Friday, 19 December 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 19 دسمبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 19 December-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۹؍دسمبر ۲۰۲۵ء؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ترقی یافتہ بھارت - روزگار اور ذریعۂ معاش اسکیم بل پا رلیمنٹ میں منظور۔
٭ نئی اسکیم کی معرفت مہاتما گاندھی کے نظریات کو مجسم شکل دینے کیلئے حکومت کوشاں - شیوراج سنگھ چوہان کا بیان، کانگریس کی جانب سے اسکیم کی مخالفت ۔
٭ جوہری توانائی بل کو بھی پارلیمنٹ نے دی منظوری۔
٭ کانگریس رہنما پرگیہ ساتو بھارتیہ جنتا پارٹی میں شامل۔
٭ بزرگ مجسمہ ساز رام سُتار کی سرکاری اعزاز کے ساتھ آخری رسومات ادا۔
اور۔۔۔٭ آئندہ دو دنوں میں ریاست میں شدید سردی کی لہر آنے کی محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
پارلیمنٹ نے ترقی یافتہ بھارت - روزگار اور ذریعۂ معاش اسکیم - دیہی ’’وی بی جی رام جی‘‘ بل منظور کرلیا۔ یہ بل کل لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں تفصیلی بحث کے بعد منظور کیا گیا۔
دریں اثنا، کل لوک سبھا میں اس بل پر بحث کا جواب دیتے ہوئے، مرکزی وزیر ِزراعت شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ حکومت ’’ترقی یافتہ بھارت جی رام جی منصوبے‘‘ کی معرفت مہاتما گاندھی کے نظریات کو تابندہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے یہ جواب حزبِ مخالف ار اکین کے زوردار ہنگامے کے دوران دیا۔ چوہان نے کہا کہ ترقی یافتہ بھارت کیلئے ترقی یافتہ دیہات بنانا اس بل کا مقصد ہے۔ انہوں نے کہا…
Byte: Agriculture Minister Shivraj Singh Chouhan
قبل ازیں‘ اس اسکیم کا پورا فنڈ مرکزی حکومت فراہم کرتی تھی ‘ تاہم اب بڑی ریاستوں میں 60 فیصد فنڈ مرکز فراہم کرے گا اور باقی ماندہ 40 فیصد فنڈ متعلقہ ریاست فراہم کرے گی۔ جبکہ اندرونِ مقررہ مدت‘ ملازمت فراہم نہ کرنے کی صورت میں بے روزگاری بھتے کا بھی انتظام اس بل میںکیا گیا ہے۔ چوہان نے وضاحت کی کہ شمال مشرقی اور ہمالیائی ریاستوں میں مرکزی حکومت کا حصہ بڑھ کر 90 فیصد ہو جائے گا۔
دریں اثنا‘ شیوراج سنگھ چوہان کے جواب کے دوران حزبِ اختلاف کے ارکان نے بل کی نقولات پھاڑ کر ایوان میں پھینک دیں۔ اسپیکر اوم برلا کی درخواست کے باوجود ارکان نے اپنا احتجاج جاری رکھا۔
وزیر ِزراعت نے اس بل کو راجیہ سبھا میں بھی پیش کیا۔ اس دوران بحث میں بی جے پی کی اِندوبالا گوسوامی، کانگریس کے مکل واسنِک، ملک ارجن کھرگے، راشٹریہ جنتا دل کے منوج کمار جھا وغیرہ نے حصہ لیا۔
***** ***** *****
بعد ازاں‘ منعقدہ ایک صحافتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ زراعت چوہان نے حزبِ اختلاف کی ایوان میں ہنگامہ آرائی پر ناراضگی ظاہر کی اور ایوان میں ناشائستہ رویہ پر تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ جمہوریت میں حزبِ مخالف جماعتوں اور اس کے قائد ین کا کردار اہم ہوتا ہے لیکن موجودہ مخالف جماعتیں اپنی حرکات سے اس اہمیت کو کم کر رہی ہیں۔
اسی دوران‘ کانگریس کی جنرل سکریٹری و رکنِ پارلیمان پرینکا گاندھی نے وضاحت کی کہ بل کی مخالفت برقرار ہے۔ پارلیمنٹ کے احاطے میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے اس مخالفت کے پس ِ پشت مؤقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا:
Byte: Congress Leader MP Priyanka Gandhi
***** ***** *****
جوہری توانائی بل کو کل تفصیلی بحث کے بعد راجیہ سبھا نےمنظور کرلیا۔ اس بل کا مقصد جوہری توانائی کو فروغ دینا، جوہری توانائی سازی میں تابکاری کو کنٹرول کرنا، اور جوہری توانائی کے محفوظ استعمال کیلئے مضبوط قو اعد و ضوابط تیار کرنا ہے۔ لوک سبھا میں پرسوں ہی یہ بل منظور کیا گیا تھا۔
دریں اثناء پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس آج اختتام پذیر ہو رہا ہے۔
***** ***** *****
کانگریس کی خاتون رہنما اور قانون ساز کونسل کی رکن پرگیہ ساتو نے کل بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ اس موقع پر بی جے پی کے ریاستی صدر رویندر چوہان اور وزیرِ محصول چندر شیکھر باونکڑے موجود تھے۔ بی جے پی میں شمولیت سے پہلے پرگیہ ساتو نے اپنا استعفیٰ قانون ساز کونسل کے چیئرمین رام شندے کو پیش کیا۔ شولاپور ضلعے کے سابق رکنِ اسمبلی دلیپ مانے بھی کل بی جے پی میں شامل ہو گئے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
عالمی شہرت یافتہ مجسمہ ساز رام سُتار کے جسد خاکی پر کل پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ آخری رسومات ادا کر دی گئیں۔ ریاستی حکومت کی جانب سے وزیرِ مملکت جئے کمار راول نے گلہائے عقیدت نچھاور کرکے سُتار کو خراج پیش کیا۔ سماجی انصاف کے مرکزی وزیر ِمملکت رام داس آٹھولے اور کئی معززین نے سُتار کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
سُتار کا ‘کل نوئیڈا میں ضعیف العمری کے سبب انتقال ہوگیاتھا، وہ 101 برس کے تھے۔گجرات میں سردار ولبھ بھائی پٹیل کے مجسّمے ’’اسٹیچو آف یونٹی‘‘ سمیت ملک بھر میں 200 سے زائد مجسّموں کو تیار کر کےسُتار نے عالمی سطح پر ملک کی مجسمہ سازی کو شہرت دلائی تھی۔ مجسمہ سازی میں ان کے تعاون کیلئے، انہیں 1999 میں پدم شری اور 2016 میں پدم بھوشن ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ جبکہ ر یاستی حکومت نے حال ہی میں سُتار کو مہاراشٹر بھوشن ایوارڈ سے بھی نوازا تھا۔
صدر ِ جمہور یہ دروپدی مرمو اور وزیرِ اعظم نریندر مودی سمیت ملک بھر کے قائدین نے سُتار کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
***** ***** *****
فلیٹ گھوٹالہ معاملے میں سزا کا سا منا کرنے والے سابق وزیر مانک راؤ کوکاٹے نے کل پارٹی صدر اجیت پوار کو اپنا استعفیٰ پیش کر دیا۔ پوار نے سماجی رابطوں پر کوکاٹے کا استعفیٰ قبول کرنے کی اطلاع دی۔ غور طلب ہے کہ وزیر اعلیٰ نے پرسوںہی میں کوکاٹے سے کھیل اور اوقافی وزارتوں کے قلمد ان لیکر نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کو منتقل کیے تھے۔
***** ***** *****
اقلیتی حقوق دن کل ہر طرف منایا گیا۔ یہ دن ہر سال قومی اقلیتی کمیشن کی سفارشات کے مطابق منایا جاتا ہے جس کا مقصد اقوام متحدہ کے اعلامیے کے مطابق اقلیتی شہریوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
لاتور میں ضلع کلکٹر ورشا ٹھاکر-گھوگے کی موجودگی میں منعقدہ پروگرام میں اقلیتی طبقات کے حقوق اور ان کےفروغ کے سلسلے میں حاضرین کی رہنمائی کی گئی۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلعے کے مالیگاؤں میں کھنڈوبا یاترا کا‘ کل سے آغاز ہوگیا۔ 25تاریخ تک جاری رہنے والی اس یاترا میں زرعی نمائش کے ساتھ ساتھ زراعت اور مویشی پروری سے متعلق مختلف ثقافتی پروگرام اور مقابلوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ ضلع پریشد انتظامیہ یاترا میں پلاسٹک فری تصور پر عمل درآمد کررہا ہے، اور عقید ت مندوں کی حفاظت کیلئے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
پربھنی ضلعے میں، بہبودیِ خواتین و اطفال محکمے اور تحفظ ِ اطفال شعبے نے گذشتہ ڈھائی مہینوں میں 15 کم عمر بچوں کی شادیوں کو روکا ہے۔ محکمے کی افسر مونیکا رَندھوے نے بتایا کہ گزشتہ اکتوبر سے 12 دسمبر کے دوران کم عمری کی شادی کے 19 معاملات کو نمٹایا گیا۔
***** ***** *****
ڈویژنل کمشنر جتیندر پاپلکر نے زیر التواء محصول معاملات کو فوری فیصل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ وہ کل ہنگولی میں محصول محکمے کے ایک جائزاتی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ کمشنر پاپلکر نے انتظامیہ کو کسانوں اور شہریوں کو غیر ضروری مشکلات سے بچانے کی ذمہ داری قبول کرنے کا بھی حکم دیا۔
***** ***** *****
خوراک اور ادو یات انتظامیہ نے ناندیڑ ضلعے میں نشہ آور ادویات کی فروخت کے سلسلے میں13 دوائیوں کی دکانوں کے لائسنس منسوخ کر دیے ہیں جبکہ 32 دکانوں کے لائسنس معطل کر دیے ہیں۔ یہ کارروائی ڈاکٹرس کی تجویز کے بغیر ادویات بیچنے کے معاملات پر کی گئی۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلعے میں تمام میونسپل کونسلز کے ووٹوں کی گنتی کے عمل کو پُرامن اور خوشگوار ماحول میں مکمل کرنے کیلئے، میونسپل کونسل کی حدود کے ہفتہ واری بازار21دسمبر اتوار کو بند رکھیں جائیں گے۔ ضلع کلکٹر اور ضلع مجسٹریٹ کیرتی کرن پجار نے اس سلسلے میں احکامات جاری کیے۔ رائے شما ری مراکز کے اطراف امتناعی احکامات بھی نافذ کیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دنوں میں ریاست میں سردی کی لہر میں مزید اضافے کی پیشن گوئی کی ہے ۔ وسطی مہاراشٹر میں کم سے کم درجہ حرارت میں بتدریج ایک سے تین ڈگری تک کمی ہونے، جبکہ اس کے بعد دو دنوں بعد درجہ حرارت میں اضافہ ہونے کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔
اسی دوران‘ریاست میں کل سب سے کم درجہ حرارت گوندیا میں آٹھ اعشاریہ چار ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ ساتھ ہی اہلیا نگر میں ساڑھے آٹھ ڈگری، ناسک میں نو اعشا ریہ آٹھ ڈگر ی، بیڑ میں دس ڈگری، پربھنی میں دس اعشاریہ آٹھ اور چھترپتی سمبھاجی نگر میں گیارہ اعشاریہ دو ڈگری سیلسیس درجہ حرارت درج کیا گیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ترقی یافتہ بھارت - روزگار اور ذریعۂ معاش اسکیم بل پا رلیمنٹ میں منظور۔
٭ نئی اسکیم کی معرفت مہاتما گاندھی کے نظریات کو مجسم شکل دینے کیلئے حکومت کوشاں - شیوراج سنگھ چوہان کا بیان، کانگریس کی جانب سے اسکیم کی مخالفت ۔
٭ جوہری توانائی بل کو بھی پارلیمنٹ نے دی منظوری۔
٭ کانگریس رہنما پرگیہ ساتو بھارتیہ جنتا پارٹی میں شامل۔
٭ بزرگ مجسمہ ساز رام سُتار کی سرکاری اعزاز کے ساتھ آخری رسومات ادا۔
اور۔۔۔٭ آئندہ دو دنوں میں ریاست میں شدید سردی کی لہر آنے کی محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی۔
***** ***** *****

No comments: