Monday, 4 August 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 04 اگست 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 04 August-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۴؍ اگست ۲۰۲۵ء؁
وقت: ۰۰:۹-۱۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ملک کا ریلوے شعبہ بڑی تبدیلیوں اور ترقی کے دو ر سے گزر رہا ہے: ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو کا اظہارِ خیال۔
٭ ریاست میں اعضاء عطیہ کرنے کے ترغیبی پندھر واڑے کا آغاز، مختلف بیداری سرگرمیوں کا انعقاد۔
٭ متاثر کُن اضلاع میں چلائے گئے سمپورنتا ابھیان میں دھارا شیو اور ناندیڑ اضلاع کی بہترین کارکردگی ؛ وزیر اعلیٰ نے کی انتظامیہ کی ستائش۔
٭ ناسک میں آبی وسائل کے وزیر نے کیا اُلہاس ۔ویترنا ندی جوڑ منصوبے کے دفتر کا افتتاح، مراٹھواڑہ کو ملے گا وافر مقدار میں پانی۔
اور۔۔۔٭ بھارت اور انگلینڈ کےدرمیان پانچواں ٹیسٹ میچ دلچسپ مرحلے میں داخل۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے کہا ہے کہ بھارتی ریلوے ایک بڑی تبدیلی سے گزر رہی ہے۔ وہ گزشتہ روز گجرات کے بھائو نگر ریلوے اسٹیشن پر منعقدہ ایک اجلاس سے مخاطب تھے۔ وزیرِ موصوف نے بتایا کہ گزشتہ گیارہ سالوں میں، 34 ہزار کلومیٹر نئی ریلوے لائنیں بچھائی گئی ہیں، اور ملک بھر میں 1300 ریلوے اسٹیشنوں کی تعمیر ِ نو کا منصوبہ دنیا کا سب سے بڑا منصوبہ ثابت ہورہا ہے۔ انھوں نے کہا:
Byte: Railway Minster Ashwini Vaishnav
اشونی ویشنو نے مزید کہا کہ ممبئی-احمد آباد بلیٹ ٹرین کا کام تیز رفتاری سے جاری ہے اور جلد ہی دونوں شہروں کے درمیان فاصلہ صرف دو گھنٹے اور سات منٹ میں طئے کیا جائے گا۔ انہوں نے بھائو نگر سے ایودھیا کیلئے ہفتہ واری ریلوے گاڑی کو ہری جھنڈی دکھا ئی جبکہ پونے سے مدھیہ پردیش کےرِیوا کی جانب جانے والی‘ ساتھ ہی جبل پور سے رائے پور ر یلوے گاڑی کا ورچول طریقہ سے افتتاح بھی کیا۔
***** ***** *****
ریاست میں آج سے اعضاء عطیہ کرنے کی پندرہ روزہ ترغیبی مہم شروع ہو گئی ہے۔ اعضاء کا عطیہ ایک وسیع سماجی تحریک پر مبنی اقدام ہے، اسی مناسبت سے، ریاستی صحتِ عامہ اور خاندانی بہبود محکمے کے اشتراک سے یہ اقد ام چلایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر عوامی بیداری ریلیوں سمیت، سائیکل ریلی، سیمینار، ثقافتی پروگراموں کا انعقاد کیا گیا ہے۔ ریاستی وزیر برائے صحت اور خاندانی بہبودپرکاش آبِٹکر نے کل اعضاء عطیہ کرنے کا عزم کرتے ہوئے سبھی سے اعضاء عطیہ کرنے کی اپیل کی۔ انھوں نے کہامتعدد مریضوں کو بروقت اعضا نہ ملنے کے باعث وہ فوت ہو جاتے ہیں‘ لہٰذا ایسے مریضوں کو بروقت درکار اعضا کی فر اہمی کیلئے یہ پندھرواڑہ منایا جارہا ہے۔
***** ***** *****
گزشتہ سال جولائی سے ستمبر کے درمیان متاثر کُن اضلاع اور تعلقہ پروگرام کے تحت چلائے گئے سمپورنتا ابھیان میں بہترین کارکردگی کیلئےچندر پور ضلعے کو طلائی تمغہ حاصل ہوا ہے ۔ کل، ناگپور میں، چندر پور کے ضلع کلکٹر وِنئے گَوڑا کی جگہ کارگذار ضلع کلکٹر ڈاکٹر نتن ویوہارے نے وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس سےاس سلسلے میں اعزاز قبول کیا۔
اسی مہم کے تحت دھاراشیو ضلعے کو کانسے کا تمغہ حاصل ہوا ہے، اور ضلع کلکٹر کیرتی کرن پجار کو یہ ایوارڈ تفویض کیا گیا۔ دریں اثناء‘ ضلع کلکٹر راہل کرڈیلے کو ناندیڑ ضلعے کے کنوٹ میں اس مہم کے تحت بہترین کارکردگی پر تمغہ اور توصیفی سند سے نوازا گیا۔
***** ***** *****
ناسک میں کل اُلہاس ویترنا ندی جوڑ منصوبے کے د فتر کا افتتاح آبی وسائل کے وزیر رادھا کرشن وکھے پاٹل کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقعے پر وزیرِ موصوف نے کہا کہ چھترپتی سمبھاجی نگر سمیت مراٹھواڑہ خطے کو اس منصوبے سے فائدہ پہنچے گا‘ انھوں نے بتایا کہ اس منصوبے کا پانی مراٹھواڑہ پہنچنے تک تقریباً ایک لاکھ ہیکٹر اراضی سیراب ہوگی۔ وکھے پاٹل نے مزید کہاکہ دَمن گنگا-ایکدرے، دمن گنگا‘ویترنا-دیوندی- گوداوری لنک‘ الہاس- ویترنا- گوداوری، پار-گوداوری منصوبوں کو حکومت مکمل کرے گی، اور مراٹھواڑہ سمیت ناسک او ر اہلیا نگر کو اس کے ذریعے وافر مقدار میں پانی فراہم کیا جائے گا۔
***** ***** *****
پردھان منتری کسان سمان ندھی یوجنا کی بیسویں قسط حال ہی میں وزیر اعظم نریندر مودی نے جاری کی تھی۔ ہنگولی ضلعےکے اس اسکیم سے مستفید ایک کاشتکار بھوج راج گنگادھر راکھونڈے نے اس سلسلے میں بتایا کہ پی ایم کسان یوجنا کے تحت انھیں امداد فراہم کی گئی‘ جو راست ان کے بینک اکائونٹ کے ذریعے دستیاب ہوئی۔ انھوں نے اس اسکیم کی معرفت کاشتکاروں کو بڑے پیمانے پر فائدہ ہونے کے یقین کا اظہار بھی کیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
پربھنی ضلع کے پیڑ گاؤں میں مہاوترن کے سب اسٹیشن پر نئے اضافی پاور پلانٹ اور اضافی استعداد والے ٹرانسفارمر کا‘ کل ضلعے کی رابطہ وزیر میگھنا بورڈیکر کے ہاتھوں افتتاح عمل میں آیا۔ اس موقعے پر بورڈیکر نے بتایا کہ حکومت مختلف اسکیموں کے ذریعے شمسی توانائی کے استعمال کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے ۔ انہوں نے کسانوں اور شہریوں سے شمسی توانائی کی مختلف اسکیمات سے فائدہ اٹھانے کی اپیل بھی کی۔
***** ***** *****
مطالعے کی تحریک کے سرگرم رُکن ابھیجیت جونڈھڑے نے تعلیمی اداروں خصوصاً اسکولوں میں موجود لائبریریوں کی حالت کو بہترکرنے کی ضرورت کا اظہار کیا ہے۔ وہ کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں گرنتھ سکھا شیام دیشپانڈے ایوارڈ قبول کرنے کے بعد حاضرین سے مخاطب تھے۔ جوندھڑے نے رائے ظاہر کی کہ مطالعہ کی عادت کے نتائج دیکھنے کیلئے ہمیں صبر و تحمل سے انتظار کرنا پڑے گا۔
جوندھڑے نے اپنی کتاب خانہ پہل کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ امباجوگائی کے اسکولوں سے شروع کی گئی یہ پہل ریاست بھر میں پھیل رہی ہے اور اب تک اوسطاً ایک سو کتابوں پر مشتمل کتب پیٹی کی تعداد، ڈھائی سو تک پہنچ چکی ہے۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلعے کے تلجا پور تعلقے کے کاٹی میں تیار ہونے والی مہالکشمی کی مورتیوں کو بیرون ملک بازار مہیا ہو رہےہیں۔ اس کاروبار میں مصروف کمہاروں کو اپنے کاروبار کو بڑھانے کیلئے وزیر اعلیٰ رو زگار فراہمی پروگرام سے مدد حاصل ہوئی تھی۔ جس کے بعد کاٹی کے کمہار بڑی مہارت سے پلاسٹر آف پیرس کی گوری گنپتی کی مورتیاں تیار کررہے ہیں۔ سال بھر چلنے والے اس کاروبار سےمتعلقہ دیہات کے مردوں اور خو اتین کو روزگار فراہم ہوا ہے۔
***** ***** *****
بھارت-انگلینڈ کے درمیان اوول مید ان پر کھیلا جارہا ٹیسٹ میچ انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز مرحلے میں پہنچ چکا ہے۔ 374 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ نے چوتھے دن کا کھیل ختم ہونے تک چھ وکٹوں کے نقصان پر 339 رنز بنا لیے تھے او ر انگلینڈ کو جیت کیلئے اب بھی 35 رنز ‘جبکہ بھارتی ٹیم کو چار وکٹیں درکار ہیں۔ انگلینڈ کی جانب سے بلّے باز ہیری بروک اور جو روٹ نے سنچریاں بنائیں جبکہ بھارت کی جانب سے پرسدّھ کرشنا نےتین اور محمد سراج نے دو وکٹیں حاصل کی ہیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کے کمشنر جی شریکانت کے ’’ اسمارٹ اسکول سے بہترین اسکول‘‘ تصور کے تحت ’’میں کمشنر بنوں گا‘‘ پہل پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ اس پہل کے تحت میونسپل کارپوریشن کے مٹمٹہ اسکول کے طلباء نے کمشنر کی رہائش گاہ پر جاکر ان سے بات چیت کی۔ اس موقع پر کمشنر نے ان طلباء کے ساتھ فرینڈ شپ دن بھی منایا۔
***** ***** *****
راشٹروادی کانگریس پارٹی کے صدر اور نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے یوم پیدائش کے موقعے پر رکن اسمبلی راجو نوگھرے سیوا پرتشٹھان کی جانب سے کل ہنگولی ضلعے کے بسمت تعلقے کے بابھڑگاؤں کے ابتد ائی صحت مرکز میں ایک طبّی جانچ کیمپ منعقد ہوا۔ اس د وران تقریباً پانچ ہزار شہریوں کی صحت کا معائنہ کیا گیا۔
***** ***** *****
چھترپتی سنبھاجی نگر تا خلد آباد راستے پر کل صبح درشن کیلئے ایلورہ جا رہی ایک تیز رفتار کار نے دو پیدل راہگیروں کو زور دار ٹکر مار دی۔ اس حادثے میں دونوں راہگیروں کی جائے وقوعہ پر ہی موت واقع ہوگئی۔ مہلوکین کے نام اشوک گھسڑے اور گیانیشور جادھو بتائے جاتے ہیں۔
***** ***** *****
لاتور کے ’’سرسبز و شاداب لاتور فاؤنڈیشن کے اراکین نے 2021 میں عالمی یوم دوستی کے موقعے پر تین ہزار دو سو پودے لگائے تھے ۔ اس مناسبت سے ان درختوں کی چوتھی سالگرہ کل منائی گئی۔ لاتور شہر میں آبی وسائل محکمے کی بستی میں ڈیڑھ ایکڑ اراضی پر یہ پودےلگائے گئے ہیں۔ لاتور میونسپل کارپوریشن کی کمشنر مانسی مینا اس موقعے پر موجود تھیں۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ملک کا ریلوے شعبہ بڑی تبدیلیوں اور ترقی کے دو ر سے گزر رہا ہے: ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو کا اظہارِ خیال۔
٭ ریاست میں اعضاء عطیہ کرنے کے ترغیبی پندھر واڑے کا آغاز، مختلف بیداری سرگرمیوں کا انعقاد۔
٭ متاثر کُن اضلاع میں چلائے گئے سمپورنتا ابھیان میں دھارا شیو اور ناندیڑ اضلاع کی بہترین کارکردگی ؛ وزیر اعلیٰ نے کی انتظامیہ کی ستائش۔
٭ ناسک میں آبی وسائل کے وزیر نے کیا اُلہاس ۔ویترنا ندی جوڑ منصوبے کے دفتر کا افتتاح، مراٹھواڑہ کو ملے گا وافر مقدار میں پانی۔
اور۔۔۔٭ بھارت اور انگلینڈ کےدرمیان پانچواں ٹیسٹ میچ دلچسپ مرحلے میں داخل۔
***** ***** *****

No comments: