Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 23 April-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۳۲/اپریل ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ روزگار کے مواقع میں اضافے کی خاطر دو لاکھ 56 ہزار کروڑ روپؤں کے 18 پروجیکٹس کو ریاستی کابینہ کی منظوری؛ مراٹھواڑہ میں تین بڑے پروجیکٹس کیے جائیں گے شروع۔
٭ ریاست کے مختلف آبی منصوبوں میں تقریباً 656 ٹی ایم سی پانی کا ذخیرہ موجود۔
٭ بارامتی اور راہوری اسمبلیوں کے ضمنی انتخابات کیلئے رائے دہی کا آغاز۔
٭ ہنگولی ضلع میں کھاد اور دیگر زرعی اشیاء فروخت کرنے والے46 ڈیلرس کے اجازت نامے معطل۔
اور۔۔۔٭ ناندیڑ‘ لاتور‘ دھاراشیو اضلاع میں آج اور کل طوفانی ہواؤں سمیت بارش کا امکان۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
ریاست میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے دو لاکھ 56ہزار کروڑ روپؤں کے 18 پروجیکٹس کو منظوری دی گئی ہے۔ یہ فیصلہ کل ممبئی میں منعقدہ صنعتوں‘ توانائی‘ محنت اور کانکنی کے محکمے کی ذیلی کمیٹی کے اجلا س میں کیا گیا، جس کی صدارت وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کی۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ ان منصوبوں سے ایک لاکھ سے زائد براہِ راست اور بالواسطہ ملازمتیں پیدا ہوں گی۔
اس کے تحت Nidek Global Apliances India Pvt. Ltd نامی کمپنی چھترپتی سمبھاجی نگر میں ایک ہزار کروڑ روپؤں کی سرمایہ کاری کرے گی‘ جس سے تقریباً ایک ہزار ملازمتیں پیدا ہوں گی۔ اسی طرح گوداوری نیو اینرجی پرائیویٹ لمیٹڈ 27 ہزار کروڑ روپؤں کی سرمایہ کاری کرے گی‘ جس سے چار ہزار ملازمتیں پیدا ہوں گی۔ وہیں گلوب فورج لمیٹڈ نامی کمپنی اہلیا نگر اور دھاراشیو میں 15ہزار 430 کروڑ روپؤں کی سرمایہ کاری کرے گی۔ اس سے تین ہزار 600 روزگار وجود میں آئیں گے۔
***** ***** *****
ریاستی کابینہ کی کل منعقدہ میٹنگ میں بتایا گیا ہے کہ ریاست کے مختلف آبی منصوبوں میں تقریباً 656 ٹی ایم سی پانی کا ذخیرہ موجود ہے۔ رواں برس پانی کا ذخیرہ گذشتہ برس کے مقابلے 101.77 ٹی ایم سی زیادہ ہے۔ تاہم‘ رواں برس ماحولیاتی تبدیلی ایل نینو کے اثر کے نتیجے میں بے قاعدہ بارش کی وجہ سے آئندہ برس پانی کی متوقع قلّت سے نمٹنے کی خاطر پانی کا کفایت شعاری سے استعمال کی وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اپیل کی ہے۔ موصولہ خبروں میں کہا گیا ہے کہ چھترپتی سمبھاجی نگر ڈویژ ن میں فی الحال 129.37 ٹی ایم سی پانی کا ذخیرہ ہے جبکہ جائیکواڑی ڈیم میں 42.03 ٹی ایم سی پانی موجود ہے۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے کل منعقدہ کابینہ کے اجلاس میں Maharashtra State Comopressed Biogas Policy-2026کا اعلان کیا۔ اس پالیسی پر عمل درآمد کیلئے 500 کروڑ روپئے مختص کیے گئے ہیں۔ Compressed Biogas سے ضرورت کے مطابق قابلِ استعمال گیس کے حصول کی خاطر ضروری ٹکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ایک پروجیکٹ قائم کرنے کو منظوری دی گئی ہے۔ یہ پروجیکٹ PPP اور ہائبریڈ اینیوٹی کی بنیاد پر شروع کیا جائے گا۔ اس کے تحت فضلے کو توانائی اور کھاد میں تبدیل کیا جائے گا۔ جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ اس سے حیاتیاتی ایندھن پر انحصار کم ہوگا۔ کاربن کے اخراج میں بھی کمی آئے گی اور یہ مال برداری‘ صنعت اور گھریلو شعبوں کیلئے صاف ایندھن کا متبادل فراہم کرے گا۔
زیادہ سے زیادہ زمین کی حد برقرار رکھنے کے قاعدے کے مطابق قطعہئ اراضی کے تحویل دار زمرے (II)کو زمرے (I) میں تبدیل کرنے کیلئے کابینہ نے پریمیم کی تنظیمِ نو کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں جاری حکم نامہ جاری کرنے کو منظوری دی گئی ہے۔ اسی طرح کابینی اجلاس میں یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کی ہدایت کے مطابق ریاست کے سات ماڈل کالجز میں اساتذہ کو بنیادی تنخواہ ادا کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
***** ***** *****
تملناڈو اسمبلی کی تمام نشستوں اور مغربی بنگال اسمبلی کے پہلے مرحلے کیلئے آج ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔ مغربی بنگال میں پہلے مرحلے کے دوران 16 اضلاع کے 152 حلقوں میں ووٹنگ کی جارہی ہے۔ وہیں ریاست میں بھی بارامتی اور راہوری اسمبلی حلقوں کے ضمنی انتخابات کیلئے آج رائے دہی کی جارہی ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
طلبہ کی شکایات کے ازالے کی خاطر تیار کیے گئے جدید ترین ڈیجیٹل نظام ”ای نرسن“ کا کل اعلیٰ اور تکنیکی تعلیم کے ریاستی وزیر چندر کانت پاٹل نے افتتاح کیا۔ لونیرے میں واقع ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر ٹکنالوجیکل یونیورسٹی نے یہ نظام تیار کیا ہے۔ اس موقع پر اپنے خطاب کے دوران وزیرِ موصوف نے بتایا کہ یہ سسٹم شکایات کے ازالے کے عمل کو تیزتر‘ شفاف اور مؤثر بنائے گا‘ ساتھ ہی اس سے طلبہ کے وقت اور پیسے کی بھی بچت ہوگی۔
***** ***** *****
ماحولیات کا عالمی دن کل مختلف تقاریب کے انعقاد کے ساتھ منایا گیا۔ اس دن کے منانے کا بنیادی مقصد زمین اور ماحولیاتی تحفظ کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اس دن کی مناسبت سے تمام شہریان کو مبارکباد دیتے ہوئے ترقی اور ماحولیات کے درمیان توازن برقرار رکھنے اور ماحول کو بچانے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
بامبے ہائیکورٹ نے کل مالیگاؤں بم دھماکے معاملے کے چار ملزمین کو بری کردیا اور ان کے خلاف چارج شیٹ داخل کرنے کے خصوصی عدالت کے فیصلے کو منسوخ کردیا۔ یہ فیصلہ چیف جسٹس شری چندرشیکھر اور جسٹس شیام چانڈک کی بینچ نے سنایا۔ خصوصی عدالت نے گذشتہ سال ستمبر میں چاروں ملزمان کے خلاف چارج شیٹ داخل کرنے کا حکم دیا تھا۔
***** ***** *****
ریاست کے سرکاری ملازمین اور اساتذہ کے 18 زیرِ التواء مطالبات کی یکسوئی کیلئے ہڑتال جاری ہے۔ چیف سیکریٹری سے بات چیت بے نتیجہ رہنے کے بعد کل ملازمین کی تنظیموں نے ہڑتال جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔ وہیں ریاست کے چیف سیکریٹری راجیش اگروال نے نظرِ ثانی شدہ پنشن اسکیم اور دیگر چار اہم مطالبات پر وزیرِ اعلیٰ سے مشورہ کرنے کے بعد مثبت فیصلہ لینے کا تیقن دیا ہے۔ اسی بیچ گورنمنٹ پرنٹنگ پریس ایمپلائز اسوسی ایشن نے بھی اس ہڑتال میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ تنظیم کے جنرل سیکریٹری دیوانند لانڈگے کی قیادت میں کل چھترپتی سمبھاجی نگر کے پرنٹنگ پریس محکمے کے روبرو مظاہرہ کیا گیا۔
***** ***** *****
ہنگولی زرعی پیداوار بازار کمیٹی میں ہلدی کی قیمتوں کو لیکر تاجروں کی جانب سے کی جارہی مالی لوٹ کھسوٹ کے خلاف کل سین گاؤں تعلقے کے گورے گاؤں میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر مشتعل کسانوں نے سڑک پر ہلدی جلاکر حکومت اور بازار کمیٹی انتظامیہ کے خلاف سخت احتجاج کیا۔ قومی سطح پر جہاں ہلدی کی قیمت تقریباً 16 ہزار 500 روپئے فی کوئنٹل ہے وہیں مقامی بازار کمیٹی کے تاجر اُسے صرف 12 ہزار تا ساڑھے تیرہ ہزار روپؤں میں خرید رہے ہیں۔
***** ***** *****
بیڑ کے رکنِ پارلیمان بجرنگ سونونے نے ہدایت دی ہے کہ آئندہ 15 اگست تک پونے اور پرلی کے درمیان ریل گاڑی چلائی جانی چاہیے۔ موصوف کل ریلوے اور قومی شاہراہوں سے متعلق جائزاتی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر انھوں نے حکام کو مشورہ دیا کہ وہ بیڑ ضلع میں قومی شاہراہوں اور دیہی سڑکوں پر بلیک اسپاٹس کو کم کرنے کی کوشش کریں۔ اس میٹنگ میں مختلف زیرِ التواء کاموں‘ اراضی کے حصول‘ حادثات کے شکار علاقوں اور شہریوں کے مسائل پر تفصیلی تبادلہئ خیال کیا گیا۔
***** ***** *****
چھتر پتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کے کمشنر امول ییڑگے نے متعلقہ ڈیولپرس کو ہدایت دی ہے کہ وہ وزیرِ اعظم رہائشی اسکیم کے تحت آن لائن قرعہ اندازی کے ذریعے چنے جانے والے شہریان کو بینکوں سے تعمیری قرض کے حصول کی خاطر تال میل قائم کریں۔ انھوں نے اس کیلئے کال سینٹرز قائم کرنے کی بھی ہدایت دی۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلع میں آئندہ خریف سیزن کے پیشِ نظر جاری جانچ مہم کے دوران بے ضابطگیوں کے پائے جانے کے بعد کھاد اور دیگر زرعی اشیاء فروخت کرنے والے 46 ڈیلرس کے اجازت نامے معطل کردئیے گئے ہیں۔ محکمہئ زراعت نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ کارروائی کرتے ہوئے قواعد پر سختی سے عمل کریں۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلع کے بسمت اور اونڈھا ناگناتھ تعلقہ جات کے کئی دیہاتوں میں کل زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زمین سے آنے والی تیز آواز کی وجہ سے گاؤں والوں میں کہرام مچ گیا اور شہریان خوف کے مارے گھروں سے باہر نکل آئے۔ ایک ماہ میں یہ تیسرا زلزلہ ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر شہرمیں کل میونسپل کارپوریشن کے عمل نے پلاسٹک سے پاک مہم کے تحت بڑی مقدار میں پلاسٹک ضبط کیا۔ گذشتہ روز انگوری باغ اور جونا مونڈھا علاقوں میں چار ہزار کلو سے زائد ممنوعہ پلاسٹک ضبط کیا گیا۔ اس سلسلے میں دکانداروں سے مجموعی طور پر 75ہزار روپئے جرمانہ وصول کیا گیا۔
***** ***** *****
جالنہ ضلع میں بڑھتی ہوئی گرمی کے پیشِ نظر انتظامیہ چوکس ہوگئی ہے۔ شہریان کی صحت کے تحفظ کی خاطر ضلع کے 55 سرکاری اسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک رومس قائم کیے گئے ہیں۔ ضلع میں درجہ حرارت 40 تا 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کے سبب شہریان سے خاص طور پر احتیاط کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
***** ***** *****
محکمہئ موسمیات نے آج اور کل ناندیڑ‘ لاتور‘ دھاراشیو اضلاع میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ روزگار کے مواقع میں اضافے کی خاطر دو لاکھ 56 ہزار کروڑ روپؤں کے 18 پروجیکٹس کو ریاستی کابینہ کی منظوری؛ مراٹھواڑہ میں تین بڑے پروجیکٹس کیے جائیں گے شروع۔
٭ ریاست کے مختلف آبی منصوبوں میں تقریباً 656 ٹی ایم سی پانی کا ذخیرہ موجود۔
٭ بارامتی اور راہوری اسمبلیوں کے ضمنی انتخابات کیلئے رائے دہی کا آغاز۔
٭ ہنگولی ضلع میں کھاد اور دیگر زرعی اشیاء فروخت کرنے والے 46ڈیلرس کے اجازت نامے معطل۔
اور۔۔۔٭ ناندیڑ‘ لاتور‘ دھاراشیو اضلاع میں آج اور کل طوفانی ہواؤں سمیت بارش کا امکان۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment