Friday, 1 August 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 01 اگست 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 01 August-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: یکم/ اگست ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ مرکزی کابینہ نے چھترپتی سمبھاجی نگر اور پربھنی کے درمیان ریلوے لائن کو ڈبل ٹریک کرنے کی دی منظوری۔
٭ بھارتی اشیاء پر امریکہ کی جانب سے اعلان کردہ ٹیرف یعنی درآمدی محصول کے اثرات کا مرکزی حکومت کی طرف سے لیا جارہا ہے جائزہ۔
٭ مالیگاؤں بم دھماکہ کیس کے سبھی ساتوں ملزمین ٹھوس ثبوتوں کی عدم دستیابی کے باعث باعزت بری۔
٭ ریاستی کابینہ میں ردّ و بدل؛ دتاترے بھرنے کو محکمہئ زراعت، جبکہ مانک راؤ کوکاٹے کو کھیل اور نوجوانوں کی بہبود کا محکمہ دیا گیا۔
اور۔۔۔٭ جائیکواڑی ڈیم میں پانی کی سطح ہوئی 92 فیصد؛ پانی کی پوجا کے بعد شروع کیا گیا پانی کا اخراج۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
مرکزی کابینہ نے 574 کلومیٹر کے چار ملٹی ٹریک ریلوے پروجیکٹوں کو منظوری دی ہے۔ ان پروجیکٹوں کے مہاراشٹر‘ مدھیہ پردیش‘ مغربی بنگال‘ بہار‘ اڈیشہ اور جھارکھنڈ کے 13 اضلاع میں کام شروع کیے جائیں گے۔ ان کا کُل تخمینہ کم و بیش 11 ہزار 169 کروڑ روپئے ہے اور یہ پروجیکٹس 2028-29 تک مکمل کیے جائیں گے۔ یہ اطلاع مرکزی وزیرِ اطلاعات و نشریات اشونی ویشنو نے دی۔ اس میں چھترپتی سمبھاجی نگر اور پربھنی کے درمیان ریلوے لائن کو ڈبل ٹریک کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ اس سے مراٹھواڑہ کا دہلی‘ ممبئی اور جنوبی بھارت کے ساتھ تیز رفتار رابطہ قائم ہوگا۔ ویشنو نے کہا کہ جالنہ ڈرائی پورٹ‘ دینا گاؤں اور دولت آباد گڈس شیڈ کے ساتھ بھی براہِ راست رابطہ قائم کیا جائے گا۔
Byte: Railway Minister Ashwini Vaishnav
اس کے علاوہ کابینہ نے اٹارسی اور ناگپور کے درمیان تقریباً پانچ ہزار کروڑ روپئے کی لاگت سے چوتھی ریلوے لائن کی تعمیر کو بھی منظوری دی۔ اس کا براہِ راست فائدہ مدھیہ پردیش اور مہاراشٹر کو ہوگا۔ ان منصوبوں کی تعمیر کے دوران دو لاکھ سے زیادہ براہِ راست ملازمتیں پیدا ہوں گی۔ مرکزی کابینہ نے آج پردھان منتری کرشی سمپدا یوجنا کیلئے تقریباً چھ ہزار پانچ سو کروڑ روپئے اور نیشنل کوآپریٹیو ڈیولپمنٹ کارپوریشن کو دو ہزار کروڑ روپئے کا فنڈ فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔
مرکزی وزیرِ تجارت اور صنعت پیوش گوئل نے کہا کہ حکومت ہندوستانی اشیاء پر امریکہ کی طرف سے اعلان کردہ 25 فیصد ٹیرف کے اثرات کا جائزہ لے رہی ہے۔ کل لوک سبھا میں اس سلسلے میں ایک بیان دیتے ہوئے انھوں نے کہا:
Byte: Industry and Supply Minister Piyush Goyal
گوئل نے یہ بھی اعتماد ظاہر کیا کہ بھارت اب دنیا کی سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی معیشت بن گیا ہے اور چند سالوں میں یہ ملک دنیا کی تیسری بڑی معیشت بن جائے گا۔
***** ***** *****
مالیگاؤں بم دھماکہ کیس کے سبھی ساتوں ملزمین کو آج این آئی اے کی خصوصی عدالت نے ٹھوس ثبوتوں کی کمی کی وجہ سے بری کردیا۔ عدالت نے یہ حکم تقریباً 17 سال تک چلنے والے طویل مقدمے کی سماعت کے بعد جاری کیا۔ ملزمان میں سابق بی جے پی‘ ایم پی پرگیا سنگھ ٹھاکر‘ لیفٹیننٹ کرنل پرساد پروہت‘ ریٹائرڈ میجر اُپادھیائے شامل ہیں۔ سرکاری وکیلوں کی جانب سے کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہ کیے جانے پر تمام ملزمین کو باعزت بری کرنے کی بات خصوصی جج جسٹس اے کے لاہوٹی نے فیصلے میں کہی۔ یہ بم دھماکے 2008 میں ناسک ضلع کے مالیگاؤں میں ہوئے تھے۔ اس میں چھ افراد ہلاک اور 100 سے زیادہ زخمی ہوئے تھے۔ اس معاملے میں 12 میں سے تین ملزمین کو پہلے ہی بری کردیا گیا تھا۔ عدالت نے واضح کیا کہ بقیہ دو ملزمان پر صرف آرمس ایکٹ کے تحت مقدمہ چلایا جائے گا۔
***** ***** *****
بھارتیہ جنتا پارٹی نے مالیگاؤں بم دھماکہ کیس کے فیصلے کاخیر مقدم کیا ہے۔ اس نتیجے پر ردّ عمل ظاہر کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا کہ دہشت گردی کبھی زعفرانی نہیں رہی اور نہ کبھی ہوگی۔ نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا ہے کہ اگرچہ یہ سچ ہے کہ انصاف میں تاخیر ہوئی تاہم سچائی کبھی ہارتی نہیں۔ بی جے پی لیڈر چندر شیکھر باونکولے نے مطالبہ کیا ہے کہ مالیگاؤں معاملے کی سچائی سامنے آگئی ہے اور اب کانگریس کو معافی مانگنی چاہیے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ہرش وردھن سپکاڑ نے کہا ہے کہ کانگریس پارٹی ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف رہی ہے اور جو دہشت گرد ہے اُسے سزا ملنی ہی چاہیے۔ وہ کل ممبئی میں میڈیا سے بات کررہے تھے۔ سپکاڑ نے کہا کہ حکومت کو وضاحت کرنا چاہیے کہ وہ مالیگاؤں بم دھماکوں کے فیصلے پر بھی سپریم کورٹ جائے گی‘ جس طرح حکومت ممبئی ٹرین دھماکوں کے معاملے میں عدالت ِ عظمیٰ پہنچی تھی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
زراعت کے محکمے کا قلمدان ریاستی وزیر مانک راؤ کوکاٹے سے لے کر دتاترے بھرنے کو سونپ دیا گیا ہے۔ ریاستی حکومت نے کل اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کیا۔ دوسری جانب وزیر بھرنے‘ کے کھیل‘ نوجوانوں کی بہبود اور اوقاف کے محکمے اب مانک راؤ کوکاٹے کو منتقل کردئیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
انتخابی کمیشن کو گذشتہ برس منعقد کیے گئے اسمبلی انتخابات میں ای وی ایم مشینوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی شکایات موصول ہوئی تھیں۔ اس کے مطابق ریاست کے چیف الیکٹورل افسران نے متعلقہ حلقوں میں ای وی ایم مشینوں کی جانچ مکمل کی ہے۔ انتخابی کمیشن نے کل جاری کردہ اپنے بیان میں کہا کہ جانچ سے یہ ثابت ہوا ہے کہ ووٹنگ مشینیں چھیڑ چھاڑ سے محفوظ رہیں۔ اس حوالے سے دس امیدواروں کی جانب سے شکایات موصول ہوئی تھیں، جن میں سے آٹھ درخواست گذاروں کی موجودگی میں جانچ کی گئی، جبکہ دو غیر حاضر رہے۔ متعلقہ دس اسمبلی حلقوں میں 48 بیلیٹ یونٹس‘ 31 کنٹرول یونٹس اور 31 وی وی پیٹ مشینوں کی جانچ کی گئی۔ انتخابی کمیشن نے وضاحت کی ہے کہ جانچ میں ای وی ایم مشینوں کے ڈیٹا اور وی وی پیٹ کی گنتی میں کوئی تضاد نہیں پایا گیا۔
***** ***** *****
آج سے محصول ہفتے کا نفاذ ہورہا ہے۔ اس سلسلے میں چھترپتی سمبھاجی نگر کے ڈویژنل کشنر نے کل ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ڈویژن کے ضلع کلکٹرس سے بات کی اور اس محصول ہفتے کے دوران عمل میں لائی جانے والی مختلف سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ انھوں نے محصول ہفتے میں زیادہ سے زیادہ شہریان کو شامل کرنے کی اپیل کی تاکہ محصول محکمے کی خدمات‘ اسکیموں اور براہِ راست فوائدکے بارے میں معلومات حاصل کی جاسکے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن نے میونسپل حدود میں واقع تمام ملکیتوں پر شاستی سے آزادی یوجنا نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ لہٰذا‘ آج یکم اگست سے 15 اگست تک میونسپل حدود میں واقع تمام املاک پر 95 فیصد جرمانہ پر چھوٹ نافذ ہوگی۔ جو شہریان یکمشت ٹیکس کے واجبات ادا کریں گے وہ اس اسکیم سے استفادے کے اہل ہیں۔ اس حوالے سے جاری ہونے والی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ میونسپل کارپوریشن نے جرمانہ معاف کرنے کا فیصلہ عوامی نمائندوں اور تجارتی انجمنوں کے مطالبے پر غور کے بعد کیا۔
***** ***** *****
بھارت اور انگلینڈ کے درمیان اوول میں کھیلے جارہے پانچویں ٹسٹ کے پہلے دِن بھارت کی پہلی اننگ چھ وکٹوں پر 204 رنوں پر ختم ہوگئی۔ کرون نائر نے نصف سنچری بنائی۔ نائر 52 رنوں پر جبکہ واشنگٹن سندر 19 رنوں پر کھیل رہے ہیں۔ انگلینڈ کو پانچ میچوں کی اس سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل ہے۔
***** ***** *****
نیتی آیوگ کے ذریعے ماہِ جولائی تا ستمبر 2024 کے دوران چلائی گئی سمپورنتا مہم میں ناندیڑ کے کنوٹ تعلقے نے چھ میں سے چار انڈیکس صد فیصد مکمل کرکے ریاست میں تیسرا مقام حاصل کیا ہے۔ اس کامیابی کیلئے ضلع کلکٹر راہل کرڈیلے اور اُس وقت کے ضلع کلکٹر ابھیجیت راؤت کو ریاستی حکومت کی جانب سے آئندہ 2 اگست کو ناگپور میں اعزاز سے نوازا جائے گا۔
***** ***** *****
جالنہ کے رکنِ اسمبلی اور کانگریس قائد کیلاش گورنٹیال کل اپنے حامیوں سمیت بھارتیہ جنتا پارٹی میں شامل ہوگئے۔ ریاستی صدر رویندر چوہان نے کل ممبئی میں منعقدہ ایک تقریب میں ان کا خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر سینئر لیڈر راؤ صاحب دانوے اور دیگر پسماندہ طبقات کی ترقی کے وزیر اتل ساوے موجود تھے۔
***** ***** *****
پیٹھن میں واقع جائیکواڑی آبی منصوبے میں آبی وسائل کے وزیر ڈاکٹر رادھا کرشن وکھے پاٹل نے کل پانی کی پوجا کی۔ ڈیم میں پانی کی سطح 92 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ ڈیم سے فی الحال 9 ہزار 432 مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی کا اخراج شروع کردیا گیا ہے اور انتظامیہ نے ندی کے کنارے کے واقع دیہاتوں کے مکینوں کو محتاط رہنے کا انتباہ جاری کیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ مرکزی کابینہ نے چھترپتی سمبھاجی نگر اور پربھنی کے درمیان ریلوے لائن کو ڈبل ٹریک کرنے کی دی منظوری۔
٭ بھارتی اشیاء پر امریکہ کی جانب سے اعلان کردہ ٹیرف یعنی درآمدی محصول کے اثرات کا مرکزی حکومت کی طرف سے لیا جارہا ہے جائزہ۔
٭ مالیگاؤں بم دھماکہ کیس کے سبھی ساتوں ملزمین ٹھوس ثبوتوں کی عدم دستیابی کے باعث باعزت بری۔
٭ ریاستی کابینہ میں ردّ و بدل؛ دتاترے بھرنے کو محکمہئ زراعت، جبکہ مانک راؤ کوکاٹے کو کھیل اور نوجوانوں کی بہبود کا محکمہ دیا گیا۔
اور۔۔۔٭ جائیکواڑی ڈیم میں پانی کی سطح ہوئی 92 فیصد؛ پانی کی پوجا کے بعد شروع کیا گیا پانی کا اخراج۔
***** ***** *****

No comments: