Wednesday, 12 March 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 12 مارچ 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 12 March-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۲؍ مارچ ۲۰۲۵ء؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ وزیر اعظم نریندر مودی ماریشس کے اعلیٰ ترین اعزاز سے سرفراز؛ آج ماریشس کے قومی دن کی تقریبات میں ہوں گے شریک۔
٭ عبادت گاہوں پر لائوڈ اسپیکر کے استعمال سے متعلق قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرنے کے وزیراعلیٰ کے احکامات۔
٭ مقننہ میں بجٹ پر بحث کا آغاز - بگڑتی ہوئی معاشی صورتحال بجٹ میں ظاہر ہوجانے کی حزبِ اختلاف کی تنقید۔
٭ ریاستی حکومت کی جانب سے پیدائش اور موت کے رجسٹریشن سے متعلق قانون میں تبدیلی ، ٹھوس ثبوت نہ دینے پر ہوگی فوجداری کارروائی۔
٭ مراٹھواڑہ میں موسمبی پروسیسنگ صنعت شروع کرنے کا ارجن کھوتکر کا مطالبہ۔
اور۔۔۔٭ دھاراشیو-بیڑ-چھترپتی سمبھاجی نگر تا چالیس گاؤں ریلوے لائن کے سروے کو منظوری۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیر اعظم نریندر مودی کو ماریشس کے دو اعلیٰ ترین اعزازات، گرینڈ کمانڈر آف دی آرڈر آف دی اسٹار اور کی آف دی انڈین اوشن سے نو ازا جا رہا ہے۔ ماریشس کے وزیر اعظم ڈاکٹر نوین چندر رام غلام نے کل بھارتی شہریوں کیلئے منعقدہ ایک تقریب میں یہ اعلان کیا۔ مودی یہ ایوارڈ حاصل کرنے والے پہلے بھارتی ہیں، اور ان کا یہ اکیسواں بین الاقوامی ایوارڈ ہے۔
دریں اثنا، وزیر اعظم مودی آج ماریشس کے قومی دن کی تقاریب میں شرکت کریں گے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے عبادت گاہوں پر لائوڈ اسپیکر کے استعمال سے متعلق قوانین پر سختی سے عمل آوری کی ہدایت دی ہے۔ وہ کل قانون ساز اسمبلی میں رُکنِ اسمبلی دیویانی فراندے کی توجہ دلائو تجویز کا جواب دے رہے تھے۔ انہوں نے لائوڈ اسپیکرکی آواز کی حد کی جانچ کرنے کی ذمہ داری متعلقہ پولس انسپکٹر کو سونپنے کا اعلا ن بھی کیا۔ انھوں نے ان معاملات میں سخت کارروائی کیلئے مرکزی حکومت سے متعلقہ ضابطوں میں ترمیم کرنے کی درخواست کرنے کا تیقن بھی دیا۔
نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے کل قانون ساز اسمبلی میں اعلان کیا کہ امدادِ باہمی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے این او سی کے بغیر شراب کی دکانوں کو منظور ی نہیں دی جائے گی۔ ارکانِ اسمبلی ‘سدھیر منگنٹیوار، راہل کُول، اور وَرون سردیسائی نے شراب پر پابندی کیلئےرائے دہی کے قوانین میں تبدیلی کا مطالبہ کیا۔ جس پر پوار نے 50 فیصد کی بجائے 75 فیصد رائے دہندگان کے مخالفت میں ووٹ دینے پر شراب کی دکان کی منظوری کو منسوخ کرنے سے متعلق قواعد میں تبدیلی کرنے کا تیقن دیا۔
***** ***** *****
قانون ساز کونسل میں قائد ِحزب اختلاف امباداس دانوے نے بجٹ پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست کی گرتی ہوئی معاشی حالت بجٹ میں کھل کر ظاہر ہوچکی ہے۔ وہ گزشتہ روز ایوان میں بجٹ پر بحث کا آغاز کرتے ہوئے مخاطب تھے۔ دانوے نے کہا کہ یہ بجٹ پرانے نعروں پر مشتمل اور گمراہ کن ہے۔
بی جے پی کے پرساد لاڑ نے کہا کہ یہ بجٹ ریاست کی ترقی کی سمت بدل دے گا، انہوں نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ بجٹ ترقی اور وراثت کا مجموعہ ہے۔ کانگریس کے بھائی جگتاپ نے لاڈکی بہین یوجنا کی قسطوں میں اضافہ کرنے کا وعدہ پورا نہ کرنے پر بجٹ کو تنقید کا نشانہ بنایا‘ جبکہ بزرگ رہنما ایکناتھ کھڑسے نے بجٹ پر تنقید کرتے ہوئے اسے بے سمت قرار د یا۔
قانون ساز اسمبلی میں بھی کل سے بجٹ پر بحث کا آغاز ہوا۔ شیو سینا ادھو بالاصاحب ٹھاکرے پارٹی کے رہنما بھاسکر جادھو نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکمراں پارٹی نے انتخابی دور میں صرف دلکش اعلانات اور خوش کُن وعدو ں کی برسات کی، لیکن بجٹ میں ان وعدوں کو عملی جامہ نہیں پہنایا۔ کانگریس قائد وجے وڑیٹیوار نے اس بجٹ کو ریاست کو قرض کے جال میں دھکیلنے والا قرار دیا۔
راشٹروادی کانگریس شرد چند پوار پارٹی کے جتیندر اوہاڑنے بحث میں حصہ لیتے ہوئے بجٹ کو امیروں کا بجٹ قرار دیتے ہوئے اس میں عام آدمی کیلئے کچھ گنجائش نہ ہونے کی تنقید کی۔
جبکہ بزرگ قائد چھگن بھجبل نے ریاست میں درپیش مشکلات کے پیش نظر جامع بجٹ پیش کرنے پر وزیرِ خزانہ کا خیر مقدم کیا۔
جالنہ کے رُکنِ اسمبلی ارجن کھوتکر نے حزبِ اختلاف کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اس بجٹ کو زراعت، روزگار اور سماجی ترقی سمیت تمام شعبوں کے ساتھ انصاف کرنے والا بتایا۔ انہوں نے مراٹھواڑہ میں موسمبی کی پروسیسنگ انڈسٹری کے قیام کا مطالبہ کیا‘ ساتھ ہی موسمبی کے رس کو زیادہ دیر تک برقرار رکھنے کیلئے زرعی یونیورسٹیوں میں تحقیق کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے پیدائش اور موت کے رجسٹریشن قانون میں تبدیلیاں کی ہیں۔ پیدائش اور موت کے رجسٹریشن ایکٹ، 1969 اور مہاراشٹر کے پیدائش اور موت کے اندراج قا نون، 2000 کی دفعات کے مطابق، پیدائش اور اموات کو ایک سال سے زیادہ کی تاخیر کے معاملات درج کرنے کا طریقۂ کار طے کیا گیا ہے۔ جس پیدائش یا موت کو ایک سال سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے اور ان کے رشتہ داروں کو یہ سرٹیفکیٹ مطلوب ہیں، تاہم ان کے پاس اس حوالے سے مضبوط ثبوت موجود نہیں ہیں او ر وہ سرٹیفکیٹ کیلئے درخواست کرتے ہیں تو اُن درخواست گزاروں کے خلاف براہ راست فوجداری کارروائی کرنے کا انتباہ بھی متعلقہ خبر میں دیا گیا ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعےکے کنڑ-سوئیگاؤں انتخابی حلقے میں مہاراشٹر جیون پرادھیکرن اور جل جیون مشن کےآبرسانی منصوبوں کے زیر التواء کاموں کو اندرونِ دو ماہ مکمل کرنے کی ہدایت پانی فراہمی اور صفائی محکمے کے وزیر گلاب راؤ پاٹل نے دی ہے۔ وہ گزشتہ روز منتر الیہ میں منعقدہ جائزاتی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انھوں نے 48 زیر التوا منصوبوں کے ٹھیکیداروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے اور کام نہ کرنے والے ٹھیکیداروں کو سیاہ فہرست میں شامل کرنے کی ہدایات بھی دیں۔
***** ***** *****
مرکزی وزارت ریلوے نے دھاراشیو-بیڑ-چھترپتی سمبھاجی نگرکے درمیان 240 کلومیٹر نئی ریلوے لائن کیلئے سروے کو منظوری دے دی ہے۔ رکنِ پا رلیمان بجرنگ سونونے نے اس کیلئے 6 کروڑ روپے کا فنڈ منظور ہونے کی اطلاع سماجی رابطوں پر دی۔ انہوں نے بتایا کہ چھترپتی سمبھاجی نگر سے چالیس گاؤں تک 93 کلومیٹر طویل ریلوے لائن کے سروے کیلئےدو کروڑ 32 لاکھ روپے منظور کیے گئے ہیں اور اس سلسلے میں محکمہ ریلوے کی طرف سے ایک خط جاری کیا گیا ہے۔
دریں اثنا، سونونے ‘نے کہا کہ اہلیانگر-بیڑ-پرلی ریلوے لائن کیلئے زمین کے حصول کا کام مکمل ہو چکا ہے اور اس لائن پر کام تیزی سے جاری ہے۔
***** ***** ****
پونے کے سوارگیٹ بس اسٹینڈ پر شیو شاہی بس میں ایک خاتون کے ساتھ جنسی زیادتی کے معاملے میں چار افسران کو معطل کر دیا گیا ہے جبکہ 22 حفاظتی اہلکار تبدیل کیے گئے ہیں۔ وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائک نے کل قانون ساز کونسل میں یہ جانکاری دی۔ سرنائک نے ایس ٹی مسافروں بالخصوص خواتین کی حفاظت میں لاپرواہی برتنے پر سخت کارروائی کرنے کا اشارہ بھی دیا۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلعے میں کھیتی کے ساتھ سیاحت کے فروغ‘ گال سے لیس کھیت‘ پھل باغ جیسے شعبوں کیلئے کام کرنے کا عزم ضلعے کے نئے کلکٹر کیرتی کما ر پجار نے ظاہر کیا ہے۔ وہ کل ایک صحافتی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ ضلعے کے ڈیڑھ سو سیاحتی مقامات پر بنیادی سہولیات کیلئے کوشش کریں گے اور اس میں خواتین بچت گروپوں کی شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔
***** ***** *****
شری شیلیہ اُٹگے نے کانگریس کے لاتو ر ضلع صدر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ پا رٹی کے ر یاستی صدر ہرش وردھن سپکال کو انھوں نے اپنا استعفیٰ پیش کیا۔ اسمبلی کے عام انتخابات میں کانگریس امیدو ار دھیرج د یشمکھ کی شکست کی ذمہ دار ی قبول کرتے ہوئے استعفیٰ د ینے کی وضاحت اُٹگے نے کی ہے۔
***** ***** *****
رنگوں کا تہوار ہولی کل منایا جائے گا۔ ہولی اور دھولی وندن مناتے وقت عو ام سے بجلی کے حادثات سے حفاظت کیلئے احتیاط برتنے کی اپیل چھترپتی سمبھاجی نگر کے مہاوترن انتظامیہ کی جانب سے کی گئی ہے۔
دریں اثنا‘ اس تہوار کے دو ر ان سماجی ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کی اپیل پربھنی کے ضلع کلکٹر رگھوناتھ گائوڑے نے کی ہے۔ضلع امن کمیٹی اور مختلف محکمہ جات کے سربراہان کے ہمراہ ا یک میٹنگ سے وہ مخاطب تھے۔
***** ***** *****
لاتور کی امراضِ زنانہ تنظیم کی جا نب سے ’’محفوظ ماں‘‘ کے موضوع پر کل ایک روزہ تربیتی کیمپ منعقد کیا گیا۔ اس کیمپ میں نسوانی بیماریوں کے ماہرین نے دو را نِ حمل احتیاط برتنے‘ کھانے اور صحت سے متعلق رہنمائی کی۔
***** ***** *****
دھاراشیو اور شولاپور ضلعے کے بارشی تعلقے میں شیر دکھائی دیا ہے۔ ایوت محل ضلعے کے ٹپیشور جنگلات سے شیر کے نقل مکانی کرنے کا امکان ظاہر کیا گیاہے ا ور یہ شیر بھوم‘ واشی‘ کلمب‘ پرانڈا‘ ییڑشی‘ رام لنگ گھاٹ اور بارشی جنگلات میں گشت کرتا ہو ا نظر آیا ہے۔ محکمہ جنگلات شیر کو بحفاظت پکڑ کر جنگلات میں چھوڑنے کیلئے کوشاں ہے۔
***** ***** *****
ناند یڑ ریلوے اسٹیشن کے توسیعی کاموں کے چلتے ناند یڑ تا چھترپتی سمبھاجی نگر ایکسپریس 14 مارچ ا ور پربھنی تا ناندیڑ ایکسپریس آج کل اور 15 مارچ کو منسوخ کی گئی ہے۔ یہ اطلاع جنوب وسطی ریلوے محکمے کی جانب سے دی گئی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ وزیر اعظم نریندر مودی ماریشس کے اعلیٰ ترین اعزاز سے سرفراز؛ آج ماریشس کے قومی دن کی تقریبات میں ہوں گے شریک۔
٭ عبادت گاہوں پر لائوڈ اسپیکر کے استعمال سے متعلق قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرنے کے وزیراعلیٰ کے احکامات۔
٭ مقننہ میں بجٹ پر بحث کا آغاز - بگڑتی ہوئی معاشی صورتحال بجٹ میں ظاہر ہوجانے کی حزبِ اختلاف کی تنقید۔
٭ ریاستی حکومت کی جانب سے پیدائش اور موت کے رجسٹریشن سے متعلق قانون میں تبدیلی ، ٹھوس ثبوت نہ دینے پر ہوگی فوجداری کارروائی ۔
٭ مراٹھواڑہ میں موسمبی پروسیسنگ صنعت شروع کرنے کا ارجن کھوتکر کا مطالبہ۔
اور۔۔۔٭ دھاراشیو-بیڑ-چھترپتی سمبھاجی نگر تا چالیس گاؤں ریلوے لائن کے سروے کو منظوری۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 29.04.2026 रोजीचे दुपारी 01.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date - 29 April 2026 Time 01.00 to 01.05 PM Language Marathi आकाशवाणी छत...