Thursday, 25 December 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 25 دسمبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 25 December-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۵۲/دسمبر ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ میونسپل کارپوریشن انتخابات کے پیشِ نظر ٹھاکرے برادران کا اتحاد؛ کانگریس اور آر ایس پی کی بھی انتخابی مفاہمت؛
مہایوتی سے متعلق عنقریب اعلان کیا جائے گا: وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس۔
٭ میونسپل ایکٹ 1965 میں ترمیم کو ریاستی کابینہ کی منظوری۔
٭ نئی ممبئی بین الاقوامی طیران گاہ سے آج مسافربردار پروازوں کی آمد و رفت کا آغاز۔
٭ کرسمس تہوار کی مناسبت سے مختلف پروگراموں کا انعقاد۔
اور۔۔۔٭ دھاراشیو کی لوک سیوا سمیتی کی جانب سے مختلف ایوارڈز کی تقسیم۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ممبئی میونسپل کارپوریشن کے آئندہ انتخابات کیلئے شیوسینا اُدّھو باڑا صاحب ٹھاکرے پارٹی اور مہاراشٹر نونرمان سینا کے مابین انتخابی اتحاد ہوگیا ہے۔ ان دونوں پارٹیوں کے سربراہان اُدّھو ٹھاکرے اور راج ٹھاکرے نے کل ممبئی میں اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ اعلان کیا۔ تاہم‘ نشستوں کی تقسیم اور دیگر تفصیلات بتانے سے دونوں رہنماؤں نے اجتناب کیا۔ راج ٹھاکرے نے بتایا کہ دونوں پارٹیوں کے مشترکہ طورپر حمایت یافتہ امیدواروں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ اس موقع پر اُدّھو ٹھاکرے نے وضاحت کی کہ ممبئی اور ناسک میونسپل کارپوریشن کیلئے بھی یہ اتحاد ہوا ہے۔ نیز راشٹروادی کانگریس کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ مراٹھی عوام اور ممبئی کے تحفظ کیلئے یہ انتخابی اتحاد ہوا ہے۔
***** ***** *****
کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکاڑ نے کل اعلان کیا کہ کانگریس پارٹی ریاست میں میونسپل کارپوریشن اور ضلع پریشدوں کے انتخابات کیلئے راشٹریہ سماج پارٹی کے ساتھ اتحاد کیا جائے گا۔ آر ایس پی کے صدر مہادیو جانکر کے ساتھ کل ہوئی ملاقات کے بعد یہ اعلان کیا گیا۔
دریں اثناء‘ کانگریس رہنماء وجئے وڑیٹیوار نے کل ناگپور میں کہا تھا کہ کانگریس پارٹی‘ ونچت بہوجن آگھاڑی کے ساتھ مل کر ممبئی میونسپل کارپوریشن انتخابات لڑے گی۔ لیکن ونچت بہوجن آگھاڑی کی جانب سے اس امر کی تردید کی گئی ہے۔ ونچت بہوجن آگھاڑی کے رہنماء جیت رَتن پٹائیت نے کہا کہ وجئے وڑیٹیوار کا یہ بیان غلط ہے اور عوام میں غلط فہمی پیدا کرنے کی کوشش ہے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر نونرمان سینا کے چھترپتی سمبھاجی نگر کے ضلع صدر سُمیت کھامبیکر نے اپنے متعدد رفقائے کار کے ساتھ شیوسینا میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔ کل ناسک میں نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کی موجودگی میں انھوں نے شیوسینا میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ اور بی جے پی کے رہنماء دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ میونسپل انتخابات کے سلسلے میں مہایوتی سے متعلق عنقریب اعلان کیا جائے گا۔ وہ کل ممبئی میں صحیفہ نگاروں سے گفتگو کررہے تھے۔ اُدّھو ٹھاکرے اور راج ٹھاکرے کے اتحاد پر انھوں نے خوشی کا اظہار کیا‘ تاہم کہا کہ اس اتحاد سے مہایوتی کی کارکردگی پر کوئی خاص اثر نہیں پڑے گا۔
***** ***** *****
میونسپل انتخابات کیلئے انتخابی تشہیری مہم کی مدت 13جنوری کو شام ساڑھے پانچ بجے ختم ہورہی ہے۔ اس کے بعد کسی بھی ذرائع ابلاغ کے ذریعے سیاسی اشتہارات جاری نہیں کیے جاسکیں گے۔ یہ وضاحت ریاستی انتخابی کمیشن نے کی ہے۔
***** ***** *****
ریاست میں گاؤں‘ تعلقہ اور ضلع انتظامیہ کو مضبوط بنانے کیلئے ”ضلع کرم یوگی“ اور ”سرپنچ سنواد“ پروگرام چلائے جائیں گے۔ کل‘ ریاستی کابینہ کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔
ریاست کے ضلع پریشد کے تحت محکمہئ صحت میں کام کرنے والی اور ریٹائرڈ 291 کانٹریکٹ ہیلتھ نرسوں کی تقرری کو باقاعدہ کرنے کیلئے ڈویژنل کمشنر کو اختیارات دینے کو بھی منظوری دی گئی۔
میونسپل کونسلز‘ نگر پنچایت اور صنعتی علاقہ ایکٹ 1965 میں ترمیم کا فیصلہ بھی اس اجلاس میں کیا گیا۔ اس ترمیم کے تحت براہِ رائے منتخب چیئرمین کو رُکنیت اور ووٹ کا حق حاصل ہوگا۔ اس سلسلے میں آرڈیننس جاری کرنے کا بھی ریاستی کابینہ نے فیصلہ کیا۔
دھاراشیو ضلع میں لوک شاہیر انا بھاؤ ساٹھے کا مجسمہ نصب کرنے کیلئے محکمہئ ڈیری ڈیولپمنٹ کی ایک ایکڑ زمین دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں دھاراشیو کے رابطہ وزیر پرتاپ سرنائیک نے بتایا کہ اس ضمن میں شہری ترقیات کے محکمے نے دو کروڑ روپئے منظور کیے ہیں۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
نئی ممبئی بین الاقوامی طیران گاہ آج سے مسافر بردار طیاروں کی آمد و رفت کیلئے کھول دی گئی ہے۔ آج پہلے دن اس ہوائی اڈے سے 30 پروازوں کی آمد و رفت ہوگی اور تقریباً چار ہزار مسافر سفر کریں گے۔ سڈکو کے مینیجنگ ڈائریکٹر وجئے سنگھل نے کل ایک اطلاعی کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ انھوں نے بتایا کہ مسافروں کے ساتھ ساتھ مال برداری خدمات کا بھی آغاز کیا جائے گا۔ فی الحال یہ سروس اندرونِ ملک ہے اور ماہِ مارچ تک اسے بین الاقوامی سطح تک وسعت دی جائے گی۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ ماحولیات بھوپیندر یادو نے کہا ہے کہ پائیداری کے اُصول پر مبنی ترقی ہی حقیقت میں ترقی ہوتی ہے۔ اراولی پہاڑی سلسلے کے بارے میں پھیلائی گئی گمراہ کُن معلومات کے پس منظر میں آکاشوانی کو دئیے گئے خصوصی انٹرویو میں انھوں نے اس ضمن میں کانگریس پر عوام کو گمراہ کرنے کا الزام عائد کیا۔ انھوں نے کہا:
Byte: Union Minister Bhupendra Yadav
دریں اثناء‘ اراولی پہاڑی سلسلے میں نئی کان کنی کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ مرکزی حکومت نے کیا ہے۔ کل‘ اس خصوص میں جاری کردہ سرکاری اعلامیہ میں موجودہ کانوں کے سلسلے میں تمام قواعد کی سختی سے پابندی کی ہدایت کی گئی ہے۔
***** ***** *****
عیسائی برادری کے عقیدے کے مطابق حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی ولادت کا تہوار کرسمس آج منایا جارہا ہے۔ اس موقع پر اور نئے سال کے پیشِ نظر صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو اور گورنر اچاریہ دیووَرَت نے مبارکباد دی ہے۔ کرسمس کے موقع پر تمام گرجا گھروں میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی ولادت کے مناظر پیش کیے گئے اور کیرول گائیکی سمیت مختلف پروگرام منعقد کیے گئے۔
***** ***** *****
کرسمس کی سرکاری تعطیل کے باعث لاتور کے ولاس راؤ دیشمکھ سرکاری میڈیکل کالج اسپتال کا او پی ڈی شعبہ آج بند رہے گا۔
***** ***** *****
سابق وزیرِ اعظم آنجہانی بھارت رَتن اَٹل بہاری واجپائی کی یومِ پیدائش کے موقع پر آج انھیں ملک بھر میں خراجِ عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔ یہ دن ”یومِ حسنِ حکمرانی“ کے طور پر بھی منایا جاتا ہے۔ واجپائی کی یومِ پیدائش کے حوالے سے دھاراشیو میں لوک سیوا سمیتی کی جانب سے مختلف ایوارڈز کل تقسیم کیے گئے۔ امباجوگائی گیان پربودھنی کے پرساد چکشے، دھاراشیو ضلع میں چھوٹے اسکول چلانے والے چندر شیکھر پاٹل اور لاتور کے ماتوشری وُرُدّھ آشرم کو یہ ایوارڈ دئیے گئے۔
***** ***** *****
کانگریس کے سینئر رہنماء اور سابق وزیر سوروپ سنگھ نائیک کل نندوربار ضلع کے نوا پور میں چل بسے۔ وہ 88 برس کے تھے۔ نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے ان کے انتقال پر اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ سوروپ سنگھ نائیک کی شکل میں ہم ایک تجربہ کار قیادت سے محروم ہوگئے ہیں۔
***** ***** *****
ترقی یافتہ بھارت روزگار اور ذریعہئ معاش دیہی ضمانتی بل کو پارلیمنٹ میں حال ہی میں منظور کیا گیا اور صدرِ جمہوریہ نے بھی اس پر دستخط کردئیے۔ ہنگولی ضلع کے تونڈاپور میں واقع زرعی سائنس مرکز کے زرعی سائنسداں پی پی شیڑکے نے اس بل کی شقوں پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے کہا:
Byte: P.P. Shelke
***** ***** *****
بھارت ہاکی ٹیم کے نائب کپتان اور دو مرتبہ اولمپک تمغہ جیتنے والے ہاردک سنگھ کو میجر دھیان چند کھیل رَتن ایوارڈ کیلئے نامزد کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ارجن ایوارڈ کیلئے بھی سفارشات کی گئی ہیں، جس میں یوگا کی ماہر آرتی پال سمیت 24 کھلاڑی شامل ہیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کیلئے تقریباً تیرہ سو سے زائد فارم فروخت ہوئے۔ جبکہ کانگریس اور ونچت آگھاڑی کی جانب سے ایک ایک درخواست اس طرح کُل دو کاغذات داخل کیے گئے۔
اسی دوران کُل ہند مجلس اتحادالمسلمین نے اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن کیلئے اپنے آٹھ امیدواروں کی فہرست کل جاری کردی۔ اس کے علاوہ جالنہ کیلئے ایک‘ ناسک میونسپل کارپوریشن کیلئے بھی پارٹی کے تین امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا گیا ہے۔
***** ***** *****
موسم: ریاست میں کل سب سے کم درجہئ حرارت اہلیا نگر میں نو اعشاریہ تین ڈگری سیلسیئس درج کیا گیا۔ اس کے علاوہ مراٹھواڑہ میں بیڑ میں نو اعشاریہ چھ‘ ناندیڑ میں دس اعشاریہ دو‘ پربھنی اور دھاراشیو میں اوسطاً 11 اور چھترپتی سمبھاجی نگر میں 12 اعشاریہ چار ڈگری سیلسیئس درج کیا گیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ میونسپل کارپوریشن انتخابات کے پیشِ نظر ٹھاکرے برادران کا اتحاد؛ کانگریس اور آر ایس پی کی بھی انتخابی مفاہمت؛
مہایوتی سے متعلق عنقریب اعلان کیا جائے گا: وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس۔
٭ میونسپل ایکٹ 1965 میں ترمیم کو ریاستی کابینہ کی منظوری۔
٭ نئی ممبئی بین الاقوامی طیران گاہ سے آج مسافربردار پروازوں کی آمد و رفت کا آغاز۔
٭ کرسمس تہوار کی مناسبت سے مختلف پروگراموں کا انعقاد۔
اور۔۔۔٭ دھاراشیو کی لوک سیوا سمیتی کی جانب سے مختلف ایوارڈز کی تقسیم۔
***** ***** *****

No comments: