Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 01 March-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: یکم مارچ ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ریاستی حکومت کی 500 خدمات واٹس ایپ پر فراہم کی جائیں گی: وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کا اعلان۔
٭ لاڑکی بہن یوجنا بند نہیں ہونے دیں گے: نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کی یقین دہانی۔
٭ ڈویژنل کمشنر دفترکی ”ایک دِن گاؤں کریوں کے ساتھ“ مہم کا آغاز۔
اور۔۔۔٭ بچوں کی صحت کے قومی پروگرام کے تحت آج سے بچوں کی مکمل طبّی جانچ کا آغاز۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اعلان کیا ہے کہ ریاستی حکومت کی 500 مختلف خدمات واٹس ایپ کے ذریعے عوام کو فراہم کی جائیگی۔ وہ کل ممبئی میں منعقدہ ”ممبئی ٹیک وِیک 2025“ میں ”گورننگ دی فیوچر AI- اینڈ پبلک پالیسی“ کے عنوان سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ دیہی علاقوں کے ساکنان بھی بڑے پیمانے پر واٹس ایپ کا استعمال کرتے ہیں۔ اس لیے واٹس ایپ کے ذریعے خدمات کی فراہمی کا مقصد انھیں زیادہ سے زیادہ قابلِ رسائی بنانا اور جمہوری شکل دینا ہے۔ پھڑنویس نے بتایا کہ جب ماضی میں ممبئی میٹرو کا ٹکٹ واٹس ایپ پر لایا گیا تو اس بات کا اِدراک ہوا کہ 50 فیصد سے زائد لوگ واٹس ایپ پر ٹکٹ خرید رہے ہیں اور یہ ہی محرک بنا کہ واٹس ایپ گورننس لائی جائے۔ اب مستقبل میں 500 سے زائد خدمات واٹس ایپ پر موجود ہوں گی۔ دنیا کی سب سے بڑی یوپی آئی گیٹ وے کمپنی ”این پی سی آئی“ کا عالمی صدر دفتر ممبئی میں شروع کرنے کیلئے ضروری خطہئ اراضی کمپنی کو دی جائیگی۔ اس سلسلے میں زمین کی حوالگی سے متعلق دستاویزات کل کمپنی کے حوالے کیے جانے کی اطلاع بھی وزیرِ اعلیٰ نے دی۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے تیقن دیا ہے کہ غریب اور محنت کش طبقے کیلئے شروع کی گئی لاڑکی بہن یوجنا‘ بند نہیں ہونے دی جائیگی۔ پربھنی میں کل راشٹروادی کانگریس پارٹی کے شمولیت اور عام اجتماع سے وہ خطاب کررہے تھے۔ آئندہ 10 تاریخ کو پیش ہونے والے ریاستی بجٹ میں پربھنی کی ترقی کیلئے سوال اٹھانے کا بھی اجیت پوار نے وعدہ کیا۔ اس جلسے میں کئی افراد نے راشٹروادی کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ اسی دوران ناندیڑ ضلع کے قندھار کے اُمرج میں واقع سنت نامدیو مندر کا بھی نائب وزیرِ اعلیٰ نے دورہ کیا اور نیک خواہش ظاہر کی کہ سنتوں کی تعلیم سے قومی ہم آہنگی کو یقینی بنایا جاسکے گا۔
***** ***** *****
ریاست میں ایک ہزار 660 پیٹرول پمپ شروع کرنے کیلئے کافی عرصے سے زیرِالتواء اجازت نامے جاری کرنے کیلئے ہر ضلع کلکٹر دفتر میں ”ایک کھڑکی“ خدمات شروع کرنے کا فیصلہ محصول کے وزیر چندر شیکھر باون کُڑے نے کیا ہے۔ وزیرِ موصوف نے اعتماد ظاہر کیا کہ یہ پیٹرول پمپ شروع ہوجانے سے ریاست کے تقریباً 30 ہزار سے زائد نوجوانوں کو روزگار ملے گا اور ریاست میں ساڑھے تین تا چار ہزار کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری بھی ممکن ہوسکے گی۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں ڈویژنل کمشنریٹ کے تحت ”ایک دِن دیہاتیوں کے ساتھ“ مہم کا کل پھلمبری تعلقے کے کِن گاؤں سے آغاز ہوا۔ راجستھان کے گورنر ہری بھاؤ باگڑے کے علاوہ ڈویژنل کمشنر دلیپ گاؤڑے اور ضلع پریشد کے چیف ایکزیکٹیو افسر وکاس مینا بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ریاستی حکومت کے مختلف منصوبوں اور خدمات کو دیہی علاقوں کے ساکنان تک پہنچانے اور سرکاری اسکیموں سے متعلق معلومات فراہم کرنے کیلئے یہ مہم شروع کی گئی ہے۔ مراٹھواڑہ کے 76 دیہاتوں میں یہ مہم چلائی جائے گی۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں مختلف آبپاشی منصوبوں کے ذریعے گرمیوں کے موسم میں پانی فراہم کرنے کے حوالے سے آبپاشی مشاورتی کمیٹی کا اجلاس وزیرِ آبپاشی رادھا کرشن وِکھے پاٹل کی زیرِ صدارت کل منعقد ہوا۔ اس موقع پر وزیرِ موصوف نے ہدایت کی کہ اس بات کا خیال رکھا جائے کہ پانی چھوڑتے وقت کسانوں کو کوئی دشواری نہ ہو۔
***** ***** *****
نائب صدرِ جمہوریہ جگدیپ دھنکڑ ایک روزہ دورے پر آج ممبئی پہنچ رہے ہیں۔ اس دورے کے دوران وہ KPB ہندوجا کالج کی سالانہ تقاریب میں بحیثیت ِ مہمانِ خصوصی شرکت کریں گے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
بچو ں کی صحت سے متعلق قومی پروگرام کا آج سے آغاز ہورہا ہے۔ اس سلسلے میں صفر تا 18 برس کی عمر کے بچوں کی مکمل جسمانی طبّی جانچ اور ضرورت پڑنے پر مفت سرجری یعنی عملِ جراحی کی جائیگی۔ چھترپتی سمبھاجی نگر کے ضلع طبّی افسر ڈاکٹر ابھئے دھانورکر نے بتایا کہ یکم مارچ سے تمام اسکولوں اور آنگن واڑیوں میں زیرِ تعلیم طلبہ کی مکمل مفت طبّی جانچ کی جائیگی۔ اس میں بچوں کی نشو ونماء‘ انھیں ہونے والی عام بیماریوں یا تشویشناک بیماریوں کی بھی تشخیص کی جائے گی اور انھیں ضروری علاج فی الفور فراہم کیاجائے گا۔
***** ***** *****
جین اقلیتی اقتصادی ترقیاتی کارپوریشن کے چیئرمن للت گاندھی نے کہا ہے کہ اقلیتی برادری کے تمام مستحق افراد کو فلاحی اسکیموں کا مکمل فائدہ پہنچایا جائے۔ انھوں نے یہ بیان پربھنی میں منعقدہ ایک جائزہ اجلاس میں دیا۔ اس موقع پر اقتصادی ترقیاتی کارپوریشن کے ضلع دفتر کا افتتاح بھی گاندھی کے ہاتھوں عمل میں آیا۔
***** ***** *****
پردھان منتری دیہی آواس یوجناکے دوسرے مرحلے میں ناندیڑ ضلع میں کل ایک ہی دِن میں 80 ہزار گھروں کا سنگ ِ بنیاد رکھا گیا۔ ضلع پریشد کے چیف ایکزیکٹیو افسر مینل کرنوال کے تخیل سے ممکن ہوئے اس پروگرام سے ناندیڑ ضلع نے ایک منفرد ریکارڈ قائم کیا ہے۔
***** ***** *****
دھاراشیو شہر سے ملحق ہات لائی مندر‘ احاطے‘ تالاب اور دھاراشیو غار کی ہمہ جہت ترقی کا منصوبہ تیار کرنے کے سلسلے میں کل تلجاپور کے رکنِ اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل کی زیرِ صدارت کل ایک اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں سیاحت کے شعبے سے وابستہ افراد اور تنظیموں نے شرکت کی۔
***** ***** *****
تعمیراتِ عامہ کے وزیر اور لاتور ضلع کے رابطہ وزیر شیویندر سنگھ راجے بھوسلے نے کہا ہے کہ عظیم شخصیات اور رہنماؤں کے خلاف توہین آمیز بیانات دینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کیلئے ریاستی حکومت جلدہی ایک قانون وضع کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ کچھ لوگ محض سستی شہرت کے حصول کیلئے عظیم شخصیات پر قابلِ اعتراض تبصرے کرتے ہیں اور اس رجحان کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
تلجاپور کے سینئر کانگریس رہنماء اشوک راؤ رنگناتھ راؤ مگر کل طویل علالت کے بعد چل بسے۔ وہ 80 برس کے تھے۔ وہ کئی آئینی عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔ ان کی آخری رسومات کل تلجاپور میں ادا کی گئیں۔
***** ***** *****
قبائلی برادری کی زیرِ التواء بھرتیوں کو فوری شروع کرنے اور دیگر مطالبات کے حق میں ہنگولی میں آدایواسی یوا کلیان سنگھ کی جانب سے ضلع کلکٹر دفتر پر ایک احتجاجی مارچ نکالا گیا۔ اس مارچ کی قیادت سابق رُکنِ اسمبلی ڈاکٹر سنتوش ٹارفے اور تنظیم کے ضلع صدر ڈاکٹر ستیش پاچپوتے نے کی۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے شہر کو بدنماء بنانے والے افراد کے خلاف آج سے قانونی کارروائی کی جائیگی۔ شہر میں غیر قانونی پوسٹرز اور اشتہارات لگانے والوں اور دیگر 52 اقسام کے معاملات پر 500 تا 25 ہزار روپئے تک جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے۔
***** ***** *****
بیڑ ضلع کے آشٹی تعلقے کے مورے واڑی میں مٹی اور پانی کے تحفظ کے محکمے تحت تعمیر ہونے والے ذخیرہ تالاب کا کل رکنِ اسمبلی سریش دھس کے ہاتھوں سنگ ِ بنیاد رکھا گیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں انھوں نے کہا کہ اس تالاب سے آس پاس کے علاقوں کے کسانوں کو آبپاشی کیلئے پانی دستیاب ہوسکے گا۔
***** ***** *****
معمر افراد کی بیماریوں کے علاج کیلئے دھاراشیو کے سرکاری آیورویدک اسپتال میں خصوصی جیریاٹرک او پی ڈی شروع کی گئی ہے۔ جس سے اب تک 236 سے زائد افراد استفادہ کرچکے ہیں۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ریاستی حکومت کی 500 خدمات واٹس ایپ پر فراہم کی جائیں گی: وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کا اعلان۔
٭ لاڑکی بہن یوجنا بند نہیں ہونے دیں گے: نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کی یقین دہانی۔
٭ ڈویژنل کمشنر دفترکی ”ایک دِن گاؤں کریوں کے ساتھ“ مہم کا آغاز۔
اور۔۔۔٭ بچوں کی صحت کے قومی پروگرام کے تحت آج سے بچوں کی مکمل طبّی جانچ کا آغاز۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment