Friday, 8 August 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 08 اگست 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 08 August-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۸/ اگست ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ملک میں غذائی تحفظ پر توجہ دینے کی ضرورت: وزیرِ اعظم کا اظہارِ خیال۔
٭ کسانوں کے قرض معاف کرنے کیلئے ایک کمیٹی بنائی جائیگی: وزیرِ محصول چندر شیکھر باونکولے کی اطلاع۔
٭ بیڑ میں مجوزہ سی ٹرپل آئی ٹی پروجیکٹ کا نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کے ہاتھوں سنگ ِ بنیاد۔
٭ یومِ آزادی تک چلنے والی ہر گھر ترنگا مہم کی آج سے شروعات۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ کے پربھنی‘ بیڑ، ہنگولی، ناندیڑ‘لاتور اور دھاراشیو اضلاع کیلئے محکمہئ موسمیات کی جانب سے یلو الرٹ جاری۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ پچھلی صدی میں سائنسدانوں نے ملک میں غذائی تحفظ کو یقینی بنایا ہے۔ اب غذائی تحفظ پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ وہ سبز انقلاب کے علمبردار سوامی ناتھن کے صد سالہ یومِ پیدائش کی مناسبت سے بین الاقوامی کانفرنس کے افتتاح کے بعد مخاطب تھے۔ انھوں نے کہا کہ بھارت اکیسویں صدی میں ہمہ جہت ترقی کیلئے پُرعزم ہے۔ انھوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی میں او بی سی سماج کے تعاون کے پیشِ نظر ان کے ساتھ کھڑے رہنے کی ضرورت ہے۔ وہ کل گوا میں نیشنل او بی سی فیڈریشن کی دسویں قومی کانفرنس کا افتتاح کرنے کے بعد مخاطب تھے۔ پھڑنویس نے کہا کہ ذات پات کے لحاظ سے مردم شماری کرانے کا فیصلہ او بی سی برادری کے مفادات کو مدِنظر رکھتے ہوئے لیا گیا تھا۔
***** ***** *****
وزیرِ محصول چندر شیکھر باونکولے نے کہا ہے کہ ریاست کے کسانوں کو قرض معافی فراہم کرنے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ وہ کل‘ چھترپتی سمبھاجی نگر میں صحافیوں سے مخاطب تھے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت مستحق کسانوں کو قرض معافی فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کررہی ہے اور یہ کمیٹی کسانوں کا سروے کرے گی، جس کے بعد صرف ضرورت مند اور اہل کسانوں کو قرض معافی کا فائدہ ملے گا۔
دریں اثناء‘ کل دھاراشیو میں ایک پری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے باونکولے نے کہا کہ محکمہ محصول آئندہ دنوں میں عوام کے 35 مسائل پر کام کرے گا۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے قدرتی آفات سے متاثرہ کسانوں کیلئے 368 کروڑ روپئے سے زیادہ کی امداد کو منظوری دی ہے۔ یہ امداد چھترپتی سمبھاجی‘ امراوتی ڈویژن میں اس سال جون اور دھاراشیو‘ چھترپتی سمبھاجی نگر اور دھولیہ ضلع میں گذشتہ سال ستمبر۔ اکتوبر میں فصلوں کے نقصان کیلئے فراہم کیے جانے کی اطلاع راحت و بازآبادکاری کے وزیر مکرند جادھو نے دی۔
***** ***** *****
کل گیارہواں قومی ہینڈلوم دن منایا گیا۔ ٹیکسٹائل کے مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے کل نئی دہلی میں سنت کبیر ہینڈلوم ایوارڈ‘ نیشنل ہینڈلوم ایوارڈ تفویض کیے۔ شولاپور کے راجندر سدرشن اَنکم کو سنت کبیر ہینڈلوم ایوارڈ تفویض کیا گیا۔ یہ ایوارڈ ساڑھے تین لاکھ روپئے نقد‘ سونے کا تمغہ، ایک تانبے کی پلیٹ‘ شال اور توصیفی سند پر مبنی ہے۔ اَنکم کو یہ ایوارڈ سوتی وال ہیگنگ‘ غالیچوں پر تصویریں بننے کی منفرد مہارت کیلئے ملا ہے۔ اس سلسلے میں اَنکم نے مزید کہا:
Byte: Rajendra Sudarshan Ankam
***** ***** *****
سابق رکنِ اسمبلی بابا جانی دُرّانی نے کل ممبئی میں کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔ ریاستی کانگریس کے صدر ہرش وردھن سپکال اور سابق وزیر امیت دیشمکھ اس موقع پر موجود تھے۔ دُرّانی کے کئی حامیوں نے بھی کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
بیڑ میں مجوزہ سی ٹرپل آئی ٹی منصوبے کا کل نائب وزیرِ اعلیٰ و ضلع کے سرپرست وزیر اجیت پوار نے سنگ ِ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر پوار نے کہا کہ یہ پروجیکٹ نہ صرف بیڑ بلکہ پورے مراٹھواڑہ کے نوجوانوں کیلئے مواقع کے نئے دروازے کھولے گا۔ یہ منصوبہ ٹاٹا ٹکنالوجی اور ریاستی حکومت کے مشترکہ اقدام کے ذریعے قائم کیا جارہا ہے۔ پوار نے کہا کہ اس سینٹر کے ذریعے ہر سال سات ہزار طلبہ کو جدید ٹکنالوجی‘ صنعت دوست تربیت اور اسٹارٹ اَپس کیلئے مناسب رہنمائی ملے گی۔
دریں اثناء‘ پوار نے پرلی ویجناتھ جیوترلنگ دیوستھان کے ترقیاتی منصوبے کو 286 کروڑ روپئے سے 351 کروڑ روپئے کرنے کو منظوری دی۔ یہ اطلاع اس وقت دی گئی جب انھوں نے کل پرلی مندر اور علاقے کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔
دریں اثناء‘ بیڑ ضلعے نے ایک ہی دن میں 30لاکھ سے زیادہ پودے لگاکر ریکارڈ قائم کیا‘ جس کیلئے اجیت پوار نے سبز بیڑ مہم میں شامل افراد کی تعریف کی۔ اس کا اندراج انڈیا بک آف ریکارڈ میں کیا گیا ہے اور اس کا صداقت نامہ کل پوار کو سونپا گیا۔
***** ***** *****
ہر گھر ترنگا مہم آج سے شروع ہورہی ہے۔ یومِ آزادی تک جاری رہنے والی اس مہم میں چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے گرام پنچایت افسران، سرپنچ اور گاؤں والوں سے ضلع پریشد کے سی ای او اور ایڈمنسٹریٹر انکت نے اپیل کی ہے کہ وہ اس مہم میں حصہ لیں اور اس مہم کو کامیاب بنائیں۔ اس مہم میں صاف ستھرا گاؤں کا عہد، عوامی صفائی مہم، عوامی بیداری سرگرمیاں اور پانی کے تحفظ کو شامل کیا جائے گا۔ 15 اگست کو امرت سروور اور عوامی مقامات پر پرچم کشائی کی جائیگی۔ ناندیڑ ضلع میں بھی ہر گھر ترنگا مہم کے تحت صفائی مہم چلائے جانے کی اطلاع ضلع پریشد کی سی ای او میگھنا کاؤلی نے دی۔
***** ***** *****
AI مصنوعی ذہانت کا استعمال دھاراشیو تعلقے کے اُپلا میں سویابین کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کیلئے کیا جائے گا۔ اس تجربے کے تحت دس کسانوں کے کھیتوں میں خودکار موسمی سینسر اسٹیشن اور دس کسانوں کے کھیتوں میں AI سینسر لگائے گئے ہیں۔ یہ ملک کا پہلا منصوبہ ہے جسے ریاستی حکومت کے محکمہئ زراعت نے شروع کیا ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع میں 26 زرعی خدمت مراکز کے خلاف کھاد کو آف لائن فروخت کرنے پر کارروائی کی گئی ہے۔ امداد یافتہ کھاد کی فروخت ای پاز طریقے سے کرنا لازمی ہے۔ کسانوں سے بھی امداد یافتہ کھاد کو آئن لائن خریدنے کی اپیل زراعت ترقی افسر پرکاش پاٹل نے کی ہے۔
***** ***** *****
لاتور ضلعے میں ایک ہزار 473 مسترد شدہ پیدائشی صداقت ناموں میں سے اب تک صرف 319 شہریوں نے اپنے صداقت نامے واپس کیے ہیں۔ لہٰذا‘بقیہ شہریوں سے ان کے پاس موجود مسترد شدہ برتھ سرٹیفکیٹ متعلقہ دفتر میں جمع کرانے کی اپیل کی گئی ہے۔
***** ***** *****
محصول ہفتہ کل اختتام پذیر ہوگیا۔ اس دوران پربھنی ضلع کے گنگا کھیڑ میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے محصول محکمے کے افسران اور ملازمین کو اعزاز سے نوازا گیا۔
***** ***** *****
ملک میں او بی سی طبقات اور خانہ بدوشوں کے حقوق کیلئے اہمیت کے حامل منڈل کمیشن نفاذ دن کی مناسبت سے کل جالنہ ضلعے کے دودڑگاؤں میں واقع منڈل ستون سے سماجی انصاف مہم کا آغاز کیا گیا۔ منڈل سنگھ کے بانی ڈاکٹر نارائن راؤ منڈے اس تقریب میں مہمان ِخصوصی کی حیثیت سے موجود تھے۔
***** ***** *****
موسم:
ریاست میں کل مراٹھواڑہ، ودربھ اور وسطی مہاراشٹر کے مختلف مقامات پر بارش ہوئی۔ جبکہ آئندہ دو دنوں میں کوکن کے کئی مقامات سمیت وسطی مہاراشٹر، مراٹھواڑہ اور ودربھ میں کچھ جگہوں پر بارش کا امکان ہے۔ مراٹھواڑہ میں، چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کیلئے آج، اور پربھنی، بیڑ، ہنگولی، ناندیڑ، لاتور اور دھاراشیو اضلاع کیلئے آئندہ دو دنوں میں بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
آئندہ بلدیاتی انتخابات کے پیشِ نظر شیوسینا عہدیداران و کارکنان کا ایک اجلاس کل بیڑ میں ریاستی وزیرِ صنعت اُدئے سامنت کی موجودگی میں منعقد ہوا۔ سامنت نے بلدیاتی اداروں پر شیوسینا کا زعفرانی پرچم لہرانے کیلئے سماج کے آخری فرد تک جا کر پارٹی کو مضبوط کرنے کی کارکنان سے اپیل کی۔
***** ***** *****
ممبئی مراٹھی پترکار سنگھ کے آچاریہ اَترے ایوارڈ سینئر صحافی و ممبئی مراٹھی پترکار سنگھ کے سابق صدر کمار کدم کو ظاہر کیا گیا ہے۔ یہ ایوارڈ شال‘ ناریل گیارہ ہزار روپئے اور مومنٹو پر مشتمل ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ملک میں غذائی تحفظ پر توجہ دینے کی ضرورت: وزیرِ اعظم کا اظہارِ خیال۔
٭ کسانوں کے قرض معاف کرنے کیلئے ایک کمیٹی بنائی جائیگی: وزیرِ محصول چندر شیکھر باونکولے کی اطلاع۔
٭ بیڑ میں مجوزہ سی ٹرپل آئی ٹی پروجیکٹ کا نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کے ہاتھوں سنگ ِ بنیاد۔
٭ یومِ آزادی تک چلنے والی ہر گھر ترنگا مہم کی آج سے شروعات۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ کے پربھنی‘ بیڑ، ہنگولی، ناندیڑ‘ لاتور اور دھاراشیو اضلاع کیلئے محکمہئ موسمیات کی جانب سے یلو الرٹ جاری۔
***** ***** *****

No comments: