۔ مندر ادارے کی جانب سے اپیل کی گئی ہے کہ عقیدت مند اس کی شجرکاری کرکے اس کی دیکھ بھال کریں۔
***** ***** *****
بھارت اور سری لنکا کے مابین دو ٹسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ کا کل سری لنکا کے گالے میں آغاز ہوا۔ بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے دو وکٹ کے نقصان پر 288رنز بنائے۔کل جب پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو دیودت پڈیکل 131اور رشبھ پنت غیر مفتوح 57رن بنا کر کریز پر موجود تھے۔
***** ***** *****
موسم
ریاست میں آج پونے، ستارا اور کولہاپور اضلاع کے بالائی علاقوں اور ودربھ کے بعض اضلاع میں بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ یومِ آزادی کی تقاریب کا پورے ملک میں انعقاد؛ لال قلعے سے خطاب میں وزیرِ اعظم کا ’سپت دھارا‘ کے تصور پر زور
٭ ترقی یافتہ بھارت کا ہدف حاصل کرنے میں مہاراشٹر اہم کردار ادا کرے گا، وزیرِ اعلیٰ کا اعتماد
٭ مراٹھواڑہ میں مختلف پروگراموں کے ذریعے یومِ آزادی جوش و خروش سے منایا گیا
٭ مہا ڈی بی ٹی پورٹل پر دستیاب اسکیموں کی تعداد اب105 ہو گئی
اور۔۔۔٭ پربھنی ضلع کے پرلی وائجناتھ میں ویٹرنری اور اینیمل سائنسز کالج کا سنگِ بنیاد
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment