Thursday, 28 August 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 28 اگست 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 28 August-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۸۲/ اگست ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ مرکزی کابینہ نے P.M. سواندھی اسکیم کی تنظیم ِ نو اور اسکیم کی 2030 تک توسیع کو دی منظوری۔
٭ ریاستی حکومت عالمی مارکیٹ میں سرِفہرست رہنے کیلئے ہے پُرعزم: وزیرِ اعلیٰ کا تیقن۔
٭ منوج جرانگے پاٹل کی مراٹھا ریزرویشن کے سلسلے میں حکومت کے ساتھ بات چیت کیلئے مشروط رضامندی۔
٭ گنیش اُتسو کا ہر طرف جوش و خروش کے ساتھ آغاز۔
اور۔۔۔٭ لاتور ضلع میں موسلادھار بارش؛ چھترپتی سمبھاجی نگر‘ جالنہ، پربھنی‘ بیڑ، ہنگولی اور ناندیڑ اضلاع کیلئے آج یلو الرٹ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
P.M. سواندھی اسکیم یعنی خوانچہ فروشوں کو خودکفیل بنانے کیلئے قائم کیے گئے فنڈ کی اسکیم کی تنظیمِ نو کی گئی ہے اور اس کے مدت میں 31 مارچ 2030 تک توسیع کردی گئی ہے۔ کل نئی دہلی میں منعقدہ مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ ایک کروڑ 15 لاکھ استفادہ کنندگان کو فائدہ پہنچانے کا ہدف اس اسکیم کے تحت مقرر کیا گیا ہے جس میں 50لاکھ نئے استفادہ کنندگان شامل ہیں۔ P.M. سواندھی اسکیم کے تحت اب قرض کی پہلی قسط 10 ہزار روپؤں سے بڑھا کر 15ہزار روپئے‘ جبکہ دوسری قسط 20 ہزار سے بڑھا کر 25 ہزار روپئے کردی گئی ہے۔ وہیں ص 50 ہزار روپؤں کی تیسری قسط برقرار رکھی گئی ہے۔ اس اسکیم کیلئے سات ہزار 332 کروڑ روپؤں کا فنڈ مختص کیا گیا ہے۔ اس اسکیم کے دائرہئ کار کو مرحلہ وار وسیع کیا جائے گا۔ کابینہ نے ان مستفیدین کے درمیان ڈیجیٹل لین دین کو فروغ دینے کی خاطر 1600 روپؤں کے کیش بیک کی ترغیب کو بھی منظوری دی ہے۔
***** ***** *****
چھتیس گڑھ ریاست کے سرحدی علاقے بھامرا گڑھ کے کوپرشی گاؤں کے قریب جنگل میں کل پولس کے ساتھ تصادم میں چار نکسلی مارے گئے۔ مرنے والوں میں ایک مرد اور تین خواتین شامل ہیں۔ اسی دوران چھتیس گڑھ کے بیجاپور ضلع میں کل 30 نکسلیوں نے پولس اور مرکزی مسلح افواج کے سینئر افسران کے سامنے خودسپردگی کی۔ ان میں سے 20 پر کُل 81 لاکھ روپؤں کا انعام تھا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت عالمی منڈی میں مقابلہ آرائی اور مختلف ممالک کے ساتھ تجارت کو بڑھانے کی خاطر ضروری اصلاحات کرنے کیلئے پُرعزم ہے۔ وزیرِ اعلیٰ‘ کل ممبئی میں صحافیوں سے بات کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں مہاراشٹر کی مصنوعات کی فروخت میں اضافے کی خاطر ضروری اصلاحات کی جائیں گی۔
***** ***** *****
ممبئی پولس نے مراٹھا ریزرویشن تحریک کے روحِ رواں منوج جرانگے پاٹل کو ممبئی کے آزاد میدان میں احتجاج کرنے کی مشروط اجازت دے دی ہے۔ پولس نے بتایا کہ جرانگے کو آزاد میدان پر صرف ایک دن اور زیادہ سے زیادہ پانچ ہزار مظاہرین کے ساتھ صبح نو تا شام چھ بجے تک احتجاج کی اجازت ہوگی۔
اسی بیچ جرانگے پاٹل نے مراٹھا ریزرویشن کے سلسلے میں حکومتی وفد کے ساتھ بات چیت کیلئے اپنی رضامندی ظاہر کی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ریاستی وزیر رادھا کرشن وکھے پاٹل نے انھیں فون کرکے بات چیت کیلئے مدعو کیا ہے۔ جرانگے پاٹل نے مزید بتایا کہ انھوں نے اس بات چیت کو عوامی سطح پر رکھنے کی شرط رکھی ہے۔ انھوں نے یقین دلایا کہ یہ احتجاج پُرامن ہوگا۔
جرانگے پاٹل کی قیادت میں کل ایک جلوس جالنہ ضلع کے انتروالی سراٹی سے ممبئی کیلئے روانہ ہوا۔ اس جلوس میں مراٹھواڑہ کے شہریان نے کثیر تعداد میں شرکت کی ہے۔
***** ***** *****
آنکھوں کے عطیے کا قومی پندھرواڑہ آئندہ 8 ستمبر تک منایاجارہا ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع پریشد کے ضلع صحت افسر ڈاکٹر ابھئے دھانورکر نے یہ اطلاع دی۔ ان 15 دنوں کے دوران صحت کے ذیلی مراکز‘ پرائمری ہیلتھ سینٹرس‘ دیہی اسپتالوں‘ تعلقہ جاتی سطح کے اسپتالوں‘ غیر سرکاری تنظیموں اور سرکاری اداروں کے ذریعے عوامی بیداری مہم چلائی جارہی ہے۔
وہیں آنکھوں کے عطیے کے عہدنامے کے اندراج کیلئے عطیہ کرنے والوں کو ترغیب دی جارہی ہے۔ ضلع پریشد کے محکمہئ صحت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ آنکھوں کے عطیے کیلئے عمر، جنس اور مذہب کی کوئی پابندی نہیں ہے۔ ضلع صحت افسر دھانورکر نے لوگوں سے اندھے پن کے خاتمے اور آنکھیں عطیہ کرنے کے حوالے سے معاشرے میں مثبت رویہ پیدا کرنے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
گنیش اُتسو کا کل ہر طرف جوش و خروش کے ساتھ آغاز ہوا۔ کل علی الصبح گھروں میں باقاعدہ طور پر گنیش مورتیوں کی تنصیب کی گئی۔ وہیں دوپہر میں عوامی گنیش منڈلوں نے ڈھول تاشوں کے ساتھ جلوس نکالے اور اپنے منڈپوں میں گنیش کی مورتیاں نصب کیں۔ گورنر سی پی رادھا کرشنن نے کل راج بھون میں گنیش مورتی کی تنصیب کے بعد عوام کو اس تہوار کی مبارکباد دی۔ اسی طرح وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے بھی ممبئی میں اپنی سرکاری رہائش گاہ پر گنیش کی مورتی نصب کی۔ اس موقع پر انھوں نے گن رایا سے ریاست پر آنے والی مصیبتوں سے نجات کی دُعا کی۔
چھترپتی سمبھاجی نگر کے شری سنستھان گنپتی مندر میں کل گنیش کی مورتی کی تنصیب کے ساتھ ہی گنیش اُتسو کا آغاز ہوگیا۔ اس موقع پر سماجی انصاف کے ریاستی وزیر اور ضلع کے رابطہ وزیر سنجئے شرساٹ‘ دودھ کی ترقی کے وزیر اتل ساوے‘ رکنِ پارلیمان سندیپان بھومرے‘ رکنِ پارلیمان ڈاکٹر بھاگوت کراڑ سمیت دیگر معززین موجود تھے۔
اسی طرح ناندیڑ ضلع کے دیگلور میں ماحول دوست گنیش مورتیاں نصب کی گئیں۔ شہر کی پیٹھ امراپور گلی میں کورلے پوار نامی خاندان کے افراد نے ہاتھ سے تیار کردہ مٹی کی مورتیاں اپنے ہر گھر میں نصب کیں۔ ہمارے نامہ نگار نے بتایا کہ اس روایت کی پیروی گذشتہ ایک صدی سے کی جارہی ہے۔
بیڑ ضلع میں اس برس ایک ہزار 762 عوامی گنیش منڈلوں کی تنصیب کی گئی۔ گذشتہ برس ایک گاؤں ایک گنپتی کا تصویر ضلع کے 288 دیہاتوں میں نافذ کیا گیا تھا جس میں رواں برس مزید اضافے کا امکان ہے۔
وہیں لاتور شہر سمیت ضلع کے مختلف مقامات پر گنیش کی آمد کا خوشی اور ڈھول تاشوں کی آواز کے ساتھ استقبال کیا گیا۔ گنیش کی مورتیاں لینے کیلئے چھوٹے بچوں کا جوش دیکھنے کے قابل تھا۔ اس برس اچھی بارشوں کے سبب عوام اور بالخصوص کسانوں میں اطمینان کا ماحول ہے۔
دھاراشیو ضلع کے عمرگہ میں واقع شام راؤ رگھوناتھ چوہان میمورئیل لائبریری میں کتاب کا مطالعہ کرتی ہوئی گنیش مورتی کی تنصیب کی گئی۔ عمرگہ- لوہارا اسمبلی حلقے کے رکن پروین سوامی نے کل اس گنیش مورتی کی آرتی کی۔
ہنگولی شہر اور ضلع میں شدید بارش کے درمیان گنیش کی آمد کا جوش و خروش کے ساتھ استقبال کیا گیا۔ کل صبح ہی سے لوگ اور عوامی گنیش منڈل‘ گنیش مورتیوں کو اپنے منڈپوں کی جانب لے جانے میں مصروف رہے۔ نو برسوں میں آنے والے چنتا منی گنپتی کا کل شہر میں جلوس نکالا گیا۔ جس میں موسیقی اور رقص کا اہتمام کیا گیا۔
***** ***** *****
رشوت خوری مخالف دستے ACB نے کل جالنہ ضلع کے گھن ساونگی تعلقے کے رانی اونچے گاؤں میں رُورَل ہاؤسنگ ڈپارٹمنٹ کے ایک ٹھیکے دار انجینئر کو 30ہزار روپئے رشوت قبول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ ولاس کنوجے نامی اس انجینئر نے وزیرِ اعظم رہائشی اسکیم کے استفادہ کنندگان کو اسکیم کی دوسری قسط فراہم کرنے کیلئے 40ہزار روپئے رشوت طلب کی تھی۔
***** ***** *****
ہاکی کے نامور کھلاڑی میجر دھیان چند کے یومِ پیدائش پر منائے جانے والے قومی کھیل دن کے موقع پر کل چھترپتی سمبھاجی نگر کی MGM یونیورسٹی میں دو روزہ انٹر اسکول اور انٹر کالج کھیل مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔
***** ***** *****
قزاقستان میں جاری ایشین چمپئن شپ مقابلوں میں سِفت کور شرما، آشی چوکسی اور انجم مورگل نے خواتین کے 50 میٹر تھری پوزیشن نشانے بازی کی ٹیم ایونٹ میں طلائی تمغہ جیتا۔ اسی طرح بھارتی نشانے باز انیش بھن والا نے 25 میٹر ریپڈ فائر پسٹل ایونٹ میں چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا۔ اسی زمرے کی ٹیم ایونٹ کا چاندی کا تمغہ بھی بھارت کی جھولی میں آیا ہے۔
***** ***** *****
لاتور شہر اور ضلع میں کل رات سے موسلادھار بارش ہورہی ہے جس کے سبب ضلع میں ایک بار پھر سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ مانجرا آبی منصوبے کے مضافات میں شدید بارش کے باعث طغیانی آئی ہوئی ہے، جس کے بعد اس ڈیم کے چھ دروازے کھول دئیے گئے ہیں۔
وہیں چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے جائیکواڑی آبی منصوبے میں پانی کا ذخیرہ 99 فیصد ہوچکا ہے۔ فی الحال ڈیم میں 37 ہزار 727 ملین مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی کی آمدکا سلسلہ جاری ہے۔ وہیں اس آبی منصوبے کے 18 دروازوں کو دو فٹ کھولا گیا ہے۔
***** ***** *****
اب موسم کا حال:
محکمہئ موسمیات نے مراٹھواڑہ کے اکثر اضلاع میں آج سے دو دنوں کیلئے بارش کا یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ وہیں چھترپتی سمبھاجی نگر، جالنہ، پربھنی بیڑ، ہنگولی اور ناندیڑ اضلاع میں آج کیلئے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ مرکزی کابینہ نے P.M. سواندھی اسکیم کی تنظیم ِ نو اور اسکیم کی 2030 تک توسیع کو دی منظوری۔
٭ ریاستی حکومت عالمی مارکیٹ میں سرِفہرست رہنے کیلئے ہے پُرعزم: وزیرِ اعلیٰ کا تیقن۔
٭ منوج جرانگے پاٹل کی مراٹھا ریزرویشن کے سلسلے میں حکومت کے ساتھ بات چیت کیلئے مشروط رضامندی۔
٭ گنیش اُتسو کا ہر طرف جوش و خروش کے ساتھ آغاز۔
اور۔۔۔٭ لاتور ضلع میں موسلادھار بارش؛ چھترپتی سمبھاجی نگر‘ جالنہ، پربھنی‘ بیڑ، ہنگولی اور ناندیڑ اضلاع کیلئے آج یلو الرٹ۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 28.08.2025 रोजीचे सकाळी 11.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date 28 August 2025 Time 11.00 to 11.05 AM Language Marathi आकाशवाणी छत्...