Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 30 April-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۰۳/اپریل ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ریاستی حکومت کا مصنوعی ذہانت پالیسی کا اعلان؛ سرمایہ کاری اور روزگار کے بڑھیں گے مواقع۔
٭ ملک بھر میں گھریلو ایل پی جی کی فراہمی ہموار؛وزارتِ پیٹرولیم کی وضاحت۔
٭ امباداس دانوے کو شیوسینا اُدّھو بالا صاحب ٹھاکرے نے قانون ساز کونسل انتخابات کیلئے کیا نامزد۔
اور۔۔۔٭ بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے پیشِ نظر ریاست میں لُو لگنے کے معاملات میں اضافہ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
ریاستی حکومت نے کل مصنوعی ذہانت پالیسی 2026کا اعلان کیا۔ یہ اطلاع ممبئی میں وزیرِاعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی صدارت میں ریاستی کابینہ کی میٹنگ کے بعد دی گئی۔ اس پالیسی کے تحت ریاست میں دس ہزار کروڑ سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی جائیگی‘ جبکہ ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ روزگارکے مواقع دستیاب ہوں گے۔ ریاست بھرمیں چھ اے آئی سینٹر آف ایکسی لینس قائم کیے جائیں گے اور پانچ AI اختراعی شہر قائم کیے جائیں گے۔
لندن اسکول آف اکنامکس اینڈ پولیٹیکل سائنس میں بھارت رَتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر چیئر قائم کرنے کے فیصلے کی بھی اس میٹنگ میں توثیق کی گئی۔
کابینہ نے ریاست کے دسویں جماعت کے معذور طلبہ کو اسکالر شپ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب معذور طلبہ کو یونیورسٹیوں‘ امتحانی بورڈز اداروں کے ساتھ ساتھ لائبریری‘ میگزین اور میڈیکل چیک اَپ کیلئے ادا کی جانے والی مختلف فیس کیلئے مالی امداد ملے گی۔
کل کے اجلاس میں این جی اوز کے زیرِ انتظام امداد یافتہ آشرم میں اسکولوں میں غیر تدریسی ملازمین کیلئے نظرِ ثانی شدہ اِن سروس اَشورڈ پروگریس اسکیم کے نفاذ کی بھی منظوری دی گئی۔ جس کے بارہ اور چوبیس سال کی باقاعدہ سروس کے بعد دو فوائد ہیں۔
ریاست میں تین سو کروڑ درخت لگانے کیلئے ایک پُرجوش درخت لگانے کی مہم شروع کی گئی ہے۔ اس میٹنگ میں گرین مہاراشٹر کمیشن کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ریاست میں سبز توانائی کے استعمال کو بڑھانے کیلئے بارہ ہزار 303 کروڑ روپئے کی میجسٹک اسکیم کو بھی میٹنگ میں منظوری دی گئی۔
***** ***** *****
وزارتِ پیٹرولیم اور قدرتی گیس کی سیکریٹری سجاتا شرما نے کہا ہے کہ مغربی ایشیاء میں بدلتی صورتحال کے پیشِ نظر گھریلو ایل پی جی کی فراہمی پورے ملک میں آسانی سے جاری ہے۔ وہ کل نئی دہلی میں ایک بین وزارتی پریس کانفرنس سے خطاب کررہی تھیں۔ انھوں نے واضح کیا کہ ملک بھر میں کمرشیل ایل پی جی کی فراہمی 70 فیصد تک بحال کردی گئی ہے اور آن لائن ایل پی جی بکنگ اور ڈیلیوری تصدیقی کوڈ کی بنیاد پر گھریلو ایل پی جی کی فراہمی بھی اب تک بلند ترین سطح پر ہے۔ انھوں نے بتایا کہ پانچ کلو گرام کے سلنڈروں کی فراہمی تقریباً دوگنی ہوگئی ہے اور کل تقریباً 73 ہزار سلنڈر فروخت ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا:
Byte: Petroleum And Natural Gas Joint Secretary Sujata Sharma
***** ***** *****
مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے دوسرے اور آخری مرحلے میں بھی تقریباً 91.66 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔ ریاست میں دو مرحلوں میں ریکارڈ 92 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔ مغربی بنگال‘ آسام‘ کیرالہ، تمل ناڈو اور پڈوچیری کے اسمبلی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی 4 تاریخ کو ہوگی۔
***** ***** *****
شیوسینا اُدّھو بالا صاحب ٹھاکرے کی پارٹی نے مہاراشٹر قانون ساز کونسل کے انتخابات کیلئے سابق اپوزیشن لیڈر امبا داس دانوے کو امیدواری دی ہے۔ رکنِ اسمبلی آدتیہ ٹھاکرے نے کل یہ اعلان کیا۔
دوسری طرف ریاستی کانگریس صدر ہرش وردھن سپکال نے اعلان کیا ہے کہ کانگریس بھی اس الیکشن میں اپنا امیدوار کھڑا کرے گی۔
***** ***** *****
راشٹروادی کانگریس کے ریاستی صدر سنیل تٹکرے نے بتایا کہ پارٹی کی جانب سے اس الیکشن کیلئے سرکاری نام کا اعلان کیا جائے گا اور آج پرچہئ نامزدگی داخل کیے جائیں گے۔ بی جے پی اس الیکشن کیلئے اپنے پانچ امیدواروں کا اعلان کرچکی ہے۔ سابق وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے سمیت نو لوگ 13 مئی کو سبکدوش ہورہے ہیں۔ اس سے پہلے قانون ساز کونسل کے انتخابات 12 مئی کو ہوں گے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
بیڑ ضلعے کے مسا جوگ کے سرپنچ عہدے پر سوروپا نند دیشمکھ نے کامیابی حاصل کی ہے۔ دیشمکھ نے آنجہانی سابق سرپنچ سنتوش دیشمکھ کی بیوی اشونی دیشمکھ کو 92 ووٹوں سے شکست دی۔ دسمبر 2024 میں سنتوش دیشمکھ کے اغواء اور بے دردی سے قتل کے بعد سے سرپنچ کا عہدہ خالی تھا۔
***** ***** *****
بامبے ہائیکورٹ نے کل اندھ شردّھا نرمولن سمیتی کے بانی ڈاکٹر نریندر دابھولکر کے قتل کیس کے دو ملزمین میں سے ایک شرد کلسکر کو ضمانت دے دی۔ یہ حکم جسٹس اے ایس گڈکری اور جسٹس آر آر بھوسلے کی بینچ نے دیاہے۔ نریندر دابھولکر کو اگست 2013 میں پونہ میں گولی مار کر ہلاک کردیا گیا تھا۔
***** ***** *****
ناندیڑ ایجوکیشن سوسائٹی اور دیانند شکشن سنستھا لاتور کے درمیان کل ایک تعلیمی معاہدے پر دستخط ہوئے۔ طلبہ کے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے مقصد سے دونوں تعلیمی اداروں کے درمیان تعلیمی سرگرمیوں اور تدریسی طریقوں کا تبادلہ ہوگا۔ دیانند تعلیم سنستھا کے صدر لکشمی رَمن لاہوٹی نے کہا کہ معاہدے کے ذریعے گیارہویں اور بارہویں جماعت کے سائنس کے طلبہ کو مفت آن لائن کلاسیز فراہم کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
جالنہ میونسپل کارپوریشن انتظامیہ نے ان لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کی جنھوں نے غیر قانونی طور پر جائیکواڑی پانی سپلائی اسکیم سے کنکشن حاصل کیا۔ عنبڑ سے جالنہ تک پانی کی مین پائپ لائن پر ایئر وال سے کل 68 پائپوں کا رابطہ منقطع کردیا گیا۔ جہاں شہرکو ہفتے میں صرف ایک بار پانی مل رہا ہے انتظامیہ کو بعض مقامات پر 24 گھنٹے غیر قانونی طور پر پانی استعمال کرنے کی شکایات موصول ہوئی تھیں۔ اس ضمن میں خصوصی مہم شروع کی گئی۔ انتظامیہ نے ایسے معاملات کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا ہے۔
***** ***** *****
مہاوِترن کے چھترپتی سمبھاجی نگر کے علاقائی دفتر کے جوائنٹ مینیجنگ ڈائریکٹر آدتیہ جیونے نے پی ایم سوریہ گھر اسکیم کو تیز کرتے ہوئے شمسی صارفین کو فوری خدمات فراہم کرنے کی ہدایات دی ہیں۔ وہ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے میں سوریہ گھر اسکیم کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے بعد مخاطب تھے۔
***** ***** *****
محکمہئ صحت ریاست میں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے درمیان لُو لگنے کے معاملات میں اضافے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ ہمارے نامہ نگار نے اطلاع دی ہے کہ ودربھ میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے اور اکولہ ضلعے میں اب تک لُو لگنے کے سب سے زیادہ 72 معاملات درج کیے گئے ہیں۔
نندوربار ضلعے میں اب تک 14 مریض لُو سے متاثر ہوئے ہیں۔ ناسک میں چھ، گڈچرولی اور رتناگری میں چار چار، اور اہلیا نگر میں تین‘ اسی طرح رائے گڑھ، پونے، پال گھر، جالنہ، گوندیا، بلڈانہ، چندر پور اور دھولیہ میں دو دو افراد اور امراوتی، بھنڈارہ، جلگاؤں، پربھنی، سندھو دُرگ، شولاپور اور تھانے اضلاع میں ایک ایک شخص لُو سے متاثر ہوا ہے۔
***** ***** *****
دریں اثناء، ریاست میں، کوکن میں کل زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ ہوا، جبکہ مراٹھواڑہ میں بیشتر مقامات پر، ودربھ کے متعدد مقامات اور وسطی مہاراشٹر کے چند مقامات پر زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں معمولی اضافہ ہوا ہے۔
کل چندرپور میں سب سے زیادہ 45 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت درج کیا گیا۔ مراٹھواڑہ کے پربھنی میں 42 اعشاریہ پانچ ڈگری سیلسیس تپش درج کی گئی، جبکہ چھترپتی سمبھاجی نگر میں 41 اعشاریہ پانچ ڈگری سیلسیس درجہ حرارت درج ہوا۔
اسی دوران محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ تین دنوں میں چندر پور، گڑچرولی، وردھا اور ایوت محل اضلاع میں گھن گرج کے ساتھ بارش ہوگی۔ جبکہ ریاست میں بقیہ مقامات پر موسم خشک رہے گا۔
***** ***** *****
رکنِ اسمبلی امیت دیشمکھ نے تجویز دی ہے کہ لاتور شہر کی سڑکوں پر تجاوزات کو ہٹانے اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کیلئے تمام اقدامات کیے جائیں۔ وہ کل اس سلسلے میں اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ دیشمکھ نے یہ بھی مشورہ دیا کہ میونسپل کارپوریشن کی مجموعی انتظامیہ کو شفاف اور عوام پر مبنی رکھا جائے۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع کے دھرم آباد تعلقے کے رتنالی میں کنویں میں تیرنے کے دوران نوجوانوں کی کرنٹ لگنے سے موت ہوگئی۔ کرشنا ماڑگنواڑ اور اویناش ہلاک ہونے والوں کے نام ہیں۔
***** ***** *****
چارے کی ممکنہ قلّت کے پیشِ نظر چارے کے بیج سو فیصد سبسڈی پر ایسے مستحقین میں تقسیم کیے جائیں گے، جن کے پاس مویشی اور آبپاشی کی سہولت موجود ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع پریشد کے محکمہ حیوانات نے دلچسپی رکھنے والے کسانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ 5 مئی تک اپنے گاؤں کے ویٹرنری انسٹیٹیوٹ میں اپنی درخواستیں جمع کروائیں۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ ریاستی حکومت کا مصنوعی ذہانت پالیسی کا اعلان؛ سرمایہ کاری اور روزگار کے بڑھیں گے مواقع۔
٭ ملک بھر میں گھریلو ایل پی جی کی فراہمی ہموار؛وزارتِ پیٹرولیم کی وضاحت۔
٭ امباداس دانوے کو شیوسینا اُدّھو بالا صاحب ٹھاکرے نے قانون ساز کونسل انتخابات کیلئے کیا نامزد۔
اور۔۔۔٭ بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے پیشِ نظر ریاست میں ہیٹ اسٹروک کے معاملات میں اضافہ۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment