Wednesday, 24 December 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 24 دسمبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 24 December-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۴۲/دسمبر ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ قومی سائنس ایوارڈ صدرِ جمہوریہ کے ذریعے تفویض؛ ڈاکٹر جینت نارڑِیکر کو بعد از مرگ ایوارڈ تفویض۔
٭ ترقی یافتہ بھارت جی رام جی اسکیم کیلئے مرکزی حکومت کی جانب سے ایک لاکھ 51 ہزار کروڑ روپئے مختص۔
٭ ریاست کے 29 میونسپل کارپوریشنوں کے انتخابات کیلئے نامزدگی کا عمل شروع؛ چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن میں وَن وِنڈو روم کھولا گیا۔
٭ سنتوش دیشمکھ قتل معاملے میں مکوکا عدالت میں ملزمین کے خلاف الزامات طئے۔
٭ بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم کی دوسرے ٹی ٹوئنٹی مقابلے میں سری لنکا کے خلاف فتح۔
اور۔۔۔٭ ریاست میں سردی کی لہر جاری؛ مراٹھواڑہ میں اوسطاً کم سے کم درجہئ حرارت 10ڈگری سیلسیئس۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
قومی سائنس ایوارڈ کل صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو کے ذریعے تفویض کیے گئے۔ یہ ایوارڈز چار زمروں میں پیش کیے گئے۔ وِگیان رَتن‘ وِگیان شری‘ وِگیان یوا‘ شانتی سوروپ بھٹناگر اور وِگیان ٹیم۔
اس موقعے پر آنجہانی سائنسداں ڈاکٹر جینت نارڑیکر کو بعد از مرگ وِگیان رَتن ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا۔ AYUK کے ڈائریکٹر آر شریانند نے یہ ایوارڈ قبول کیا۔ اس موقعے پر ریاست کے مختلف تحقیقی اداروں کے چھ سائنسداوں کو اعزاز سے نوازا گیا۔ ان میں بھابھا جوہری توانائی مرکز کے ڈاکٹر یوسف محمد شیخ‘ ٹاٹا بنیادی تحقیق ممبئی کے انسٹیٹیوٹ آف کیمیکل ٹکنالوجی کے وائس چانسلر پروفیسر مہان ایم جے‘ پروفیسر انیردّھ پنڈت‘ ناگپور کے نیری کے ڈاکٹر ایس وینکٹ موہن کو وِگیان شری ایوارڈ دیا گیا۔ بنگلور کے انسٹیٹیوٹ آف بایولوجی کی ڈاکٹر دیپا آگاشے‘ ممبئی کے پروفیسر سبیاساجی اور پروفیسر موہن اور دیگر کو وِگیان شری ایوارڈ سے نوازا گیا۔ پونے کے آیوک کے پروفیسر سوہرد مورے کو وِگیان یوا ایوارڈ سے نوازا گیا۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے ترقی یافتہ بھارت جی رام جی اسکیم کیلئے ایک لاکھ 51 ہزار کروڑ روپئے مختص کیے ہیں۔ مرکزی وزیرِ زراعت شیوراج سنگھ چوہان نے کل ایک ویڈیو پیغام میں یہ اطلاع دی۔ چوہان نے کہا کہ پچھلی منریگا اسکیم کے نام پر نئی اسکیم کے بارے میں جان بوجھ کر غلط معلومات پھیلائی جارہی ہیں۔ انھوں نے کہا:
Byte: Agriculture Minister Shivraj Singh Chouhan
***** ***** *****
اس سال ملک میں پانچ کروڑ 80 لاکھ ملین ہیکٹر سے زائد رقبے پر ربیع کی فصلیں بوئی گئی ہیں۔ وزارتِ زراعت اور کسانوں کی بہبود نے 29 دسمبر تک کی بوائی کی رپورٹ جاری کردی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 301 ملین ہیکٹر سے زیادہ رقبے پر گندم اور 126 ملین ہیکٹر سے زیادہ پر دالوں کی بوائی کی گئی ہے۔
***** ***** *****
ریاست کی 29میونسپل کارپوریشنوں کے انتخابات کیلئے پرچہئ نامزدگی داخل کرنے کا عمل کل سے شروع ہوا۔ پہلے دن چھترپتی سمبھاجی میں 1800‘ جالنہ 804‘ لاتور 144‘ اور ناندیڑ میں 663 درخواستیں فروخت ہوئیں، لیکن کل پہلے دن ایک بھی درخواست موصول نہیں ہوئی۔
اس عمل میں 30 دسمبر تک درخواستیں قبول کی جائیں گی اور 31 دسمبر کو درخواستوں کی جانچ کی جائیگی۔ امیدوار 2 جنوری 2026 تک اپنے کاغذات واپس لے سکتے ہیں۔ انتخابی نشانات 3 جنوری کو تقسیم کیے جائیں گے اور امیدواروں کی حتمی فہرست شائع کی جائے گی۔ ضرورت کے مطابق 15 جنوری کو ووٹنگ ہوگی اور ووٹوں کی گنتی 16 جنوری کو ہوگی۔ اس الیکشن کیلئے مہایوتی اور مہاوِکاس آگھاڑی کی اتحادی جماعتوں کے اتحاد کا بھی اعلان نہیں ہوا ہے۔
***** ***** *****
کانگریس نے ممبئی کی تمام نشستوں پر اپنے طور پر الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شیوسینا اُدّھو بالا صاحب ٹھاکرے گروپ اور مہاراشٹر نونرمان سینا نے مل کر الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں باضابطہ اعلان آج کیا جائے گا۔ شیوسینا اُدّھو کے لیڈر سنجئے راؤت نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں یہ اطلاع دی۔ عام آدمی پارٹی نے ممبئی میونسپل کارپوریشن کیلئے 40 امیدواروں کی پہلی فہرست شائع کی ہے۔
***** ***** *****
بلدیاتی انتخابات کیلئے کانگریس پارٹی کی مہم کا آغاز کل دھولیہ میں ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال نے کیا۔ اس کے علاوہ کانگریس نے 40 تشہیری مہم لیڈروں کی فہرست شائع کی۔ اس میں رکنِ پارلیمان عمران پرتاپ گڑھی‘ راج ببر‘ کنہیا کمار‘ رکنِ اسمبلی جگنیش میوانی اور دیگر شامل ہیں۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
میونسپل انتخابات کے پس منظر میں چھترپتی سمبھاجی نگر کے شیوسینا اُدّھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے شہر صدر رینوکا داس عرف راجو ویدیہ نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی۔ ممبئی میں بی جے پی کے ریاستی صدر رویندر چوہان نے ویدیہ کا پارٹی میں خیر مقدم کیا۔ اس موقعے پر وزیر اتل ساوے‘ رکنِ پارلیمان ڈاکٹر بھاگوت کراڑ‘ و دیگر موجود تھے۔
دریں اثناء‘ شیوسینا کے سابق کارپوریٹرس جو بی جے پی میں شامل ہورہے ہیں ان کے خلاف مختلف مجرمانہ مقدمات درج ہیں اس لیے بی جے پی کی جانب رُخ کرنے کی بات سابق اپوزیشن لیڈر امباداس دانوے نے کی ہے۔
***** ***** *****
مرکزی الیکشن کمیشن اہلیا نگر ضلع کے راہوری اسمبلی حلقے میں ووٹر لسٹ پر نظرِ ثانی کا خصوصی عمل کرے گا۔ اس کے تحت 29 دسمبر تک پولنگ اسٹیشن کو تشکیل دیا جائے گا‘ ووٹر لسٹ کا مسودہ 3 جنوری کو شائع کیا جائے گا‘ جبکہ اُس پر 24 جنوری تک اعتراضات کیے جاسکتے ہیں۔ اس کے بعد 14 فروری کو حتمی ووٹر لسٹ شائع کی جائے گی۔ الیکشن کمیشن نے بتایا کہ شیواجی کرڈیلے کی ناگہانی موت سے خالی ہونے راہوری اسمبلی حلقے کا ضمنی انتخاب جلد ہونے کا امکان ہے۔
***** ***** *****
بیڑ کی خصوصی مکوکا عدالت نے کل سنتوش دیشمکھ قتل معاملے میں ملزمین کے خلاف الزامات طئے کیے۔ خصوصی سرکاری وکیل اُجول نکم نے کل اس معاملے کی سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے یہ اطلاع دی۔
متعلقہ خبروں میں بتایا گیا ہے کہ 8 جنوری کو ہونے والی سماعت میں گواہوں کی جرح اور شواہد کا کام شروع ہوگا‘ جس سے معاملے کی سماعت میں تیزی آئے گی۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے ڈویژنل کمشنر جتیندر پاپلکر نے یقین ظاہر کیا ہے کہ اگر شہریوں کو حساس اور متحرک انداز میں خدمات فراہم کی جائیں تو بہتر انتظامیہ کا ہدف حاصل کیا جاسکتا ہے۔ وہ کل بہتر انتظامیہ ہفتے کے سلسلے میں ضلعی سطح کے ورکشاپ سے خطاب کر رہے تھے۔ سبکدوش ڈویژنل کمشنر بھاسکر منڈے نے اس موضوع پر رہنمائی کی کہ بہتر انتظامیہ کس طرح سادہ اور آسان طریقے سے تیار کیا جا سکتا ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن نے بلدیاتی انتخابات کیلئے سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو مختلف اجازت نامے حاصل کرنے کیلئے اسمارٹ سٹی دفتر میں ایک کھڑکی کیبن سہولت شروع کی ہے۔ اس سلسلے کی خبروں میں واضح کی گیا کہ پارٹیاں اور امیدوار اپنی انتخابی تشہیری مہم کے دوروں، تشہیری جلسوں وغیرہ کے انعقاد سے 48 گھنٹے قبل اجازت کیلئے درخواست دیں، ساتھ ہی اربابِ مجاز کو ان درخواستوں پر فوری کارروائی کرنے اور کسی بھی درخواست کو 24 گھنٹے سے زیادہ التواء میں نہ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
***** ***** *****
انتخابی عمل کو پُرامن، بے خوف اور منصفانہ ماحول میں مکمل کرنے کو یقینی بنانے کیلئے لاتور کی ضلع کلکٹر اور ضلع مجسٹریٹ نے مختلف پابندیاں عائد کی ہیں۔ یہ تمام پابندیاں 16 جنوری 2026 کی رات 12 بجے تک نافذ العمل رہیں گی اور انتظامیہ نے شہریوں اور سیاسی جماعتوں سے ان پر عمل درآمد کرنے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
لوہا تعلقے کے رام تیرتھ کے پہلوان بھیا پاٹل نے ناندیڑ ضلع کی مالیگاؤں یاترا کے موقع پر لوہا پنچایت سمیتی کی طرف سے منعقدہ کشتی کا مقابلہ جیت لیا ہے۔ انہوں نے پربھنی ضلعے کے رام تیلنگ کو شکست دے کر خطاب اپنے نام کیا۔ بھیا پاٹل کو پانچ ہزار روپئے انعام سے نوازا گیا۔
***** ***** *****
خواتین کی کرکٹ میں، بھارت نے سری لنکا کے خلاف دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ سات وکٹوں سے جیت لیا۔ وشاکھاپٹنم میں کل‘ کھیلے گئے اس میچ میں سری لنکا کی ٹیم نے پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے 129 رنز بنائے۔ جبکہ بھارتی خواتین ٹیم نے یہ ہدف بارہویں اوور میں ہی حاصل کر لیا۔ اس جیت کے ساتھ ہی بھارت نے پانچ میچوں کی سیریز میں دو -صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔
***** ***** *****
ممبئی عدالت ِ عالیہ نے مفرور تاجر وجئے مالیا کے وکلاء سے سوال کیا ہے کہ مالیا کب بھارت واپس آئیں گے۔ عدالت نے کل ان کے وکلاء کو تاکید کی کہ مالیا کو عدالت میں حاضر ہونا چاہئے، بصورتِ دیگر ان کی درخواستوں پر سماعت نہیں کی جائے گی۔ مالیا نے انہیں مفرور اقتصادی مجرم قرار دینے کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کیا ہے۔
***** ***** *****
کل ریاست میں سب سے کم درجہ حرارت اہلیا نگر میں سات اعشاریہ تین ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ جبکہ پونے اور ناسک میں اوسطاً آٹھ ڈگری سیلسیس، جلگاؤں میں ساڑھے نو ڈگری سیلسیس اور چھترپتی سمبھاجی نگر، پربھنی، دھاراشیو اور ناندیڑ میں اوسطاً 10 ڈگری سیلسیس درجہئ حرارت رہا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ قومی سائنس ایوارڈ صدرِ جمہوریہ کے ذریعے تفویض؛ ڈاکٹر جینت نارڑِیکر کو بعد از مرگ ایوارڈ تفویض۔
٭ ترقی یافتہ بھارت جی رام جی اسکیم کیلئے مرکزی حکومت کی جانب سے ایک لاکھ 51 ہزار کروڑ روپئے مختص۔
٭ ریاست کے 29 میونسپل کارپوریشنوں کے انتخابات کیلئے نامزدگی کا عمل شروع؛ چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن میں وَن وِنڈو روم کھولا گیا۔
٭ سنتوش دیشمکھ قتل معاملے میں مکوکا عدالت میں ملزمین کے خلاف الزامات طئے۔
٭ بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم کی دوسرے ٹی ٹوئنٹی مقابلے میں سری لنکا کے خلاف فتح۔
اور۔۔۔٭ ریاست میں سردی کی لہر جاری؛ مراٹھواڑہ میں اوسطاً کم سے کم درجہئ حرارت 10ڈگری سیلسیئس سے کم۔
***** ***** *****

No comments: