Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 25 April-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۵۲/اپریل ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ مختلف سرکاری اسکیموں کے ذریعے شہریوں کو خود کفیل بنانے کی کوشش کی جائے: وزیرِ خزانہ کی بینکوں کو ترغیب۔
٭ ملک میں ایل پی جی‘ پیٹرول اور ڈیز ل کی رسد مستحکم ہے: وزارتِ پیٹرولیم کی وضاحت۔
٭ مسافروں کے ساتھ مراٹھی میں گفتگو کرنے کیلئے مہاراشٹر وہیکل ایکٹ میں تبدیلی کی تجویز۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع میں رائے دہندگان کی میپنگ کا 73 فیصد کام مکمل۔
اور۔۔۔٭ چھترپتی سمبھاجی نگر کی گرام وکاس سنستھا کو 2022 کا جل بھوشن ایوارڈ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
مرکزی وزیرِ خزانہ نرملا سیتا رَمن نے بینکوں سے اپیل کی ہے کہ مرکزی حکومت کی مختلف اسکیمات کے ذریعے شہریوں کو خودکفیل بنانے کیلئے مزید کام کریں۔ وہ کل پونہ میں اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے مہاراشٹر سرکل کے مقامی ہیڈکوارٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہی تھیں۔ انھوں نے کہا کہ ملک کی ترقی میں بینکوں کا کردار نہایت اہم ہے اور نچلی سطح تک بینکاری خدمات پہنچانے کیلئے حکومت ایس بی آئی کے ساتھ کھڑی ہے۔ انھوں نے واضح کیا کہ دیگر سرکاری بینکوں کے انضمام کی کوئی تجویز حکومت کے زیرِ غور نہیں۔ تاہم‘ اس خصوص میں اعلیٰ سطحی بینکنگ کمیٹی مطالعہ کرے گی۔ سیتارَمن نے مزید کہا کہ ڈیجیٹائزیشن نہایت اہم ہے لیکن اپنے صارفین سے دور نہ ہوتے ہوئے کاروبار میں انسانی جذبے کو قائم رکھنا چاہیے۔ صارفین اور بینک ملازمین کے درمیان راست رابطے اور تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انھوں نے اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی کاوشوں کی ستائش کی۔
***** ***** *****
وزارتِ پیٹرولیم کی ایڈیشنل سیکریٹری سجاتا شرما نے کہا ہے کہ مغربی ایشیاء کے بحران کے باعث درآمد متاثر ہونے کے باوجود ملک میں ایل پی جی‘ پیٹرول اور ڈیزل کی رسد مستحکم ہے۔ کل نئی دہلی میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ گیس کی سپلائی میں رکاوٹ کی کوئی اطلاع نہیں ہے اور نہ ہی ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ صارفین کو گھبراہٹ میں خریداری سے بچنے اور ایل پی جی کی گھر بیٹھے فراہمی کیلئے آن لائن بکنگ کروانے کا مشورہ بھی انھوں نے دیا۔
Byte: Petroleum And Natural Gas Joint Secretary Sujata Sharma
انھوں نے مزید کہا کہ کمرشیل ایل پی جی سپلائی بڑے پیمانے پر بحال ہوچکی ہے۔ پی این جی کنکشن کی توسیع جاری ہے اور خام تیل کے مناسب ذخائر توانائی کی سلامتی کو یقینی بنارہے ہیں۔
***** ***** *****
عام آدمی پارٹی کے ارکانِ پارلیمان راگھو چڈھا‘ سندیپ پاٹھک اور اشوک متل سمیت سات ارکانِ پارلیمان نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔ ان ارکان نے کل نئی دہلی میں ایک اخباری کانفرنس میں اپنے اس فیصلے کا اعلان کیا اور کہا کہ راجیہ سبھا کے رُکن ہربھجن سنگھ‘ سواتی مالیوال، راجندر گپتا اور وکرم ساہنی بھی ان کے ساتھ ہیں۔ اس حوالے سے ایک مکتوب راجیہ سبھاکے چیئرمین کو ارسال کردیا گیا ہے۔ اس طرح 244 رُکنی راجیہ سبھا میں اب این ڈی اے کے ارکان کی تعداد 145 ہوگئی ہے۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے عوامی ٹرانسپورٹ میں مسافروں سے مراٹھی زبان میں بات چیت کو رواج دینے کیلئے مہاراشٹر وہیکل قانون میں ترمیم کی تجویز تیار کی ہے۔ جس میں ڈرائیورز کیلئے مراٹھی زبان کا علم ہونا لازمی قرار دیا جائے گا اور لائسنس جاری کرنے اور تجدید کرتے وقت بھی اس کی جانچ کی جائیگی۔ آٹو رکشہ اور ٹیکسی ڈرائیورس کیلئے اپنا لائسنس رینیو کرواتے وقت مراٹھی زبان سے آگاہی کا اظہار کرنا لازمی ہوگا۔ ٹرانسپورٹ کمشنر نے اس ضمن میں تجویز محکمہ داخلہ کو روانہ کردی ہے اور اس بنیاد پر حکمنامہ جاری کرنے کے عمل کا آغاز کردیا گیا ہے۔ اس مسودے پر شہریوں‘ تنظیموں اور متعلقہ طبقات سے تجاویز اور اعتراضات طلب کیے گئے ہیں۔ حکمنامہ جاری ہونے کے 30 دن کے اندر موصول ہونے والی تجاویز پر حکومت غور کرے گی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ناسک میں آج راج ماتا پنیہ شلوک اہلیا دیوی ہولکر کے 300 سالہ جشن کے سلسلے میں گوداوری تا نرمدا جل یاترا نکالی جائیگی۔ ترمبکیشور میں وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی موجودگی میں اس یاترا کا آغاز ہوگا۔ 500 کلو میٹر کا سفر طئے کرکے مدھیہ پردیش کے ماہیشور میں یہ یاترا اختتام پذیر ہوگی۔
***** ***** *****
ناندیڑ شہر کے اسلام پورہ محلے میں ترقیاتی کاموں کیلئے میونسپل کارپوریشن کی جانب سے کھودے گئے گڑھوں میں ڈوب کر چار بچوں کی موت کے معاملے میں قومی انسانی حقوق کمیشن نے کارپوریشن کو نوٹس جاری کیا ہے۔ کمیشن نے ذرائع ابلاغ پر موجود خبروں کا حوالہ دیتے ہوئے کارپوریشن کو اندرونِ دو ہفتے اس خصوص میں تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
***** ***** *****
بیڑ ضلع میں آبرسانی اسکیموں اور ترقیاتی کاموں کو تیز کرنے کی ہدایت رکنِ پارلیمان بجرنگ سونونے نے انتظامیہ کو دی ہے۔ ضلع ترقیاتی رابطہ کمیٹی کے ایک اجلاس میں انھوں نے 27 محکموں کے کاموں کا جائزہ لیا۔ انھوں نے کہا کہ جل جیون مشن‘ پینے کے پانی اور صفائی محکموں کے کاموں میں بدعنوانیوں کی شکایات موصول ہورہی ہیں اور متعدد مقامات پر آبرسانی اسکیمیں محض کاغذات تک ہی محدود رہنے کی سمت سونونے نے توجہ مبذول کروائی۔ انھوں نے متعلقہ اربابِ مجازکو ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔
***** ***** *****
ریاستی کابینہ کے حالیہ فیصلے کے مطابق دھاراشیو سے قریب کوڑگاؤں صنعتی علاقے میں گلوبل فورج کمپنی دو ہزار کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کرے گی۔ جہاں دفاعی سازو سامان تیار کیا جائے گا اور ساتھ ہی بھارت بائیو گیس لمیٹڈ کا کامپریسڈ بائیو گیس منصوبہ لگایا جائے گا۔ یہ اطلاع رکنِ اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل نے دی۔ انھوں نے بتایا کہ اس منصوبے سے تقریباً تین ہزار ملازمت کے مواقع پیدا ہوں گے۔
***** ***** *****
لاتور ضلع کے چاکور تعلقے کی آنند لفٹ آبپاشی و آبی استعمال کی کوآپریٹیو تنظیم کو پہلا پنیہ شلوک اہلیا دیوی ہولکر انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔ ریاستی سطح کی کمیٹی نے جانچ کے بعد اس تنظیم کی تنظیمی جدت و شفافیت اور مؤثر کارکردگی کو دیکھتے ہوئے اس ایوارڈ کا اعلان کیا۔
***** ***** *****
فہرست رائے دہندگان کے ایس آئی آر پروگرام کے تحت چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع میں فہرستوں کی میپنگ کا کام جاری ہے۔ اس مہم میں اب تک 23 لاکھ 96 ہزار 323 رائے دہندگان کی میپنگ مکمل ہوچکی ہے جو ان فہرستوں کا 73.69 فیصد ہے۔ ضلع کی نائب انتخابی افسر سویتا چودھری نے کل یہ اطلاع دی۔ ضلع انتظامیہ کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ اس مہم کے تحت میپنگ کیلئے گھروں تک پہنچنے والے بوتھ لیول افسران یعنی بی ایل اوز کو درست معلومات فراہم کرکے اس مہم کا حصہ بنیں۔
***** ***** *****
سابق وزیرِ اعلیٰ آنجہانی شنکر راؤ چوہان کے صد سالہ سالگرہ تقاریب کی مناسبت سے ریاستی حکومت کی جانب سے سال 2022 کے جل بھوشن ایوارڈ کا اعلان کردیا گیا ہے۔ اس میں چھترپتی سمبھاجی کی گرام وکاس سنستھا کو دوسرا انعام دیا گیا ہے۔ اس تنظیم نے مراٹھواڑہ کی چیتے ندی کے احیاء کی مہم چلائی تھی۔ جس سے 27 گاؤں مستقل طور پر قحط سے محفوظ ہوگئے تھے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے سرکاری میڈیکل کالج و اسپتال گھاٹی میں جسمانی عطیہ کرنے والے شہریوں کے افرادِ خاندان کا کل استقبال کیا گیا۔ اسپتال میں منعقدہ اس پروگرام میں ڈین ڈاکٹر شیواجی سُکرے نے بھی شرکت کی۔
***** ***** *****
موسم: پربھنی‘ ناندیڑ اورلاتور اضلاع میں آج غیر موسمی بارش کی پیش گوئی محکمہ موسمیات نے کی ہے۔ محکمہ نے امکان ظاہر کیا ہے کہ اس کے بعد پورے مراٹھواڑہ میں موسم مکمل طورپر خشک رہے گا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ مختلف سرکاری اسکیموں کے ذریعے شہریوں کو خود کفیل بنانے کی کوشش کی جائے: وزیرِ خزانہ کی بینکوں کو ترغیب۔
٭ ملک میں ایل پی جی‘ پیٹرول اور ڈیز ل کی رسد مستحکم ہے: وزارتِ پیٹرولیم کی وضاحت۔
٭ مسافروں کے ساتھ مراٹھی میں گفتگو کرنے کیلئے مہاراشٹر وہیکل ایکٹ میں تبدیلی کی تجویز۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع میں رائے دہندگان کی میپنگ کا 73 فیصد کام مکمل۔
اور۔۔۔٭ چھترپتی سمبھاجی نگر کی گرام وکاس سنستھا کو 2022 کا جل بھوشن ایوارڈ۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment