Tuesday, 25 March 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 25 مارچ 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 25 March-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲۵؍ مارچ ۲۰۲۵ء؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ مہاتما جیوتی با پھلے اور ساوتری بائی پھلے کو بھارت رتن سے نوازنے کی قرارداد اسمبلی میںاتفاقِ ر ائے سے منظور۔
٭ مزاحیہ اد اکار کنال کامرا کے خلاف ایف آئی آر درج؛ توڑ پھوڑکے معاملے میں 11 افراد گرفتار۔
٭ اسمبلی میں آخری ہفتے کی تجاویز پر بحث کا آغاز؛ کل ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب۔
٭ مؤرخ اِندرجیت ساونت کو دھمکی د ینے کےمعاملے میں پرشانت کورٹکر تلنگانہ سےگرفتار۔
٭ مختلف سرگرمیوں کے ساتھ عالمی یوم تپِ دق ہرطرف منایا گیا۔
اور۔۔۔٭ کھیلو انڈیا پیرا کھیل مقابلوں میں مہاراشٹر کی خواتین ٹیم کا بہترین مظاہرہ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
مہاتما جیوتی با پھلے اور ساوتری بائی پھلے کو بھارت رتن سے نوازنے کی قرارداد کل اسمبلی میں اتفاقِ ر ائے سے منظور کرلی گئی۔ ریاستی وزیر جئے کمار راول کی پیش کردہ اس قرارداد کی سبھی نے حمایت کی۔ سابق نائب وزیر اعلیٰ چھگن بھجبل نے امید ظاہر کی کہ بھارت رَتن اعزاز پیش کرتے ہوئے ان شخصیات کا ’’مہاتما‘‘ کا اعزاز کم نہیں ہونا چاہیے۔ اس بات کا جواب دیتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ پھڑنویس نے کہا کہ مہاتما ایک عوامی منظوری ہے جبکہ بھارت رتن ایک مملکتی پہچان و منظوری ہے، لہٰذا مہاتما کے طور پر ان کی عزت و مرتبے میں کہیں بھی کمی نہیں آئے گی۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کل اسمبلی کو یقین دلایا کہ مزاحیہ اد اکار کنال کامرا کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اگرچہ آئین ہر کسی کو اظہار رائے کی آزادی دیتا ہے لیکن اس آزادی کے ذریعےکسی کو بھی دوسروں کی توہین کرنے کا حق نہیں ہے، لہٰذا انھوں نے کامرا کو معافی مانگنے کی ترغیب بھی دی۔
اسی دوران امورِ داخلہ کے وزیرِ مملکت یوگیش کدم نے قانون ساز کونسل کو بتایا کہ کنال کامرا کے بینک لین دین کی جانچ کی جائے گی اور اس کے پیچھے کون ہے اس کا پتہ لگایا جائے گا۔
سابق وزیر اعلیٰ اُدھو ٹھاکرے نے اس معاملے پر اپنے تاثر کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں‘ نہیں لگتا کہ کنال کامرا نے کچھ غلط کیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ ناگپور فسادات کے معاوضے کی طرح کامرا کے اسٹوڈیو کی توڑ پھوڑ میں ملوث افراد سے بھی معاوضہ وصول کیا جانا چاہیے۔
دریں اثنا، کنال کامرا کے خلاف فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کی گئی ہے ‘ جبکہ کامرا کے اسٹوڈیو کی توڑ پھوڑ کرنے والے شیو سینا کے 40 کارکنان کے خلاف بھی پولس نےشکایت درج کرلی ہے اور اس معاملے میں شیوسینا کے کارکن راہل کنال سمیت 11 افراد کو گرفتار کیا ہے۔
***** ***** *****
اسمبلی میں گزشتہ روز آخری ہفتے کی تجویز پر بحث کی شروعات ہوئی۔ راشٹروادی کانگریس شرد چندر پوار پارٹی کے جتیندر اوہاڑ نے بحث کا آغاز کرتے ہوئے ذات پات اور مذہب کی بنیاد پر ریاست میں بدامنی پھیلانے کی کوششوں پر تنقید کی۔ جینت پاٹل اور نانا پٹولے نے بھی مختلف مسائل پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ جبکہ قانون ساز کونسل میں حزبِ اختلاف کے قائد امباداس دانوے نے ریاست میں امن و امان کی صورتحال پر نکتہ چینی کی۔
***** ***** *****
اسمبلی اسپیکر راہل نارویکر نے اعلان کیا ہےکہ اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کا انتخاب کل 26 مارچ کو ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ اس انتخاب کیلئے آج دوپہر 12 بجے تک اسمبلی سیکریٹری کے پاس درخواستیں جمع کرائی جا سکتی ہیں۔
دریں اثنا، سابق قائد ِ حزبِ اختلاف وجے وڑیٹیوار نے اسمبلی میں حزبِ اختلاف کے قائد کا جلد از جلد تقرر کرنے کا مطالبہ کیا۔جس پر اسپیکر نارویکر نے اس معاملے میں قواعد کے مطابق مناسب فیصلہ لینے کا یقین دلا یا۔
***** ***** *****
وزیرِ محصول چندر شیکھر باونکولے نے اسمبلی کو بتایا کہ سات بارہ پر موجود فوت شدہ شخص کا نام ہٹاکر اس کی جگہ متوفی کے ورثاء کے نام ڈالنے کی مہم یکم اپریل سے شروع ہوگی۔انھوں نے وضاحت کی کہ ورثاء کا اندراج کرتے وقت جانشینی کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ تجرباتی بنیادوں پر چکھلی، بلڈھانہ ضلع میں یہ مہم چلائی گئی ہے۔
***** ***** *****
اسکولی تعلیم کے وزیرِ مملکت پنکج بھوئیر نے کہا ہے کہ حکومت کے پاس صفر سے 20 گناحاضری والے اسکولوں کو بند کرنے کی کوئی پالیسی نہیں ہے۔
بھوئیر کل اسمبلی میں وقفۂ سوالات کے دوران ایوان سے مخاطب تھے۔ انھوں نے معیاری تعلیم کو یقینی بنانے کیلئے اسکول گود لینے کی اسکیم پر عمل درآمد کیے جانے کی اطلاع بھی دی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
سماجی انصاف کے وزیر سنجے شرساٹ نے کل قانون ساز کونسل میں بتایا کہ محکمہ سماجی انصاف کے تحت ہاسٹلس کیلئے 1500 کروڑ روپے کا فنڈ فراہم کیا گیا ہے۔ شرساٹ نے کہا کہ ہاسٹل میں داخلوں کا عمل سماجی بہبود کمشنر کے ذریعے عمل میں لایا جائے گا۔
***** ***** *****
وزیر اعلی دیویندر پھڑنویس نے ریاست میں غیر مسدو د بجلی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے 'مہاپاریشن کے مختلف منظور شدہ منصوبوں کے کام فوری طور پر مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ گزشتہ روز اس سلسلے میں ورچول اجلاس سے وزیرِ اعلیٰ خطاب کر رہے تھے۔
***** ***** *****
تاریخ دان اندرجیت ساونت کو فون پر دھمکی دینے اور شیواجی مہاراج کی توہین کرنے کے الزام میں کولہاپور پولس نے تلنگانہ سے پرشانت کورٹکر کو گرفتار کیا ہے۔ 11 مارچ کو عبوری ضمانت کی میعاد ختم ہونے کے بعد کولہاپور ضلع سیشن عد الت نے کورٹکر کی پیشگی ضمانت کی عرضی مسترد کر دی تھی۔ 24 فروری کی نصف شب اندرجیت ساونت کو فون پر دھمکی دینے کے بعد سے کورٹکر فرار تھا۔
***** ***** *****
نئی دہلی میں جاری کھیلو انڈیا پیرا کھیل مقابلوں میں کل مہاراشٹر کی خواتین کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ناگپور کی اکوتائی ال بھگت اور بھاگیہ شری جادھو نے ایتھلیٹکس میں طلائی تمغے اپنے نام کیے، جبکہ پرتیما بھونڈے نے پاور لفٹنگ میں طلائی تمغہ جیتا۔ وکرم ادھیکاری نے مردوں کے پیرا پاور لفٹنگ زمرے میں کانسے کا تمغہ جیتا۔ ان مقابلوں میں 14 طلائی تمغوں سمیت کل 36 تمغے جیت کر مہاراشٹر پانچویں نمبر پر موجودہے۔ ان میں 13 نقرئی اور 9 کانسے کےتمغے شامل ہیں۔
***** ***** *****
نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے رائے ظاہر کی ہے کہ اورنگ زیب کی قبر کا مسئلہ اٹھانے کی ضرورت نہیں ہے اور ہر کسی کو بولنے سے پہلے سوچ سمجھ کر بولنے کی ضرو رت ہے۔ وہ کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں ایک صحافتی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔
دریں اثنا، پوار نے کل‘ آنجہانی مصنف را رم بوراڑے اور مراٹھواڑہ شکشن پرسارک منڈل کے آنجہانی جنرل سکریٹری مدھوکر مڑے کے اہل خانہ سے ملاقات کرکے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔
***** ***** ****
تپِ دق کا عالمی دن گزشتہ روزمنایا گیا۔ ’ ہاں، ہم تپِ دق کو ختم کر سکتے ہیں ’پُرعزم رہیں، کوشش کریں اور نتائج حاصل کریں‘ اس سال تپِ دق کے عالمی دن کا مرکزی تصور رکھا گیا ہے۔
اس مناسبت سے چھترپتی سمبھاجی نگر میں کل تپ ِ دق سے پاک گرام پنچایت مہم کے تحت ضلع کلکٹر دفتر میں ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اس تقریب میں ضلع کی 304 گرام پنچایتوں کو کانسے کے تمغے جبکہ 24 گرام پنچایتوں کو لگاتار دو سال تک بہترین کارکردگی برقرار رکھنے پر ’’مہاتما گاندھی نقرئی تمغے‘‘ تفویض کیے گئے۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلع کی تپِ دق سے پاک 34 گرام پنچایتوں کا نقرئی تمغےد یکر اعزاز کیا گیا۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر نیہا بھوسلے نے سرپنچ، آشا کارکنان، طبی ملازمین، اور سماجی صحت افسران کو سپاسنامے دیکر ان کی خدمات کا اعتراف کیا۔
***** ***** *****
لاتور میں تپِ دق کے خاتمے کیلئے اسٹریٹ ڈرامے، بیداری ریلی وغیرہ کا انعقاد کیا گیا۔ ضلع پریشد کے سی ای او راہل کمار مینا نے زیادہ سے زیادہ گرام پنچایتوں کو تپِ دق سے پاک بنانے کیلئے مناسب اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلعے میں ٹی بی سے پاک 67 گرام پنچایتوں کا نقرئی تمغے دیکر اعزاز کیا گیا۔ ضلع پریشد کی سی ای او میگھنا کاولی کے ہاتھوںمہاتما گاندھی یادگاری اور توصیفی اسنادات تفویض کیے گئے ۔
ؕ***** ***** *****
ریاست میں کل سب سے زیادہ درجہ حرارت شولاپور میں 40 اعشاریہ پانچ ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ مراٹھواڑہ کے چھترپتی سمبھاجی نگر اور دھاراشیو میں 37 ڈگری سیلسیس، پربھنی میں 38 ڈگری سیلسیس اور بیڑ میں 39 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ اس دوران شولاپور میں کل تیز ہواؤں کے ساتھ غیر موسمی بارش ہوئی۔ تیزہوائوں کے باعث بعض مقامات پر درختوں کی ٹہنیاں ٹوٹ کر گرنے کی اطلاع ہمارے نمائندے نے دی ہے۔
ؕ***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ مہاتما جیوتی با پھلے اور ساوتری بائی پھلے کو بھارت رتن سے نوازنے کی قرارداد اسمبلی میںاتفاقِ ر ائے سے منظور۔
٭ مزاحیہ اد اکار کنال کامرا کے خلاف ایف آئی آر درج؛ توڑ پھوڑ کے معاملے میں 11 افراد گرفتار۔
٭ اسمبلی میں آخری ہفتے کی تجاویز پر بحث کا آغاز؛ کل ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب۔
٭ مؤرخ اِندرجیت ساونت کو دھمکی د ینے کےمعاملے میں پرشانت کورٹکر تلنگانہ سےگرفتار۔
٭ مختلف سرگرمیوں کے ساتھ عالمی یوم تپِ دق ہرطرف منایا گیا۔
اور۔۔۔٭ کھیلو انڈیا پیرا کھیل مقابلوں میں مہاراشٹر کی خواتین ٹیم کا بہترین مظاہرہ۔
***** ***** *****

No comments: