Monday, 15 December 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 15 دسمبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 15 December-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۵؍دسمبر ۲۰۲۵ء؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ریاستی اسمبلی کے ناگپور سرمائی اجلاس کا اختتام ، 16 بل منظور - ممبئی میں 23 فروری سے بجٹ اجلاس۔
٭ ریاست کی معیشت مضبوط اور مستحکم ہے، وزیرِ اعلیٰ کی اطلاع - مراٹھواڑہ 'ای وی کیپیٹل کے طور پر ترقی کی راہ پر گامزن ہونے کا اظہارِ خیال۔
٭ سرمائی اجلاس سے ودربھ اور ریاست کو کچھ بھی حاصل نہ ہونے کی حزبِ اختلاف کی تنقید۔
٭ پربھنی شہر اور دیہی علاقوں کیلئے علیحدہ علیحدہ تحصیل دفاتر کی تجویزحکومت کو پیش، جالنہ ضلعے میں 78 تانڈہ بستیوں کو علیحدہ تحصیل کا درجہ دینے کا وزیرِ محصول کا اعلان۔
اور۔۔۔٭ ریاست کے بیشتر حصوں میں درجۂ حرارت میں معمولی کمی، آئندہ دو دنوں تک موسم خشک رہنے کی پیشن گوئی۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ریاستی اسمبلی کا سرمائی اجلاس کل اختتام پذیر ہوا۔ اسمبلی کے اسپیکر راہل نارویکر نے بتایا کہ سرمائی اجلاس کے دوران مقننہ کی سات نشستوں میں مجموعی طور پر 72 گھنٹے 35 منٹ کام کیا گیا۔ اسی طرح قانون ساز کونسل کے چیئرمین رام شندے نے کہا کہ قانون ساز کونسل کی سات نشستوں میں 48 گھنٹے 16 منٹ کام کاج ہوا۔ اس دوران قانون ساز اسمبلی میں کل 18 بلوں کو پیش کیا گیا ‘جن میں سے 16 منظور کیے گئے، جبکہ قانون ساز کونسل میں چار بل منظور ہوئے۔
دریں اثنا‘ اسمبلی کا آئندہ بجٹ اجلاس 23 فروری 2026 سے ممبئی میں شروع ہوگا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ مہاراشٹر کی معیشت اب بھی ملک میں سب سے زیادہ مضبوط اور مستحکم ہے، اور ریاست‘ تمام اقتصادی معیاروں پر اہل ثابت ہو رہی ہے۔ وہ گزشتہ روز اسمبلی میں آخری ہفتے کی تجویز پر بحث کا جواب دے رہے تھے۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ ریاست میں قرض، مالیاتی خسارے، سرمایہ کاری، روزگار کے فروغ، آبپاشی، بجلی، مواصلات اور امن و امان کی برقراری سمیت ہر شعبے میں نمایاں کام کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ریاست امرت مہوتسو کی طرف گامزن ہے‘ لہٰذا‘ آنے والا دور مہاراشٹرا کیلئے انتہائی اہم ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے ایوان میں موجود تمام قائدین سے ایک جٹ ہوکر ساتھ چلنے اور تعمیری کاموں کے ذریعے ریاست کو ترقی یافتہ بنانے میں تعاون کرنے کی اپیل کی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ نئی حکومت اپنے قیام کے بعد سے درپیش مختلف چیلنجز کا مقابلہ کرکے فیصلہ کن رہی ہے۔ انھوں نے ریاست کیلئے تیار کردہ ویژن ڈاکیومنٹ کے حوالے سے تفصیلات بھی ایو ان کے سامنے پیش کیں۔
مراٹھواڑہ کی ترقی کے موضوع پر بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ مراٹھواڑہ ایک ’ای وی کیپیٹل‘ کے طور پر ترقی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹویوٹا، اسکوڈا، ایتھر جیسی نامور صنعتوں نے علاقے میں سرمایہ کاری کی ہے، جس سے ایک لاکھ 27 ہزار افراد کو روزگار ملا ہے۔ انھوں نے علاقۂ مراٹھواڑہ کو جلد ہی خشک سالی سے پاک بنانے کرنے کیلئے کیےجا رہے اقدامات کے بارے میں بھی بات کی۔
اسی دو ران‘ نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے قانون ساز کونسل میں آخری ہفتے کی تجویز پر بحث کا جواب دیا۔
***** ***** *****
دریں اثنا‘ حزبِ اختلاف کی جماعتوں نے ایک صحافتی کانفرنس لیکر اس اجلاس میں کسانوں اور ودربھ کی عوام کو مایوس کرنے کا الزام لگایا اور حکومت پر تنقید کی۔
قانون ساز کونسل کے رہنما وجئے وڑیٹیوار نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے چاول اور سویا بین کیلئے بونس کا مطالبہ کیا‘ لیکن حکومت نے کوئی ٹھوس کارروائی نہیں کی، اسی طرح، انھوں نے حکومت پر منشیات کے معاملے پر بھی کوئی مثبت اقدام نہ کرنے کا الزام عائد کیا۔
***** ***** *****
قانون ساز کونسل کے گروپ لیڈر ستیج پاٹل نے کپاس کی خریداری مراکز کی تعداد بڑھانے کے مطالبے پر کوئی فیصلہ نہ ہونے کا مسئلہ اٹھایا۔ راشٹروادی کانگریس شرد چندر پوار پارٹی کے رہنما جینت پاٹل نے کہا کہ بے روزگاری کا مسئلہ حل نہیں ہوسکا ہے، جبکہ مخالف جماعتوں نے ریاست میں امن و امان کی صورتحال کے بارے میں سوالات اٹھائے لیکن اس کا کوئی ٹھوس جواب نہیں دیا گیا، اور اس سات روزہ سیشن سے عوام کو مایوسی ہاتھ لگی ہے۔
***** ***** *****
محصول کے وزیر چندر شیکھر باونکولے نے جانکاری دی ہے کہ پربھنی شہر اور دیہی علاقوں کیلئے علیحدہ علیحدہ تحصیل دفاتر قائم کرنے کی تجویز حکومت کو پیش کی گئی ہے۔پربھنی تحصیل دفتر پر‘ پربھنی شہر اور دیہی علاقوں کے 100 سے زیادہ دیہاتوں کے کاموں کا بوجھ کم کرنے کیلئے رکنِ اسمبلی راجیش وِٹیکر نے انتظامیہ اور شہریوں کو ہونے والی تکالیف کے پیش نظر دو علیحدہ تحصیل دفاتر قائم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
***** ***** *****
وزیرِ محصول باونکولے نے جالنہ ضلعے کے 78 تانڈہ بستیوں کو علیحدہ تحصیل کا درجہ دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے سے تانڈہ بستیوں میں ا ٓبادسا کنان کو اب اپنا علیحدہ گاؤں اور علیحدہ شناخت مل سکے گی۔ یہ فیصلہ کل ناگپور میں منعقدہ اجلاس میں لیا گیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
نتن نبین کو بھارتیہ جنتا پارٹی کا قومی کارگذار صدر مقرر کیا گیا ہے۔ پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری ارون سنگھ نے ایک صحافتی بیان میں بتایا کہ یہ تقرری بی جے پی کے پارلیمانی بورڈ نے کی ہے۔ نتن نبین، فی الحال بہار کابینہ میں وزیر ہیں اور وہ جے پی نڈا سے صدر کے عہدے کی ذمہ داریاں حاصل کریں گے۔
***** ***** *****
ریاست میں 13 سال سے کم عمر فٹ بال کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی تربیت اور اسکالرشپ فراہم کرنے کیلئے ریاستی حکومت کے تحت چلا ئے جارہے ’’پروجیکٹ مہادیوا‘‘ کا کل ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں معروف فٹ بال کھلاڑی لیونل میسی نے آغاز کیا۔ میسی‘ گزشتہ روز ’گوٹ انڈیا دورے‘ کے تحت ممبئی آئے تھے۔ اس‘ تقریب میں وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس، کرکٹر سچن تندولکر، اداکار ٹائیگر شراف، اجئے دیوگن اور دیگر شخصیات موجود تھیں۔
’’پروجیکٹ مہادیوا‘‘ کے تحت منتخبہ 60 کھلاڑیوں کو پانچ سال کیلئے مکمل رہائشی وظیفہ ملے گا۔ وزیر اعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ ان میں سے سرِفہرست کھلاڑی فیفا عالمی کپ میں ضرور کھیلیں گے۔
***** ***** *****
بھارت نے کل چنئی میں کھیلے گئے فائنل میچ میں ہانگ کانگ کو تین۔ صفر سے شکست دے کر پہلی بار اسکواش کا عالمی کپ جیت لیا۔ جوشنا چِنپَاّ، ابھئے سنگھ اور اَناہَت سنگھ نے اپنے حریف کھلاڑیوں کو شکست دے کر خطاب اپنے نام کرلیا۔
***** ***** *****
دبئی میں جاری انڈر 19 ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے گروپ اے کے کل کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 90 رنوں سے شکست دے دی۔ بھارتی ٹیم نے پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے 46 اوورس اور ایک گیند پر 240 رنز بنائے۔ تاہم‘ اس ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 41 اووروں اور دو گیندوں پر 150 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔
***** ***** *****
بھارت کی قومی کرکٹ ٹیم نے کل‘ دھرم شالہ میں جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرا T20 کرکٹ میچ سات وکٹوں سے جیت لیا۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم نے پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے 117 رنز بنائے۔ جبکہ بھارتی ٹیم نے یہ ہدف سولہویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر عبور کر لیا۔ اس جیت کے ساتھ ہی بھارت نے پانچ میچوں کی سیریز میں دو۔ ایک سے سبقت حاصل کر لی ہے۔ سیریز کا چوتھا میچ بدھ کو لکھنؤ میں کھیلا جائے گا۔
***** ***** *****
مراٹھی زبان محکمہ، ریاستی ادبی و ثقافتی بورڈ اور جالنہ ایجوکیشن سوسائٹی کے اشتراک سے جالنہ میں منعقدہ وارکری سنت ساہتیہ سمیلن کل اختتام پذیر ہوگیا۔ اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ڈاکٹر رام کرشن مہاراج لہوتکر نے سنتوں کے ادب کا سائنسی استعمال کرنے اور مہاراشٹر میں سنت جامعہ قائم کرنے پر زور دیا۔ اس موقعے پر نانا مہاراج پوکھریکر، سونونے گروجی، ڈاکٹر انیردّھ مہاراج شر ساگر کا معززین کے ہاتھوں استقبال کیا گیا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر شہر کے ہنومان ٹیکڑی علاقے میں واقع سدگرو نپٹ نرنجن مہاراج کی برسی کے موقعے پر آج ایک یاترا کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی اس موقع پر کشتی کے مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ یوتھ ترقیاتی بورڈ کے تحت پرہلاد جی ابھینکر میموریل لیکچر سیریز کا‘کل سے چھترپتی سمبھاجی نگر میں آغاز ہوا۔ معروف ناول نگار وشواس پاٹل نے کل پہلا لیکچر دیا۔ ’’میں اور میرا ادب‘‘کے عنوان سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے شیواجی مہاراج کے کارناموں کا سبھی کو مطالعہ کرنے کی ترغیب دی۔
***** ***** *****
مادر و اطفال کی دیکھ بھال، خاندانی بہبود اور باقاعدہ ٹیکہ کاری کے پروگراموں کے موثر نفاذ میںناندیڑ ضلعے نے ریاست میں نمایاں کارکردگی کرتے ہوئے سرفہرست پانچ اضلاع میں جگہ حاصل کی ہے۔ اس حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا کہ ضلعے نے صحت کی معیاری خدمات کی فراہمی میں بہترین کام کیا ہے۔
***** ***** *****
ریاست میں کم سے کم درجہ حرارت میں ودربھ کےبیشتر مقامات ، مراٹھواڑہ کے متعدد مقامات اور کوکن اور وسطی مہاراشٹر کے کچھ مقامات پر معمولی کمی آئی ہے۔ کل ریاست میں سب سے کم درجہ حرارت اہلیانگر میں آٹھ ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ پونے اور ناسک میں اوسطاً نو ڈگری سیلسیس درج ہوا ، جبکہ چھترپتی سمبھاجی نگر، دھاراشیو اور پربھنی میں اوسطاً 11 ڈگری سیلسیس درجۂ حرارت رہا۔
دریں اثنا‘ محکمہ موسمیات نےریاست میں آئندہ دو دن تک موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے ۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ریاستی اسمبلی کے ناگپور سرمائی اجلاس کا اختتام ، 16 بل منظور - ممبئی میں 23 فروری سے بجٹ اجلاس۔
٭ ریاست کی معیشت مضبوط اور مستحکم ہے، وزیرِ اعلیٰ کی اطلاع - مراٹھواڑہ 'ای وی کیپیٹل کے طور پر ترقی کی راہ پر گامزن ہونے کا اظہارِ خیال۔
٭ سرمائی اجلاس سے ودربھ اور ریاست کو کچھ بھی حاصل نہ ہونے کی حزبِ اختلاف کی تنقید۔
٭ پربھنی شہر اور دیہی علاقوں کیلئے علیحدہ علیحدہ تحصیل دفاتر کی تجویزحکومت کو پیش، جالنہ ضلعے میں 78 تانڈہ بستیوں کو علیحدہ تحصیل دیہات کا درجہ دینے کا وزیرِ محصول کا اعلان۔
اور۔۔۔٭ ریاست کے بیشتر حصوں میں درجۂ حرارت میں معمولی کمی، آئندہ دو دنوں تک موسم خشک رہنے کی پیشن گوئی۔
***** ***** *****

No comments: