Wednesday, 17 December 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 17 دسمبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 17 December-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۷۱/دسمبر ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ترقی یافتہ بھارت روزگار و روزی گارنٹی اسکیم بل لوک سبھا میں پیش کیا گیا؛ بل کو پارلیمنٹ کمیٹی کو بھیجنے کا‘ کانگریس کا مطالبہ۔
٭ تعلیمی اداروں سے متعلق ترقی یافتہ بھارت شکشا ادھیشٹھان بل پارلیمانی کمیٹی کو بھیجا جائے گا: لوک سبھا میں تجویز منظور۔
٭ بلدیاتی انتخابات کے پیشِ نظر سیاسی پیش رفت میں تیزی۔
٭ فلیٹ بدعنوانی کیس میں وزیرِ کھیل مانک راؤ کوکاٹے کی سزا برقرار؛ کانگریس نے کابینہ سے ہٹانے کا کیا مطالبہ۔
اور۔۔۔٭ بھارت اور جنوبی افریقہ کے مابین چوتھا ٹی- ٹوئنٹی کرکٹ مقابلہ آج۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ترقی یافتہ بھارت روزگار اور روزی گارنٹی اسکیم دیہی یعنی VBGرام جی بل کل لوک سبھا میں پیش کیا گیا۔ یہ بل 20 سال پرانے مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ 2005 یا منریگا کی جگہ لے گا۔ یہ بل مزدوروں کو 100دنوں کے بجائے سال میں کم از کم 125 دن کام کرنے‘ بہتر اُجرت اور شفاف نفاذ کے طریقہئ کار کی ضمانت فراہم کرے گا۔ مرکزی وزیرِ زراعت شیوراج سنگھ چوہان نے یہ بل لوک سبھا میں پیش کیا۔ انھوں نے کہا:
Byte: Agriculture Minister Shivraj Singh Chouhan
اس بل کے تحت ریاستوں کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ بوائی یا کٹائی کے موسم کے دوران ہر ایک کو 60 دن کی مدت کو مطلع کرے۔ اس دوران منریگا کا کام روک دیا جاے گا تاکہ زرعی کام کرنے کیلئے مزدوروں کی کمی نہ ہو۔ پہلے اس اسکیم کی پوری فنڈنگ مرکزی حکومت فراہم کرتی تھی اب بڑی ریاستوں میں 60 فیصد فنڈ مرکز سے اور باقی 40 فیصد ریاستوں سے ہوگا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ بل جو منریگا ایکٹ سے بڑا اور بہتر ہے منریگا کی ساختی خامیوں کو ختم کردے گا اور ترقی یافتہ بھارت 2047 کے مطابق ایک جدید قانون سازی کا فریم ورک بنائے گا۔ اس بل کے بارے میں ارکانِ پارلیمنٹ کو آگاہ کرنے کیلئے آج ایک خصوصی اجلاس بلایا گیا ہے۔
دریں اثناء‘ اصل اسکیم سے مہاتما گاندھی کا نام ہٹائے جانے کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کانگریس‘ ڈی ایم کے اور ترنمول کانگریس کے ارکان ویل میں کود پڑے اور نعرے لگانے لگے اور بل کو واپس لینے کا مطالبہ کرنے لگے۔ کانگریس رکن پرینکا گاندھی نے مطالبہ کیا ہے کہ اس بل کو پارلیمنٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی کو بھیجا جائے۔ انھوں نے کہا:
Byte: Congress Leader Priyanka Gandhi
***** ***** *****
لوک سبھا نے ترقی یافتہ بھارت شکشا ادھیشٹھان بل 2025 کو مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کو بھیجنے کی تجویز کو منظوری دے دی ہے۔ اس بل سے تعلیمی اداروں کی خود مختاری‘ درجہ بندی‘ معیار‘ اور تحقیق کو تقویت ملے گی۔ مرکزی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی درجہ بندی کا فیصلہ طلبہ کے تاثرات کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
نرسن اور ترمیمی بل 2025 کل منظوری کیلئے لوک سبھا میں پیش کیا گیا۔ وزیرِ قانون ارجن رام میگھوال نے کہا کہ اس بل میں فرسودہ قوانین کو منسوخ کرنے اور کچھ قوانین میں ترمیم کا بندوبست کیا گیا ہے۔
وزیرِ خزانہ نرملا سیتا رَمن نے کہا کہ لوک سبھا میں ”سب کا بیمہ سب کی رکشا بیمہ ترمیمی بل 2025“کو متعارف کرانے سے انشورنس کمپنیوں میں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔ اس سے ضابطے میں بہتری آئے گی اور کاموں کی شفافیت میں اضافہ ہوگا۔ ڈی ایم کے اور ترنمول کانگریس کے ارکانِ پارلیمنٹ نے بل میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو سو فیصد تک بڑھانے کی تجویز کی مخالفت کی۔
***** ***** *****
کل پارلیمنٹ میں تخصیص بل نمبر چار منظور کیا گیا۔ یہ بل مالی سال 2025-26 کیلئے Consolidated فنڈ سے کچھ اضافی رقومات کی ادائیگی اور تخصیص فراہم کرتا ہے۔
***** ***** *****
ممبئی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کا نوٹیفکیشن کل جاری کیا گیا۔ ریاست کی بقیہ 28 میونسپل کارپوریشنوں کے انتخابات کا نوٹیفکیشن کل جمعرات کو جاری کیا جائے گا۔
دریں اثناء‘ ان انتخابات کے پیشِ نظر سیاسی پیش رفت نے زور پکڑلیا ہے۔ رکنِ پارلیمان سنجئے راؤت نے کہا ہے کہ اس الیکشن کیلئے شیوسینا اُدّھو بالا صاحب ٹھاکرے کی پارٹی اور مہاراشٹر نونرمان سینا کے درمیان اتحاد ہوگا اور اس تعلق سے اعلان ایک ہفتے کے اندر کیا جائے گا۔ وہ کل ممبئی میں صحافیوں سے بات کررہے تھے۔ راؤت نے کہا کہ کانگریس نے بھی ان کے ساتھ آنے کی درخواست کی ہے۔
دریں اثناء‘ کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال نے واضح کیا ہے کہ ریاستی سطح کی کمیٹی کی منظوری کے بغیر اتحاد سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔ وہ‘ کل ممبئی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ 24 اور 25 دسمبر کو ہونے والے اس الیکشن کے حوالے سے اجلاس میں ان تمام اُمور پر تبادلہئ خیال کیا جائے گا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
بی جے پی لیڈر اور ریاست کے وزیرِ محصول چندر شیکھر باون کڑے نے دعویٰ کیا ہے کہ بی جے پی کے زیرِ قیادت اتحاد ریاست کے 29 میونسپل انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گا اور 29 میونسپل کارپوریشنوں کے میئر اس اتحاد سے ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ سینئر سطح پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ جہاں بی جے پی مضبوط ہوگی وہاں بی جے پی الیکشن لڑے گی اور جہاں شیوسینا مضبوط ہوگی وہاں شیوسینا الیکشن لڑے گی۔
***** ***** *****
بلدیاتی انتخابات کے پیشِ نظر شیوسینا اور بی جے پی کے درمیان کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں میٹنگ ہوئی۔ بتایا جاتا ہے کہ اس میٹنگ میں تنظیمی قوت‘ کام کرنے کے طریقے اور منصوبہ بندی پر تبادلہئ خیال کیا گیا۔
***** ***** *****
ناندیڑ کی سابق میئر جئے شری پاؤڑے اور سابق ڈپٹی میئر ستیش دیشمکھ تروڑیکر نے ایم این ایس کے ونود پاؤڑے کے ہمراہ کل بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ پارٹی میں داخلے کی تقریب میں وزیرِ محصول چندر شیکھر باون کڑے اور رکنِ پارلیمان اشوک چوہان کی موجودگی میں منعقد ہوئی۔
***** ***** *****
ناسک کی ضلع سیشن عدالت نے وزیرِ اعلیٰ آزادی اسکیم کے تحت فلیٹ بدعنوانی معاملے میں وزیرِ کھیل مانک راؤ کوکاٹے اور ان کے بھائی وجئے کوکاٹے کی سزا کو برقرار رکھا ہے۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج پی ایم بدر نے کل ہوئی حتمی سماعت میں کوکاٹے برادران کو قصوروار پایا اور فروری میں ایڈیشنل چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ کی طرف سے دی گئی دو سال کی سخت قید اور دس ہزار روپئے جرمانے کی سزا کو برقرار رکھا۔ یہ سزا کوکاٹے کی جانب سے رعایت شرح پر مکانات حال کرنے کیلئے جھوٹے کاغذات جمع کرکے چار فلیٹس حاصل کرنے کے معاملے میں عائد کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ان کے نام پر مکان نہیں ہے۔
دریں اثناء‘ کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال نے ریاستی حکومت سے کوکاٹے کو کابینہ سے فوری طور پر ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انھوں نے الزام عائد کیا ہے کہ حکومت کوکاٹے کو بچارہی ہے۔ جبکہ کانگریس قائد راہل گاندھی اور سنیل کیدار کو سزا سنائے جانے کے 24 گھنٹوں میں ایم پی اور ایم ایل اے کا درجہ چھین لیاگیا تھا۔
***** ***** *****
انڈر -19 ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھارت نے کل ملیشیاء کو 315 رنز سے شکست دے دی۔ بھارت نے پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے اَبھیگیان کُنڈو کی ڈبل سنچری کی مدد سے سات وکٹوں پر 408 رنز بنائے۔ ویدانت ترویدی نے 90 اور ویبھو سوریہ ونشی نے 50 رنز بنائے۔ اس ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ملیشیاء کی پوری ٹیم 93 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ 209 رنز بنانے والے ابھیگیان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
***** ***** *****
بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان چوتھا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ آج لکھنؤ میں کھیلا جائے گا۔ میچ شام سات بجے سے شروع ہوگا۔بھارت کو پانچ میچوں کی سیریز میں دو-ایک سے برتری حاصل ہے۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلعے میں شدید بارشوں سے متاثرہ کسانوں میں رابطہ وزیر پرتاپ سرنائیک نے اپنے ذاتی خرچ سے 101 گیر گائیں تقسیم کیں۔ گزشتہ اتوار کو کلمب، بھوم اور پرانڈا تعلقہ جات میں شدید بارشوں سے متاثرہ کسانوں میں یہ گائیں تقسیم کی گئیں۔
***** ***** *****
سوادھیائے پریوار کی سربراہ اور پدم وبھوشن پانڈورنگ شاستری آٹھولے کی بیٹی دھن شری تڑوڑکر کو سماجی اور ثقافتی شعبوں میں ان کی نمایاں خدمات کے عوض گجرات کے ولبھ وِدّیا نگر میں سردار پٹیل یونیورسٹی کی طرف سے اعزازی ڈی لِٹ کی ڈگری سے نوازا گیا۔
***** ***** *****
پربھنی میں چَتُورَنگ پرتشٹھان کے زیرِ اہتمام یشونت راؤ چوہان میموریل لیکچر سیریز کا کل سے آغاز ہوا۔ چھترپتی سمبھاجی نگر کے شاعرہ گنجن پاٹل نے ”خواتین کی زندگیوں پر سوشل میڈیا کے اثرات اور بدلتے ہوئے سماجی تناظر“ کے موضوع پر اپنے خیالات پیش کیے اور کچھ نظمیں بھی پیش کیں۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلعے کے شریکشیتر مالیگاؤں یاترا کل سے شروع ہو رہی ہے۔ ضلع پریشد کی سی ای او اور ایڈمنسٹریٹر میگھنا کاؤلی نے 25 دسمبر تک جاری رہنے والی اس یاترا میں زرعی نمائشیں، مختلف ثقافتی سرگرمیاں‘ زراعت اور مویشی پروری کے مقابلے ہونے کی اطلاع دی ہے۔
***** ***** *****
بیڑ ضلعے کے گیورائی میونسپل کونسل کے انتخابات کی رائے دہی کے دوران ہوئے پُرتشدد واقعات کے سلسلے میں پولس نے کل سابق رکنِ اسمبلی لکشمن پوار کے بھائی باڑ راجے پوار کو گرفتار کر لیا۔ پولس نے بتایا کہ اس معاملے میں اب تک پانچ ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ترقی یافتہ بھارت روزگار و روزی گارنٹی اسکیم بل لوک سبھا میں پیش کیا گیا؛ بل کو پارلیمنٹ کمیٹی کو بھیجنے کا کانگریس کا مطالبہ۔
٭ تعلیمی اداروں سے متعلق ترقی یافتہ بھارت شکشا ادھیشٹھان بل پارلیمانی کمیٹی کو بھیجا جائے گا: لوک سبھا میں تجویز منظور۔
٭ بلدیاتی انتخابات کے پیشِ نظر سیاسی پیش رفت میں تیزی۔
٭ فلیٹ بدعنوانی کیس میں وزیرِ کھیل مانک راؤ کوکاٹے کی سزا برقرار؛ کانگریس نے کابینہ سے ہٹانے کا کیا مطالبہ۔
اور۔۔۔٭ بھارت اور جنوبی افریقہ کے مابین چوتھا ٹی- ٹوئنٹی کرکٹ مقابلہ آج۔
***** ***** *****

No comments: