Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 24 September-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ خشک سالی کے باعث پریشان حال کسانوں کو یکساں طور پر امداد دینے کی وزیرِ اعلیٰ کی یقین دہانی، متاثرہ علاقوں میں پائیدار آبپاشی کے لیے حکومت کی کوششیں جاری
٭ حکومت کی جانب سے کسانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی، نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کا تیقن
٭ فہرست رائے دہندگان کی خصوصی نظرثانی مہم سے متعلق تمام فیصلے اتفاقِ رائے سے کیے گئے، انتخابی کمیشن کی وضاحت
٭ ایشیائی کھیلوں میں بھارت کو مزید پانچ تمغے
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ کے تمام اضلاع میں آج تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
وزیرِ اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے یہ یقین دہانی کی ہے کہ خشک سالی کے پیش نظر فصلوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے اس لیے کسانوں کو بھی بلا امتیاز یکساں طور پر امداد دی جائے گی۔ کل لاتور، دھاراشیو اور شولاپور اضلاع کا انہوں نے دورہ کیا۔اس دوران وہ براہ راست کسانوں کے کھیتوں میں پہنچے اورفصلوں کوہوئے نقصانات کا براہِ راست جائزہ لیا۔ اس موقع ہر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ کسانوں کی مدد کے لیے حکومت فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہونے دیگی۔لاتور ضلع کے نلنگا تعلقہ کے جاو اور کھروسا میں وزیرِ اعلیٰ نے قحط کے باعث تباہ حال فصلوں کا معائنہ کیا۔ کسانوں کو حوصلہ دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس قحط سالی کا سب سے زیادہ اثر لاتور اور دھاراشیو اضلاع میں ہوا ہے اوران دونوں اضلاع میں اب تک صرف پچاس فی صد بارش ہی ہوئی ہے۔ اور فصلوں کی تباہی کے ساتھ ان اضلاع میں پینے کے پانی اور جانوروں کے چارے کے مسائل پید ا ہونے کا بھی خدشہ ہے۔ تاہم حکومت کسانوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔
لاتور کے بعد وزیرِ اعلیٰ نے دھاراشیو تعلقہ کے کرج کھیڑا شِوار اور کلمب تعلقہ کے ملکاپور میں فصلوں کے ساتھ ساتھ آبی ذخائر کا بھی معائنہ کیا۔ پانی کی قلت کے باعث سوکھی ہوئی فصلیں اور مکمل طور پر خشک تالاب نے اس علاقے شدید خشک سالی کے مظہر تھے۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ نے کسانوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ حالات سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات شروع کیے جا رہے ہیں۔
شولاپور ضلع میں بھی وزیرِ اعلیٰ نے دھانورے اور کارنجا علاقوں میں تباہ حال فصلوں کا معائنہ کیا اور کسانوں کو ربیع کی فصلوں کے لیے امداد کی یقین دہانی کرائی۔ اس علاقے سے قحط ختم کرنے کے لیے ریاستی حکومت کی جانب سے کی جانے والی کوششوں سے متعلق انہوں نے کہا کہ کسان یقینا پریشان حال ہے لیکن حکومت انہیں ان حالات سے باہر نکالنے کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔ ان علاقوں میں آب پاشی کے لیے پانی لانے کا منصوبہ ہے جس کے پہلے مرحلے پر کام شروع بھی ہو چکا ہے۔جس کے تحت اجنی ڈیم میں یہ پانی لایا جائے گا۔علاوہ ازیں مراٹھواڑہ اور اس سے ملحق علاقوں میں پانی پہنچایا جائے گا۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے بھی کل ودربھ کے اکولا اور بلڈھانہ اضلاع میں قحط کی صورتِ حال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی مدد کے لیے حکومت کوئی کسر باقی نہیں رکھے گی اور کسانوں کو اس بحران سے نکالنے کے لیے حکومت کی کوششیں جاری ہے۔ شندے نے عندیہ دیا کہ قحط کے متاثرین کے لیے اعلامیہ جاری کرتے وقت کسانوں کے مفاد میں کئی اہم فیصلے کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں مقروض کسانوں سے قسطو ں کی وصولی موخر کرنے، قرض کی از سر نو منصوبہ بندی اور بجلی کے بلوں میں سہولت دینے جیسے اقدامات سمیت ہر ممکنہ مدد کے لیے حکومت تیار ہے۔
***** ***** *****
پر بھنی کے ضلع کلکٹر سنجے سنگھ چوہان نے کل مختلف دیہاتوں کا دورہ کرتے ہوئے قحط کے باعث متاثر ہونے والی فصلوں کا کسانوں کے کھیتوں تک براہِ راست پہنچ کر معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کسانوں سے بات چیت کی، فصلوں کی صورتِ حال اور ان کی مشکلات کے بارے میں دریافت کیا اور کسانوں کو حوصلہ دیا۔
***** ***** *****
قومی انتخابی کمیشن نے وضاحت کی ہے کہ ا لیکشن کمیشن ایک کثیر رکنی آئینی ادارہ ہے اور فہرست رائے دہندگان کی خصوصی نظرثانی مہم یعنی ایس آئی آر سے متعلق تمام فیصلے اتفاقِ رائے سے کیے گئے۔ اس سلسلے میں زیر گردش اعتراضات اور سوالات کے پس منظر میں کمیشن کی جانب سے یہ وضاحت کی گئی۔ ا س ضمن میں جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ فیصلہ سازی کے عمل کے دوران کمیشن کے ارکان کی جانب سے سوالات اٹھانا اور اعتراض کرنا مروجہ طریقہ ئ کار کا ہی ایک حصہ ہے۔ اور حتمی فیصلہ کرتے وقت تمام اعتراضات پر غور کرنے کے بعد ہی کمیشن فیصلہ کرتا ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
آیوشمان بھارت اسکیم نے کل اپنے آٹھ سال مکمل کر لیے۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پر جاری ایک پیغام میں کہا کہ اس اسکیم کی وجہ سے طبی علاج پر ہونے والے اخراجات میں کمی واقع ہوئی ہے اور غریب و متوسط طبقے کے افراد کو اس کا فائدہ پہنچ رہا ہے۔
دریں اثنا، وزیرِ اعظم نریندر مودی کی عوامی زندگی کے 25 سالہ سفر کو ’جن سیوا سے دیش سیوا‘ یعنی عوامی خدمت سے ملک کی خدمت کے نظریے سے تحریک ملی ہے اور 2047 تک ترقی یافتہ بھارت کا ہدف حاصل کرنے کے لیے حکومت کام کر رہی ہے۔نیزشہریوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کی کوششیں جا رہی ہے۔ وزیرِ اعظم مدرا یوجنا بھی اسی کوشش کا ایک حصہ ہے۔
مرکزی حکومت کی جانب سے 8 اپریل 2015 کو شروع کی گئی وزیرِ اعظم مدرا یوجنا، چھوٹے اور معمولی کاروباری افراد کو بغیر کسی ضمانت کے قرض فراہم کرنے والی ایک اہم اسکیم ہے۔ اس اسکیم کے تحت پیداوار، تجارت، خدمات، زرعی اور دیگر کاروبار کے لیے 20 لاکھ روپے تک کا قرض فراہم کیا جاتا ہے۔ مدرا یوجنا کے تقریباً 70 فیصد قرض کھاتے خواتین کے ہیں۔اس خصوص میں وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا۔۔۔
Byte: Prime Minister Narendra Modi
مدرا قرض کا استعمال دکانیں، خدمات سے متعلق کاروبار، چھوٹی صنعتوں، نقل و حمل، مشینری کی خریداری، ڈیری، ماہی پروری، پولٹری، شہد کی مکھیوں کی پرورش اور فوڈ پروسیسنگ جیسے کاروبارکے لیے کیا جا رہا ہے۔
***** ***** *****
وزارتِ خزانہ نے اعلان کیا ہے کہ تمام سرکاری شعبے کے بینک اور علاقائی دیہی بینک آئندہ اتوار، 27 ستمبر کو کھلے رہیں گے،۔ بینک تنظیموں کی جانب سے رواں ماہ کی 28 سے 30 تاریخ تک تین روزہ مجوزہ ملک گیر ہڑتال کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ دریں اثنا، حکومت اور بینک انتظامیہ کی جانب سے ان ملازمین تنظیموں سے مجوزہ ہڑتال واپس لینے کی اپیل کی گئی ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں گنیش اتسو کے موقع پر آج صبح 6 بجے سے رات 12 بجے تک لاؤڈ اسپیکر اوردیگر صوتی آلات کے استعمال کی ضلع کلکٹر ونے گوڑا جی۔سی۔نے اجازت دی ہے۔ تاہم، ان آلات کے استعمال سے قبل ارباب مجاز سے تحریری اجازت لینا لازمی ہے۔
***** ***** *****
لاتور ضلع کے شیروڑ اننت پال تعلقہ میں گنیش وسرجن جلوس کے دوران قانون کی خلاف ورزی کرنے کے معاملے میں بی جے پی تعلقہ صدر مادھو برادار سمیت 14 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کی ہدایات کو نظرانداز کرتے ہوئے اونچی آواز میں ڈی جے بجانے، پولیس اہلکاروں سے بحث و تکراراور فحش کلامی کے الزام میں یہ کارروائی کی گئی ہے۔
***** ***** *****
ناندیڑ کے ضلع کلکٹر راہل کرڈیلے نے شہریوں سے گنیش وسرجن علامتی طور پرکرنے کی اپیل کی ہے۔ وہ قحط کی صورتِ حال کے پیشِ نظر کل وسرجن کے مقامات کا معائنہ کرنے کے بعد بات کر رہے تھے۔
***** ***** *****
جالنا کے میونسپل کمشنر نے اپیل کی ہے کہ سنت گاڈگے بابا گھانے واڑی آبی ذخیرے میں گنیش مورتیوں کا وسرجن کرنے سے گریز کریں کیونکہ اس آبی ذخیرے سے شہر کو پینے کاپانی فراہم کیا جاتا ہے۔ انتظامیہ نے گنیش بھکتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے مقرر کردہ سرکاری وسرجن مقامات کا ہی استعمال کریں۔
***** ***** *****
جاپان میں جاری ایشیائی کھیلوں میں کل چوتھے روز بھارت نے پانچ تمغے حاصل کئے۔ ویٹ لفٹنگ میں بھارت کی میرابائی چانو نے خواتین کے 49 کلوگرام وزن کے زمرے میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ سافٹ ٹینس میں بھارت کے جئے مینا نے کانسی کا تمغہ جیتا۔ شوٹنگ میں بھارت کی مہیشوری، پریناز دھالیوال اور رائزہ ڈِھلن نے، جبکہ اننت جیت سنگھ نروکا، میراج احمد خان اور بھوتیگ سنگھ گِل نے ٹیم اسکیٹ مقابلے میں کانسی کے تمغے حاصل کیے۔ بھارت کی مردوں کی بیڈمنٹن ٹیم کو بھی کانسے کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا۔ ان کھیلوں میں بھارت نے اب تک 12 تمغے جیتے ہیں، جن میں ایک طلائی، پانچ چاندی اور چھ کانسی کے تمغے شامل ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ کے تمام اضلاع کے لیے محکمہ موسمیات نے آج بارش کا یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ساتھ 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیزہواؤں کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے چھترپتی سمبھاجی نگر اور بیڑ اضلاع میں تیز ہواؤں کی پیش گوئی بھی کی ہے۔
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ خشک سالی کے باعث پریشان حال کسانوں کو یکساں طور پر امداد دینے کی وزیرِ اعلیٰ کی یقین دہانی، متاثرہ علاقوں میں پائیدار آبپاشی کے لیے حکومت کی کوششیں جاری
٭ حکومت کی جانب سے کسانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی، نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کا تیقن
٭ فہرست رائے دہندگان کی خصوصی نظرثانی مہم سے متعلق تمام فیصلے اتفاقِ رائے سے کیے گئے، انتخابی کمیشن کی وضاحت
٭ ایشیائی کھیلوں میں بھارت کو مزید پانچ تمغے
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ کے تمام اضلاع میں آج تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment