Saturday, 27 December 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 27 دسمبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 27 December-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۷۲/دسمبر ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ریاست بھر میں میونسپل کارپوریشن انتخابات کا ماحول گرم؛ مراٹھواڑہ میں بی جے پی-شیوسینا اتحاد کیلئے کوششیں آخری مرحلے میں: ریاستی وزیر چندر شیکھر باون کُڑے کی اطلاع۔
٭ مختلف بینکوں اور دیگر کھاتوں میں موجود غیر فعال رقم کھاتے داروں کو واپس کرنے کیلئے وزارتِ خزانہ کی خصوصی مہم؛ اکاؤنٹ ہولڈرس کو دو ہزار کروڑ روپئے کیے گئے واپس۔
٭ صدرِ جمہوریہ کی جانب سے ”وزیرِ اعظم قومی انعامات برائے اطفال“ کی تقسیم؛ چھترپتی سمبھاجی نگر کے اَرنو مہرشی کا استقبال۔
اور۔۔۔٭ خواتین کرکٹ میں بھارت نے سری لنکا کے خلاف تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ جیتا؛ سیریز میں تین- صفر کی برتری۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ریاست بھر میں میونسپل کارپوریشن انتخابات کیلئے ماحول گرم ہوچکا ہے۔ مختلف سیاسی جماعتوں کے درمیان اتحاد قائم کرنے کیلئے بات چیت جاری ہے۔ اس سلسلے میں مراٹھواڑہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی اور شیوسینا کے درمیان اتحاد کی کوششیں آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہیں۔ یہ اطلاع محصول کے وزیر اور بی جے پی رہنماء چندر شیکھر باون کُڑے نے دی۔ انھوں نے بتایاکہ اس تعلق سے فیصلے جلد کیے جائیں گے۔ وزیرِ موصوف کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں اخباری نمائندوں سے بات کررہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ مراٹھواڑہ میں جالنہ، پربھنی، لاتور اور ناندیڑ میونسپل کارپوریشن انتخابات کیلئے مہایوتی کے قیام کی خاطر میٹنگز کا انعقاد کیا جائے گا۔
اسی بیچ چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن انتخابات کے پس منظر میں مہایوتی کو مربوط کرنے کیلئے شیوسینا اور بی جے پی قائدین کی ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ اس کمیٹی میں دونوں جماعتوں کے پانچ پانچ اراکین شامل ہیں۔
***** ***** *****
میونسپل کارپوریشن انتخابات کے پیشِ نظر کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں شیوسینا اُدّھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی کی جانب سے کرانتی چوک سے گلمنڈی تک مشعل ریلی کا اہتمام کیا گیا، جو پیٹھن گیٹ سے ہوتے ہوئے گلمنڈی پہنچی۔ اس جلوس میں یووا سینا کے سربراہ آدتیہ ٹھاکرے موجود تھے۔ انھوں نے مختلف ترقیاتی مسائل پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ اس موقع پر سابق رکنِ پارلیمان چندر کانت کھیرے اور قانون ساز کونسل میں حزبِ اختلاف کے سابق رہنماء امباداس دانوے موجود تھے۔
مجلس اتحادالمسلمین (MIM) نے بھی چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن انتخابات کیلئے مزید چار اُمیدواروں کی دوسری فہرست کا کل اعلان کیا۔ پارٹی نے ممبئی عظمیٰ کارپوریشن انتخابات کیلئے سات‘ اہلیا نگر کیلئے چار‘ جبکہ لاتور اور پربھنی میونسپل کارپوریشن انتخابات کیلئے بالترتیب ایک ایک امیدوار کی نامزدگی کا اعلان کیا ہے۔
***** ***** *****
جالنہ میونسپل کارپوریشن انتخابات کیلئے کُل 599 نامزدگی کے پرچوں کی فروخت ہوئی۔ تاہم‘ 16 وارڈوں سے اب تک کُل 13 درخواستیں موصول ہوئی ہیں اور کُل 14 داخل کی گئی ہیں۔
***** ***** *****
مہاراشٹر نونرمان سینا کے سابق رہنماء پرکاش مہاجن شیوسینا میں داخل ہوگئے ہیں۔ نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کی موجودگی میں کل تھانے میں منعقدہ ایک تقریب میں وہ پارٹی میں شامل ہوئے۔ انھوں نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ وہ بغیر کسی عہدے یا اُمیدواری کے شیوسینا میں شامل ہوئے ہیں۔ وہیں نائب وزیرِ اعلیٰ شندے نے کہا کہ وہ شیوسینا پارٹی کے ترجمان ہوں گے۔
***** ***** *****
پونے کے سابق میئر اور حال ہی میں راشٹروادی کانگریس شرد چندر پوار پارٹی کے پونے شہر صدر عہدے سے مستعفی ہونے والے پرشانت جگتاپ نے کل پونے شہر پارٹی کے کئی عہدیداروں کے ساتھ کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکاڑ کی موجودگی میں ممبئی میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران انھیں پارٹی میں شامل کیا گیا۔ اس موقعے پر بلدیہ جاتی انتخابات میں منتخب ہونے والے 41 صدورِ بلدیہ کا اس موقع پر استقبال کیا گیا۔ ساتھ ہی میونسپل کارپویشن انتخابات کیلئے پارٹی کی ٹیگ لائن ”کانگریس لڑے گی، مہاراشٹر جیتے گی“ بھی جاری کی گئی۔
***** ***** *****
ممبئی میونسپل کارپوریشن انتخابات‘ کانگریس پارٹی ”تنازعہ نہیں ترقی چاہیے“ اس پالیسی پر لڑے گی۔ کانگریس کی رُکنِ پارلیمان ورشا گائیکواڑ نے یہ اطلاع دی۔ انھوں نے بتایا کہ ممبئی کانگریس جلد ہی اپنا منشور جاری کرے گی۔ گائیکواڑ نے کہا کہ کانگریس نے ممبئی میں سڑکوں‘ ٹریفک جام‘ آلودگی اور گڑھوں کے مسائل پر آواز اٹھائی ہے۔ اس لیے انتخابات ممبئی والوں کے مسائل پر لڑے جائیں گے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ریاستی الیکشن کمیشن نے 29 میونسپل کارپوریشن انتخابات کیلئے نظرِ ثانی شدہ انتخابی فہرست کے شیڈول کا اعلان کیا ہے۔ کمیشن نے بتایا کہ مکمل ووٹرلسٹ تیار ہوتے ہی آئندہ 3 جنوری تک شائع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
***** ***** *****
مرکزی وزارتِ خزانہ‘ مختلف بینکوں اور دیگر کھاتوں میں مدتوں سے پڑی غیر فعال رقم کھاتے داروں کو واپس کرنے کیلئے ملک بھر میں ایک خصوصی مہم چلارہی ہے۔ جس کے تحت اب تک دو ہزار کرور روپئے واپس کیے گئے ہیں۔ وزارتِ خزانہ نے کل یہ اطلاع دی۔ یہ رقوم‘ شہریان نے مختلف بینک اکاؤنس‘ انشورنس اکاؤنس‘ میچول فنڈس‘ Dividands‘ شیئر اور سبکدوشی کے قواعد کے طور پر محفوظ کی تھی۔ خبروں میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی بینکوں میں ایسے 78 ہزار کروڑ روپئے جمع ہیں، جن پر کسی کا دعویٰ نہیں ہے۔
***** ***** *****
”ویر بال دِن“ کے موقع پر صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو کے ہاتھوں وزیرِ اعظم قومی انعامات برائے اطفال کی تقسیم عمل میں آئی۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ معاشرہ ہمیشہ ان بہادر بچوں کا شکر گزار رہے گا جنھوں نے ملک کیلئے اپنی جانیں قربان کیں۔ انھوں نے کہا:
Byte: President Draupadi Murmu
رواں برس 18 ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کے کُل 20 بچوں کو مختلف شعبہ جات میں شاندار کارکردگی کے مظاہرے پر ان انعامات سے نوازا گیا۔ ان میں چھترپتی سمبھاجی نگر کا ارنو مہرشی بھی شامل ہے۔ اَرنو کو اپنے ذاتی تجربے سے مفلوج مریضوں کیلئے خصوصی آلہ تیار کرنے پر یہ ایوارڈ دیا گیا۔ اَرنو نے اپنے تجربے کا اظہار ان الفاظ میں کیا۔
Byte: Arnav Maharshi
صدرِ جمہوریہ نے اس موقع پر کرکٹ کھلاڑی ویبھو سوریہ ونشی کو بھی اعزاز سے نوازا۔
***** ***** *****
سکھ مذہب کے دسویں گرو گووند سنگھ کے بیٹوں صاحب زادہ بابا زورآور سنگھ اور صاحب زادہ فتح سنگھ کی شہادت کی یاد میں ”ویر بال دن“ منایا جاتا ہے۔ اس مناسبت سے کل دلّی میں وزیرِ اعظم نریندر مودی کی موجودگی میں مرکزی پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
وہیں وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے بھی کل صاحب زادہ زورآور سنگھ اور صاحب زادہ فتح سنگھ کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انھوں نے کل ممبئی کے شیو کولی واڑہ کے گردوارے میں منعقدہ پروگرام میں شرکت کی۔
***** ***** *****
خوراک اور ادویہ محکمے کے ریاستی وزیر نرہری جھرواڑ نے حفظانِ صحت اور خوراک کی حفاظت کے معیارات پر عمل کرنے والی ہوٹلوں کی حوصلہ افزائی کی خاطر ریاستی اور ضلعی سطح پر ایوارڈس کا اعلان کیا ہے۔ ”نئے سال کا استقبال اور ہوٹل صفائی کا عہد“ اس خصوصی پہل پر 15 جنوری تک عمل درآمد کیا جائے گا۔
***** ***** *****
خواتین کرکٹ میں بھارت نے سری لنکا کے خلاف تیسرا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ آٹھ وکٹوں سے جیت کرپانچ میچوں کی سیریز میں تین -صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔ کل ترواننت پورم میں کھیلے جانے والے میچ میں بھارتی خواتین ٹیم نے سری لنکا کی جانب سے دئیے گئے 112 رنوں کے ہدف کو 13 اوورز میں حاصل کرلیا۔
***** ***** *****
قومی طلبہ تنظیم (NCC) کا مہاراشٹر دستہ یومِ جمہوریہ کی تقریبات میں حصہ لینے کی خاطر آج صبح پونے سے نئی دہلی کیلئے روانہ ہوگیا ہے۔ تقریباً 125 کیڈیٹس پرمشتمل اس دستے میں سرسوتی بھون سائنس کالج، چھترپتی سمبھاجی نگر کی طالبہ رِیوا دِکشت اور ایم جی ایم یونیورسٹی کے طالب ِ علم اوم یادو شامل ہیں۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ریاست بھر میں میونسپل کارپوریشن انتخابات کا ماحول گرم؛ مراٹھواڑہ میں بی جے پی-شیوسینا اتحاد کیلئے کوششیں آخری مرحلے میں: ریاستی وزیر چندر شیکھر باون کُڑے کی اطلاع۔
٭ مختلف بینکوں اور دیگر کھاتوں میں موجود غیر فعال رقم کھاتے داروں کو واپس کرنے کیلئے وزارتِ خزانہ کی خصوصی مہم؛ اکاؤنٹ ہولڈرس کو دو ہزار کروڑ روپئے کیے گئے واپس۔
٭ صدرِ جمہوریہ کی جانب سے ”وزیرِ اعظم قومی انعامات برائے اطفال“ کی تقسیم؛ چھترپتی سمبھاجی نگر کے اَرنو مہرشی کا استقبال۔
اور۔۔۔٭ خواتین کرکٹ میں بھارت نے سری لنکا کے خلاف تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ جیتا؛ سیریز میں تین- صفر کی برتری۔
***** ***** *****

No comments: