Wednesday, 5 March 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 05 مارچ 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 05 March-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۵/ مارچ ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ اغذیہ و رسد وزیر دھننجئے منڈے کا استعفیٰ گورنر نے منظور کرلیا: وزیرِ اعلیٰ کے خلاف حقوق کی خلاف ورزی کا اپوزیشن کا الزام۔
٭ اورنگ زیب سے متعلق بیان پر ابو عاصم اعظمی کے خلاف اسمبلی میں ہنگامہ؛ سخت کارروائی کرنے کا قانون ساز کونسل کے اسپیکر رام شندے کا حکم۔
٭ پربھنی-چھترپتی سمبھاجی نگر- کرنج گاؤں ریلوے ٹریک کو ڈبل کرنے کے کاموں کی شروعات۔
اور۔۔۔٭ آئی سی سی چمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھارت فائنل میں داخل؛ سیمی فائنل میں آسٹریلیاء کے خلاف چار وکٹوں سے فتح۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
خوراک اور شہری رسد کے وزیر دھننجئے منڈے نے وزارتی عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ جسے گورنر سی پی رادھا کرشنن نے منظور کرلیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کل اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے یہ اطلاع دی۔ انھوں نے کہا کہ گورنر نے منڈے کا استعفیٰ منظور کرلیا ہے اور انھیں وزارتی عہدے کی ذمے داریوں سے فارغ کردیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ریاستی وزیر دھننجئے منڈے نے اپنا استعفیٰ دے چکے ہیں اور اُسے منظور کرلیا گیا اور مزید کارروائی کیلئے گورنر کے پاس بھیج دیا گیا ہے۔ انھیں ان کی تمام ذمہ داریوں سے فارغ کردیا گیا ہے۔
منڈے نے طبّی وجوہات کی بناء پر استعفیٰ دینے کی بات کہی جارہی ہے۔ سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں انھوں نے کہا کہ ان کا پہلے دِن سے پُرزور مطالبہ ہے کہ مسّا جوگ کے سرپنچ سنتوش دیشمکھ قتل کیس کے ملزمین کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔
***** ***** *****
وزیرِ ماحولیات پنکجا منڈے نے دھننجئے منڈے کے استعفیٰ کے فیصلے کو درست قرار دیا ہے۔ کل ناگپور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انھوں نے رائے ظاہر کی کہ دھننجئے منڈے کو حلف ہی نہیں لینا چاہیے تھا۔ انھوں نے کہا یہ استعفیٰ بہت پہلے دے دینا چاہیے تھا۔ اس استعفے کی بجائے حلف ہی نہ لیا جاتا تو اس سارے معاملے کا سامنا ہی نہ کرنا پڑتا۔ لینے والوں کو بھی پہلے لینا چاہیے تھا‘ دھننجئے منڈے نے بھی پہلے دے دینا چاہیے تھا۔ ان کی زندگی اور خاندان کے درد کے مقابلے میں یہ کوئی بڑی بات نہیں ہے۔
ریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر ہرش وردھن سپکال نے کل وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس اور نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار پر ثبوت کے باوجود سنتوش دیشمکھ قتل معاملے میں کارروائی میں تاخیر کا الزام لگاتے ہوئے استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔ انھوں نے یہ بھی پوچھا کہ منڈے کو کیوں برخاست نہیں کیا گیا۔
کانگریس لیڈر نانا پٹولے نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ کا منڈے کے استعفے کی معلومات ایوان میں دئیے بغیر براہِ راست میڈیا کو دینا اس ایوان کی توہین ہے۔ انھوں نے خبردار کیا کہ اس معاملے میں وزیرِ اعلیٰ پھرنویس کی مخالفت کی جائے گی۔ یہ الزام لگاتے ہوئے کہ حکومت ملزمین کی حمایت کررہی ہے‘ پٹولے نے حکومت کو معاملے میں شریک ملزم بنانے کا مطالبہ کیا۔انھوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ نے جس طرح سے میڈیا کو دھننجئے منڈے کے استعفے کی اطلاع دی کہ کارروائی جاری ہے اور انھیں اس ایوان میں یہ اطلاع دینا چاہیے تھا۔ محکمہ داخلہ نے اسے کیوں چھپایا‘ یہاں حکومت مجرم کی حمایت کررہی ہے۔ جس طرح والمک کراڑ ایک مجرم ہے او راس کی ٹیم ہے اس حکومت کو بھی شریک ملزم ٹھہرانا پڑے گا‘ حکومت کو عوام کو جواب دینا ہوگا۔
***** ***** *****
سماج وادی پارٹی کے رکنِ اسمبلی ابو اعظمی کے اورنگ زیب کی تعریف کرنے پر کل اسمبلی میں سخت ہنگامہ ہوا۔ کئی وقفوں کے بعد دونوں ایوانوں کی کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی کردی گئی۔ جیسے ہی اسمبلی میں کام دوبارہ شروع ہوا اسپیکر راہل نارویکر نے ایوان کی کارروائی دس منٹ کیلئے‘ پھر آدھے گھنٹے کیلئے ملتوی کردی، جیسے ہی مہایوتی کے کئی ارکانِ اسمبلی بشمول اُدئے سامنت‘ گلاب راؤ پاٹل‘ ابواعظمی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرے لگانے لگے، کارروائی شروع ہوئی نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ابواعظمی کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرکے ان کی معطلی کا مطالبہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ بار بار ابواعظمی نے جان بوجھ کر چھترپتی شیواجی مہاراج اور سمبھاجی مہاراج کی توہین کی۔ انھیں اس ایوان میں بیٹھنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ یہاں اورنگ زیب کی تعریف واقعی ہمارے قومی ہیرو کی توہین ہے۔
قانون ساز کونسل کے گروپ لیڈر پروین دریکر نے ابواعظمی کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا اور ا ن کی گرفتاری کا مطالبہ بھی کیا۔ ہنگامہ بڑھتے ہی اسپیکر رام شندے نے آدھے گھنٹے کیلئے کام ملتوی کردیا۔ کارروائی دوبارہ شروع ہونے کے بعد اپوزیشن لیڈر امبا داس دانوے نے بھی مطالبہ کیا کہ شیواجی مہاراج کے بارے میں قابلِ اعتراض بیان دینے کے معاملے میں ابو اعظمی اور دیگر کے خلاف کارروائی کی جائے۔ نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے بھی ابواعظمی کے بار بار توہین آمیز بیان دینے پر سرِ عام مذمت کی اور کارروائی کا مطالبہ کیا۔
اسپیکر رام شندے نے یہ بھی احکامات دئیے کہ حکومت ان تمام لوگوں کے خلاف کارروائی کرے جو عظیم ہستیوں کے بارے میں قابلِ اعتراض بیانات دیتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس طرح کے بیانات عام طور پر چھترپتی سمبھاجی مہاراج اور بابائے قوم کے حوالے سے دئیے جاتے ہیں۔ حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کے دونوں ایوانوں میں ارکان کے جذبات سخت ہیں۔ ان باتوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے متعلقہ افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ صرف مقدمہ درج کرنے سے کام نہیں چلے گا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
اس کے بعد بھی ہنگامہ آرائی جاری رہنے پر کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی کردی گئی۔
دریں اثناء‘ ابواعظمی کے خلاف ممبئی کے مرین ڈرائیو پولس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ابواعظمی نے سوشل میڈیا کے ذریعے بیان جاری کیا کہ وہ اورنگ زیب معاملے میں اپنا بیان واپس لے رہے ہیں۔
***** ***** *****
سنتوش دیشمکھ قتل معاملے کی دل دہلاوالی تصاویر کل سے سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔ اس بہیمانہ قتل کے خلاف کل بیڑ ضلع میں بند منایا گیا۔ شہریوں نے بیڑ شہر میں احتجاجی ریلی نکالی۔ کیج میں ٹائر جلاکر احتجاج درج کروایا گیا۔
جالنہ کے گاندھی چمن چوک پر مراٹھا برادری کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
لاتور شہر میں بھی کل مراٹھا سماج کی جانب سے چھترپتی شیواجی مہاراج چوک پر سیاہ فیتہ باندھ کر احتجاج کیا گیا۔
***** ***** *****
پربھنی میں آئین کی نقل کی بے حرمتی اور سومناتھ سوریہ ونشی کی موت کے معاملے کی تحقیقات کیلئے بامبے ہائی کورٹ کے سبکدوش جسٹس وجے ایل آنچلیہ کا تقرر کیا گیا ہے۔ آنچلیہ نے کل پربھنی میں متعلقہ علاقے کے ساتھ شہر کی کچھ دکانوں کا بھی معائنہ کیا اور پورے واقعہ کے بارے میں معلومات اکٹھا کیں۔
***** ***** *****
جنوب وسطی ریلوے کے ناندیڑ زون دفتر کی مینیجر نیتی سرکار نے بتایا ہے کہ پربھنی-چھترپتی سمبھاجی نگر-کرنج گاؤں ریلوے لائن کو ڈبل ٹریک کرنے کا کام شروع ہو گیا ہے۔ وہ کل چھترپتی سمبھاجی نگر کے مکند واڑی ریلوے اسٹیشن کا معائنہ کرنے کے بعد مخاطب تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ مکند واڑی میں زیر زمین راستہ نکالنے کی تجویز بھی حکومت کو بھیجی گئی ہے اور منظوری ملنے کے بعد اس راستے کا کام شروع ہوجائے گا۔
اس دوران نیتی سرکار نے جالنہ میں بھی ایک اجلاس لیکر افسران سے بات چیت کی۔ انہوں نے جالنہ اور چھترپتی سمبھاجی نگر کے درمیان ریلوے اسٹیشنوں پر بنیادی سہولیات فراہم کرنے کا تیقن بھی دیا۔
***** ***** *****
بھارت آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گیا ہے۔ گزشتہ روز دُبئی میں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میچ میں بھارت نے آسٹریلیا کو چار وکٹوں سے ہرادیا۔ پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے آسٹریلیاء کی پوری ٹیم نے 264 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ بھارت کی جانب سے محمد سمیع نے تین جب کہ رویندر جڈیجہ اور ورون چکرورتی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں بھارتی ٹیم نے 49ویں اوور میں چھ وکٹوں کے نقصان پر اس ہدف کو عبور کر لیا۔ ویراٹ کوہلی کو سب سے زیادہ 84 رنز بنانے پرمیچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اس ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فائنل میچ آج جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔
***** ***** *****
دھاراشیو تعلقے کے ڈھوکی میں برڈ فلو کے مشتبہ مریض کے نمونے جانچ کیلئے پونے کی نیشنل وائرولوجی لیبارٹری میں بھیجے گئے تھے۔ ہمارے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ مذکورہ مریض برڈ فلو سے متاثر نہیں تھا اور اس کی رپورٹ منفی آئی ہے۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلعے کے اونڈھا تعلقے میں سدھیشور آبی منصوبے کے چار دروازے کل ایک فٹ کھولے گئے۔ فی الحال دو ہزار پانچ کیوبک فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے ڈیم سے پانی خارج کیا جا رہا ہے۔
***** ***** *****
کسانوں کے قرضہ جات معاف کرنے اور انھیں نقصان بھرپائی دینے کے مطالبے کو لیکر جالنہ کانگریس کمیٹی کی جانب سے کل ضلع کلکٹر دفتر کے روبرو احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ بعد ازاں کانگریس عہدیداروں کے ایک وفد نے ضلع کلکٹر ڈاکٹر شری کرشن پانچاڑ کو مطالبات پر مبنی ایک محضر پیش کیا۔
***** ***** *****
لاتور کے شہریوں کے مختلف مطالبات کو لے کر کانگریس پارٹی کی طرف سے کل آندولن کیا گیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ اغذیہ و رسد وزیر دھننجئے منڈے کا استعفیٰ گورنر نے منظور کرلیا: وزیرِ اعلیٰ کے خلاف حقوق کی خلاف ورزی کا اپوزیشن کا الزام۔
٭ اورنگ زیب سے متعلق بیان پر ابو عاصم اعظمی کے خلاف اسمبلی میں ہنگامہ؛ سخت کارروائی کرنے کا قانون ساز کونسل کے اسپیکر رام شندے کا حکم۔
٭ پربھنی-چھترپتی سمبھاجی نگر- کرنج گاؤں ریلوے ٹریک کو ڈبل کرنے کے کاموں کی شروعات۔
اور۔۔۔٭ آئی سی سی چمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھارت فائنل میں داخل؛ سیمی فائنل میں آسٹریلیاء کے خلاف چار وکٹوں سے فتح۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 15.08.2025 रोजीचे दुपारी 01.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date - 15 August 2025 Time 01.00 to 01.05 PM Language Marathi आकाशवाणी छ...