Friday, 5 December 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 05 دسمبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 05 December-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۵/دسمبر ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ بلدیاتی انتخابات کی ووٹر لسٹوں میں ممکنہ دوہرے ووٹروں کی سختی سے تلاش کرنے کی ریاستی الیکشن کمیشن کی ہدایت۔
٭ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس آج چھترپتی سمبھاجی نگر کے دورے پر؛ زرعی شمسی پمپ کیلئے عالمی ریکارڈ سرٹیفکیٹ تقسیم تقریب۔
٭ بچوں کی شادی سے پاک بھارت کیلئے 100 روزہ قومی مہم کا آغاز۔
اور۔۔۔٭ اہلیا نگر- بیڑ ڈیمو ٹرین کا نظرِ ثانی شدہ نظام الاوقات 8 دسمبر سے کیا جائے گا نافذ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ریاستی الیکشن کمشنر دنیش واگھمارے نے میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کی ووٹر لسٹوں میں ممکنہ دوہرے ووٹروں کی مکمل تلاش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ وہ کل ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میونسپل کارپویشن کے تمام کمشنروں کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ الیکشن کمشنر نے اصل ووٹنگ کے دوران بھی دوہرے ووٹرز کے حوالے سے چوکنا رہنے‘ ڈرافٹ ووٹر لسٹوں پر موصول ہونے والے اعتراضات اور تجاویز کی بروقت تصدیق اور حل کرنے اور وارڈ وار ووٹر لسٹوں میں کسی بھی قسم کی خامی کو دور کرنے کے احکامات دئیے ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے آج چھترپتی سمبھاجی نگر کا دورہ کریں گے۔ ”جو مانگے گا اسے زرعی شمسی پمپ مہم“کے تحت مہاوِترن نے ایک ہی مہینے میں 45 ہزار 911 زرعی پمپ نصب کرکے عالمی ریکارڈ درج کیا ہے۔ یہ ریکارڈ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کیا گیا ہے۔ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی جانب سے آج صبح وزیرِ اعلیٰ کی موجودگی میں چھترپتی سمبھاجی نگر کے شیندرا صنعتی علاقے کے آرِک سٹی میدان پر عالمی ریکارڈ سرٹیفکیٹس تقسیم تقریب منعقد کی جائیگی۔
***** ***** *****
مرکزی ایکسائز ترمیمی بل کو پارلیمنٹ نے منظوری دے دی۔ لوک سبھا میں پرسوں منظور ہونے والے اس بل کو کل راجیہ سبھا نے بھی منظوری دے دی تھی۔ یہ تمباکو اور تمباکو کی مصنوعات پر جی ایس ٹی سرچارج کے خاتمے کے بعد اضافی ایکسائز ڈیوٹی لگانے کی اجازت دیتا ہے۔
مرکزی وزیرِ خزانہ نرملا سیتا رمن نے ریاستوں کو یقین دلایا کہ یہ اضافی محصول بھی راجیہ سبھا میں مالیاتی کمیشن کی سفارشات کے مطابق دیا جائے گا۔ حکومت کسانو ں کو تمباکو کی بجائے دوسری فصلیں کاشت کرنے کی ترغیب دینے کیلئے مختلف اسکیمیں لیکر آئی ہے۔ سیتا رَمن نے کہا کہ اس کی وجہ سے مہاراشٹر سمیت مختلف ریاستوں میں کسانوں نے ایک لاکھ ہیکٹر سے زیادہ اراضی پر دوسری فصلوں کی کاشت شروع کردی ہے۔
***** ***** *****
رکنِ پارلیمان ڈاکٹر بھاگوت کراڑ نے کل راجیہ سبھا میں چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے ایلورہ غاروں میں مقامی گائیڈز کے سیاحوں کو غلط معلومات دینے کا مسئلہ اٹھایا۔ کراڑ نے ایوان کی توجہ ایسے گائیڈز کیلئے پیشہ ورانہ تربیتی مرکز شروع کرنے اور سیاحتی مقامات پر تربیت یافتہ گائیڈز کو تعینات کرنے کی ضرورت کی طرف مبذول کروائی۔
***** ***** *****
گذشتہ گیارہ سالوں میں ملک بھر میں ہوائی اڈوں کی تعداد 74 سے بڑھ کر 164 ہوگئی ہے۔ شہری ہوا بازی کے وزیرِ مملکت مرلی دھر موہوڑ نے کل لوک سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں یہ اطلاع دی۔ مرکزی سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے وزیر نتن گڈکری نے کہا ہے کہ ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کی صنعت کا کاروبار اگلے پانچ سالوں میں 20 لاکھ کروڑ روپئے تک پہنچ جائے گا۔ وہ کل لوک سبھا میں وقفہئ سوالات میں مخاطب تھے۔
گڈکری نے یہ بھی بتایا کہ فی الحال ملک میں 57 لاکھ الیکٹرک گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں۔ جل شکتی کے وزیر سی آر پاٹل نے لوک سبھا کو بتایا کہ جل جیون مشن مہم کے تحت 15 کروڑ سے زیادہ گھرانوں کو نل کے پانی کے کنکشن فراہم کیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
بچوں کی شادی سے پاک بھارت کی 100 روزہ قومی مہم کل سے شروع ہوئی۔ خواتین اور بچوں کی ترقی کی مرکزی وزیر انا پورنا دیوی نے نئی دہلی میں مہم کی پہلی سالگرہ کے موقعے پر اس مہم کا افتتاح کیا۔ شرکاء نے کم عمری کی شادی کے رواج کو مکمل طور پر ختم کرنے کا عہد بھی کیا۔ اناپورنا دیوی نے کہا کہ حکومت نے اگلے پانچ سالو ں میں ملک کو کم عمری کی شادی سے پاک بنانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ سال بھر جاری رہنے والی اس مہم کے تحت ملک بھر کے تعلیمی اداروں اور پنچایتوں میں مختلف بیداری پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
کل بحریہ دن منایا گیا۔ سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو نے تحریر کیا کہ بھارتی بحریہ ملک کی سلامتی کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر بھی اہم کردار ادا کررہی ہے۔ مغربی ریجن کے چیف آف پرسنل وائس ایڈمرل راہل گوکھلے نے ممبئی کے نیول ڈاکیارڈ میں واقع فخریہ ستون پر پھول چڑھاکر شہیدوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
میزورم کے سابق گورنر سوراج کوشل کا کل 73 سال کی عمر میں دہلی میں انتقال ہوگیا۔ ان کی بیٹی رکنِ پارلیمان بانسری سوراج نے سوشل میڈیا پر یہ اطلاع دی۔ کوشل نے 1986 میں تقریباً دو دہائیوں کے تنازعات کو ختم کرنے کے بعد میزورم میں امن قائم کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ وہ میزورم کے پہلے ایڈوکیٹ جنرل اور پھر 1990 سے 1995 تک گورنر رہے۔ وہ گورنر کے عہدے پر فائز ہونے والے ملک کے سب سے کم عمر شخص تھے۔ وہ 1998 تا 2004 راجیہ سبھا کے رکن بھی رہے۔ وہ سابق مرکزی وزیر سشما سوراج کے شوہر تھے۔
***** ***** *****
بھارت رَتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے 59 ویں مہاپری نروان دن کے موقعے پر ممبئی کے دادر کے چیتیہ بھومی پر خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے آنے والے عقیدت مندوں کی سہولت کیلئے برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن تیار ہے۔ تمام ضروری سہولیات کی فراہمی کیلئے تقریباً آٹھ ہزار سے زیادہ عہدیداران و ملازمین تعینات کیے گئے ہیں اور خراجِ عقیدت کو بڑے پردے پر دکھاکر اسی طرح سوشل میڈیا کے ذریعے لائیو ٹیلی کاسٹ کیا جائے گا۔
***** ***** *****
ڈیجیٹل سات بارہ محکمہئ محصول کی ویب سائٹ ”بھولیکھ ڈاٹ جی او وی اِن“ سے حاصل کیاجاسکتاہے۔ وزیرِ محصول چندر شیکھر باونکولے نے اس فیصلے کو نافذ کرنے کا حکم دیا ہے۔ ڈیجیٹل دستخط کے ساتھ حاصل کردہ گاؤں کا نمونہ سات بارہ‘ آٹھ اے اور تبدیلی پھیر پھار یہ تمام سرکاری و نیم سرکاری اور بینکنگ‘ لون پروسیسنگ عدالتی کاموں کیلئے مکمل طورپر درست ہوں گے۔ اس کیلئے 15 روپئے فیس وصولی جائیگی۔
***** ***** *****
وزیرِ زراعت دتاتریے بھرنے‘نے کہا ہے کہ گوپی ناتھ منڈے کسان حادثاتی تحفظ ہمدردی اسکیم کے فوائد براہِ راست کسانوں کے بینک کھاتوں میں جمع کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ درخواست دہی کا عمل پہلے آف لائن کیا جاتا تھا، تاہم‘ اب اس عمل کو مکمل طور پر ڈیجیٹل کر دیا گیا ہے۔
***** ***** *****
اہلیانگر-بیڑ ڈیمو ریلوے کے تصحیح شدہ نظام الاوقات پر آئندہ 8 دسمبر سے عمل درآمد ہوگا۔ اس شیڈول کے مطابق یہ ٹرین اہلیانگر سے صبح پونے آٹھ بجے نکلے گی اور بیڑ سے دوپہر ایک بجے روانہ ہوگی۔ دریں اثناء، کل 6 تاریخ کو بیڑ اور وَڑوَنی کے درمیان بیڑ-پرلی ریلوے لائن پر انجن کا ٹیسٹ کیا جائے گا۔ محکمہ ریلوے نے شہریوں سے اس دوران محتاط رہنے کی اپیل کی ہے۔ اس ٹیسٹ کے بعد 10 اور 11 دسمبر کو ریلوے سیفٹی کمشنر متعلقہ انتظامات اور تیز رفتار کا مکمل معائنہ کریں گے۔
***** ***** *****
جالنہ اے ٹی ایس دستے اور عنبڑ پولس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے عنبڑ تعلقے کے کَیچل واڑی سے تقریباً ایک کروڑ روپے مالیت کا چار کوئنٹل گانجہ ضبط کیا ہے۔ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر دستے نے ڈھولی رام چراوَنڈے نامی کسان کے کھیت میں چھاپہ مارکر یہ کارروائی انجام دی۔ کارروائی کے وقت گانجے کی کٹائی ہو رہی تھی اور کچھ گانجہ فروخت کیلئے رکھا گیا تھا۔ اس معاملے میں عنبڑ پولس اسٹیشن میں انسدادِ منشیات قانون کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
64ویں مہاراشٹر اسٹیٹ شوقیہ مراٹھی ڈرامہ مقابلے کے مختلف زمروں کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ مراٹھواڑہ کے ناندیڑ مرکز کے ڈرامے ”سمپُورن“ اور لاتور مرکز کے ڈرامے ”داستاں“کو پہلا انعام حاصل ہوا ہے۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ ایسوسی ایشن آف اِسمال اسکیل انڈسٹریز اینڈ ایگریکلچر نے ”ایڈوانٹیج مہاراشٹر ایکسپو 2026“ کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ یہ نمائش آرِک سٹی میں 8 سے 11 جنوری 2026 تک منعقد ہوگی۔ اس چار روزہ نمائش میں ہزاروں صنعت کار، سرمایہ کار اور تکنیکی ماہرین شرکت کریں گے۔
***** ***** *****
ستائیسویں ریاستی انٹر یونیورسٹی کھیل مقابلے 2025 کا کل‘ ناندیڑ کی سوامی رامانند تیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی میں آغاز ہوا۔ ان مقابلوں میں ریاست بھر کی 24 یونیورسٹیوں کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ گزشتہ روز کبڈی کے کئی دلچسپ مقابلے کھیلے گئے‘ جبکہ کھو کھو، باسکٹ بال، والی بال، ٹیبل ٹینس اور بیڈمنٹن کے دلچسپ مقابلے بھی شائقین ِ کھیل کو دیکھنے کو ملے۔
***** ***** *****
دَتّ جینتی تقاریب کل منائی گئیں۔ اس موقعے پر مراٹھواڑہ کے ناندیڑ ضلع کے ماہور گڑھ کے دَتّ مندر میں مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
لاتور میونسپل کارپوریشن انتظامیہ نے املاک ٹیکس کی وصولی کیلئے براہ راست ضبطی مہم شروع کی ہے۔ اس کیلئے آٹھ دستے مقرر کیے گئے ہیں۔ اگر ضبط شدہ املاک مالکان نے مقررہ تاریخ میں ٹیکس کی ادائیگی نہیں کی تو نیلامی کی کارروائی کی جائے گی۔ اس سلسلے میں میونسپل کمشنر مانسی نے املاک مالکان سے اپنے اوپر واجب الادا بقایہ جات فوری ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
ریاست میں کل سب سے کم درجہئ حرارت گوندیا میں 10 اعشاریہ دو ڈگری سیلسیس درج کیا گیا‘ جبکہ مالیگاؤں میں 11 اعشاریہ چار ڈگری سیلسیس درجہئ حرارت رہا۔ مراٹھواڑہ کے دھاراشیو میں 12 اعشاریہ دو ڈگری سیلسیس، چھترپتی سمبھاجی نگر میں 13 اعشاریہ دو ڈگری، بیڑ میں 13 اعشاریہ نو ڈگری اور پربھنی میں 14 ڈگری سیلسیس درجہئ حرارت درج ہوا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ بلدیاتی انتخابات کی ووٹر لسٹوں میں ممکنہ دوہرے ووٹروں کی سختی سے تلاش کرنے کی ریاستی الیکشن کمیشن کی ہدایت۔
٭ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس آج چھترپتی سمبھاجی نگر کے دورے پر؛ زرعی شمسی پمپ کیلئے عالمی ریکارڈ سرٹیفکیٹ تقسیم تقریب۔
٭ بچوں کی شادی سے پاک بھارت کیلئے 100 روزہ قومی مہم کا آغاز۔
اور۔۔۔٭ اہلیا نگر- بیڑ ڈیمو ٹرین کا نظرِ ثانی شدہ نظام الاوقات 8 دسمبر سے کیا جائے گا نافذ۔
***** ***** *****

No comments: