Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 18 December-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۸۱/دسمبر ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ترقی یافتہ بھارت‘ روزگار و ذریعہئ معاش ضمانتی اسکیم بل پر لوک سبھا میں بحث؛ وزیرِ زراعت آج دیں گے بحث کا جواب۔
٭ جوہری توانائی بل لوک سبھا میں منظور؛ 2047 تک 100 گیگاواٹ جوہری توانائی تیار کرنے کا ہدف۔
٭ انتخابی قانون 1961 میں اصلاحات سے متعلق حکمنامہ جاری کرنے کی ریاستی کابینہ کی منظوری؛ ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی انتخابات میں پرچہئ نامزدگی پر انتخابی افسر کا فیصلہ ہوگاحتمی۔
٭ مانک راؤ کوکاٹے کے عہدے ختم؛ کھیلوں کا قلمدان اجیت پوار کے سپرد۔
اور۔۔۔٭ ناندیڑ ضلع کی مالیگاؤں یاترا کا آج سے آغاز۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ترقی یافتہ بھارت‘ روزگار و ذریعہئ معاش دیہی ضمانتی اسکیم بل پر لوک سبھا میں بحث کا آج وزیرِ زراعت شیوراج سنگھ چوہان جواب دیں گے۔ کل شب 12 بجے کے بعد بھی لوک سبھا میں اس بل پر بحث جاری رہی۔ یہ بل 20 برس قبل کے مہاتما گاندھی قومی دیہی روزگار ضمانتی قانون منریگا کی جگہ لے گا۔ اس نئے بل میں مزدوروں کو سابقہ 100 دن کی بجائے ایک سال میں سوا سو دن روزگار کی ضمانت‘ اُجرت کی ادائیگی کی مدت کا تعین اور شفاف عمل درآمد مشنری مہیا کیے جانے کی گنجائش رکھی گئی ہے۔
بل پر مباحثے میں کل ڈی ایم کے کی کنی موڑی، ترنمول کانگریس کی مہووا موئیترا‘ راشٹروادی کانگریس شرد چندر پوار کے نیلیش لنکے، شیوسینا اُدّھو باڑا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے راجا بھاؤ واجھے سمیت متعدد ارکان نے حصہ لیا۔ چھترپتی سمبھاجی نگر کے رکنِ پارلیمان سندیپان بھومرے نے اس بل کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اس بل سے دیہی معیشت کا چہرہ بدلنے کی غرض سے مضبوط فریم ورک تیار ہوگا۔
***** ***** *****
جوہری توانائی بل کل لوک سبھا میں منظور کرلیا گیا۔ مرکزی وزیر جتندر سنگھ نے بل پیش کرتے ہوئے ایوان کو بتایا کہ مجوزہ قانون سے 2047 تک 100 گیگا واٹ جوہری توانائی تیار کرنے کا ہدف حاصل کیا جاسکے گا۔ اس بل میں سپلائر کی ذمہ داریوں کا تعین نہ کیے جانے پر اعتراض کرتے ہوئے کانگریس نے بل کی مخالفت کی۔ کانگریس رہنماء منیش تیواری نے کہا کہ یہ امر ملک کیلئے نقصان دہ ہوگا۔ بی جے پی کے انوپ دھوترے‘ شیوسینا کے دھیریہ شیل مانے، شیوسینا بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے اروند ساونت، راشٹروادی شرد چندر پوار پارٹی کی سپریا سُڑے سمیت کئی ارکان نے اس بحث میں حصہ لیا۔
***** ***** *****
انتخابی قانون 1961 میں ترمیم سے متعلق حکمنامہ جاری کرنے کی ریاستی کابینہ نے منظوری دے دی ہے۔ کل ہوئے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ 1961 کے ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی آرڈیننس کے مطابق درخواست ِ نامزدگی قبول یا مسترد کرنے کے انتخابی افسر کے فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کیا جاسکتا تھا۔ تاہم‘ اس طرح کے زیرِ سماعت معاملات کے باعث انتخابی عمل معینہ مدت میں مکمل کرنا ممکن نہیں ہوپاتا تھا۔ اس لیے کابینہ نے فیصلے کیخلاف اپیل کرنے کی شق ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
***** ***** *****
تحفظ یافتہ یادگاروں پر تجاوزات کو روکنے کیلئے وزیر برائے ثقافتی اُمور کی زیرِ قیادت ایک کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ بھی کابینہ نے کیا۔ اس ضمن میں تاریخی قلعوں پرتجاوزات ہٹانے کے اختیارات کے دائرہئ کار کو وسیع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان میں ریاستی مسلمہ یادگاروں کو بھی شامل کرلیا گیاہے۔ اس خصوص میں تشکیل دی جانے والی ریاستی سطح کی کمیٹی میں چار نامزد اراکین شامل ہوں گے۔ اسی طرح ہر ضلع سطحی کمیٹی میں چار غیر سرکاری ارکان کو بھی نامزد کرنے کو کابینہ نے منظوری دی ہے۔
***** ***** *****
ریاست میں صحت ِ عامہ سے متعلق خدمات کو مزید مضبوط، تیز رفتار اور عوام دوست بنانے کیلئے مصنوعی ذہانت یعنی (AI) کا مؤثر طور پر استعمال کرنے کی ہدایت وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے دی ہے۔ کل ممبئی میں محکمہئ صحت ِ عامہ کے ایک اجلاس سے وہ مخاطب تھے۔ اس موقع پر ”سمگر“ تنظیم کی جانب سے صحت ِ عامہ خدمات کو مستحکم کرنے سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ریاستی ثانوی اور اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کی جانب سے جماعت ِ دہم اور بارہویں کے امتحانات فروری- مارچ 2026 میں منعقد ہوں گے۔ ان امتحانات میں حصہ لینے والے طلبہ کے مارکس میمو ڈی جی لاکر میں دستیاب ہونے کیلئے اَپار آئی ڈی کا اندراج لازمی ہے۔ بورڈ کے سیکریٹری دیپک ماڑی نے ہدایت کی ہے کہ تمام اسکول اور جونیئر کالج اپنے طلبہ کی اَپار آئی ڈی بناکر اسے ریاستی بورڈ کی ویب سائٹ پر رجسٹر کریں۔
***** ***** *****
سدنیکا بدعنوانی معاملے میں قصوروار قرار دئیے جانے والے وزیر مانک راؤ کوکاٹے سے تمام محکمے واپس لے لیے گئے ہیں۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی درخواست پر گورنر آچاریہ دیو وَرَت نے کوکاٹے کی ذمہ داریاں واپس لے کر یہ قلمدان نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کو سونپ دئیے۔
دریں اثناء‘ اس معاملے میں ناسک ضلع و سیشن عدالت نے کل کوکاٹے کے خلاف گرفتاری وارنٹ جاری کیا۔ کوکاٹے کے اسپتال میں زیرِ علاج ہونے کے باعث گرفتاری ملتوی کرنے کی درخواست ان کے وکیل نے کی۔ تاہم عدالت نے درخواست مسترد کرتے ہوئے آخری سماعت میں غیر حاضری پر سخت ریمارکس دئیے۔ کوکاٹے نے اس فیصلے کو ممبئی عدالت ِ عالیہ میں چیلنج کیا ہے۔ اس عرضداشت پر کل بروزِ جمعہ سماعت ہوگی۔
اس موضوع پر اسمبلی اسپیکر راہل نارویکر نے کہا کہ عدالتی احکامات کی نقولات موصول نہ ہونے کے سبب کوکاٹے کی اسمبلی کی رکنیت ختم کرنے سے متعلق ہنوز کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ڈویژن میں نجی صنعتی ٹاؤن شپ قائم کرنے کے سلسلے میں منعقدہ ایک اجلاس میں کل ڈویژنل کمشنر جتندر پاپڑکر نے شرکت کی۔ ضلعی سطح پر صنعتی علاقے کیلئے زمین کی دستیابی‘ سرکاری و لینڈ بینک کی میپنگ‘ اس ضمن میں موجودہ قوانین و ضوابط کا جائزہ لیتے ہوئے صنعتی ٹاؤن شپ کیلئے تجربہ کار ڈیولپر تلاش کرنے کی ڈویژنل کمشنر نے ہدایت کی۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلع کے ایڑشی میں کل ایک کم عمری کی شادی روکنے میں انتظامیہ نے کامیابی حاصل کی۔ ضلع خواتین و اطفال محکمے‘ پولس‘ گرام سیوک‘ آنگن واڑی سیویکا‘ سرپنچ اور دیہی اطفال تحفظ کمیٹی کی مشترکہ کوششوں سے یہ کامیابی حاصل کی جاسکی۔ اس کم سن لڑکی کے سرپرستوں کی کونسلنگ کرکے انھیں سن ِ بلوغت سے قبل شادی نہ کرنے کے تحریری حلف نامے پر دستخط بھی کروائے گئے۔
***** ***** *****
جنوبی ہند میں مقبول ناندیڑ ضلع کے لوہا تعلقے کی مالیگاؤں کھنڈوبا یاترا آج سے شروع ہورہی ہے۔ 25 تاریخ تک چلنے والی اس یاترا میں زرعی نمائش کے علاوہ مختلف ثقافتی پروگرام اور زرعی ومویشی پروری سے متعلق مقابلے منعقد ہوں گے۔
***** ***** *****
سوامی رامانند تیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی میں منعقدہ توانائی تحفظ ہفتے کے دوران پرو وائس چانسلر ڈاکٹر اشوک مہاجن نے توانائی کے تحفظ اور ماحولیات کی بقاء کا حلف دلایا۔ توانائی کا کفایت شعاری سے استعمال‘ قابلِ تجدید توانائی کے استعمال اور روزمرہ کی زندگی میں توانائی کی بچت کی اہمیت پر انھوں نے زور دیا۔ یہ ہفتہ 20 دسمبر کو اختتام پذیر ہوگا۔
***** ***** *****
بھارت اور جنوبی افریقہ کے مابین لکھنؤ میں رواں سیریز کا چوتھا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ شدید کہر کے باعث منسوخ کردیا گیا۔ پانچ میچوں کی سیریز میں بھارت نے 2-1 کی سبقت حاصل کررکھی ہے۔ پانچواں اور آخری میچ کل احمدآباد میں کھیلا جائے گا۔
***** ***** *****
موسم: ریاست میں کل سب سے کم درجہئ حرارت آٹھ اعشاریہ چھ ڈگری سیلسیئس گوندیا میں درج کیا گیا۔ اس کے علاوہ اہلیا نگر میں ساڑھے نو‘ ناسک و جلگاؤں میں ساڑھے 10 ڈگری درجہئ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ مراٹھواڑہ کے چھترپتی سمبھاجی نگر میں کم سے کم درجہئ حرارت ساڑھے گیارہ ڈگری رہا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ترقی یافتہ بھارت‘ روزگار و ذریعہئ معاش ضمانتی اسکیم بل پر لوک سبھا میں بحث؛ وزیرِ زراعت آج دیں گے بحث کا جواب۔
٭ جوہری توانائی بل لوک سبھا میں منظور؛ 2047 تک 100 گیگاواٹ جوہری توانائی تیار کرنے کا ہدف۔
٭ انتخابی قانون 1961 میں اصلاحات سے متعلق حکمنامہ جاری کرنے کی ریاستی کابینہ کی منظوری؛ ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی انتخابات میں پرچہئ نامزدگی پر انتخابی افسر کا فیصلہ ہوگا قطعی۔
٭ مانک راؤ کوکاٹے کے عہدے ختم؛ کھیلوں کا قلمدان اجیت پوار کے سپرد۔
اور۔۔۔٭ ناندیڑ ضلع کی مالیگاؤں یاترا کا آج سے آغاز۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment