Wednesday, 26 March 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 26 مارچ 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 26 March-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲۶؍ مارچ ۲۰۲۵ء؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ آئین کےقیام سے پارلیمانی جمہوریت مزید مضبوط ہوئی ہے - قانون ساز کونسل میں خصوصی بحث کے دوران اسپیکر کا بیان۔
٭ سومناتھ سوریہ ونشی کی موت کے معاملے میں مقررہ کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق کارروائی کی جائے گی: اسمبلی میں آخری ہفتے کی تجویز پر بحث کے جواب میں وزیرِ اعلیٰ کی یقین دہانی۔
٭ ریاست میں امن و قانون کی صورتحال تشو یشناک ہونے کا قائد ِ حزبِ اختلاف امباداس دانوے کا الزام ۔
٭ اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر عہدے کیلئے راشٹروادی کانگریس پارٹی کے انا بنسوڑے کی جانب سے واحد درخواست داخل۔
٭ ' نام دیو ڈھساڑ ایوارڈ کیلئےڈاکٹر راجندر گونارکر کے شعری مجموعے ' ’’نوی لیپی‘‘ کا انتخاب۔
اور۔۔۔٭ دھاراشیو ضلعے میں راشن کی دکانوں پر بچت گروپس کی مصنوعات فروخت کرنے کا فیصلہ ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
قانون ساز کونسل کے چیئرمین پروفیسر رام شندے نے زور دے کر کہا ہے کہ آئین کے قیام کے سبب پارلیمانی جمہوریت مضبوط ہوئی ہے۔ وہ کل قانون ساز کونسل میں بھارتی آئین کی صد سالہ تقریب کے شاندار سفر پر بحث کا آغاز کرتے ہوئے مخاطب تھے۔ انھوںنے اعتماد ظاہرکیا کہ ہمارا آئین آنے والی نسلوں کیلئےمشعلِ راہ ثابت ہوگا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کل اسمبلی میں آخری ہفتہ کی تجویز پر بحث کا جواب دیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پربھنی کے سومناتھ سوریہ ونشی کی موت کے بعد کی گئی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں تضادات ہیں، وِہیسیرا اور بیرونی رپورٹیں مختلف ہیں، لہٰذا اس معاملے کی تفتیش کیلئے مقرر ہ کمیٹی کی رپورٹ آنے کے بعد اس کے مطابق کارروائی کی جائے گی، ساتھ ہی سنتوش دیشمکھ کے قاتلوں کو بھی بخشا نہیں جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ بدعنوانی کی روک تھام کیلئے امدادِ باہمی سب رجسٹرار دفاتر کے تمام کاموں کو ڈیجیٹل کیا جائے گا، اور اس سلسلے میں پہلے مرحلے کی کارروائی تین مہینے اور دوسرے مرحلے کی کارروائی چھ ماہ میں مکمل کی جائے گی۔
***** ***** *****
قانون ساز کونسل میں قائدِ حزبِ اختلاف امباداس دانوے نے ریاست میں امن و قانون کی صورتحال سنگین او ر تشویشناک ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔ وہ قانون ساز کونسل میں آخری ہفتے کی تجویز پر بحث کے دوران بول رہے تھے۔ دانوے نے الزام لگایا کہ ممبئی پولس محکمے کے سینئر افسران کی مدد سے کرکٹ پر سٹے بازی بڑے پیمانے پر چل رہی ہے، انہوں نے اس سلسلے میں ایک پین ڈرائیو میں اسپیکر کو ثبوت بھی پیش کیے۔
***** ***** *****
وزیر بر ائے تعمیراتِ عامہ شیویندر راجے بھوسلے نے بتایا ہےکہ جاریہ اجلاس کے اختتام کے بعد ایک اجلاس لیکر چھترپتی سمبھاجی نگر شہر کے نگرناکے سے کیمبرج چوک تک راستےکے مجوزہ کام کے بارے میں ایک تجویز پیش کی جائے گی۔ وہ امباداس دانوے کے سوال کا جواب دے رہے تھے۔
***** ***** *****
اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر عہدے کیلئے راشٹروادی کانگریس پارٹی کے پمپری کے رکنِ اسمبلی انا بنسوڑے نے کل اپنا عریضہ داخل کیا۔ اس عہدے کیلئے بنسوڑے واحد امیدوار ہونے کی وجہ سے یہ انتخاب بلا مقابلہ ہوگا۔ اسمبلی اسپیکر راہل نارویکر کی جانب سے آج نائب اسپیکر کے طور پر انا بنسوڑے کے نام کا اعلان کرنے کا امکان متعلقہ خبرو ں میں ظاہر کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
لوک سبھا نے کل 2025 کا مالیاتی بل منظور کر لیا۔ مرکزی وزیرِ مالیات نرملا سیتا رمن نے بل پر بحث کا جواب دیتے ہوئے وضاحت کی کہ ٹیکس میں چھوٹ‘ ٹیکس دہندگان کے فائدے اور کاروبار کرنے میں آسانی کیلئے دی گئی ہے۔ وزیر خزانہ نے نئے آمدن ٹیکس بل پر پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس میں بحث کرنے کا عندیہ بھی دیا۔
***** ***** *****
ناندیڑ کی سوامی رامانند تیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے شعبۂ صحافت کے ڈائریکٹر اور مصنف وشاعر ڈاکٹر راجندر گونارکر کے شعری مجموعے’’ 'نوی لیپی‘‘ کو اس سال کے عالمی امبیڈکری ساہتیہ مہامنڈل کے نامدیو ڈھساڑ ریاستی سطح کے شاعری اعزاز کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر راجندر گونارکر کی 13 مختلف کتابیں شائع ہوچکی ہیں۔ 30 مارچ کو ناگپور میں ایک خصوصی تقریب میں انہیں یہ ایوارڈپیش کیا جائے گا۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلعے کے بچت گروپوں کے ذریعے تیار کردہ مصنوعات کو ضلعے میں ہی بازار فراہم کرنے کی پہل ضلع کلکٹر کیرتی کرن پجار نے کی ہے۔ جلد ہی، خواتین بچت گروپس کے ذریعے تیار کردہ مصنوعات ضلعے کی تمام راشن کی دکانوں پر فروخت کیلئے رکھی جائیں گی۔ ضلع کلکٹر پجار نے اس فیصلے سے خود مدد گروپس کی حوصلہ افزائی ہونے کا بھی یقین ظاہر کیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے سلوڑ تعلقہ میں بھورک واڑی کے قریب ایک تیز رفتار دو پہیہ گاڑی درخت سے ٹکرا جانے کے سبب ہوئے حادثے میں تین نوجوانوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ یہ حادثہ کل دوپہر کے قریب پیش آیا۔ مہلوکین میں سے دو نوجوان پمپری کے اور ایک ناسک کا رہائشی ہونے کی وضاحت متعلقہ خبر میں کی گئی ہے۔
***** ***** *****
بیڑ ضلع جیل میں محروس ملزم ستیش بھوسلے عرف کھوکیا کو جیل میں آسائشیں فراہم کرنے کے الزام میں دو پولس اہلکاروں کو معطل اور تھانے دار کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ ایڈیشنل پولس سپرنٹنڈنٹ سچن پانڈکر نے بتایا کہ اگر ان ملازمین سمیت دیگر افسران قصوروار پائے جاتے ہیں تو ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
***** ***** *****
ریزرو بینک آف انڈیا کے افسر آکاش کابرا نے صارفین سے آن لائن بینکنگ اور اے ٹی ایم کا استعمال کرتے وقت محتاط رہنے کی اپیل کی ہے۔ وہ کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں مالی بیداری اور خواندگی پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ اس سلسلے میں، معلومات حاصل کرنے کیلئے انھوں نے ریزرو بینک کی ویب سائٹ پر دستیاب ویڈیوزد یکھنے کی اپیل بھی عوام سے کی ہے۔
***** ***** ****
جالنہ ضلعے کے جزوی غیر امدادی اسکولوں میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ نے کل احتجاجی مظاہرہ کیا۔اس دوران ایک خاتون معلمہ سمیت چار اساتذہ نے جسم پر آتش گیر مادہ ڈال کر خود سوزی کی کوشش کی۔ تاہم‘ پولس نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے انھیں تحویل میں لے لیا۔
***** ***** *****
بیڑ ضلعے کے آشرم اسکولوں کے اساتذہ نے کل ضلع کلکٹر دفتر کے سامنے غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال شروع کی ہے۔ اس حوالے سے ضلع انتظامیہ کو ایک مطالباتی محضر بھی پیش کیا گیا۔
***** ***** *****
میونسپل کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر جی شری کانت نے خبردار کیا ہے کہ چھترپتی سمبھاجی نگر میں پردھان منتری آواس اسکیم کی شہری اکائی کے تحت پروجیکٹ رپورٹ کی فہرست میں شامل شہریان یکم اپریل 2025 تک تعمیراتی کام شروع کر دیں، بصورت دیگر ان کے نام پروجیکٹ رپورٹ کی فہرست سے ہٹا دیے جائیں گے اور سرکاری گرانٹ کی رقم حکومت کو واپس کر دی جائے گی۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے روٹے گاؤں کے قریب ریلوے ٹریک کے کاموں کیلئے آج ایک لائن بلاک کیا گیا ہے۔ جس کے باعث اس روٹ پر چلنے والی ریلوے گاڑیوں کو جزوی طور پر منسوخ کر دیا گیا ہے جبکہ کچھ گاڑیاں تاخیر سے چلیں گی۔ جنوب وسطی ریلوے نے مسافروں سے اس تبدیلی کو نوٹ کرنے کی اپیل کی ہے۔
ؕ***** ***** *****
ریاست میں کل سب سے زیادہ درجہ حرارت آکولہ میں 40 اعشاریہ دو ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ مراٹھواڑہ کے دھاراشیو میں 37 ڈگری سیلسیس، چھترپتی سمبھاجی نگر میں38 اعشاریہ پانچ، پربھنی میں 38 اعشاریہ آٹھ اور بیڑ میں 39 اعشاریہ چار ڈگری سیلسیس درجۂ حرارت درج کیا گیاہے۔
ؕ***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ آئین کےسہارے سے پارلیمانی جمہوریت مزید مضبوط ہوئی ہے - قانون ساز کونسل میں خصوصی بحث کے دو ران اسپیکر کا بیان۔
٭ سومناتھ سوریہ ونشی کی موت کے معاملے میں مقررہ کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق کارروائی کی جائے گی: اسمبلی میں آخری ہفتے کی تجویز پر بحث کے جواب میں وزیرِ اعلیٰ کی یقین دہانی۔
٭ ریاست میں امن و قانون کی صورتحال تشو یشناک ہونے کا قائد ِ حزبِ اختلاف امباداس دانوے کا الزام ۔
٭ اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر عہدے کیلئے راشٹروادی کانگریس پارٹی کے انا بنسوڑے کی جانب سے واحد درخواست داخل۔
٭ ' نام دیو ڈھساڑ ایوارڈ کیلئےڈاکٹر راجندر گونارکر کے شعری مجموعے ' ’’نوی لیپی‘‘ کا انتخاب۔
اور۔۔۔٭ دھاراشیو ضلعے میں راشن کی دکانوں پر بچت گروپس کی مصنوعات فروخت کرنے کا فیصلہ ۔
***** ***** *****

No comments: