Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 08 April-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۸/اپریل ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ مہاوِترن کمپنی کی تقسیم؛ زرعی صارفین کو بجلی فراہم کرنے کیلئے علیحدہ کمپنی کے قیام کا ریاستی کابینہ کا فیصلہ۔
٭ ریاست میں غیر موسمی بارش کے نقصانات کا معاوضہ ادا کرنے کیلئے 128کروڑ 65 لاکھ روپئے امداد کی تقسیم۔
٭ ریاستی حکومت کی ”میرا گاؤں‘ صحت مند گاؤں“ مہم کا وزیرِاعلیٰ کے ہاتھوں افتتاح۔
٭ مہاجر مزدوروں کیلئے پانچ کلو وزنی ایل پی جی سلنڈرز کی یومیہ تقسیم کو دوگنا کرنے کا فیصلہ۔
اور۔۔۔٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کے کچرا شعبے کی خصوصی مہم؛ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف جرمانے۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
ریاستی بجلی تقسیم کار کمپنی لمیٹڈ‘ یعنی مہاوترن کو زرعی خدمات اور غیر زرعی خدمات اس طرح دو کمپنیوں میں تقسیم کرنے کا فیصلہ ریاستی کابینہ نے کیا ہے۔ اس میں سے غیر زرعی شعبے کی بجلی تقسیم کار کمپنی کو حصص بازار میں لسٹ کرنے کیلئے IPO لانے اور زرعی تقسیم کار کمپنی کے ابتدائی فنڈ کیلئے ڈھائی ہزار کروڑ روپئے مہیا کرنے کو بھی کابینہ کے کل منعقدہ اجلاس میں منظوری دی گئی۔ بجلی تقسیم کار کمپنی پر قرض کے بوجھ کم کرنے کیلئے 15 سالہ مدت کے بانڈز جاری کرنے کا فیصلہ بھی اجلاس میں کیا گیا۔
***** ***** *****
ریاست میں الیکٹرانک‘ اطلاعاتی ٹکنالوجی اور مصنوعی ذہانت یعنی AI کا نیا خود مختار محکمہ قائم کرنے‘ مہاراشٹر ریموٹ سینسنگ ایپلی کیشن مرکز کو ایک کمپنی بنانے اور مہاراشٹر ریزیلیئنٹ ڈیولپمنٹ پروگرام پر عمل درآمد کرنے کو بھی ریاستی کابینہ نے منظوری دی۔ اس برس ماہِ جنوری تا اپریل کے دوران غیر موسمی بارش کے باعث ہوئے نقصانات کی تفصیلی معلومات کل کابینی اجلاس میں دی گئی۔ گذشتہ برس اکتوبر تا دسمبر کے عرصے میں بارش کے نقصانات کے معاوضے کی ادائیگی کیلئے 128 کروڑ 65 لاکھ روپئے دئیے گئے۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ جولائی 2022 سے محکمہ آبی وسائل کے 41 پروجیکٹ مکمل ہوئے‘ جس کے سبب دو لاکھ 55ہزار ہیکٹر کی آبپاشی صلاحیت میں اضافہ ہوا ہے۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت کی ”میرا گاؤں‘ صحت مند گاؤں“ مہم کا کل ممبئی میں وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کے ہاتھوں افتتاح عمل میں آیا۔ اس موقع پر نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے‘ نائب وزیرِ اعلیٰ سُنیترا پوار‘ صحت ِ عامہ اور خاندانی بہبود کے وزیر پرکاش آبٹکر سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔ اس مہم کے ذریعے دیہی علاقوں میں نظامِ صحت مزید مستحکم بنانے دیہی علاقوں کو امراض سے پاک کرنے اور خود کفیل بنانے کی حکومت کوشش کرے گی۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے پنڈھرپور کے طبّی ذیلی مرکز میں کل عالمی یومِ صحت کے سلسلے میں منعقدہ پروگرام میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ابھئے دھانورکر نے فشارِ خون‘ ذیابطیس‘ درست طریقہئ زندگی اور متوازن غذا سے متعلق تفصیلی رہنمائی کی۔ اس موقعے پر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے صفائی عملے کی طبّی جانچ کی گئی اور ضرورت کے مطابق انھیں طبّی مشورے بھی دئیے گئے۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلع پریشد کی ایکزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس میں طبّی خدمات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ضلع میں مختلف طبّی اور صحت سے متعلق پروگراموں کے انعقاد کے ذریعے بین الاقوامی یومِ صحت منایا گیا۔
***** ***** *****
ریاست میں مہاجر مزدوروں کو دئیے جانے والے پانچ کلو وزنی ایل پی جی سلنڈرز کی یومیہ تقسیم کو دوگنا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں پیٹرولیم و طبعی گیس محکمے کے سیکریٹری ڈاکٹر نیرج متل نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کے چیف سیکریٹریز کو ایک مکتوب ارسال کیا۔ گذشتہ ماہ 2 اور 3 مارچ کو کھلے بازار میں فراہم کیے گئے سلنڈروں کی تعداد کو کوٹے کی بنیاد بنانے کر اُسے دوگنا کیا جائے گا۔ دور دراز کے دیہاتوں سے تعلیم حاصل کرنے یا مزدوری کیلئے آنے والے طلبہ اور مہاجر مزدور عارضی رہائش کے پتے کے ثبوت کے بغیر صرف شناختی کارڈ دکھاکر یہ سلنڈر حاصل کرسکتے ہیں۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
سکھ مذہب کے 9 ویں مذہبی پیشوا گرو تیغ بہادر جی کے ”پرکاش پرو“ کے حوالے سے ملک بھر میں انھیں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ چھترپتی سمبھاجی نگر میں سندھی کالونی میں گرو تیغ بہادر کی سالگرہ کے سلسلے میں منعقد ہ اکھنڈ پاٹھ کل اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع پر گروبانی کے ساتھ مختلف مذہبی پروگرام منعقد کیے۔
***** ***** *****
ناگپور شہر میں سی اے روڈ پر میٹرو اسٹیشن سے قریب کل ایک مشتبہ لاوارث بیگ سے غیر استعمال شدہ دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا۔ پولس اور بم اسکواڈ نے ایک مقامی باشندے کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے جلیٹن کی 15 چھڑیاں‘ 58ڈیٹونیٹر اور آٹھ کنیکٹرس برآمد کیے۔ یہ بیگ تقریباً ایک سے ڈیڑھ ماہ سے وہاں لاوارث پڑا تھا۔ پولس نے اس دھماکہ خیز مواد کو فی الفور محفوظ مقام پر منتقل کردیا۔ اس ضمن میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کے کوڑا کرکٹ انتظامی شعبے نے کل شہر کے چند مقامات پر خصوصی مہم چلائی۔ کوڑا کرکٹ صحیح طریقے سے الگ الگ نہ کرنے اور سڑک پر پھینکنے کے واقعات اس دوران سامنے آئے۔ اس سلسلے میں قصوروار افراد کے خلاف کارروائی کی گئی۔ اس مہم میں مجموعی طور پر 13 ہزار روپئے جرمانہ وصول کیا گیا۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع کی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سنگیتا دیشمکھ کو سنگین شکایات کی بنیاد پر معطل کرنے کا حکم ریاستی حکومت نے دیا ہے۔ ان کے خلاف سنگین شکایات کی محکمہ جاتی تحقیقات کے احکامات بھی جاری کردئیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع کے عمری تعلقے کے کاول گڈا میں بھوانی ماتا مندر میں بھنڈارے کے پروگرام میں دئیے گئے مشروب سے 200 سے زائد زائرین متاثر ہوگئے۔ زہریلے مشروب آمبیل سے متاثرہ ان تمام افراد کو عمری کے دیہی اسپتال میں داخل کردیا گیا ہے‘ جبکہ سات افراد کو ناندیڑ منتقل کیا گیا۔ یہ اطلاع ضلع سول سرجن ڈاکٹر سنجے پیرکے نے دی۔ انھوں نے بتایا کہ ابتدائی اندازے کے مطابق مشروب میں شامل دہی کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا ہوگا۔
***** ***** *****
سمردّھی ایکسپریس وے پر جالنہ کے قریب ایک ٹینکر سے خطرناک کیمیاوی مادہ لیک ہونے کا واقعہ پیش آیا۔ جس کے بعد ایکسپریس وے پر ٹریفک کو روک کر متبادل سڑک پر موڑ دیا گیا۔ کیمیکل کو ضائع کرنے کیلئے انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے اقدامات کے باعث کل ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔ شام کے بعد اس سڑک پر ٹریفک بحال کردیا گیا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے بڑکن دیہی اسپتال میں بدعنوان میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر وجئے دڑوی اور اس کے ایک ساتھ کو پولس نے رشوت لینے کے الزام میں کل گرفتار کرلیا۔ اس نے نرائن براہمنے نامی کانٹریکٹ صفائی ملازم کے ذریعے سرکاری اسکیم میں خاندانی منصوبہ بندی کی سرجری کیلئے چھ ہزار روپئے رشوت مانگی تھی۔
***** ***** *****
ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی میں ڈگری امتحانات کا کل سے آغاز ہوا۔ یونیورسٹی سے منسلک بیڑ، دھاراشیو، جالنہ اور چھترپتی سمبھاجی نگر کے 240امتحانی مراکز پر دو لاکھ 82 ہزار طلبہ یہ امتحان دے رہے ہیں۔
***** ***** *****
موسم: مراٹھواڑہ کے لاتور اور دھاراشیو میں کل یعنی 9 اپریل کو بعض مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔ جبکہ دیگر اضلاع میں آئندہ پانچ دِن موسم خشک رہے گا۔ تقریباً 48 گھنٹوں کے بعد درجہئ حرارت میں بتدریج اضافہ متوقع ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ مہاوِترن کمپنی کی تقسیم؛ زرعی صارفین کیلئے بجلی فراہم کرنے کیلئے علیحدہ کمپنی کے قیام کا ریاستی کابینہ کا فیصلہ۔
٭ ریاست میں غیر موسمی بارش کے نقصانات کا معاوضہ ادا کرنے کیلئے 128کروڑ 65 لاکھ روپئے امداد کی تقسیم۔
٭ ریاستی حکومت کی ”میرا گاؤں‘ صحت مند گاؤں“ مہم کا وزیرِاعلیٰ کے ہاتھوں افتتاح۔
٭ مہاجر مزدوروں کیلئے پانچ کلو وزنی ایل پی جی سلنڈرز کی یومیہ تقسیم کو دوگنا کرنے کا فیصلہ۔
اور۔۔۔٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کے کچرا شعبے کی خصوصی مہم؛ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف جرمانے۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment