Saturday, 30 August 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 30 اگست 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 30 August-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۰۳/ اگست ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ مختلف شعبہ جات میں ریاستی حکومت نے کیے کم و بیش 34 ہزار کروڑ روپؤں کے سرمایہ کاری سے متعلق معاہدے۔
٭ مراٹھا ریزرویشن کی خاطر منوج جرانگے پاٹل کی آزاد میدان پر بھوک ہڑتال؛ پولس نے احتجاج کیلئے مدت میں ایک دن کی‘ کی توسیع۔
٭ ناندیڑ اور لاتور اضلاع میں بارش کا زور ٹوٹا؛ کئی آبی منصوبوں سے پانی کا اخراج جاری۔
٭ جالنہ میں تیز رفتار کار کے کنویں میں گرنے سے پانچ افرادکی موت؛ جبکہ بیڑ ضلع میں کنٹینر کے ساتھ تصادم میں چار ہلاک‘ دو زخمی۔
اور۔۔۔٭ کھیل کے شعبے میں بنیادی ڈھانچے کے فروغ کی خاطر پیروی کی جائیگی: کھیل کی مرکزی وزیرِ مملکت رکشا کھڑسے کی یقین دہانی۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
مہاراشٹر میں حکومت سرمایہ کاروں کیلئے ایک ہموار اور آسان سرمایہ کاری کو یقینی بنانے کیلئے پُرعزم ہے۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے یقین دلایا ہے کہ ریاستی حکومت سرمایہ کاری کے ہر مرحلے میں شراکت دار کے طور پر اُن کے ساتھ رہے گی۔ وزیرِ اعلیٰ نے کل کم و بیش 34 ہزار کروڑ روپؤں کے 17 مختلف معاہدوں پر دستخط کیے۔ وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ اس سرمایہ کاری کے نتیجے میں 33 ہزار سے زیادہ ملازمتیں پیدا ہوں گی۔
اسی بیچ وزیرِ اعلیٰ نے کہا ہے کہ حزبِ اختلاف کو مراٹھا ریزرویشن معاملے میں اپنا مؤقف واضح کرنا چاہیے‘ بجائے اس کے کہ وہ کوئی آسان مؤقف اپنائے۔ وزیرِ اعلیٰ نے مخالف جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے میں سیاسی روٹیاں سینکنا چاہتے ہیں۔ پھڑنویس نے مراٹھا مظاہرین سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاط برتیں تاکہ شہریوں کو تکلیف نہ پہنچے اور ریاست کا سماجی تانابانا بھی محفوظ رہے۔ انھوں نے یہ بھی نشاندہی کی کہ مراٹھا سماج کو دیا گیا دس فیصد ریزرویشن اب بھی برقرار ہے۔ مراٹھا ریزرویشن معاملے میں تشکیل دی گئی کابینہ کی ذیلی کمیٹی حکومت اور مظاہرین سے بات چیت کے بعد تجویز پیش کرے گی۔ وزیرِ اعلیٰ نے تب تک صبر سے کام لینے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا ہے کہ جب وہ وزیرِ اعلیٰ تھے تب انھوں نے مراٹھا سماج کو دس فیصد ریزرویشن دیا تھا، جس کا فائدہ مراٹھا سماج کو آج بھی مل رہا ہے۔ نائب وزیرِ اعلیٰ کل تھانے میں صحیفہ نگاروں سے بات کررہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے مراٹھا ریزرویشن کیلئے کی گئی تمام کوششیں مراٹھا برادری کے سامنے ہے۔ شندے نے بتایا کہ انھوں نے کُنبی ذات کے افرادکی تلاش کی خاطر جسٹس شندے کمیٹی کی تشکیل کی تھی جو آج بھی کام کررہی ہے۔ اس کے نتیجے میں لاکھوں کُنبیوں کو ڈھونڈا گیا، جنہیں ریزرویشن کا فائدہ پہنچا۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ سارتھی کے توسط سے انھوں نے مختلف کورسیز شروع کروائے، جس کا مراٹھا سماج کو فائدہ ہورہا ہے۔ شندے نے یہ بھی بتایا کہ مراٹھا سماج کی ضرورت کے مطابق مہایوتی حکومت نے تمام اقدامات کیے ہیں اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔
***** ***** *****
اسی دوران‘ ممبئی پولس نے مراٹھا ریزرویشن کی خاطر ممبئی کے آزاد میدان پر مظاہرہ کرنے والے منوج جرانگے پاٹل کے احتجاج کی مدت میں مزید ایک دن کی توسیع کی ہے۔ اس سے قبل انھیں دی گئی اجازت کل شام چھ بجے ختم ہورہی تھی۔ جرانگے پاٹل‘ کل اپنے حامیوں سمیت آزاد میدان میں داخل ہوئے اور اپنے اس عزم کا اظہار کیا کہ جب تک ریزرویشن نہیں مل جاتا وہ ممبئی نہیں چھوڑیں گے۔ اس کی خاطر انھوں نے آزاد میدان پر بھوک ہڑتال شروع کردی ہے۔ جرانگے پاٹل نے مراٹھا سماج کے شہریوں سے آزاد میدان پر بھیڑ کم کرنے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں بارش کی شدت میں کمی آئی ہے۔ تاہم ڈویژن کے کئی آبی منصوبوں سے پانی کی سطح میں اضافے کے بعد بڑی مقدار میں پانی کا اخراج کیا جارہا ہے۔ پانی کے اس اخراج کے سبب کئی مقامات پر سیلا بی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ ناندیڑ ضلع کے 69 محصول حلقوں میں بھاری بارش کا اندراج کیا گیا ہے۔ وشنو پوری آبی منصوبے کے گیارہ دروازے کھولے گئے ہیں، جس سے ایک لاکھ 29 ہزار 743 مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے گوداوری ندی میں پانی چھوڑا جارہا ہے۔ ناندیڑ ضلع کے عمری ریلوے اسٹیشن کے سپرنٹنڈنٹ اوم پرکاش مینا کی سیلابی پانی میں بہہ جانے کے بعد موت ہوگئی۔ ہمارے نمائندے نے بتایا کہ وہ دفتر سے گھر واپسی کے دوران بولسا بُدرک کے ریلوے پُل سے پھسل کر پانی میں ڈوب گئے۔
اسی دوران ناندیڑ ضلع میں سیلاب کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ضلع کے رابطہ وزیر اتل ساوے کل ناندیڑ پہنچے۔ انھوں نے کل شدید بارش کے سبب نقل مکانی کرنے والے شہریان سے ملاقات کی اور ان کا حال جانا۔ ساوے نے انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ شدید بارش کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کے فوری پنچنامے کیے جائیں اور مکمل رپورٹ حکومت کو پیش کی جائے۔
اسی بیچ ضلع میں ممکنہ وبائی امراض کی روک تھام کی خاطر حکومت کی صحت سے متعلق ٹیمیں چوکنا ہوگئی ہیں۔ ضلع کے کلکٹر راہل کرڈیلے نے شہریان سے اپنی صحت کا خیال رکھنے کی اپیل کی ہے۔ وہیں لاتور ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی نے لاتور ضلع کے مانجرا ڈیم سے پانی کے اخراج کے پیشِ نظر ندی کنارے آباد شہریان سے چوکنا رہنے اور احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔
بیڑ ضلع کے 16 محصول حلقوں میں موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی۔ ماجل گاؤں آبی منصوبے سے کل رات دس بجے سندھ پھڑا ندی میں پانچ ہزار 919 مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی کا اخراج شروع کیا گیا ہے۔ وہیں ہنگولی ضلع کے کلمنوری تعلقے کے قریب واقع پانچال علاقے میں بادل پھٹنے جیسی بارش ہوئی اور کئی بستیوں میں پانی داخل ہوگیا۔ ضلع میں سدھیشور ڈیم کے 14 جبکہ عیسیٰ پور ڈیم کے سات دروازے کھولے گئے ہیں۔
وہیں دھاراشیو شہر اور مضافات میں بھی کل صبح سے مسلسل بارش جاری ہے۔ اسی طرح پربھنی ضلع میں بھی تسلسل کے ساتھ ہونے والی برسات کے سبب معمولاتِ زندگی درہم برہم ہوگئے ہیں۔ سب ڈویژنل افسر جیوراج ڈاپکر نے گنگاکھیڑ تعلقے کے ماسولی آبی منصوبے سے کسی بھی وقت پانی چھوڑے جانے کے امکان کے پیشِ نظر شہریان سے محتاط رہنے کی اپیل کی ہے۔
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے چار محصول منڈلوں میں بھی بھاری بارش کی اطلاعات ہیں۔ ضلع کلکٹر دلیپ سوامی نے حکام کو چوکس رہنے اور حادثاتی مقامات پر بالمشافہ جائزے لینے کی ہدایت دی ہے۔ وہیں پیٹھن کے جائیکواڑی آبی منصوبے میں کم و بیش 14ہزار مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ ساتھ ہی ڈیم کے 18 دروازوں سے 28 ہزار مکعب فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی کا اخراج کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
اسی درمیان کوکن‘ خاندیش‘ مراٹھواڑہ کے چھترپتی سمبھاجی نگر‘ جالنہ، پربھنی‘ ہنگولی‘ اسی طرح پونے، ستارا اور کولہاپور کے پہاڑی علاقوں کیلئے بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
جالنہ ضلع میں ایک تیز رفتار کار سڑک کے کنارے کنویں میں گرگئی۔ جس سے پانچ افرادکی موت واقع ہوگئی۔ یہ حادثہ کل علی الصبح راجور- ٹیمبھورنی روڈ پر گاڑے گوہان پھاٹے پر پیش آیا۔ اس حادثے میں سڑک پر چلنے والا ایک راہگیر بھی شدید زخمی ہوگیا ہے، جسے علاج کیلئے جالنہ کے ایک خانگی اسپتال میں شریک کیا گیا ہے۔
وہیں بیڑ ضلع میں تیز رفتار کنٹینر کے ساتھ تصادم میں چار افراد ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔ حادثہ آج صبح دھولیہ- شولاپور شاہراہ پر نامل گاؤں پھاٹے کے اُڑان پل کے قریب پیش آیا۔ بیڑ دیہی پولس نے کنٹینر کے ڈرائیور کو حراست میں لیا ہے جبکہ زخمیوں کو علاج کیلئے بیڑ ضلع اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
کھیلوں کا قومی دن کل منایا گیا۔ ہاکی کے عظیم کھلاڑی میجر دھیان چندکے یومِ پیدائش پر یہ دن منایا جاتا ہے۔ ”پُرامن اور جامع معاشرے کو فروغ دینے کیلئے کھیل“ اس برس کے قومی کھیل دن کا نظریہ ہے۔
***** ***** *****
نوجوانوں کی بہبود اور کھیلوں کی مرکزی وزیرِ مملکت رکشا کھڑسے نے کھیل کے شعبے کیلئے بنیادی ڈھانچے کی سہولیات میں اضافے کی خاطر ریاستی حکومت سے پیروی کرنے اور اُسے صنعت کے طور پر شامل کرنے کی ضرورت کا اظہار کیا ہے۔ وزیرِ موصوفہ کل چھترپتی سمبھاجی نگر کی ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی میں واقع اسپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا کے احاطے میں منعقدہ تقریب میں کھلاڑیوں کی رہنمائی کررہی تھیں۔ اس موقع پر انھوں نے کھیلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو اعزاز سے نوازا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ مختلف شعبہ جات میں ریاستی حکومت نے کیے کم و بیش 34 ہزار کروڑ روپؤں کے سرمایہ کاری سے متعلق معاہدے۔
٭ مراٹھا ریزرویشن کی خاطر منوج جرانگے پاٹل کی آزاد میدان پر بھوک ہڑتال؛ پولس نے احتجاج کیلئے مدت میں ایک دن کی‘ کی توسیع۔
٭ ناندیڑ اور لاتور اضلاع میں بارش کا زور ٹوٹا؛ کئی آبی منصوبوں سے پانی کا اخراج جاری۔
٭ جالنہ میں تیز رفتار کار کے کنویں میں گرنے سے پانچ افرادکی موت؛ جبکہ بیڑ ضلع میں کنٹینر کے ساتھ تصادم میں چار ہلاک‘ دو زخمی۔
اور۔۔۔٭ کھیل کے شعبے میں بنیادی ڈھانچے کے فروغ کی خاطر پیروی کی جائیگی: کھیل کی مرکزی وزیرِ مملکت رکشا کھڑسے کی یقین دہانی۔
***** ***** *****

No comments: