Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 19 April-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۹۱/اپریل ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ کانگریس اور اس کی حلیف جماعتوں کی منفی سیاست کے باعث ناری شکتی وندن بل منظور نہیں کیا جاسکا: وزیرِ اعظم کا الزام۔
٭ گرام سڑک یوجنا 3- کی معیاد میں مارچ 2028 تک توسیع کو مرکزی کابینہ کی منظوری۔
٭ عالمی یومِ ورثہ کے سلسلے میں چھترپتی سمبھاجی نگر شہر میں مختلف پروگراموں کا انعقاد۔
٭ لاتور میں نئے ضلع اسپتال کی عمارت کا سنگ ِ بنیاد۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ سمیت ریاست کے چند مقامات پر آئندہ دو دِن غیر موسمی بارش کا امکان۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے الزام عائد کیا ہے کہ کانگریس اور اس کی حلیف جماعتوں کی منفی سیاست کے باعث ناری شکتی وندن بل منظور نہیں کیا جاسکا۔ کل قوم سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے خواتین سے معافی مانگی۔ اپنے خطاب میں انھوں نے مختلف مثالیں دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی ہمیشہ سے ہی اصلاحات کی مخالف رہی ہے اور اسی منفی کردار کے سبب آزادی کے بعد سے آج تک ملک توقع کے مطابق ترقی نہیں کرسکا۔ وزیرِ اعظم نے اعتماد ظاہر کیا کہ خواتین ریزرویشن کی مخالف جماعتیں پارلیمنٹ اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کی شراکت کو روک نہیں سکتیں۔ انھوں نے کہا کہ ناری شکتی وندن ترمیم وقت کی ضرورت ہے اور تمام شعبوں میں خواتین کے متوازن استحکام کیلئے یہ ایک معقول کوشش تھی۔ انھوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
دیگر سیاسی جماعتوں پر بھی سخت تنقید کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ ان پارٹیوں نے بھی خواتین کو ریزرویشن دینے اور اپنی ریاستوں سے زیادہ سے زیادہ عوامی نمائندگان کو مقننہ تک پہنچنے کا ایک موقع گنوادیا ہے۔ قومی مفاد پر پارٹی مفاد کو ترجیح دینے کی خودغرضی کی سیاست کی وجہ سے خواتین کے حقوق سلب کیے گئے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس بل کو دو تہائی حمایت نہ ملنے کے باوجود خواتین کے ریزرویشن کی راہ میں تمام رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا اور یقین دلایا کہ ملک کے مستقبل کیلئے یہ بل ضرور منظور کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
***** ***** *****
وزیرِ اعظم دیہی سڑک اسکیم3- کی معیاد میں مارچ 2028 تک توسیع کرنے کو مرکزی کابینہ نے منظوری دے دی۔ مرکزی وزیرِ اطلاعات و نشریات اشونی ویشنو نے کابینی اجلاس کے بعد اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ اطلاع دی۔
Byte: Union Minister Ashwini Vaishnav
سرکاری ملازمین کا مہنگائی بھتہ دو فیصد بڑھاکر سات فیصد کرنے کا فیصلہ بھی کابینہ نے کیا۔ یکم جنوری 2026 سے یہ اضافہ نافذالعمل ہوگا۔ وزیرِ موصوف نے بتایا کہ ساڑھے پچاس لاکھ ملازمین اور 68 لاکھ سے زائد وظیفہ خواروں کو اس کا فائدہ ہوگا۔ اس فیصلے سے سرکاری خزانے پر سالانہ تقریباً چھ ہزار 791 کروڑ روپئے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
12 ہزار 980 کروڑ کا بھارت سمندری انشورنس پول قائم کرنے کی بھی کابینہ نے کیا۔ عالمی غیر یقینی صورتحال کے پیشِ نظر بھارتی بحری جہازوں اور بحری تجارت کو انشورنس فراہم کرنا اس کا بنیادی مقصد ہے۔
***** ***** *****
پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی کارروائی کو غیر معینہ مدت کیلئے کل ملتوی کردیا گیا ہے۔ توسیع شدہ بجٹ اجلاس کل اختتام پذیر ہوا۔ اس اجلاس کا آغاز 28 جنوری کو ہوا تھا۔ اجلاس کے دوران لوک سبھا کے کُل 41 سیشن ہوئے۔ اسپیکر اوم برلا نے بتایاکہ اجلاس میں 93 فیصد کام کاج ہوا۔ بجٹ اجلاس میں مجموعی طور پر 12 بل پیش ہوئے، جن میں سے 9 کو منظور کیا گیا جبکہ راجیہ سبھا کا کام کاج 157 گھنٹے ہوا۔
***** ***** *****
اے ٹی ایس یعنی آٹو میٹک ٹیسٹنگ اسٹیشن سسٹم بند ہونے کے سبب زیرِ التواء گاڑیوں کے پرمٹ کی تجدید کے عمل کو مرکزی وزیر نتن گڈکری نے اس سال اکتوبر کے آخر تک مہلت دے دی ہے۔ اس سے ریاست میں ٹیمپو‘ اسکول بس اور رکشوں کے پرمٹ کا راستہ کھل گیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اس سلسلے میں خط لکھ کر درخواست کی تھی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کل محکمہئ داخلہ کے ایک اجلاس میں اہم معاملوں کا جائزہ لیا اور باریک بینی سے تحقیقات کرکے سخت کارروائی کے احکامات جاری کیے۔ ڈائریکٹر جنرل آف پولس، محکمہ داخلہ کے ایڈیشنل سیکریٹری‘ ایس آئی ٹی سربراہ اور دیگر اعلیٰ افسران نے بھی اس اجلاس میں شرکت کی۔ ناسک کی ٹی سی ایس کمپنی میں ہوئے معاملے‘ جعلی جیوتشی اشوک کھرات کے معاملات‘ امراوتی میں نابالغ لڑکی کا جنسی استحصال اور ممبئی کے گورے گاؤں میں موسیقی کے ایک پروگرام میں نشہ آور اشیاء کے زیادہ استعمال سے ہوئی اموات کے مقدمات کا جائزہ بھی وزیرِ اعلیٰ نے لیا۔
***** ***** *****
عالمی ورثہ دن کی مناسبت سے کل مختلف پروگراموں کا انعقاد عمل میں آیا۔ ”تنازعات اور آفت کے وقت تاریخی عمارتوں کے تحفظ کیلئے ہنگامی ردّعمل“ اس دن کی تھیم تھی۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اس موقع پر عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنی شاندار تاریخ‘ ثقافت اور فنون کے قیمتی ورثے کے تحفظ اور ترقی یافتہ مہاراشٹر کے عزم کا اظہار کیا۔
***** ***** *****
عالمی یومِ ورثہ کے موقع پر چھترپتی سمبھاجی نگر شہر میں کل مختلف پروگراموں منعقد ہوئے۔ اِنٹیک کی جانب سے کل صبح ساتارا پریسر کے کڑے پٹھار کھنڈوبا مندر میں ایک ہیریٹیج واک منعقد کی گئی۔ اس موقع پر تاریخ کے ماہر سنکیت کلکرنی نے یادو دور کے مندر علاقوں اور تالابوں سے متعلق معلومات دیں۔ ریاست کے آثارِ قدیمہ محکمے کی جانب سے سنہری محل کے علاقے میں صبح مراٹھا ملٹری لینڈ اسکیپ، چھترپتی شیواجی مہاراج کے 12 قلعوں پر مبنی خصوصی تصویری نمائش منعقد کی گئی۔ شہرکے سرکاری عجائب گھر اورمحکمہئ آثارِ قدیمہ کی جانب سے شیوگان پروگرام دہلی گیٹ علاقے میں منعقد کیا گیا۔
***** ***** *****
لاتور میں نئے ضلع اسپتال کی عمارت کا سنگ ِ بنیاد کل رابطہ وزیر شیویندر سنگھ راجے بھونسلے کے ہاتھوں رکھا گیا۔ اس موقع پر انھوں نے اعلان کیا کہ یہاں 100 بیڈ والے اسپتال کی بجائے مستقل 500 بیڈ والا جدید ترین اسپتال بنایا جائے گا۔ اسپتال کی تعمیر کیلئے فنڈز کی کمی نہیں ہونے دی جائیگی۔ کام کا معیار برقرار رکھتے ہوئے اسے بروقت مکمل کیا جائے گا۔ وزیرِ موصوف نے کہا کہ اس اسپتال سے لاتورکی عوام کو جدید طبّی سہولیات میسر ہوں گی۔
***** ***** *****
دریں اثناء‘ رابطہ وزیر شیویندر سنگھ راجے بھونسلے نے کل مانسون کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس میں بھی شرکت کی۔ انھوں نے کہا کہ آئندہ مانسون میں اوسط سے کم بارش کے امکان کا اظہار کیا جارہا ہے۔ اس لیے پانی کی ممکنہ قلّت کیلئے ابھی سے تیار رہیں۔
***** ***** *****
جل جیون مشن کے تحت پانی کے تمام ذخائر اور پینے کے پانی کے تمام ذرائع کے کام مانسون سے قبل مکمل کرکے ہر گھر جل اسکیم کا ہدف حاصل کرنے کی ہدایت دھاراشیو کے ضلع کلکٹر کیرتی کرن پجار نے دی ہے۔ وہ کل اس سلسلے میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔
***** ***** *****
ناری شکتی وندن بل کی حمایت میں دھاراشیو بی جے پی خواتین مورچے کی جانب سے ایک لاکھ خواتین کی دستخطوں پر مشتمل ایک محضر صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو کو ارسال کیا جائے گا۔ بی جے پی خواتین مورچہ کی صدر پریتی کدم اور ضلع پریشد کی سابق صدر اسمتا کامبلے نے الزام لگایا کہ ناری شکتی وندن بل کی مخالفت کرکے کانگریس اور دیگر پارٹیوں نے خواتین کے حقوق پر حملہ کیا ہے۔ ان کی جانب سے جاری کردہ ایک اخباری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس ناانصافی کے خلاف ضلع میں ایک تحریک چلائی جائے گی۔
***** ***** *****
ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے والے پربھنی ضلعے کے 9 کھاد فروشوں کے پرمٹ معطل کردئیے گئے ہیں۔ ضلع زرعی افسر کے دفتر میں کل ہوئی سماعت کے دوران کھاد فروشی کے ان مراکز کے وضاحتی بیان غیر تسلی بخش پائے جانے کے بعد یہ کارروائی کی گئی۔
***** ***** *****
موسم: مراٹھواڑہ سمیت خاندیش اور ودربھ کے چند علاقوں میں 20 سے 22 اپریل کے دوران تیز ہواؤں کے ساتھ غیر موسمی بارش کے امکان کا اظہار محکمہ موسمیات نے کیا ہے۔ اس دوران چند ایک علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔ محکمہئ زراعت نے کسانوں سے اپیل کی ہے کہ زرعی کاموں کی منصوبہ بندی موسمی حالات کے مطابق کریں اور اپنی کٹی ہوئی فصلوں کو محفوظ جگہ پر رکھیں۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ کانگریس اور اس کی حلیف جماعتوں کی منفی سیاست کے باعث ناری شکتی وندن بل منظور نہیں کیا جاسکا: وزیرِ اعظم کا الزام۔
٭ گرام سڑک یوجنا 3- کی معیاد میں مارچ 2028 تک توسیع کو مرکزی کابینہ کی منظوری۔
٭ عالمی یومِ ورثہ کے سلسلے میں چھترپتی سمبھاجی نگر شہر میں مختلف پروگراموں کا انعقاد۔
٭ لاتور میں نئے ضلع اسپتال کی عمارت کا سنگ ِ بنیاد۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ سمیت ریاست کے چند مقامات پر آئندہ دو دِن غیر موسمی بارش کا امکان۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment