Wednesday, 22 April 2026

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 22 اپریل 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 22 April-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲۲/اپریل ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ معیشت کے حجم کو دیکھتے ہوئے مہاراشٹر کی مسابقت اب عالمی سطح پر: وزیرِ اعلیٰ کا دعویٰ۔
٭ ”ناری شکتی بل“ کی مخالفت‘ حزبِ اختلاف کے سیاسی مفادات کو ترجیح دینے کی مظہر: مرکزی وزیر ویریندر کمار کی تنقید۔
٭ بارامتی اور راہوری اسمبلی ضمنی انتخابات کیلئے آئندہ روز رائے دہی۔
٭ عبادت گاہ انعام زمینوں کا معاملہ حل کرنے کیلئے حکومت قانون وضع کرے گی: وزیرِمحصول کا اعلان۔
اور۔۔۔٭ دھاراشیو میں بجلی گرنے سے ایک شخص کی موت؛ آئندہ دو دِنوں میں مراٹھواڑہ میں غیر موسمی بارش کی پیش گوئی۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ مہاراشٹر کی معیشت اب عالمی سطح پر مسابقت کررہی ہے اور بہت جلد متحدہ عرب امارات اور سنگاپور کو بھی پیچھے چھوڑ دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ خدماتِ عامہ دن کے حوالے سے کل ممبئی میں منعقدہ ایک تقریب سے وہ خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ مہاراشٹر اب دنیا کی تیسویں بڑی معیشت بن چکی ہے۔ انھوں نے ترغیب دی کہ انتظامیہ ہر شعبے کو اسٹارٹ اَپ کی طرح سمجھتے ہوئے جدت اور کارکردگی پر زور دے۔ پھڑنویس نے بتایا کہ ترقی یافتہ مہاراشٹر کے تصور کے تحت تین مرحلوں میں ریاست کی ہمہ جہت ترقی کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ تیز رفتار‘ شفاف اور عوامی مرکوز انتظامیہ کے ذریعے شہریوں کو آسان اور نتیجہ خیز خدمات فراہم کرنے کے عزم کا اس تقریب میں اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں راجیو گاندھی انتظامی متحرک مہم اور مقابلے کے انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔ میونسپل کارپوریشن زمرے میں ”کول روف“ عزم کیلئے امراوتی‘ وہاٹس ایپ اور چیٹ باٹ کے ذریعے خدمات کی فراہمی کیلئے چھترپتی سمبھاجی نگر اسمارٹ سٹی کارپوریشن اور ای گورننس کیلئے میرا بھائیندر کو بالترتیب پہلا‘ دوسرا اور تیسرا انعام دیا گیا۔ نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیرِ اعلیٰ سنیترا پوار نے بھی سول سروس ڈے پر نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
***** ***** *****
مرکزی وزیر برائے سماجی انصاف ڈاکٹر ویریندر کمار نے کہا ہے کہ ہر ایک سیاسی جماعت کو قومی مفاد کو پیشِ نظر رکھ کر ناری شکتی وندن ترمیمی بل کی حمایت کرنا چاہیے تھا‘ تاہم حزبِ اختلاف قومی مفاد نہیں بلکہ پارٹی سیاست کو ترجیح دیتی ہے‘ اس لیے یہ بل منظور نہیں کیا جاسکا۔ کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس بل کی مخالفت کے باعث اپوزیشن جماعتوں کو ہر دور میں بڑا سیاسی نقصان اٹھانا پڑے گا۔
Byte: Union Minister Virendra Kumar
قبل ازیں ویریندر کمار نے ضعیفوں کی پناہ گاہ آدھار اولڈ ایج ہوم کا دورہ کرکے وہاں موجود بزرگ افراد سے بات چیت کی۔ اس موقع پر انھوں نے بزرگ افراد کی تمام ضروریات پوری کرنے کیلئے سہولیات مہیا کرنے کی انتظامیہ کو ہدایت کی۔
***** ***** *****
خواتین ریزرویشن اور انتخابی حلقوں کی تشکیل ِ نو بل کے حوالے سے قومی جمہوری اتحاد (NDA) اور حزبِ مخالف کے درمیان ایک دوسرے پر الزامات کا سلسلہ جاری ہے۔ وزیرِ ماحولیات پنکجا منڈے نے کہا ہے کہ خواتین ریزرویشن ترمیمی بل کی مخالفت کرکے اپوزیشن جماعتوں نے خواتین کو مساوی مواقع سے محروم کردیا ہے اور اس کیلئے ملک کی خواتین انھیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔ وہ کل تھانہ میں ایک اطلاعی کانفرنس سے خطاب کررہی تھیں۔
دوسری جانب کانگریس کی رکنِ پارلیمانی ورشا گائیکواڑ نے مطالبہ کیا ہے کہ خواتین کیلئے پارلیمنٹ اور اسمبلیوں میں 33 فیصد ریزرویشن فوری لاگو کیا جائے۔ حکمراں جماعت پر تنقید کرنے ہوئے انھوں نے کہا کہ حکومت‘ خواتین ریزرویشن قانون پر عمل درآمد کی بجائے اُسے صرف اپنے ڈھال کے طور پر استعمال کررہی ہے۔
***** ***** *****
اسی دوران خواتین ریزرویشن ترمیمی بل کی اپوزیشن کی جانب سے مخالفت کی مذمت میں کل ممبئی میں بی جے پی کی جانب سے جن آکروش مہیلا سمیلن منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا کہ اس ترمیمی بل کی شکست سے یہ تاثر نہیں ملنا چاہیے کہ اب خواتین کو ریزرویشن رُک جائے گا۔ جب تک پارلیمنٹ کے 33 فیصد ارکان اور ریاستی اسمبلیوں ں کے 33 فیصد ارکان خواتین نہیں ہوجاتیں تب تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
بارامتی اور راہوری اسمبلی حلقوں کے ضمنی انتخابات کیلئے تشہیری مہم کل اختتام پذیرہوئی۔ بارامتی میں راشٹر وادی کانگریس پارٹی کی اُمیدوار اور نائب وزیرِ اعلیٰ سنیترا پوار کی تشہیر کیلئے ایک بڑا اختتامی جلسہ منعقد ہوا۔ اس جلسے میں وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس سمیت پارٹی رہنماء سنیل تٹکرے‘ پرفل پٹیل‘ چھگن بھجبل‘ اُدئے سامنت اور مرکزی مملکتی وزیر رام داس آٹھولے نے بھی شرکت کی۔ راہوری میں بھی وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے بی جے پی اُمیدوار اکشئے کرڈیلے کی حمایت میں منعقدہ تشہیری جلسے میں شرکت کی۔ دونوں حلقوں میں کل 23تاریخ کو رائے دہی ہوگی۔
اسی دوران بزرگ قائد شردپوار نے کہا ہے کہ خرابیئ صحت کے باعث وہ ممبئی سے باہر نہیں جاسکتے اور ان ناگزیر وجوہات کے سبب وہ ووٹ دینے سے بھی قاصر ہیں۔ تاہم اس الیکشن میں سنیترا پوار کو ان کی پارٹی کی جانب سے دی گئی حمایت‘ اجیت پوار کیلئے حقیقی خراجِ عقیدت ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ محصول چندر شیکھرباون کڑے نے کہا ہے کہ زرعی زمین کی آپسی تقسیم کیلئے اب تحصیلدار کی منظوری ضروری نہیں ہے۔ کل ناگپور میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کسان اب براہِ راست رجسٹرار کے پاس جاکر صرف 500 روپئے میں تقسیم نامہ رجسٹر کرواسکتے ہیں اور اس سرکاری فیصلے کو فی الفور لاگو کردیا گیاہے۔
دریں اثناء‘ عبادت گاہ انعامی اراضی کے دیرینہ حل طلب معاملات کو حل کرنے کیلئے ریاستی حکومت‘ اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں قانون وضع کرے گی۔ یہ اطلاع بھی وزیرِ موصوف نے دی۔ انھوں نے بتایا کہ اس خصوص میں تیاریاں شروع ہوچکی ہیں۔ اور شہریوں کو اپنے اعتراضات اور تجاویز درج کرنے کیلئے ا س مجوزہ قانون کا مسودہ عنقریب ویب سائٹ پر جاری کردیا جائے گا۔
***** ***** *****
ملک میں فی الحال جاری مردم شماری میں پہلی بار ”ڈیجیٹل سنسیس“ اور ”خودشماری“ کی سہولت مہیا کی گئی ہے۔ ریاست میں آئندہ یکم مئی سے خود شماری کا آغاز ہورہا ہے۔ پربھنی کے ضلع کلکٹر اور مردم شماری افسر سنجئے سنگھ چوہان نے ضلع کے نوجوان اور تعلیم یافتہ شہریوں سے پہل کرتے ہوئے خود کی اور اپنے خاندان کی تفصیلات ”خودشماری“ کے ذریعے درج کروائیں۔ اس خصوص میں کل منعقدہ ایک اخباری کانفرنس سے وہ خطاب کررہے تھے۔
***** ***** *****
لاتور کے شیو چھترپتی تعلیمی ادارے کے سربراہ اور بی جے پی کے سابق رکنِ پارلیمان ڈاکٹر گوپال راؤ پاٹل کی آخری رسومات کل لاتورمیں ادا کردی گئیں۔ وہ کل صبح انتقال کرگئے تھے۔ وہ 94 برس کے تھے۔
***** ***** *****
پرانی پنشن اسکیم کو لاگو کرنے اور دیگر مطالبات کیلئے ریاستی حکومت کے ملازمین اور نیم سرکاری ملازمین نے کل سے غیر معینہ مدت کی ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ حکومت نے انتباہ دیا ہے کہ اس ہڑتال میں شامل ملازمین کے خلاف ڈسپلن شکنی کی کارروائی کی جائیگی۔ عمومی انتظامیہ کے محکمے نے ایک مکتوب جاری کرکے عوامی مفادات کے پیشِ نظر ہڑتال واپس لینے کی اپیل کی ہے‘ جس میں کہا گیا ہے کہ سرکاری کام کاج جاری رکھتے ہوئے دوسرے طریقے سے اپنے مطالبات حکومت کے سامنے پیش کیے جاسکتے ہیں۔ اسی دوران محصول کے وزیر چندر شیکھر باون کڑے نے کہا ہے کہ ہڑتالی ملازمین کے ساتھ مثبت گفت و شنید جاری ہے۔
***** ***** *****
موسم: دھاراشیو ضلع میں کل متعدد مقامات پر ژالہ باری اور تیز رفتار ہواؤں کے ساتھ زوردار بارش ہوئی۔ ہمارے نامہ نگار نے بتایا ہے کہ ضلعے میں بجلی گرنے سے ایک شخص کی موت واقع ہوگئی۔ رکنِ اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل نے کہا ہے کہ آئندہ چند دن موسم خراب رہنے کا امکان ہے۔ انھوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ محکمہ موسمیات کی ہدایات پر عمل کریں اور غیر ضروری گھر سے باہر نہ نکلنے سے اجتناب کریں۔
اسی دوران مراٹھواڑہ میں آج اور کل غیر موسمی بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ معیشت کے حجم کو دیکھتے ہوئے مہاراشٹر کی مسابقت اب عالمی سطح پر: وزیرِ اعلیٰ کا دعویٰ۔
٭ ”ناری شکتی بل“ کی مخالفت‘ حزبِ اختلاف کے سیاسی مفادات کو ترجیح دینے کی مظہر: مرکزی وزیر ویریندر کمار کی تنقید۔
٭ بارامتی اور راہوری اسمبلی ضمنی انتخابات کیلئے آئندہ روز رائے دہی۔
٭ عبادت گاہ انعام زمینوں کا معاملہ حل کرنے کیلئے حکومت قانون وضع کرے گی: وزیرِمحصول کا اعلان۔
اور۔۔۔٭ دھاراشیو میں بجلی گرنے سے ایک شخص کی موت؛ آئندہ دو دِنوں میں مراٹھواڑہ میں غیر موسمی بارش کی پیش گوئی۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 22.04.2026 रोजीचे दुपारी 01.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date - 22 April 2026 Time 01.00 to 01.05 PM Language Marathi आकाशवाणी छत...