Tuesday, 5 August 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 05 اگست 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 05 August-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۵/ اگست ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ریاست میں مقامی خود مختار اداروں کے انتخابات او.بی. سی. ریزرویشن کے ساتھ ہوں گے: عدالتی فیصلے کے بعد وزیرِ اعلیٰ کا اعلان۔
٭ پارلیمنٹ کے کام کاج میں رخنہ اندازی کے پیشِ نظر آج نئی دہلی میں حکمراں این ڈی اے کا اجلاس۔
٭ جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے بانی اور جھارکھنڈ کے سابق وزیرِ اعلیٰ شیبو سورین چل بسے۔
٭ وزیرِ اعظم کے ”پرِکشا پہ چرچا 2025“ پروگرام کا گنیز بک میں اندراج۔
اور۔۔۔٭ اوول ٹیسٹ میں سنسنی خیز کامیابی حاصل کرکے بھارت اینڈرسن-ٹینڈولکر سیریز ڈراء کرنے میں کامیاب۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
مقامی خود مختار اداروں کے وارڈز کی تشکیل اور اس میں او بی سی ریزرویشن کو چیلنج کرنے والی درخواست عدالت ِ عظمیٰ نے مسترد کردی ہے۔ عدالت نے واضح طور پر کہا ہے کہ یہ انتخابات نئی وارڈ بندی اور او بی سی ریزرویشن کے ساتھ ہی ہوں گے۔ اس سلسلے میں وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ اس عدالتی فیصلے کے بعد اب تمام اضلاع میں او بی سی ریزرویشن لاگو رہے گا۔
دریں اثناء‘ وزیرِ اعلیٰ نے وضاحت کی ہے کہ ریاست میں مراٹھی اور غیر مراٹھی کا کوئی تنازعہ نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ ریاست کے مراٹھی اور غیر مراٹھی دونوں باشندے محفوظ ہیں اور ایک دوسرے کے ساتھ رہ رہے ہیں۔ کچھ عناصر ان کے درمیان جان بوجھ کر تنازعہ کھڑا کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور انتخابات میں عوام ان کا مقام بتادیں گے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی کی زیرِ صدارت آج نئی دہلی میں حکمراں قومی جمہوری اتحاد کا اجلاس ہوگا۔ بہار میں فہرست ِ رائے دہندگان کی جانچ کے موضوع پر حزبِ اختلاف کی جانب سے پارلیمانی کارروائی میں رخنہ اندازی کے پیشِ نظر یہ اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ کل لوک سبھا میں قومی کھیل انتظامی بل اور ڈوپنگ کنٹرول ترمیمی بل مسلسل ہنگامہ آرائی کے باعث بحث کیلئے پیش نہ ہوسکے۔
***** ***** *****
جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے بانی اور جھارکھنڈ کے سابق وزیرِ اعلیٰ شیبو سورین طویل علالت کے بعد کل نئی دہلی میں چل بسے۔ وہ 81 برس کے تھے۔ علیحدہ جھارکھنڈ ریاست کے قیام کیلئے انھوں نے طویل اور کامیاب جدوجہد کی۔ بعد ازاں وہ تین بار جھارکھنڈ کے وزیرِ اعلیٰ بنے۔ سورین تین مرتبہ لوک سبھا کے اور دو مرتبہ راجیہ سبھا کے رُکن رہے۔ یو پی اے حکومت کے پہلے دورِ اقتدار میں انھوں نے کوئلے کے وزیر کی حیثیت سے ذمہ داری نبھائی تھی۔ صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو اور وزیرِ اعظم نریندر مودی نے شیبو سورین کا آخری دیدار کرکے انھیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ مہاراشٹرکے گورنر سی پی رادھا کرشنن اور دیگر اہم شخصیات نے بھی سماجی رابطے پر تعزیتی پیغامات جاری کیے ہیں۔
***** ***** *****
چین کے ساتھ 2020 میں گلوان وادی میں ہوئی محاذ آرائی کے دوران ہندوستانی مسلح افواج سے متعلق‘ لوک سبھا میں قائد ِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی کے بیان پر عدالت ِ عظمیٰ نے ناراضی کا اظہار کیا ہے۔ جسٹس دیپانکر دتا اور جسٹس اے جی مسیح پر مشتمل بینچ نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کی حیثیت سے راہل گاندھی کو اس طرح کے مسائل سماجی رابطے پر نہیں بلکہ لوک سبھا میں اٹھانا چاہیے۔ چین کے بھارت کی دو ہزار مربع کلو میٹر زمین پر قبضہ کرنے کے راہل گاندھی کے بیان پر بھی عدالت نے سوال اٹھایا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی ”پرِکشا پہ چرچا 2025“ پروگرام کو گنیز بک آف ریکارڈ میں درج کرلیا گیاہے۔ اس پروگرام کی آٹھویں قسط کیلئے مائی جی او وی پلیٹ فارم پر تین کروڑ 53 لاکھ افراد نے اپنے ناموں کا اندراج کیاتھا۔ اس کو ایک ماہ میں سب سے زیادہ عوامی شرکت کے پروگرام کی حیثیت سے گنیز بک میں شامل کیا گیا ہے۔ کل نئی دہلی میں اس ضمن میں ایک سرٹیفکیٹ مرکزی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کو دیا گیا۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا ہے کہ گذشتہ ڈھائی برسوں میں ہنگولی ضلع کے مختلف ترقیاتی کاموں کیلئے دو ہزار 600 کروڑ روپئے جاری کیے گئے ہیں اور مستقبل میں بھی فنڈز کی قلّت نہیں ہونے دی جائیگی۔ ہنگولی کے گاندھی چوک میں منعقدہ کاوڑ یاترا مہوتسو سمیتی کی جانب سے یاترا کے اختتامی پروگرام سے نائب وزیرِ اعلیٰ خطاب کررہے تھے۔ اسی دوران کل کاوڑ یاترا پورے جوش و خروش سے نکالی گئی۔ کلمنوری کے چنچاڑیشور مہادیو مندر سے ہنگولی تک 18کلو میٹر طویل اس یاترا میں بڑی تعداد میں شیوبھکتوں نے شرکت کی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
اینڈرسن- ٹینڈولکر ٹیسٹ سیریز کا پانچواں اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ چھ رن سے جیت کر بھارت نے سیریز ڈراء کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔ اوول ٹیسٹ کے کل آخری دن بھارتی ٹیم کے دئیے گئے ہدف کے تعاقب میں میزبان ٹیم 367 رن بناکر آؤٹ ہوگئی۔ انگلینڈ کو جیت کیلئے سات رنوں کی ضرورت تھی‘ تب محمد سراج نے گَس اٹکنسن کو آؤٹ کرکے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ اس ٹیسٹ میں شاندار گیندبازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ وکٹ حاصل کرنے والے سراج کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ سیریز میں 754 رن بنانے والے ہندوستانی کپتان شبھمن گِل اور دو سنچریاں بنانے والے انگلینڈ کے ہیری بروک کو مشترکہ طور پر مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔
***** ***** *****
دھاراشیو کے سرکاری آیوروید کالج کے ریسرچ اسکالر شبھم دھوت کو صدرِ جمہوریہ درَوپدی مُرمو نے یومِ آزادی تقاریب میں شرکت کا خصوصی دعوت نامہ ارسال کیا ہے۔ شبھم دھوت وِیہا مانڈوا دیہات کا ساکن ہے اور وہ ہیمو فیلیاء کے موضوع پر کالج کے ڈین‘ ڈاکٹر این ایس گنگا ساگرے کی رہنمائی میں تحقیق کررہے ہیں۔ صدرِ جمہوریہ کی جانب سے بھیجے گئے دعوت نامے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے دھوت نے بتایا کہ ہیمو فیلیاء کے موضوع پر آیوروید میں کی جارہی یہ پہلی تحقیق ہے۔
***** ***** *****
آئندہ 7 تاریخ سے بیڑ ضلع میں ’سبز بیڑ‘ شجرکاری مہم شروع کی جارہی ہے۔ اس مہم کے تحت ایک ہی دن میں 30 لاکھ اور سال بھر میں ایک کروڑ پودے لگائے جائیں گے۔ شہریوں سے اس مہم میں شرکت کرنے کی اپیل ضلع کلکٹر ویویک جانسن نے کی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ 7 اگست کو نائب وزیرِ اعلیٰ اور ضلع کے رابطہ وزیر اجیت پوار کے ہاتھوں کھنڈیشوری مندر کے احاطے میں اس مہم کا افتتاح عمل میں آئے گا۔
***** ***** *****
منریگا کے تحت دھاراشیو ضلع میں ناقابلِ کاشت زمین پر چارے کی کاشت شروع کی جارہی ہے۔ اس کیلئے ضلع کلکٹر کیرتی کرن پجار کی ہدایت کے مطابق تعلقہ سطح پر کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ تحصیلدار‘ زون آفیسر‘ محکمہئ جنگلات‘ سوشل فاریسٹری اور محکمہئ تحفظ ِ مویشیان کے اشتراک سے یہ کاشت کی جارہی ہے۔
***** ***** *****
تلجاپور میں تلجا بھوانی ماتا کے چھترپتی شیواجی مہاراج کو آشیرواد دینے کے 108 فٹ اونچے مجسّمے کی عنقریب تنصیب کی جائے گی۔ اس سلسلے میں ریاست کے آرٹ ڈائریکٹوریٹ نے ملک بھر کے مجسمہ سازوں سے مجسّموں کے نمونے طلب کرنے کا عمل شروع کیا ہے۔ یہ اطلاع رکنِ اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل نے دی۔ وہ کل ممبئی میں تلجاپور کے ترقیاتی کاموں کے جائزہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں غیر قانونی تجاوزات کو ہٹانے کی مہم کل بھی جاری رہی۔ کل شہرکے نارے گاؤں علاقے میں پونے دو سو تجاوزات زمین دوز کردی گئیں۔ یہ انہدامی کارروائی آج بھی جاری رہے گی۔ کل والوج صنعتی علاقوں میں بھی تجاوزات ہٹائے گئے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع میں جنوری تا جولائی کے دوران خسرے کے تین اور روبیلا عارضے کا شکار پانچ مریض پائے گئے۔ ضلع پریشد کے طبّی افسر ڈاکٹر ابھئے دھانورکر نے عوام کو ترغیب دی ہے کہ اگر اس طرح کے مریضوں کی موجودگی سامنے آئے تو احتیاط کریں۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ریاست میں مقامی خود مختار اداروں کے انتخابات او.بی. سی. ریزرویشن کے ساتھ ہوں گے: عدالتی فیصلے کے بعد وزیرِ اعلیٰ کا اعلان۔
٭ پارلیمنٹ کے کام کاج میں رخنہ اندازی کے پیشِ نظر آج نئی دہلی میں حکمراں این ڈی اے کا اجلاس۔
٭ جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے بانی اور جھارکھنڈ کے سابق وزیرِ اعلیٰ شیبو سورین چل بسے۔
٭ وزیرِ اعظم کے ”پرِکشا پہ چرچا 2025“ پروگرام کا گنیز بک میں اندراج۔
اور۔۔۔٭ اوول ٹیسٹ میں سنسنی خیز کامیابی حاصل کرکے بھارت اینڈرسن-ٹینڈولکر سیریز ڈراء کرنے میں کامیاب۔
***** ***** *****

No comments: