Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 28 March-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۸۲/ مارچ ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ مرکزی حکومت زرعی پیداوار کی صحیح قیمت دلانے کیلئے عہد بند؛ مرکزی وزیرِ زراعت کا دعویٰ۔
٭ مہاجر‘ غیر ملکی شہری بل لوک سبھا میں منظور؛ تعاون کی بنیاد پر ٹیکسی خدمات کا اعلان۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر اور ناندیڑ کے سرکاری اسپتالوں میں اموات کے معاملے میں ایک ماہر کمیٹی مقرر کرنے کا بامبے ہائی کورٹ کا حکم۔
٭ IPL کرکٹ میچ پر سٹہ لگانے کے الزام میں جالنہ پولس نے چار افراد کو کیا گرفتار۔
اور۔۔۔٭ کھیلو انڈیا پیرا اسپورٹس ٹورنامنٹ کا اختتام؛ مہاراشٹر 18 طلائی تمغوں سمیت 43 تمغوں کے ساتھ پانچویں مقام پر۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
مرکزی وزیرِ زراعت اور کسانوں کی بہبود کے وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت زرعی پیداوار کی صحیح قیمت دلانے کیلئے عہد بند ہے۔ وہ کل نئی دہلی کے کرشی بھون میں ایک صحافتی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے تور‘ مسور‘ اور اُڑد کی تمام پیداوار کو کم از کم ضمانت شدہ قیمت پر خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چوہان نے کہا کہ کسانوں کو نافیڑ اور نیشنل کوآپریٹیو کنزیومر فیڈریشن پورٹل پر رجسٹریشن کرنا ہوگا۔ انھوں نے ریاستی حکومتوں سے کہا کہ وہ ایک مؤثر خریداری کا نظام نافذ کریں تاکہ کسانوں کو تور‘ مسور اور اُڑد کی صحیح قیمت مل سکے۔ انھوں نے کہا:
BYTE: Shivraj singh chauhan
***** ***** *****
اِمیگریشن اینڈ فارین نیشنل بل کل لوک سبھا میں منظور کیا گیا۔ وزیرِ داخلہ امت شاہ نے یقین ظاہر کیا کہ یہ بل ملک کی سلامتی کو مضبوط کرے گا‘ معیشت اور کاروبار کو فروغ دے گا۔ اس کے علاوہ صحت اور تعلیم کے شعبوں کو بھی فروغ ملے گا۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ یہ بل بھارت آنے والے ہر غیر ملکی کی فوری معلومات فراہم کرے گا۔ دریں اثناء‘ شاہ نے کہا کہ مرکزی حکومت اوبر اور اولا ٹیکسی خدمات کی طرز پر کوآپریٹیو ٹیکسی خدمات شروع کرے گی۔ انھوں نے کہا:
BYTE: Amit Shah
شاہ نے کل ایوان میں یہ بھی کہا کہ حکومت جلد ہی ایک انشورنس کمپنی قائم کرے گی اور یہ کمپنی ملک کے کوآپریٹیو نظام میں انشورنس کے لین دین کو سنبھالے گی۔
***** ***** *****
شہری ہوابازی کے وزیر رام موہن نائیڈو نے ریاستوں کو ہدایات دی ہے کہ وہ ملک میں ہوائی جہاز کے ٹکٹ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے ایوی ایشن ٹربائن ایندھن پر VAT کو کم کریں۔ وہ کل لوک سبھا میں وقفہئ سوالات میں خطاب کررہے تھے۔ نائیڈو نے وضاحت کی کہ کچھ ریاستیں اس ایندھن پر 29 فیصد VAT لگارہی ہیں، جبکہ کچھ ریاستوں نے اس ٹیکس کو پانچ فیصد سے بھی کم کردیا ہے۔
***** ***** *****
مغربی مہاراشٹر اور مراٹھواڑہ کو جوڑنے والے پونے- چھترپتی سمبھاجی نگر ہائی وے کیلئے ایک نئی گرین الائنمنٹ تیار کی جارہی ہے۔ یہ اطلاع مرکزی وزیر نتن گڈکری نے کل لوک سبھا میں دی۔ انھوں نے کہا کہ اربوں روپئے کی خطیر سرمایہ کاری اس کیلئے کی جارہی ہے۔ اس کی وجہ سے پونے-چھترپتی سمبھاجی نگر کا فاصلہ صرف دو گھنٹوں میں طئے ہونے کا یقین انھوں نے ظاہر کیا۔
***** ***** *****
بامبے ہائیکورٹ نے چھترپتی سمبھاجی نگر اور ناندیڑ کے سرکاری اسپتالوں میں سال 2023 میں اموات کی تعداد میں اضافے کی تحقیقات کیلئے ایک ماہر کمیٹی کی تقرری کا حکم دیا ہے۔ چیف جسٹس آلوک آرادے اور جسٹس ایم ایس کارنک کی بینچ نے یہ مشاہدہ کرتے ہوئے کہ مریضوں کی اموات میں اضافہ سنگین ہے ایک انکوائری کمیٹی کی تقرری کا حکم دیا ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
جالنہ لوکل کرائم برانچ کی ایک ٹیم نے کل IPL کرکٹ میچوں پر سٹے بازی کے الزام میں چار مشتبہ افراد کو گرفتار کیا۔ یہ کارروائی اُس وقت کی گئی جب ملزمان کولکاتہ نائٹ رائیڈرز بمقابلہ راجستھان رائلز کے مابین جاری میچ پر سٹہ لگارہے تھے۔ ملزمین کے قبضے سے کل 40ہزار روپئے مالیت کا قیمتی سامان و موبائل ضبط کیے گئے۔
***** ***** *****
کھیلو انڈیا پیرا اسپورٹس ٹورنامنٹ کل نئی دہلی میں اختتام پذیر ہوا۔ کھیلوں کے آخری مقابلے میں ششی دھر کلکرنی‘ دتّ پرساد جیوتی رام چوگلے اور وشوجیت تامبے نے ٹیبل ٹینس کے فائنل میں مختلف زمروں میں سونے کے تمغے حاصل کیے۔ خواتین کے زمرے میں دیویانی والہے نے بھی سونے کا تمغہ حاصل کیا۔ اس ٹورنامنٹ میں مہاراشٹر 43 تمغوں کے ساتھ پوائنٹ ٹیبل میں پانچویں نمبر پر ہے۔ ان میں سونے کے 18‘ چاندی کے 13 اور کانسے کے 12 تمغے شامل ہیں۔ ہریانہ پہلے، تاملناڈو دوسرے‘ اُترپردیش تیسرے اور راجستھان چوتھے نمبر پر ہے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر میڈیکل کونسل کے کل 9 ارکان کے انتخابات کیلئے آئندہ جمعرات 3 اپریل کو انتخابات ہوں گے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر کے سرکاری میڈیکل کالج میں صبح آٹھ بجے تا شام پانچ بجے تک ووٹنگ ہوگی۔ کلکٹر و ضلع انتخابی افسر دلیپ سوامی نے یہ اطلاع دی۔ ضلع کے چار ہزار 352 ووٹر جنھوں نے 31 دسمبر 2024 تک مہاراشٹر میڈیکل کونسل میں اندراج کروایا ہے اور اپنے اندراج کی تجدید کی ہے‘ وہ اس الیکشن میں ووٹ دینے کے اہل ہیں۔ ہر رائے دہندہ نو ووٹ دینے کا حقدار ہے۔
***** ***** *****
***** ***** *****
گال سے پاک آبی ذخائر‘ گال سے لیس کھیت اسکیم کے تحت ناندیڑ ضلعے کے بھوکر میں سُودھا آبی منصوبے کی صفائی کاموں کا افتتاح کل ضلع کلکٹر راہل کرڈیلے نے کیا۔ ناروَٹ میں واقع محکمہ جنگلات کے تالاب سے گال نکاسی کا کام بھی شروع کیا گیا ہے اور اس مہم پر باہمی تعاون کے ذریعے عمل درآمد کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں معذوروں کیلئے مفت مصنوعی ہاتھ، پیر اور کیلیپر تقسیم کے کیمپ منعقد کیے جارہے ہیں۔ چھترپتی سمبھاج نگر، سلوڑ، پھلمبری، اور والوج میں 3 اپریل کو یہ کیمپ منعقد ہوں گے۔ ضرورت مندوں سے اس کیمپ سے فائدہ اٹھانے کی اپیل منتظمین نے کی ہے۔ یہ کیمپ مصنوعی اعضاء سازی ادارہ، خود مختار دیوگیری صوبہ، ضلع پریشد کے سماجی بہبود محکمے اور دیگر سماجی تنظیموں کے اشتراک سے منعقد کیے جا رہے ہیں۔
***** ***** *****
ناسک ضلع کے کڑوَن تعلقے میں بنگلہ دیشی کسان نے فصل بیمہ اسکیم کا فائدہ اٹھانے کا معاملہ منظر عام پر آنے کے بعد، تعلقہ زرعی افسر نے 181 بوگس کسانوں کے خلاف حکومت کو دو کروڑ 98 لاکھ روپے کا دھوکہ دینے کا مقدمہ درج کیا ہے۔
***** ***** *****
پربھنی کی ضلع کھیل آفیسر کویتا ناوندے اور کھیل افسر نانک سنگھ مہاسنگھ بسّی کو کل ڈیڑھ لاکھ روپے رشوت قبول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ 2024 میں پربھنی میں منعقدہ کھیل مقابلوں کے ساتھ ساتھ اسپورٹس اکیڈمی کی جگہ پر ایک سوئمنگ پول کی تعمیر کا بل منظور کرنے کیلئے ملزمان نے یہ رشوت طلب کی تھی۔
***** ***** *****
بیڑ ضلع کے پاٹودہ پنچایت سمیتی میں دفتری کاموں سے متعلق شکایات کے خلاف کل احتجاج کیا گیا۔ رشوت خوری کا الزام لگاتے ہوئے کسانوں نے 50 لاکھ روپے کے جعلی نوٹ پھینک کر احتجاج کیا۔
***** ***** *****
ریاست میں کل سب سے زیادہ درجہ حرارت اکولہ میں 42 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ مراٹھواڑہ کے دھاراشیو اور چھترپتی سمبھاجی نگر میں بالترتیب 38 اور 39 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا‘جبکہ پربھنی اور بیڑ میں 40 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت درج کیا گیا۔
***** ***** *****
شیوسینا اُدّھو باڑا صاحب ٹھاکرے گروپ کے سربراہ اُدّھو ٹھاکرے نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت نے 100 دنوں میں مختلف کام کرنے کا عزم کیا تھا لیکن اُن میں سے کوئی بھی کام پورا نہیں کیا گیا۔ وہ کل ممبئی میں ایک صحافتی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ ٹھاکرے نے تنقید کی کہ غیر مستحکم حکومت کا بجٹ سیشن بے معنی تھا۔ یہ بجٹ مایوس کُن تھا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ مرکزی حکومت زرعی پیداوار کی صحیح قیمت دلانے کیلئے عہد بند؛ مرکزی وزیرِ زراعت کا دعویٰ۔
٭ مہاجر‘ غیر ملکی شہری بل لوک سبھا میں منظور؛ تعاون کی بنیاد پر ٹیکسی خدمات کا اعلان۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر اور ناندیڑ کے سرکاری اسپتالوں میں اموات کے معاملے میں ایک ماہر کمیٹی مقرر کرنے کا بامبے ہائی کورٹ کا حکم۔
٭ IPL کرکٹ میچ پر سٹہ لگانے کے الزام میں جالنہ پولس نے چار افراد کو کیا گرفتار۔
اور۔۔۔٭ کھیلو انڈیا پیرا اسپورٹس ٹورنامنٹ کا اختتام؛ مہاراشٹر 18 طلائی تمغوں سمیت 43 تمغوں کے ساتھ پانچویں مقام پر۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment