Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 04 March-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۴؍ مارچ ۲۰۲۵ء
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ مجموعی گھریلو پیداوار میں مہاراشٹر کا 14 فیصد سے زیادہ حصہ ہے: اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں ریاستی گورنر کا بیان۔
٭ وزیر خزانہ اجیت پوار کی جانب سے مالی سال 2024-25کیلئےچھ ہزار کروڑ روپے کے ضمنی مطالبات پیش۔
٭ لاڈلی بہن اسکیم کی فروری کی قسط یوم خواتین کے موقع پر جمع کرائی جائے گی: آدیتی تٹکرے کی اطلاع۔
٭ آئندہ 27 مارچ کوقانون ساز کونسل کی پانچ خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات ۔
اور۔۔۔٭ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں آج بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیمیں مدِ مقابل۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
گورنر سی پی رادھا کرشنن نے کہا ہے کہ مجموعی گھریلو پیداوار میں مہاراشٹر کا حصہ 14 فیصد سے زیادہ ہے۔ ریاستی اسمبلی کے بجٹ اجلاس کا کل گورنر کے خطبے سے آغاز ہوا۔ گورنر نے کہا کہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے مہاراشٹر ایک پسندیدہ ریاست ہے، انھوں نے ڈاووس میں کیے گئے سرمایہ کاری کے مفاہمتی معاہدوں کے بارے میں تفصیلات ایوان سامنے رکھیں۔
انھوں نے بتایا کہ جالنہ میں ریشم کی خرید و فروخت کیلئے ایک کھلے بازار کے قیام کا کام مکمل ہو چکا ہے اور یہ بازار جلد ہی کسانوں کیلئے کھول دیا جائے گا، جس سے اس علاقے میں ریشم کی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔
گورنر نے اپنے خطاب میں مہاراشٹر الیکٹرک وہیکل پالیسی، فاسٹ ٹیگ کے ذریعے آن لائن ٹول وصولی، 10 لاکھ نوجوانوں کو تربیت دینے کا ہدف، صنعت کاری کو فروغ دینے کے اقدامات، ٹیکسٹائل صنعت کے استحکام اور توسیع، کرم یوگی بھارت پروگرام، پردھان منتری آواس یوجنا، گال سے پاک آبی ذخائر، گال سے لیس کھیت تالاب، وزیرِ اعظم زرعی سینچائی منصوبہ، اَٹل بھوجل یوجنا‘ نمو ڈرو ن د یدی جیسی اسکیموں کا خصوصی ذکر کیا۔
گورنر نے واضح کیا کہ ریاستی حکومت سماج کے تمام طبقات کو ساتھ لیکر ایک جامع، ترقی پسند، اور ترقی یافتہ مہاراشٹر بنانے کیلئے کام کر رہی ہے۔
***** ***** *****
ایوان کا کام کاج شروع ہوتے ہی وزیر اعلیٰ نے پیٹھن کے رُکنِ اسمبلی ولاس بھومرے کا تعارف کرایا‘ جبکہ رندھیر ساورکر نے گورنر کے خطاب پر شکریہ کی تحریک پیش کی۔ اسمبلی اسپیکر راہل نارویکر نے آج ایوان میں اس تجویز پربحث کرانے کا اعلان کیا۔ اس کے بعد وزیرِ خزانہ اجیت پوار نے 2024-25کیلئے چھ ہزار کروڑ روپے کے سپلیمنٹری مطالبات پیش کیے۔ ان ضمنی مطالبات پر آئندہ جمعرات اور جمعہ کو ایوان میں بحث کی جائے گی۔
***** ***** *****
قانون ساز کونسل میں پروین دریکر نے گورنر کے خطبے پر شکریہ کی تحریک پیش کی جس پر آج اور کل بحث کی جائے گی۔
حزبِ اختلاف کے قائد امباداس دانوے کی جانب سے وزیرِ زراعت مانک راؤ کوکاٹے کا مسئلہ اٹھائے جانے پر دونوں طرف کے ارکان نے ہنگامہ آرائی کی۔ جس پر اسپیکر رام شندے نے کہا کہ کوکاٹے قانون ساز اسمبلی کے رکن ہیں، لہٰذا ان کے تعلق سے معاملہ قانون ساز اسمبلی میں اٹھانا ہی مناسب رہے گا ۔ جبکہ وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کوکاٹے کے معاملے میں عدالت کے حتمی فیصلے کے بعد ہی مناسب فیصلہ لینے کا تیقن دیا۔
***** ***** *****
دریں اثنا‘ کانگریس پارٹی نے گورنر کے خطاب میں کئی موضوعات سے عدم اتفاق کا اظہار کیا ہے۔ کانگریس رہنما نانا پٹولے نے الزام عائد کیا کہ حکومت کے مختلف محکموں میں بدعنوانی ہو رہی ہے او ر سوال کیا کہ کیا وزیرِ اعلیٰ بدعنوان وزراء کے خلاف کارروائی کریں گے؟ انہوں نے واضح کیا کہ وہ ان تمام موضوعات پر حکومت سے سوال کریں گے۔
***** ***** *****
بہبودیِ خواتین و اطفال محکمے کی وزیر آدیتی تٹکرے نے بتایا کہ وزیرِ اعلیٰ لاڈلی بہن اسکیم کی فروری کی قسط بین الاقوامی یوم خواتین یعنی 7 مارچ کو تمام مستحقین میں تقسیم کی جائے گی۔ وہ کل ودھان بھون کے احاطے میں میڈیا نمائندوں سے بات کر رہی تھیں۔
***** ***** *****
قانون ساز کونسل کی پانچ خالی نشستوں کے ضمنی انتخابات آئندہ 27 مارچ کو ہوں گے۔ گزشتہ روز الیکشن کمیشن نےان انتخابات کے پرو گرام کا اعلان کیا‘ جس کے مطابق 10 مارچ کو انتخابی نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا، جبکہ 17 مارچ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی حتمی تاریخ مقرر کی گئی ہے اور 20 مارچ تک امیدواری پرچے واپس لیے جا سکیں گے۔ ووٹوں کی گنتی 27 مارچ کو ہوگی۔ قانون ساز کونسل کے پانچ ارکان آمشا پاڑوی، پروین دَٹکے، راجیش وِٹیکر، رمیش کراڑ اور گوپی چند پڈلکر کے قانون ساز اسمبلی کا رکن منتخب ہونے کے بعد یہ نشستیں خالی ہوئی ہیں۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
خواتین مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے ایس ٹی کارپوریشن کی تمام بسوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کی ہدایت وزیرِ ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائیک نے دی ہے۔ شیوسینا مہیلا آگھاڑی کی عہدیداران نے کل نائب وزیر اعلیٰ اور شیوسینا قائد ایکناتھ شندے کو اس سے متعلق ایک مطالباتی محضر پیش کیا ‘ جس پر وزیرِ حمل و نقل پرتاپ سرنائیک نے فوری کارروائی کرنے کے احکامات محکمے کے افسران کو دئیے۔
***** ***** *****
ویوز چوٹی کانفرنس میں فلم سازی سے متعلق ایک ماسٹر کلاس کا انعقاد کیا گیا ہے۔ اینیمیشن فلم میکرز مقابلے کے فاتحین اس رہنمائی سے استفادہ کرسکیں گے۔ وزارت اطلاعات و نشریات کے زیر اہتمام ویوز کانفرنس یکم مئی سے 4 مئی کے درمیان ممبئی میں منعقد ہوگی۔
دریں اثنا، اس کے تحت پرسار بھارتی اور سارے گاما نے مشترکہ طور پر موسیقی کے شعبے کیلئے بیٹل آف بینڈز مقابلے کا انعقاد کیا ہے۔
***** ***** *****
ریاستی کمیشن برائے تحفظِ اطفال کی جانب سے تحفظِ حقوقِ اطفال کے شعبے میں نمایاں کام کرنے والے افسران اور اداروں کو کل ممبئی میں اطفال دوست ایوارڈز سے نوازا گیا۔ چھترپتی سمبھاجی نگر کے کلکٹر دلیپ سوامی اور ضلع بہبود یِ خواتین و اطفال افسر ریشما چمندرے کو بھی بہترین خدمات کے عوض یہ ایوارڈ پیش کیا گیا۔
***** ***** *****
ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر پرمود ییولے کو راجستھان ہیلتھ سائنس یونیورسٹی، جے پور کا وائس چانسلر مقرر کیا گیا ہے۔ راجستھان کے گورنر اور یونیورسٹی کے چانسلر ہری بھاؤ باگڑے نے یہ تقرری کی ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کی ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مر اٹھو اڑہ یونیورسٹی میں سہ روزہ لیکچر سیریز کا کل سے آغاز ہوا۔ مشہور شاعر اِندرجیت بھالے رائو نے سنت کبیر مصلح اور شاعر کے موضوع پر اظہارِ خیال کیا۔ اس لیکچر سیریز میں آج کولہاپور کے مشہور مفکر پروفیسر سنیل کمار لوٹے کا’’ زبان و ادب ا ور تہذیب‘‘ کے موضوع پر لیکچر ہوگا۔
***** ***** *****
دریں اثنا‘یونیورسٹی کے للت آرٹ شعبے کی جانب سے ’’ووکیشنل ٹریننگ کورس اِن ویجول آرٹ‘‘ کا بھی کل سے آغاز ہوا۔ کارگذار وائس چانسلر والمک سرودے کے ہاتھوں اس تر بیتی نشست کا آغاز ہوا۔ مشہور فوٹو گرا فر بیجو پاٹل نے اس موقع پر خطاب کیا۔
***** ***** *****
ICCچمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں آج بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ یہ سیمی فائنل مقابلہ دُبئی میں کھیلا جائے گا۔ بھارتی وقت کے مطابق دو پہر دو بجے سے مقابلے کا آغاز ہوگا۔ ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فائنل میچ کل جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے مابین کھیلا جائے گا۔ جبکہ فائنل مقابلہ آئندہ اتوار نو مارچ کو ہوگا۔
***** ***** *****
مسّاجوگ کے سرپنچ سنتوش دیشمکھ کے قتل معا ملے کی تصاویر و ائرل ہونے کے بعد اس معاملے کے ملزمین کو موت کی سزا د ینے کے مطالبے کو لیکر آج بیڑ ضلع بند کا اعلان کیا گیا ہے۔ بیڑ شہر میں اس بند کے پیشِ نظر صبح نو بجے کے درمیان عوام اور کُل جماعتی عہدیدا ران شیواجی مہاراج چوک علاقے میں جمع ہوکر اس واقعے کی مذمت میں احتجاج کریں گے۔
دریں اثنا‘ضلع پولس سپرنٹنڈنٹ نونیت کانوت نے قانون ہاتھ میں نہ لینے کی اپیل کی ہے۔ سنتوش د یشمکھ قتل معاملے میں سی آئی ڈی نے عد الت میں چا رج شیٹ داخل کی ہے۔
***** ***** *****
لاتور ضلع کے سرحدی علاقوں کے تادلاپور میں پہلے ر یاستی سطح کے گائو گاڑا سمّیلن کا انعقاد عمل میں آیا۔ علاقے کے شہریان کی زبردست پذیرائی اس سمّیلن کو حاصل ہوئی۔ اس سمّیلن میں بزرگ مفکر میکس ویل لوپیس نے حاضر ین کی رہنمائی کی۔ انھوں نے کہا کہ انسانوں کی فطرت سے دوری کو ختم کرنے کیلئے اب الفاظ کے ہتھیار کے استعمال سے ماحول بنانا پڑے گا۔
***** ***** *****
درجِ فہرست ذات و قبائل کمیشن کے رُکن گورَکش لوکھنڈے نے اپیل کی ہے کہ سماج کلیان محکمے کے لڑکیوں کے ہاسٹل کا خیال رکھنا متعلقہ افسران کی ذمہ داری ہے اور اسے وہ فرض کے طور پر ادا کریں۔ وہ کل ناند یڑ میں ہاسٹل کا دو رہ کرنے کے بعد مخاطب تھے۔انھوں نے ضلع میں ہاسٹل انتظامات میں بہتری کی گنجائش ہونے کا یقین بھی ظاہر کیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ مجموعی گھریلو پیداوار میں مہاراشٹر کا 14 فیصد سے زیادہ حصہ ہے: اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں ریاستی گورنر کا بیان۔
٭ وزیر خزانہ اجیت پوار کی جانب سے مالی سال 2024-25کیلئےچھ ہزار کروڑ روپے کے ضمنی مطالبات پیش۔
٭ لاڈلی بہن اسکیم کی فروری کی قسط یوم خواتین کے موقع پر جمع کرائی جائے گی: آدیتی تٹکرے کی اطلاع۔
٭ آئندہ 27 مارچ کوقانون ساز کونسل کی پانچ خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات ۔
اور۔۔۔٭ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں آج بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیمیں مدِ مقابل۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment