▼

Sunday, 23 August 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 23 اگست 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 23 August-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۳۲/اگست ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ بچوں کیلئے نزلہ اور کھانسی کی دوائیوں کے خصوصی مرکبات پر مرکزی حکومت کی جانب سے پابندی عائد۔
٭ حکومت عوامی شراکت سے نشے کی لت کو شکست دے گی: وزیر اعلیٰ کا اظہارِ اعتماد۔
٭ خواتین ہی ملک کی سب سے بڑی طاقت ہیں: قائد ِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی کا اظہارِ خیال؛ پونہ میں ”چھاتروں کی گونج“ پروگرام میں طلباء اور خواتین کے ساتھ خصوصی گفتگو۔
٭ سی جے پی سربراہ ابھیجیت دیپکے کے خلاف ضلع پریشد اسکول میں بغیر اجازت داخل ہونے اور سرکاری کام میں مداخلت کا مقدمہ درج۔
اور۔۔۔٭ ہندوستان کی تریسا- گائیتری جوڑی کو عالمی بیڈمنٹن چمپئن شپ میں خواتین کے ڈبلز میں کانسے کا تمغہ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
مرکزی حکومت نے بچوں کیلئے نزلہ اور کھانسی کی دوائیوں کے خصوصی مرکبات کی تیاری، فروخت اور تقسیم پر پابندی لگا دی ہے۔ وزارتِ صحت نے گزشتہ روز اس حوالے سے حکمنامہ جاری کیا۔ کلورفینیرامائن میلیٹ اور فینیلِ فرائین ہائیڈروکلورائڈ کی مقررہ مقدار والی تمام ادویات پر واضح طور پر یہ مشتہر کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے کہ ”یہ دوائیں چار سال سے کم عمر کے بچوں کیلئے محفوظ نہیں“۔ یہ فیصلہ بچوں کی صحت اور حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ حکومت نے دوا ساز کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان ادویات کے لیبلز، بروشرز اور اشتہارات پر واضح طور پر یہ انتباہ درج کریں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اعتماد ظاہر کیا ہے کہ ان کی حکومت عوامی شراکت کے ذریعے نشے کی لت کو شکست دے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کل‘ منشیات سے پاک نوی ممبئی مہم کے تحت کیمپس کنیکٹ مہم کا آغاز کیا۔ اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا ترقی یافتہ بھارت اور ترقی یافتہ مہاراشٹر کی تشکیل کیلئے منشیات سے پاک مہم میں نوجوانوں کا تعاون نہایت اہم ہے۔ وزیراعلیٰ نے یقین ظاہر کیا کہ آئندہ چند سالوں تک یہ جنگ لڑی جاسکتی ہے لیکن آخرِکار فتح ہماری ہوگی۔
نئی ممبئی طیران گاہ پولس اسٹیشن، انٹی گریٹیڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر، نشے کی لت کے تدارک اور بازآبادکاری مرکز کا افتتاح بھی وزیرِ اعلیٰ نے کیا‘ اس کے علاوہ ریل اور پوسٹرس مقابلوں میں انعامات پانے والوں کا استقبال بھی کیا۔
***** ***** *****
مراٹھی زبان نہ جاننے والے دو ہزار 767 رکشہ اور ٹیکسی ڈرائیوروں کو محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔ ریاست بھر میں رکشہ اور ٹیکسی ڈرائیوروں کیلئے مراٹھی جاننا لازمی قرار دیئے جانے کے بعد محکمہ نے جمعرات سے ایک خصوصی معائنہ مہم شروع کی ہے۔ ممبئی میٹروپولیٹن علاقے کو چھوڑ کر ریاست بھر میں پانچ ہزار 299 رکشہ اور ٹیکسی ڈرائیوروں کی اس سلسلے میں جانچ کی گئی، جن میں سے 777 ڈرائیورعام بول چال کی مراٹھی سے نابلد پائے گئے، اور ان میں سے 666 کو نوٹس جاری کیے گئے۔ یہ معائنہ مہم 30 ستمبر تک جاری رہے گی۔
***** ***** *****
مرکزی ٹیکسٹائل وزیر گری راج سنگھ نے کل نئی ممبئی میونسپل کارپوریشن کے ٹیکسٹائل ری سائیکلنگ سینٹر کا دورہ کیا۔ سنگھ نے نئی ممبئی میونسپل کارپوریشن کے ذریعہ نافذ کئے گئے اس ماڈل میں عوامی شراکت پر زور دیتے ہوئے ایک نئی جہت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انھوں نے کہا کہ جس طرح مرکزی ٹیکسٹائل وزارت نے نوی ممبئی میونسپل کارپوریشن کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں، اسی طرح کے معاہدوں پر ریاست کے دیگر میونسپل کارپوریشنوں کے ساتھ بھی دستخط کیے جائیں گے اور متعلقہ کمیٹی کو روزگار کی نئی سمت کی طرف بڑھنے کی ہدایت دی جائے گی۔
***** ***** *****
قومی کمیشن برائے خواتین کی چیئرپرسن وجیا راہٹکر نے کہا ہے کہ جرائم کیلئے زیرو ٹالرینس اور متاثرین کے تئیں زیادہ سے زیادہ ہمدردی ایک موثر پولس نظام کی بنیاد ہونا چاہیے۔ وہ کل قومی کمیشن برائے خواتین اور مہاراشٹرا پولس کی جانب سے چھترپتی سمبھاجی نگر میں ’طاقت و تحفظ‘ کے عنوان سے پروگرام کے تحت سائبر کرائمس کے خلاف پولس کی استعداد کار میں اضافے سے متعلق ایک ورکشاپ سے خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ سائبر کرائم، مصنوعی ذہانت کے ذریعے دھوکہ دہی، جعلی ویڈیوز اور ڈیجیٹل مالیاتی فراڈ جیسے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے پولس کو ٹیکنالوجی، معلومات اور سائنسی طریقوں کو مؤثر طریقے سے استعمال کرنا چاہیے۔
دریں اثناء، راہٹکر نے ”مصنوعی ذہانت اور خواتین“ کے عنوان سے ایک ورکشاپ میں بھی رہنمائی کی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس رہنماء راہل گاندھی نے کل پونہ میں ’چھاتروں کی گونج‘ پروگرام میں طلباء اور خواتین سے براہ راست بات چیت کی۔ اس موقعے پر انھوں نے کہا کہ ہندوستانی خواتین ہی ملک کی سب سے بڑی طاقت ہیں، راہل گاندھی نے خواتین سے اپیل کی کہ وہ خود مختار بنیں، اپنی ہمت پر کھڑے ہوں اور خود پر یقین رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے مختلف شعبوں میں کام کرنے والی تنخواہ دار خواتین کو مردوں کی بہ نسبت 25 فیصد کم اُجرت ملتی ہے جو کہ خواتین کی بے عزتی کے مترادف ہے۔ اس دوران طلباء نے راہل گاندھی سے تعلیمی نظام میں خامیوں، پرچہ افشاء، امتحانات میں بے قاعدگی، خواتین کی حفاظت، تعلیمی فیسوں میں اضافے اور روزگار کے مواقع جیسے اہم موضوعات پر گفتگو کی۔ راہل گاندھی نے طلباء کے تمام سوالات کا اطمینان بخش جواب دیتے ہوئے تعلیم، خواتین کے تحفظ، مساوی مواقع اور روزگار کے موضوعات پر بات چیت کی۔
***** ***** *****
کاکروچ جنتا پارٹی کے سربراہ ابھیجیت دیپکے اور ان کے چار تا پانچ رفقائے کار کے خلاف لاتور ضلع کے اوسا میں ضلع پریشد اسکول میں بغیر اجازت داخل ہونے اور سرکاری کام میں رخنہ اندازی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ معلمہ سیدہ شمشاد بانو کی جانب سے یہ شکایت درج کروائی گئی۔ اپنی شکایت میں انھوں نے کہا کہ دیپکے اور اس کے ساتھیوں نے اسکول میں بلا اجازت داخل ہو کر اور طلباء کے درمیان بیٹھ کر مختلف سوالات کیے، جس کی وجہ سے طلباء کی تعلیم اور سرکاری کام میں رکاوٹ پیدا ہوئی۔ شکایت میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس اسکول میں دوسرے اسکول کے طلبہ کو بٹھانے اور اساتذہ کو معطل کرنے کی دھمکیاں دینے کا الزام لگا کر اسکول کو بدنام کیا گیا۔
دریں اثناء، کاکروچ جنتا پارٹی کے لاتور کوآرڈنیٹر اجنکیے شندے نے الزام لگایا ہے کہ یہ مقدمہ صرف اس لیے درج کیا گیا کہ انہوں نے اسکول کی خراب حالت اور مبینہ بدعنوانیوں کا انکشاف کیا تھا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسکول کے معائنے کے دوران اسکول کے احاطے میں گانجہ اور شراب نوشی کے معاملات سامنے آئے، اسکول کی عمارت میں بیت الخلاء کی کمی، ایک بند باورچی خانہ، اور دوپہر کے کھانے کیلئے طلبہ کو دئیے جانے والے چاول اور دالوں میں کیڑے پائے گئے۔ شندے نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ان معاملات کی تحقیقات کرائی جائے اور اسکول کے طلبہ کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔
***** ***** *****
ایوی ایشن اتھارٹی آف انڈیا کے عہدیداروں کے ایک وفد نے حال ہی میں دھاراشیو ضلع کے تلجا پور تعلقہ میں ماڑُمبرا میں مجوزہ چار کلومیٹر طویل رن وے کیلئے اراضی کا معائنہ کیا۔ معائنے کی ٹیم نے ہوائی اڈے کیلئے طئے کردہ اس قطعہ اراضی پر مثبت خیالات کا اظہار کیا۔ رُکنِ اسمبلی راناجگجیت سنگھ پاٹل نے کہا کہ اس ٹیم کے دورے سے پروجیکٹ کے سلسلے میں ایک اور قدم آگے بڑھا ہے۔
***** ***** *****
ہندوستان کی تریسا جالی اور گائیتری گوپی چند نے عالمی بیڈمنٹن چمپئن شپ میں خواتین کے ڈبلز کے زمرے میں کانسے کا تمغہ جیت لیا ہے۔ گزشتہ روز چینی جوڑی کے خلاف ایک سنسنی خیز سیمی فائنل مقابلے میں تریسا-گائیتری جوڑی نے پہلا گیم 21-18 کے فرق سے جیتا، لیکن چینی جوڑی نے اگلے دو گیمز جیت کر فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا۔
***** ***** *****
بھارت اور سری لنکا کے درمیان رواں‘دو میچوں کی کرکٹ ٹیسٹ سیریز کا دوسرا اور آخری میچ آج سے کولمبو میں کھیلا جائے گا۔ یہ میچ صبح دس بجے شروع ہوگا۔ پہلا ٹیسٹ جیت کر بھارت نے سیریز میں ایک صفر کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کررکھی ہے۔
***** ***** *****
جالنہ میں پولس ٹریننگ سنٹر میں پانی کے تحفظ کے کاموں کا‘ کل ضلع کلکٹر آشیما متل نے افتتاح کیا۔ پولس کے تربیت یافتہ افراد کی مدد اور کنڈلیکا سینا فاؤنڈیشن کی شراکت سے اس علاقے میں دس پانی جذب کرنے والے گڑھے اور بیس پشتے بنائے گئے۔ یہ منصوبہ ماہر اراضیات ڈاکٹر پنڈت وسارے کی رہنمائی میں مکمل کیا جا رہا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ بچوں کیلئے نزلہ اور کھانسی کی دوائیوں کے خصوصی مرکبات پر مرکزی حکومت کی جانب سے پابندی عائد۔
٭ حکومت عوامی شراکت سے نشے کی لت کو شکست دے گی: وزیر اعلیٰ کا اظہارِ اعتماد۔
٭ خواتین ہی ملک کی سب سے بڑی طاقت ہیں: قائد ِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی کا اظہارِ خیال؛ پونہ میں ”چھاتروں کی گونج“ پروگرام میں طلباء اور خواتین کے ساتھ خصوصی گفتگو۔
٭ سی جے پی سربراہ ابھیجیت دیپکے کے خلاف ضلع پریشد اسکول میں بغیر اجازت داخل ہونے اور سرکاری کام کاج میں مداخلت کا مقدمہ درج۔
اور۔۔۔٭ ہندوستان کی تریسا- گائیتری جوڑی کو عالمی بیڈمنٹن چمپئن شپ میں خواتین کے ڈبلز میں کانسے کا تمغہ۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment