Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 16 April-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۶۱/اپریل ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ”ناری شکتی وَندن“ بل میں ترامیم پر بحث کیلئے آج سے پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس۔
٭ طبّی خدمات کے شعبے میں اخلاقی اقدار کا مقام سب سے بلند ہے: صدرِ جمہوریہ کا عندیہ۔
٭ کسانوں کو قدرتی کاشت کو فوقیت دینے کی وزیرِ اعظم کی ترغیب۔
٭ امراوتی میں جنسی استحصال کے معاملے میں خصوصی تحقیقاتی ٹیم کی تشکیل۔
اور۔۔۔٭ ریاست میں آئندہ دو دِنوں میں شدید لُو چلنے کا خدشہ؛ ہنگولی میں لُو لگنے سے ایک شخص جاں بحق۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
ناری شکتی وَندن بل میں ترامیم پر بحث کیلئے پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس آج سے شروع ہورہا ہے۔ پارلیمانی اُمور کے وزیر کرین رِجیجو نے یہ اطلاع دی۔ انھوں نے کہا کہ خواتین ریزرویشن سے متعلق یہ بل متوازن ہے اور تمام ریاستوں‘ برادریوں اور تمام خطوں کی امیدوں پر پورا اُترنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ تمام سیاسی جماعتوں سے اس بل کو اتفاقِ رائے سے منظور کرنے کی اپیل کرتے ہوئے رِجیجو نے کہا:
Byte: Minister of Parliamentary Affairs, Kiren Rijiju
اس قانون کی منظوری سے پارلیمنٹ اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کیلئے 33 فیصد ریزرویشن لاگو ہوجائے گا۔ 18 اپریل تک چلنے والے پارلیمنٹ کے اس خصوصی اجلاس میں یہ بل آج لوک سبھا میں پیش ہوگا، جس پر 18 گھٹنے مباحثے کی توقع ہے۔ رجیجو نے بتایا کہ راجیہ سبھا میں بھی اس بل پر بحث کیلئے 10 گھنٹے مختص کیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی میں جب تک خواتین کی 50 فیصد شراکت نہیں ہوتی تب تک بھارت ترقی یافتہ ملک نہیں بن سکتا۔ وہ کل ممبئی میں ناری شکتی وچار منچ کی جانب سے منعقدہ خواتین کی ایک کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ ناری شکتی وَندن ایکٹ کے ذریعے مستقبل میں ملک کی خواتین کے سیاسی‘ سماجی اور اقتصادی اُمور میں تاریخی تغیر ہوگا اور خواتین منتخب ہوکر آئیں گی، جس سے خواتین کی ترقی اور قیادت کو نئی سمت ملے گی۔ انھوں نے اپیل کی کہ ناری شکتی وندن بل کے ذریعے تبدیلی لانے کیلئے ہر ایک متفقہ طور پر اس کی حمایت کرے۔
***** ***** *****
صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو نے کہا ہے کہ طبّی خدمات کے شعبے میں اخلاقی اقدار کا مقام سب سے اونچا ہے اور وہ انسانیت کی خدمت کرنے کا راستہ ہے۔ ناگپو رمیں آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز ”AIMS“ کے دوسرے جلسہئ تقسیمِ اسناد سے وہ خطاب کررہی تھیں۔ انھوں نے تمام گریجویٹس کو تجسس‘ تحقیق اور ہمیشہ سیکھتے رہنے کی عادت اپنانے کی ترغیب دی۔ ادارے کی ستائش کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ناگپور ایمس نے مختصر وقت میں صحت‘ تعلیم اور تحقیق کے شعبے میں نمایاں ترقی کی ہے۔ آیوشمان بھارت سمیت مرکزی حکومت طبّی اسکیموں کی بھی انھوں نے ستائش کی۔ صدرِ جمہوریہ نے کہا:
Byte: President of India, Droupadi Murmu
اسی دوران راست ٹیکس اکیڈمی میں انڈین ریوینیو سروسیز کے 78 ویں بیچ کے تربیتی افسران کی وداعیہ تقریب میں بھی کل صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو نے شرکت کی۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بقائے آب‘ قدرتی کاشتکاری‘ صحت ِ عامہ اور خدمات جیسے 9 شعبوں کی ترقی کیلئے عوام بے لوث لگن کے ساتھ کام کریں‘ اُسی وقت ترقی یافتہ بھارت کا خواب شرمندہئ تعبیر ہوسکے گا۔ کرناٹک کے ناگ منگلا میں آدی چنچن گری مٹھ کے مندر کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ کسان‘ طبعی طرزِ کاشت کو فوقیت دیں اور شہری اپنی روز مرہ کی غذا میں تیل کی مقدار میں کم از کم 10 فیصد کمی کریں۔ انھوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
***** ***** *****
امدادِ باہمی کے وزیر بابا صاحب پاٹل نے اعتماد ظاہر کیا ہے کہ ریاست کے امدادِ باہمی شعبے کو مزید مؤثر اور فعال اور متحرک بنانے کیلئے تجویز کردہ امدادِ باہمی پالیسی‘ تمام فریقوں کی شمولیت کو یقینی بنائے گی اور قابلِ اعتماد ہوگی۔ کل ممبئی میں کوآپریٹیو پالیسیوں میں تبدیلیوں کے سلسلے میں قائم کردہ اعلیٰ سطحی کمیٹی کے اجلاس سے وزیرِ موصوف خطاب کررہے تھے۔ اس اجلاس میں کوآپریٹیو سیکٹر کو مستحکم بنانے کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
امراوتی میں نابالغ لڑکیوں کے جنسی استحصال کے معاملے کی تفتیش کیلئے خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ پرت واڑہ میں ہوئے اس معاملے میں پولس نے ملزم محمد ایاز سمیت چار افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انھوں نے 180 نابالغ لڑکیوں کو محبت کے جال میں پھنسا کر قابلِ اعتراض ویڈیوز بنائی اور بلیک میل کرکے عصمت فروشی کے پیشے میں دھکیل دیا۔
دریں اثناء‘ اَچل پور میونسپل کونسل نے ملزم کے گھر کی تعمیر کو غیر قانونی قرار دیکر اسے مسمار کردیا۔ اس واقعے کے خلاف احتجاج میں کل اَچل پور- پرت واڑہ شہر میں بند منانے کا اعلان کیا گیا تھا۔ شہریوں نے اس بند کی بھرپور حمایت کی۔
***** ***** *****
سینٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (CBSE)کا جماعت ِ دہم کا نتیجہ کل جاری کردیا گیا۔ امتحان دینے والے طلبہ میں تقریباً 94 فیصد طلبہ نے کامیابی حاصل کی جن میں طالبات کی کامیابی کا تناسب تقریباً 95 فیصد اور لڑکوں کی کامیابی کا تناسب 92 فیصد رہا۔
***** ***** *****
ریاستی حمل و نقل کے وزیر پرتاپ سرنائیک نے ایس ٹی محکمے کے مالی خسارے کو کم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ وہ کل ممبئی میں محکمے کے جائزہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ محکمے کی روزانہ اوسط آمدنی ساڑھے 31 کروڑ روپئے اور اخراجات 33 کروڑ روپئے ہیں‘ یعنی روزآنہ کی بنیاد پر تقریباً ڈیڑھ کروڑ روپئے کا نقصان ہورہا ہے۔ وزیرِ موصوف نے کہا کہ اس خصوص میں جلد ہی ایک جامع منصوبہ جاری کیا جائے گا۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلع کے اونڈھا میں کل ایک سڑک حادثے میں دو نوجوان ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔ کھانڈیشوری دیوی مندر کے قریب ایک مال بردار گاڑی اور موٹر سائیکل کے مابین راست تصادم سے یہ حادثہ رونماء ہوا۔
***** ***** *****
باڑا صاحب ٹھاکرے ناگپور-ممبئی سمردھی ایکسپریس وے پر جالنہ ضلع میں کل ایک حادثے میں چھ افراد زخمی ہوگئے۔ کیری گوہان کے قریب آئشر اور خانگی ٹراویلس کی بس کی ٹکر کے بعد زخمی ہونے والے ان افراد کو اسپتال میں داخل کردیا گیا ہے۔
***** ***** *****
ہنگولی میں لُو لگنے سے ایک نوجوان کی موت واقع ہوگئی۔ ہنگولی بس اسٹینڈ پر پائی جانے والی نوجوان کی لاش کا پوسٹ مارٹم کرنے سے یہ بات ثابت ہوئی کہ لُو لگنے سے وہ جاں بحق ہوا تھا۔ اس نوجوان کا نام شیخ رفیق شیخ عثمان بتایا گیا ہے جو جوڑا کا ساکن بتایا جاتا ہے۔
***** ***** *****
اسی دوران‘ ریاست میں آئندہ چند دنوں میں شدید گرمی کی لہر کے خدشے کا اظہار بھارتی محکمہ موسمیات نے کیا ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر‘ جالنہ، پربھنی، ہنگولی اضلاع میں آج اور کل شدید گرمی کا امکان ہے۔ ریاست میں کل سب سے زیادہ درجہ حرارت 44 ڈگری سیلسیئس آکولہ میں درج کیا گیا، پربھنی میں 42 اور چھترپتی سمبھاجی نگر میں درجہئ حرارت 41 اعشاریہ چار ڈگری سیلسیئس ریکارڈ کیا گیا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں کل سے آل انڈیا انٹریونیورسٹی روڈ سائیکلنگ مقابلے کا آغاز ہوا۔ اسوسی ایشن آف انڈین یونیورسٹیز اور مہاتما گاندھی مشن یونیورسٹی کے مشترکہ تعاون سے ان چار روزہ مقابلوں کا انعقاد کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ ”ناری شکتی وَندن“ بل میں ترامیم پر بحث کیلئے آج سے پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس۔
٭ طبّی خدمات کے شعبے میں اخلاقی اقدار کا مقام سب سے بلند ہے: صدرِ جمہوریہ کا عندیہ۔
٭ کسانوں کو قدرتی کاشت کو فوقیت دینے کی وزیرِ اعظم کی ترغیب۔
٭ امراوتی میں جنسی استحصال کے معاملے میں خصوصی تحقیقاتی ٹیم کی تشکیل۔
اور۔۔۔٭ ریاست میں آئندہ دو دِنوں میں شدید لُو چلنے کا خدشہ؛ ہنگولی میں لُو لگنے سے ایک شخص جاں بحق۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment