▼

Sunday, 27 September 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 27 ستمبر 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 27 September-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ریاست کے358 میں سے265تعلقوں میں قحط کا اعلان؛ ناندیڑ ضلع کے مدکھیڑ اور مکھیڑ کے سوا مراٹھواڑہ کے 74تعلقے شامل
٭ قحط زدہ علاقوں میں امدادی اقدامات کے تحت بارہ نکاتی رعایتیں دینے کا نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کا اعلان
٭ کسانوں کی امداد سے متعلق حکومت کے موقف کی وضاحت کا رکنِ اسمبلی آدتیہ ٹھاکرے کا مطالبہ
٭ ’من کی بات‘ پروگرام میں وزیرِ اعظم نریندر مودی کا آج عوام سے خطاب
اور۔۔۔٭ ایشیائی کھیلوں میں بھارت کو دو طلائی سمیت مزید سات تمغے
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
ریاست کے358 میں سے265 تعلقوں میں حکومت نے قحط کا اعلان کیا ہے۔ ممبئی، ممبئی مضافات، تھانہ اور پال گھر کو چھوڑ کر ریاست کے ہر ضلع کے کم از کم ایک تعلقے میں قحط کا اعلان کیا گیا ہے۔ رواں موسم خریف میں بارش کی کمی اور دیگرطے شدہ معیار کی بنیاد پر قحط سے متعلق یہ سرکاری حکم نامہ کل جاری کیا گیا۔
قحط کا Trigger-1 نافذ ہونے والے ان265 تعلقوں میں پنچنامہ کی کارروائی فوری طور پر شروع کرنے کی ہدایت حکومت نے ضلع کلکٹروں کو دی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں فصلوں کا سروے کرتے وقت علاقوں میں فصلوں کی حالت ظاہر کرنے والی تصاویر اور جی پی ایس کوآرڈینیٹس جمع کرکے رپورٹ زرعی کمشنر کے ذریعے حکومت کو فوری طور پر پیش کرنے کی ہدایات بھی کی گئی ہیں۔
دریں اثنا، متعلقہ قحط زدہ علاقوں کے کسانوں کو فصلوں کے نقصان سے متعلق امداد مقررہ طریقہ ئ کار مکمل کرنے کے بعد ایک علیحدہ حکومتی فیصلے کے ذریعے دی جائے گی۔
چھترپتی سمبھاجی نگر ریونیو ڈویژن کے97 فیصد علاقے میں قحط کا اعلان کیا گیا ہے۔ ناندیڑ ضلع کے مدکھیڑ اور مکھیڑ ان دو تعلقوں کے سوا مراٹھواڑہ کے 76 میں سے 74 تعلقوں کو قحط زدہ قرار دیا گیا ہے۔ ان میں چھترپتی سمبھاجی نگر، جالنا، بیڑ، پربھنی، ہنگولی، لاتور اور دھاراشیو اضلاع کے تمام تعلقے شامل ہیں۔
قحط سے متعلق اقدامات کے تحت کسانوں، طلبہ، زرعی مزدوروں، شہریوں اور مویشیوں کو راحت فراہم کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے بارہ نکاتی اقدامات اور رعایتیں دی جائیں گی۔ ان میں ٹینکروں کے ذریعے پینے کے پانی کی فراہمی، کسانوں اور زرعی مزدوروں کے لیے اناج کی وافر فراہمی، مویشیوں کے لیے چارے کی دستیابی جیسے اقدامات شامل ہیں۔ یہ اطلاع نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے دی۔
ایکناتھ شندے نے یہ بھی بتایا کہ ریاست میں ’پُنیہ شلوک اہلیہ دیوی ہولکر کسان قرض معافی اسکیم‘ کے تحت آدھار تصدیق مکمل کرنے والے12 لاکھ58 ہزار کسانوں کو اگست کے آخر تک10 ہزار115 کروڑ روپے تقسیم کیے جاچکے ہیں۔
دریں اثنا، قحط زدہ علاقوں کے جن کسان خاندانوں میں بیٹے یا بیٹیوں کی شادیاں طے ہوچکی ہیں، ان کی مدد کرنے کا فیصلہ نائب وزیرِ اعلیٰ شندے نے کیا ہے۔ ایسے خاندانوں سے انہوں نے اپیل کی ہے کہ وہ شیوسینا کے مقامی عوامی نمائندوں اور عہدیداروں سے رابطہ کریں۔ انہوں نے یہ اپیل کل سوشل میڈیا پر جاری ایک پیغام کے ذریعے کی۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ سُنیترا پوار نے کہا ہے کہ قحط کی صورتحال میں حکومت کسانوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔ کل ناندیڑ ضلع کے لوہا تعلقے کے باروڑ پھاٹا، سون کھیڑ میں سویابین کی فصل کا معائنہ کرنے اور کسانوں سے بات چیت کے بعد وہ خطاب کر رہی تھیں۔انہوں نے سرکاری امدادسے متعلق کسانوں کو یقین دہانی بھی کروائی۔
پربھنی ضلع میں پالَم تعلقے کے مردس گاؤں، پربھنی تعلقے کے دیٹھن اور پاتھری میں بھی پوار نے فصلوں کا معائنہ کیا اور کسانوں سے بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ وہ مراٹھواڑہ کی بیٹی ہیں، اس لیے یہاں کے کسانوں کی مشکلات اور قحط کی صورتحال سے وہ بخوبی واقف ہیں۔
بیڑ ضلع میں بھی سُنیتر۱پوار نے کل قحط کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ ماجل گاؤں اور گیورائی تعلقوں کے ماڑی پارگاؤں، واروڑہ، دھرمے واڑی اور سرسس دیوی میں کھیتوں میں جاکر انہوں نے فصلوں کی موجودہ صورتحال کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
***** ***** *****
کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر وجے وڈیٹیوار نے الزام عائد کیا ہے کہ قحط سے متعلق حکومتی اعلامیہ کسانوں کے ساتھ دھوکہ دہی ہے۔ انہوں نے ناراضی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کو فی ہیکٹر ایک لاکھ روپے کی امداد کی توقع تھی، لیکن ا س اعلامیے میں مالی امداد کا کوئی ذکر نہیں ہے۔
شیوسینا اُدھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے رکنِ اسمبلی آدتیہ ٹھاکرے نے کہا ہے کہ ریاست کے تباہ حال کسانوں کو حکومت کے جی آر کی نہیں بلکہ عملی امداد کی ضرورت ہے۔ کل لاتور ضلع کے اوسہ تعلقے میں تاوشی تاڑ کے مقام پر نقصان زدہ فصلوں کا معائنہ کرنے کے بعد وہ کسانوں سے مخاطب تھے۔ آدتیہ ٹھاکرے نے مطالبہ کیا کہ قحط سے متاثرہ علاقوں میں امدادی مراکز فوری طور پر قائم کیے جائیں اور حکومت اس بارے میں اپنا واضح موقف ظاہر کرے کہ امداد کسانوں تک کب پہنچے گی۔دریں اثنا، ٹھاکرے نے کل ناندیڑ ضلع کے کندھار تعلقے کے گاؤڑ دیہات میں بھی فصلوں کا معائنہ کیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی آج صبح ۱۱ بجے آکاش وانی کے پروگرام ’من کی بات‘ کے ذریعے ملک کے عوام سے خطاب کریں گے۔ یہ ماہانہ ریڈیو پروگرام کی138 ویں قسط ہوگی۔ آکاش وانی اور دوردرشن کے تمام چینلز اس پروگرام کو نشر کریں گے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی کی عوامی زندگی کے25 سالہ سفر میں ’جن سیوا سے دیش سیوا‘ کا نظریہ بنیادی تحریک رہا ہے،۔ خدمت اور بہترطرز حکمرانی کے نقطہئ نظر سے2047 تک ترقی یافتہ بھارت کا ہدف حاصل کرنے کے لیے حکومت کام کر رہی ہے۔ اسی مقصد کے تحت حکومت نے ریئل اسٹیٹ ریگیولیشن اینڈ ڈیولپمنٹ ایکٹ2016یعنی رئیرا قانون وضع کیا ہے۔
رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں شفافیت اور جواب دہی بڑھانے کے لیے مرکزی حکومت نے رئیرا قانون نافذ کیا ہے۔ گھر خریدنے والوں کے مفادات کا تحفظ، رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں شفافیت، دھوکہ دہی اور منصوبوں میں تاخیر کو کم کرنا اس قانون کے مقاصد ہیں۔ بلڈرس اور گھر خریدنے والوں کے مابین زیادہ جواب دہ نظام قائم کرنے پر اس قانون میں زور دیا گیا ہے۔
Byte: Prime Minister Narendra Modi
رئیرا کی وجہ سے گھر خریدنے والوں کوبلڈنگ پروجیکٹ سے متعلق معلومات، بلڈرس کی ذمہ داری اور شکایات کے ازالے کے سلسلے میں زیادہ قانونی تحفظ فراہم کرنے کا نظام قائم ہوا ہے۔
***** ***** *****
فہرست رائے دہندگان کی خصوصی نظرثانی کے عمل، یعنی SIR کے تحت 12اکتوبر تک ریاست بھر میں شکایات اور اعتراضات داخل کیے جا سکتے ہیں۔مرکزی انتخابی کمیشن نے بتایا ہے کہ نوٹس،شکایات اور اعتراضات کے ازالے کی مدت 10/ نومبر تک بڑھا دی گئی ہے، جبکہ حتمی ووٹر فہرست 16نومبر کو جاری کی جائے گی۔ کمیشن نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ اس نظرثانی کے عمل کے دوران جن افراد کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔BLO بذات خودشخصی طور پر ان کے گھروں پر جاکر ضروری دستاویزات جمع کریں گے۔
***** ***** *****
جاپان میں جاری ایشیائی کھیلوں میں کل بھارت کی خواتین اور مردوں کی کبڈی ٹیموں نے طلائی تمغے حاصل کئے۔ دونوں ٹیموں نے اپنے اپنے گروپ میں ایران کی ٹیموں کو شکست دی۔
خواتین کے50میٹر رائفل تھری پوزیشن ٹیم مقابلے میں بھارت کی ٹیم نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ شاٹ پٹ میں تاجندرپال سنگھ تور اور مردوں کی میراتھان میں ساون باروال نے چاندی کے تمغہ حاصل کیا۔ خواتین کی 400میٹر دوڑ میں پراچی چودھری نے، جبکہ اسکواش کے مکسڈ ڈبلز میں بھارتی جوڑی نے کانسے کا تمغہ حاصل کیا۔
ان کھیلوں میں اب تک مجموئی طور پر چار طلائی،12 چاندی اور14 کانسے کے تمغوں کے ساتھ بھارت تمغوں کی فہرست میں دسویں مقام پر پہنچ گیا ہے۔
***** ***** *****
پربھنی ضلع میں گنیش وسرجن کے دوران دو نوجوان ڈوب کر ہلاک ہوگئے۔ دھانورا کالے میں پل سے گر کر یہ دونوں نوجوان گوداوری ندی کے پانی میں ڈوب کر ہلاک ہوئے۔ خبر کے مطابق یہ دونوں نوجوان پالَم تعلقے کے ساکن تھے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے شہر میں قائم کیے گئے مجموعی طور پر47گنیش مورتی جمع کرنے کے مراکز پر41ہزار482 گنیش مورتیوں کو جمع کیا گیا۔ میونسپل کمشنر امول ییڈگے کی ہدایات کے مطابق چلائی گئی اس مہم کے دوران18ہزار358 گنپتی کی مورتیوں کاعطیہ کیا گیا، جبکہ 23 ہزار124 گنیش مورتیوں کا وسرجن کیا گیا۔
***** ***** *****
بیڑ کے ضلع کلکٹر وویک جانسن نے قلعہ دھارور تعلقے کے گھاٹ علاقے میں حادثات کے لحاظ سے حساس مقام کا معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ محکمے کو ہدایت دی کہ حادثات کے امکانات والے مقامات پر سڑک کی مرمت اور شہریوں کی حفاظت کے لیے ضروری اقدامات فوری طور پر کیے جائیں۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ ریاست کے358 میں سے265تعلقوں میں قحط کا اعلان؛ ناندیڑ ضلع کے مدکھیڑ اور مکھیڑ کے سوا مراٹھواڑہ کے 74تعلقے شامل
٭ قحط زدہ علاقوں میں امدادی اقدامات کے تحت بارہ نکاتی رعایتیں دینے کا نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کا اعلان
٭ کسانوں کی امداد سے متعلق حکومت کے موقف کی وضاحت کا رکنِ اسمبلی آدتیہ ٹھاکرے کا مطالبہ
٭ ’من کی بات‘ پروگرام میں وزیرِ اعظم نریندر مودی کا آج عوام سے خطاب
اور۔۔۔٭ ایشیائی کھیلوں میں بھارت کو دو طلائی سمیت مزید سات تمغے
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment