Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 20 April-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۰۲/اپریل ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ قومی شاہراہوں پر حادثات کی روک تھام کیلئے عدالت ِ عظمیٰ نے کیے رہنما خطوط جاری۔
٭ انتخابات کے دوران قانونی شقوں پر عمل کرنے کی انتخابی کمیشن کی سیاسی جماعتوں سے اپیل۔
٭ محکمہ زراعت اس سال کے خریف ہنگام میں زیادہ سے زیادہ بوائی کی تیاری میں مصروف: وزیر ِ زراعت دتاتریہ بھرنے کی جانکاری۔
٭ ریاست بھر میں اکشئے ترتیہ کا تہوار روایتی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔
اور۔۔۔٭ کوکن، وسطی مہاراشٹرا اور مراٹھواڑہ میں 25 تاریخ تک غیر موسمی بارش کا امکان، ودربھ میں درجہ حرارت 45 ڈگری تک پہنچا۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
عدالت ِ عظمیٰ نے ملک میں قومی شاہراہوں پر حادثات کو ٹالنے اور راستوں پر حفاظت کو یقینی بنانے پر کیلئے ایک اہم مشاہدہ کیا ہے۔ عدالت نے اس سنگین حقیقت پر روشنی ڈالی کہ اگرچہ ملک کی کُل سڑکوں کا صرف دو فیصد حصہ قومی شاہراہیں ہیں لیکن حادثات میں ہونے والی مجموعی اموات میں سے تقریباً 30 فیصد انہی شاہراہوں پر ہوتی ہیں۔ عدالت نے یہ بھی نوٹ کیا کہ انتظامی تاخیر اور سہولیات کے فقدان کے باعث حادثات میں اضافے کا خدشہ ہے۔ جسٹس جے کے ماہیشوری اور اے ایس چاندُورکر کی بنچ نے راستہ تحفظ کیلئے ملک گیر سطح پر رہنماء خطوط جاری کیے ہیں۔ ان میں شاہراہوں پر بڑی گاڑیاں کھڑی کرنے پر پابندی، خطرناک مقامات پر فوری حفاظتی اقدامات اور محفوظ آمد و رفت کا ماحول بنانے کیلئے ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کیلئے ہدایات شامل ہیں۔ اس مشاہدے میں انسانی جانوں کی حفاظت کو یقینی پر زور دیا گیا ہے۔
***** ***** *****
عام انتخابات اور ضمنی انتخابات کے دوران انتخابی کمیشن نے تمام سیاسی جماعتوں سے موجودہ قانونی شقوں پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔ کمیشن نے کہا ہے کہ فریقین کو سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو انفارمیشن ٹیکنالوجی قانون، انفارمیشن ٹیکنالوجی ضابطے اور مثالی ضابطہئ اخلاق کی دفعات کا ذمہ داری اور اخلاقی طور پر استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔ کمیشن نے مزید کہا ہے کہ کسی بھی گمراہ کُن یا غیر قانونی وAI کی مدد سے تیار کردہ یا ہیرا پھیری سے متعلق مواد کو سماجی رابطوں کے نوٹس میں لانے کے بعد تین گھنٹے کے اندر کارروائی کی جانی چاہئے۔
***** ***** *****
ناگپور ضلعے کے کامٹھی میں واقع سرکاری صنعتی تربیتی ادارے - آئی ٹی آئی اور گورنمنٹ ٹیکنیکل اسکول کی نئی عمارت کا افتتاح وزیرِ محصول چندر شیکھر باونکولے اور وزیر برائے فروغِ ہنر مندی منگل پربھات لوڈھا کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس ادارے کو شہید ہیمنت کرکرے کا نام دیا جائے گا۔ اس موقعے پر ریاستی وزیر لوڈھا نے اعلان کیا کہ سرکاری صنعتی تربیتی اداروں اور سرکاری تکنیکی اسکولوں میں جون سے نئے نصاب کورسیز شروع کیے جائیں گے تاکہ دیہی علاقوں کے طلباء کو وقت کے مطابق نئی اور ضروری مہارت کی تعلیم اور تربیت فراہم کی جا سکے۔
***** ***** *****
وزیرِ زراعت دتاتریہ بھرنے‘ نے کہا ہے کہ ریاست میں خریف ہنگام میں زیادہ سے زیادہ بوائی کا منصوبہ بنایا گیا ہے اور اس حوالے سے محکمہ زراعت نے تیاری شروع کر دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آج پونے میں ایک ریاستی سطح کی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں زراعت پر ”ایل نینو“ کے ممکنہ اثرات، بارش کی صورتحال اور اس کے مطابق فصل کی تیاری پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
***** ***** *****
خریف ہنگام کی تیاریاں شروع ہونے کی صورتحال میں زراعتی سازوسامان فروشوں نے 27 اپریل سے غیر معینہ مدت کی ہڑتال کا انتباہ دیا ہے۔ حکومت کی جانب سے زرعی مواد فروشوں کے زیر التواء مطالبات کی عدم تکمیل پر مہاراشٹر فرٹیلائزرز پیسٹی سائیڈز، سیڈز ڈیلرز ایسوسی ایشن یعنی (MAFDA) کی طرف سے ریاست گیر سطح کے بند کا اعلان کیا گیا ہے۔ کیمیائی کھادوں کی رسد کے دوران کمپنی سطح پر لنکنگ بند کرنے، HTBT تخم کی کالا بازاری کی روک تھام، ساتھی پورٹل ایپ کے استعمال کو تخم فروشوں پرلاگو کرنے کی بجائے پیداواری کمپنیوں کی سطح پر لاگو کرنے اور تخم کے نمونے غلط ہونے کی صورت میں تخم فروش کو ملزم بنانے کی بجائے گواہ بنانے جیسے 14 مطالبات تخم فروشوں نے کیے ہیں۔ ان شکایات کا فوری نوٹس لیکر آٹھ دن میں ان کا ازالہ کرنے کا مطالبہ محکمہ زراعت سے کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
اکشئے ترتیہ کا تہوار کل ریاست اور ملک بھر میں جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ ساڑھے تین اچھی ساعتوں میں سے ایک سمجھے جانے والے اس تہوار کو کبھی نہ ختم ہونے والی خوشی اور خوشحالی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔اس مناسبت سے کل چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع سمیت مراٹھواڑہ کے تمام بڑے شہروں کے بازاروں میں خریداری کیلئے گاہکوں میں جوش و خروش دیکھا گیا۔ اس مبارک موقعے کی مناسبت سے ریاست میں بڑی تعداد میں شادی کی تقریبات بھی منعقد ہوتی ہیں، جس کے پیشِ نظر ریاستی حکومت نے کمسنی کی شادیوں کی روک تھام کیلئے سخت اقدامات کیے تھے۔ اس سال سونے کی قیمتیں ریکارڈ بلندی پر ہونے کے باوجود سونے کی خریداری کیلئے گاہکوں میں جوش و خروش دکھائی دیا۔
پرشورام جینتی اور مہاتما بسویشور کی جینتی بھی کل روایتی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی۔ اس موقعے پر صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو، وزیرِ اعظم نریندر مودی، گورنر جشنو دیو ورما اور وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے عوام کو مبارکباد پیش کی۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں بھی بھگوان شری پرشورام کا یوم پیدائش عقیدت کے ساتھ منایا گیا۔ اورنگ پورہ میں پرشورام یادگاری ستون کی پوجا کے بعد وہیکل ریلی نکالی گئی۔ اسی طرح مہاتما بسویشور جینتی ضلعی اُتسو کمیٹی کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں ٹو وہیلر ریلیاں نکالی گئیں۔
پربھنی میں بھی مہاتما بسویشور جینتی روایتی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی۔ شہر میں چھترپتی شیواجی مہاراج مجسّمے کے علاقے میں پرچم کشائی اور مورتی پوجا کی گئی۔ بعد ازاں‘ شہر کے کارے گاؤں راستہ پر واقع بسویشور چوک پر مہاتما بسویشور کوخراج عقیدت پیش کیا گیا۔
بیڑ میں ویرشَیو سماج کی طرف سے مہاتما بسویشور جینتی منائی گئی۔ اس موقعے پر سابق وزیر جئے دت شر ساگر نے کہا کہ مہاتما بسویشور نے بارہویں صدی میں ذات پات کے فرق کو ختم کرکے صنفی مساوات کا پیغام دیا۔ ان کے خیالات سماج کی رہنمائی کر رہے ہیں اور موجودہ دور میں ان خیالات کی اشد ضرورت ہے۔
***** ***** *****
جالنہ ضلعے کے عنبڑ تعلقے کے وِڈِیلاسُرا میں واقع سدھارتھ بودھ وہار میں مہاتما گوتم بدھ، ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر اور ماتا رمائی کی مورتیوں کی تنصیب اور نقاب کشائی کل سماجی انصاف اور خصوصی معاونت کے وزیر سنجے شرساٹ کی موجودگی میں عمل میں آئی۔ اس موقعے پر انہوں نے بتایا کہ سماجی انصاف محکمے کے تحت ریاست میں مختلف ترقیاتی کام کیے جارہے ہیں اور ان کاموں کیلئے فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہونے دی جائیگی۔
***** ***** *****
بلڈانہ ضلعے میں سمردھی شاہراہ پر کل ایک خانگی مسافر بس کے الٹ جانے سے پیش آئے حادثے میں ایک ڈیڑھ سالہ بچے کی موت ہو گئی اور 25 مسافر زخمی ہو گئے۔ بس الٹنے کے بعد پیچھے سے آنے والی ایک فور وہیلر نے بس کو ٹکر مار دی۔ مسافروں نے بتایا کہ بس ڈرائیور اور کلینر اس دوران بس میں رِیل بنا رہے تھے۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلعے میں ناندیڑ-ہنگولی قومی شاہراہ پر کلمنوری تعلقے کے کامٹھا پھاٹے کے پل پر دو ٹرک آمنے سامنے متصادم ہونے سے ایک شخص کی موقعے پر ہی موت واقع ہو گئی اور تین دیگر شدید زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ کل صبح پیش آیا۔ زخمیوں کو علاج کیلئے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
***** ***** *****
لاتور ضلعے کے چاکور میں کل صبح دو نابالغ بچے لاپتہ ہوگئے تھے‘ تاہم کچھ دیر بعد ان میں سے ایک سات سالہ لڑکے کی نعش برآمد ہوئی۔ دس سالہ سائی چرن سوامی اور سات سالہ دیونش سوامی اچانک لاتہ ہو ئے تھے۔ ہمارے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ سائی چرن ابھی تک لاپتہ ہے اور اس کی تلاش جاری ہے۔
***** ***** *****
موسم: ودربھ میں درجہ حرارت میں کافی اضافہ ہوگیا ہے‘ کل اکولہ اور وردھا میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 45 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ چھترپتی سمبھاجی نگر اور پربھنی میں درجہ حرارت اوسطاً41 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔
دریں اثناء‘ کل وسطی مہاراشٹرا اور مراٹھواڑہ کے مختلف مقامات پر بے موسمی بارش ہوئی۔ سانگلی ضلع کے میرج، تاس گاؤں اور کوٹھے مہانکاڑتعلقے میں کل گھن گرج اور بجلی کی چمک کے ساتھ زوردار بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات نے کوکن، وسطی مہاراشٹرا اور مراٹھواڑہ میں 25 تاریخ تک اور ودربھ میں 22 تاریخ تک مختلف مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
***** ***** *****
بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے اجیت آگرکر کی سینئر سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین کے عہدے کی مدت میں ایک سال کی توسیع کر دی ہے۔ بورڈ نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ 2027 میں ہونے والے ایک روزہ کرکٹ عالمی کپ کی تیاریوں کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ قومی شاہراہوں پر حادثات کی روک تھام کیلئے عدالت ِ عظمیٰ نے کیے رہنما خطوط جاری۔
٭ انتخابات کے دوران قانونی شقوں پر عمل کرنے کی انتخابی کمیشن کی سیاسی جماعتوں سے اپیل۔
٭ محکمہ زراعت اس سال کے خریف ہنگام میں زیادہ سے زیادہ بوائی کی تیاری میں مصروف: وزیر زراعت دتاتریہ بھرنے کی جانکاری۔
٭ ریاست بھر میں اکشئے ترتیہ کا تہوار روایتی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔
اور۔۔۔٭ کوکن، وسطی مہاراشٹرا اور مراٹھواڑہ میں 25 تاریخ تک غیر موسمی بارش کا امکان، ودربھ میں درجہ حرارت 45 ڈگری تک پہنچا۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment