Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 22 March-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲۲/مارچ ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ Union Appropriation Bill لوک سبھا میں منظور۔ ریاستی بجٹ کو بھی اسمبلی کے دونوں ایوانوں کی منظوری۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر کے سرکاری میڈیکل کالج اور اسپتال کی سرجری عمارت کیلئے 710 کروڑ روپؤں کا فنڈ منظور؛ اندرونِ ہفتہ انتظامی منظوری کی بھی یقین دہانی۔
٭ سومناتھ سوریہ ونشی کی موت کیلئے پولس ذمہ دار؛ مجسٹریٹ انکوائری میں وضاحت۔
٭ اس برس کا بھانوداس ایکناتھ ایوارڈ سنت ادب کے اسکالر ڈاکٹر سدانند مورے کے نام۔
اور۔۔۔٭ انڈین پریمیر لیگ (IPL) کے 18 ویں سیزن کا آج سے آغاز۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
Union Appropriation Billکل لوک سبھا میں منظور کیا گیا۔ مختلف وزارتوں کے گرانٹس کے مطالبات کو بغیر کسی بحث کے منظوری دی گئی۔چند اراکین کی جانب سے بعض وزارتوں کے گرانٹ کے مطالبات میں کمی کی تجاویز کو ایوان نے مسترد کردیا۔ اس کے بعد مرکزی وزیرِ خزانہ نرملا سیتا رمن کی جانب سے ایوان میں پیش کیے گئے تخصیصی بل کو صوتی ووٹ سے منظور کرلیا گیا۔
وہیں ریاست میں بھی آئندہ مالی سال کے بجٹ کو منظوری دی گئی۔ بجٹ گرانٹس کے محکمہ وار مطالبات پر اسمبلی میں بحث کی گئی اور منظوری دی گئی۔ اس کے بعد وزیرِ خزانہ اجیت پوار نے اسمبلی میں Maharashtra Appropriation Bill پیش کیا، جیسے اتفاقِ رائے سے منظور کرلیا گیا۔ قانون ساز کونسل میں بھی آئندہ مالی سال کے بجٹ کو منظوری دی گئی۔
***** ***** *****
داؤس میں اس بار ہوئے معاہدوں کے سبب ریاست میں 16 لاکھ روزگار پیدا ہوں گے اور ان معاہدوں پر ریاستی حکومت مکمل طور پر عمل درآمد کرے گی۔ ریاست کے وزیرِ صنعت اُدئے سامنے نے کل قانون ساز کاؤنسل میں یہ تیقن دیا۔ برسرِ اقتدار جماعت اور حزب ِ اختلاف کے اراکین کے ذریعے دفعہ 260 کے تحت پیش کی گئی دو تجاویز پر بحث کے دوران وزیرِ موصوف نے یہ اطلاع دی۔ انھوں نے داؤس معاہدوں سے متعلق مخالف جماعتوں کے الزامات کو مسترد کردیا اور کہا کہ آئندہ اجلاس میں مہایوتی حکومت کی جانب سے گذشتہ تین برسوں کے دوران داؤس میں کیے گئے معاہدوں پر عمل درآمد کی رپورٹ پیش کی جائے گی۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے سرکاری میڈیکل کالج اور اسپتال میں سرجری کی نئی عمارت کی تعمیر کیلئے 710 کروڑ روپؤں کا فنڈ منظور کیا گیا۔ طبّی تعلیم کے ریاستی وزیر حسن مشرف نے کل قانون ساز کونسل کو بتایا کہ اسے آئندہ 8 دنوں میں انتظامی منظوری بھی دی جائیگی۔ وزیرِ موصوف‘ رکنِ کاؤنسل ستیش چوہان کے ذریعے پوچھے گئے سوال کا جواب دے رہے تھے۔ مشرف نے بتایا کہ اندرونِ دو ماہ عمارت کی تعمیر کرنے کی کوشش کی جائیگی۔ اس بحث میں حزبِ اختلاف کے رہنماء امباداس دانوے‘ وکرم کالے‘ سنجے کینیکر اور دیگر اراکین نے حصہ لیا۔
***** ***** *****
قانون ساز کاؤنسل کی پانچ نشستوں پر بلامقابلہ منتخب ہونے والے اراکین کے نام کل گیزیٹ میں شائع کیے گئے۔ اس کے بعد کاؤنسل کے چیئرمین رام شندے نے چھترپتی سمبھاجی نگر سے بی جے پی لیڈر سنجے کینیکر سمیت پانچ اراکین کو رُکنیت کا حلف دلایا۔ اس کے بعد وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے نئے اراکین کا ایوان سے تعارف کرایا۔
***** ***** *****
آبی آلودگی ایکٹ میں ترمیم کا بل کل قانون ساز کاؤنسل میں منظور کرلیا گیا۔ وزیرِ ماحولیات پنکجا منڈے نے یہ بل ایوان میں پیش کیا۔ وہیں مہاراشٹر موٹر وہیکل ٹیکس ترمیمی بل پر کل قانون ساز کاؤنسل میں بحث ہوئی۔ سرنائیک نے کہا کہ اس بل کے ذریعے موٹر وہیکل ایکٹ میں یکسانیت لانے‘ گاڑیوں کی قیمت کی بنیاد پر ٹیکس لگانے اور موٹر وہیکل ٹیکس کی شرحوں کو موجودہ مارکیٹ ویلیو کے مطابق رکھنے کیلئے ٹیکس کی زیادہ سے زیادہ حد میں اضافہ کرنا ہے۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلع میں ہر گھر نل اسکیم دسمبر 2025 تک مکمل ہوجائے گی اور ناندورا میں ہر گھر نل اسکیم کو وقت پر مکمل نہ کرنے والے ٹھیکیدار پر ایک لاکھ روپئے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ ریاستی وزیرِ مملکت میگھنا بورڈیکر ساکورے نے قانون ساز کاؤنسل میں یہ اطلاع دی۔ اراکینِ اسمبلی پرگیا ساتو‘ ہیمنت پاٹل اور سدابھاؤ کھوت نے اس بارے میں سوالات پوچھے تھے۔ وزیرِ موصوفہ نے بتایا کہ ضلع میں 180 اسکیمات مکمل ہوچکی ہیں، جبکہ بقیہ 190اسکیمات میں سے 75 فیصد سے زیادہ اور 131 اسکیموں میں سے 50 فیصد سے زائد کام مکمل ہوچکا ہے۔ وزیرِ مملکت نے بتایا کام میں تاخیر کرنے والے 337ٹھیکیداروں کو نوٹسیں جاری کی گئی ہیں اور ساتھ ہی ان پر 91لاکھ روپئے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ وزیرِ موصوفہ نے کام میں لاپرواہی کرنے والے سرکاری افسران پر کارروائی کا انتباہ بھی دیا۔
***** ***** *****
قانون ساز کاؤنسل کی ڈپٹی چیئرپرسن ڈاکٹر نیلم گورہے نے لاتور شہر میں آبرسانی کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس منصوبہ بندی کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ موصوفہ کل ودھان بھون میں ایک جائزاتی اجلاس سے خطاب کررہی تھیں۔ لاتور میونسپل کارپوریشن کے کمشنر بابا صاحب منوہرے‘ ضلع کلکٹر‘ پولس سپرنٹنڈنٹ اور دیگر افسران ویڈیوکانفرنسنگ کے ذریعے اس میٹنگ میں شریک ہوئے۔
***** ***** *****
محصول کے ریاستی وزیر چندرشیکھر باون کُرے نے کہا ہے کہ اگر وقف بورڈ نے خانگی اور مذہبی مقامات کی زمینوں پر قبضہ کیا ہے تو وہ اس سے واپس لی جائیگی۔ وزیرِ موصوف نے بتایا کہ ریاست کے کئی مقامات پر وقف بورڈ کی جانب سے زمینوں پر قبضہ کرنے کی شکایات موصول ہورہی ہیں اور اس سلسلے میں مرکزی سطح پر قانون سازی کیلئے کام جاری ہے۔
***** ***** *****
ریاست کے محکمہ سیاحت کو آگرہ میں چھترپتی شیواجی مہاراج کی عظیم الشان یادگار کی تعمیر اور فنڈز فراہم کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ اس حوالے سے کل سرکلر جاری کیا گیا۔ اس فیصلے سے یادگار کی تعمیر میں تیزی آئیگی۔
***** ***** *****
دیہی ترقی کے ریاستی وزیر جئے کمار گور پر جنسی زیادتی کا الزام عائد کرنے والی خاتون کو کل ستارا پولس کی کرائم برانچ ٹیم نے ہفتہ وصولی کے معاملے میں گرفتار کرلیا۔ مذکورہ خاتون نے دیہی ترقی کے وزیر گور ے خلاف تشدد کا مقدمہ درج کرنے کی دھمکی دی تھی اور تین کروڑ روپؤں کا مطالبہ کیا تھا۔ ہمارے نمائندے نے بتایاکہ مذکورہ خاتون اپنے وکیل کے دفتر میں ایک کروڑ روپئے وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑی گئی۔
***** ***** *****
مجسٹریٹ انکوائری سے پتہ چلا ہے کہ پربھنی میں سومناتھ سوریہ ونشی کی حراست میں موت کیلئے پولس ذمہ دار ہے۔ ریاستی انسانی حقوق کمیشن نے یہ اطلاع دی۔ کمیشن نے اس معامکلے میں متعلقہ سرکاری مشنری کو نوٹس جاری کرتے ہوئے رپورٹ طلب کی ہے۔ ساتھ ہی کمیشن نے مجسٹریٹس کا مؤقف جاننے کیلئے انھیں بھی بلایا ہے۔ پربھنی میں تشدد کے بعد 15 دسمبر کو سوریہ ونشی کی ایک سرکاری اسپتا میں موت ہوگئی تھی۔
***** ***** *****
سنت ایکناتھ مہاراج مشن کی جانب سے کل پیٹھن میں چھ اویوارڈس تقسیم کیے گئے۔ اس برس کے اعلیٰ ترنین سنت بھانوداس ایکناتھ ایوارڈ سے ڈاکٹر سدانند مورے کو نوازا گیا، جو سنت ادب کے ماہر اور سنت تکارام مہاراج کی نسل سے ہیں۔ اس موقع پر ناتھ نسل کے یوگی راج مہاراج گوساوی سمیت دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔
***** ***** *****
انڈین پریمیر لیگ (IP) کے تحت کرکٹ مقابلوں کا 18 واں سیزن آج سے شروع ہورہے۔ اس ٹورنامنٹ کا پہلا میچ آج کولکتہ میں کھیلا جائے گا۔ کولکتہ نائٹ رائیڈرس اور رائل چیلنجرس بنگلورو کے درمیان یہ میچ شام ساڑھے سات بجے شروع ہوگا۔ ان مقابلوں میں کُل 10 ٹیمیں 74میچز کھیلیں گی۔ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ 25مئی کو کھیلا جائے گا۔
***** ***** *****
پانی کا عالمی دِن آج منایا جارہا ہے۔ مختلف ماہرین آج دھارا شیو میں گال یعنی کیچڑ سے پاک ڈیم اور گالی ملی ہوئی جنگلی زمین کے موضوع پر رہنمائی کریں گے۔ یہ پروگرام آج صبح گیارہ بجے دھاراشیو کلکٹر آفس میں منعقد کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
سندھودُرگ ضلع کے دیوگڑھ تعلقے کی آم پیدا کرنے والی کوآپریٹیو سوسائٹی نے رواں برس سے دیوگڑھ کے ہاپوس آموں پر Tamper Proof UID مہریں لگانا لازمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہمارے نمائندے نے بتایا کہ گاہکوں کو دھوکہ دہی سے اور اصل پروڈیوسرس کو نقصان سے بچانے کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلع میں ریت سے بھرے ٹرک نے دوپہیہ گاڑی کوٹکر ماردی، جس سے ایک شخص کی موقعے پر ہی موت ہوگئی۔ یہ حادثہ سین گاؤں تعلقے کے قصبے آجے گاؤں میں پیش آیا۔ ہلاک ہونے والے نوجوان کانام گنیش اُتم تنپورے تھا۔ آئندہ 24 مارچ کو اس کی شادی ہونے والی تھی۔
***** ***** *****
ممبئی یونیورسٹی میں روبوٹیک اور مصنوعی ذہانت AI کا مرکز قائم کیا جائے گا۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر رویندر کلکرنی نے کل یہ اعلان کیا۔ اس سلسلے میں ممبئی یونیورسٹی اور Gontek Industry کے درمیان ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں۔ اس کے تحت طلباء اور ریسرچ اسکالر کو روبوٹک آٹومیشن AI پر مبنی Appriationکے منصوبوں پر کام کرنے کیلئے تربیت اور مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ Union Appropriation Bill لوک سبھا میں منظور۔ ریاستی بجٹ کو بھی اسمبلی کے دونوں ایوانوں کی منظوری۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر کے سرکاری میڈیکل کالج اور اسپتال کی سرجری عمارت کیلئے 710 کروڑ روپؤں کا فنڈ منظور؛ اندرونِ ہفتہ انتظامی منظوری کی بھی یقین دہانی۔
٭ سومناتھ سوریہ ونشی کی موت کیلئے پولس ذمہ دار؛ مجسٹریٹ انکوائری میں وضاحت۔
٭ اس برس کا بھانوداس ایکناتھ ایوارڈ سنت ادب کے اسکالر ڈاکٹر سدانند مورے کے نام۔
اور۔۔۔٭ انڈین پریمیر لیگ (IPL) کے 18 ویں سیزن کا آج سے آغاز۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment