Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 09 August-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۹؍ اگست ۲۰۲۵ء
وقت: ۰۰:۹-۱۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ وزیرِ اعظم اُجولا یوجنا کے مستفیدین کیلئے 12ہزار 60کروڑ روپئے کی سبسڈی جاری رکھنے کا مرکزی حکومت کا فیصلہ۔
٭ بنیادی سہولیات کے ترقیاتی منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی وزیراعلیٰ کی انتظامیہ کوہد ایت۔
٭ ریاست میں تمام سرکاری تعمیراتی کاموں میں مصنوعی ریت کا استعمال کرنے کا وزیرِ محصول کا اعلان۔
٭ یومِ آزادی کی مناسبت سے ملک بھر میں ’’ہر گھر ترنگا‘‘ مہم کا ہوا آغاز۔
اور۔۔۔٭ آج رکشا بندھن کے تہوار پر بازاروں میں مختلف قسم کی راکھیوں اور تحائف کی رو نق۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
پردھان منتری اُجولا گیس یوجنا کے مستفیدین کیلئے رواں مالی سال میں 12ہزار 60کروڑ روپئے کا امدادی فنڈ برقرار رکھا جائے گی۔ اطلاعات و نشریات کے وزیر اشونی ویشنو نے کل مرکزی کابینہ کے اجلاس کے بعد یہ اطلاع دی۔ ویشنو نے بتایا کہ اس اسکیم کی معرفت 10 کروڑ 33 لاکھ سے زائد خاندانوں کو فائدہ پہنچا ہے۔ انھوں نے کہا:
Byte: Railway Minster Ashwini Vaishnav
حکومت نے انڈین آئل، بھارت پیٹرولیم اور ہندوستان پیٹرولیم جیسی تین عوامی شعبے کی آئیل کمپنیوں کو 30ہزار کروڑ روپئے کے معاوضے کو بھی منظوری دی ہے۔ ویشنو نے بتایا کہ یہ امداد گھریلو استعمال کے گیس کی فروخت کیلئے دی گئی ہے۔
کل مرکزی کابینہ کے اجلاس میں تکنیکی تعلیم میں کثیر الجہت اور تحقیق میں بہتری سے متعلق اسکیم کیلئے 4ہزار دو سو کروڑ روپئے کی مالی امداد کو بھی منظوری دی گئی۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ مملکت برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر ایل مُروگن نے کل راجیہ سبھا کو بتایا کہ آکاشو انی پر وزیرِ اعظم نریندر مودی کے ’’من کی بات‘‘ پروگرام کے ذریعے حکومت کو اب تک 34 کروڑ روپئے سے زیادہ کا محصول ملا ہے۔ مختلف ڈیجیٹل آن لائن ذرائع ابلاغ کے توسط سے اس پروگرام سے مستفید ہونے والوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔
***** ***** *****
وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے ریاست میں بنیادی ڈھانچے کے ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد میں تیزی لانے کی ہدایات دی ہیں۔ وہ کل پونے میں یشونت راؤ چوہان انتظامی ترقیات پربودھینی میں بنیادی سہولیات ترقیاتی منصوبے کے تربیتی جلسے کی افتتاحی تقریب سے مخاطب تھے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست کو تیز رفتاری سے ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت کی جانب گامزن رکھنے کیلئے بنیادی ڈھانچے کے ترقیاتی منصوبے اہمیت کے حامل ہیں۔
دریں اثنا، وزیر اعلیٰ نے کل‘ پونے پولس کمشنریٹ کے مختلف منصوبوں کا افتتاح او ر سنگ بنیاد بھی رکھا ۔ اس تقریب میں نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار بھی موجود تھے۔ اس موقعے پر پھڑنویس نے منشیات کی روک تھام پولس کے سامنے سب سے بڑا چیلنج ہونے کی بات بھی کہی۔
***** ***** *****
وزیرِ محصول چندر شیکھر باونکولے نے ریاست میں تمام سرکاری تعمیرات میں اب مصنوعی ریت استعمال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جالنہ ضلعے کے عنبڑ میں ضلعی سطح کا محصول ہفتہ کل باونکولے کی موجودگی میں اختتام پذیر ہوا۔ اس موقعے پر وہ مخاطب تھے۔ انھوں نے بتایا کہ مصنوعی ریت پالیسی کے تحت، ہر ضلعے کو 50 ریت کریشر فراہم کیے جائیں گے، ساتھ ہی متنازعہ پگڈنڈیوں کی حدود اندر ونِ ایک سال طئے کرلی جائیں گی، اور ریت کی چوری کو روکنے کیلئے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں محصول ہفتے کی سرگرمیوں کا‘ کل ڈویژنل کمشنر جتیندر پاپلکر کی موجودگی میں اختتام عمل میں آیا۔ اس موقعے پر انھوں نے تمام افسران و ملازمین سے عوام کو بہتر خدمات فراہم کرکے اپنے محکمے کی شبیہ کو سدھارنے کی اپیل کی۔ ضلع کلکٹر دلیپ سوامی نے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے افسران و ملازمین کو اپنے یومیہ دفتری کاموں کے دوران معلومات میں جدت لانے کی ترغیب دی۔
***** ***** *****
آئندہ یوم آزادی کے پس منظر میں کل سے ملک بھر میں ہر گھر ترنگا مہم کا آغاز ہوگیا۔ اس مہم کے تحت مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا جارہا ہے۔
جالنہ ضلعے میں، ضلع پریشد کے سی ای او مِنّو پی ایم نے ’’ہر گھر ترنگا، ہر گھر صفائی‘‘ مہم کو جوش و خروش کے ساتھ چلانے کی اپیل کی ہے۔ سوچھ بھارت مشن اور جل جیون مشن کے تحت صفائی، پانی کی بچت، عوامی بیداری کی سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی، ساتھ ہی 15 اگست کو امرت سروور اور عوامی مقامات پر قومی پرچم لہرایا جائے گا۔ ضلعے کی تمام گرام پنچایتوں، مقامی تنظیموں، رضاکاروں اور شہریوں سے مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی گئی ہے۔
ہنگولی ضلعے میں بھی ضلع پریشد کی چیف ایگزیکٹیو آفیسر انجلی رمیش نے شہریوں سے ’’ہر گھر ترنگا، ہر گھر صفائی‘‘، آزادی کا جشن صفائی کے ساتھ ‘‘ مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
بھائی بہن کےمقدس رشتے کا تہوار رکھشا بندھن آج منایا جا رہا ہے۔ صدر ِ جمہوریہ دَروپدی مُرمو نے راکھی پورنیما کے پرمسرت موقع پر ہم وطنوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تہوار معاشرے کو اتحاد اور یکجہتی کا پیغام دیتا ہے۔
راکھی پورنیما کے تہوار کی مناسبت سے بازار مختلف اقسام اور چھوٹی بڑی راکھیوں کے ساتھ ساتھ پرکشش تحائف سے سج گئے ہیں۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلعے میں ماتوشری ساوتری بائی پھلے آدیواسی تعلیمی ادارہ کے طلباء نے ماحول دوست راکھیاں تیار کی ہیں۔ ہمارے نمائندے نے بتایا کہ طلبہ نے چاول‘ تل سمیت دیگر غذائی اجناس سے راکھیاں تیار کرکے ماحولیاتی توازن کی برقراری سمیت زراعت کی اہمیت کو بھی اُجا گر کیا ہے۔
***** ***** *****
راکھی کے تہوار کی مناسبت سے مرکزی وزیرِ زراعت شیوراج سنگھ چوہان نے ملک بھر کے خود مدد گروپس کی خواتین سے بات چیت کی۔ اس موقعے پر چھترپتی سمبھاجی نگر میں امید ابھیان کے تحت خواتین کے خود مدد گروپوں میں ساڑھے چھ کروڑ 98 لاکھ روپے کی امداد تقسیم کی گئی۔ دیہی ترقیات اور پنچایت راج کے وزیر جئے کمار گورے کے ہاتھوں امدادی رقم کی تقسیم عمل میں آئی۔
***** ***** *****
رکشا بندھن تہوار کے موقعے پر بس اسٹینڈز اور ریلوے اسٹیشن مسافروں سے کھچا کھچ بھرے ہوئے ہیں۔ چھترپتی سمبھاجی نگر میں سوادھیائے خاندان کا رکھشا بندھن آج منایا جا رہا ہے۔ سوادھیائے خاندان کی سربراہ دھن شری تلولکر کی موجودگی میں والوج میں یہ تقریب منعقد ہوگی۔ اس تقریب کے پس منظر میں چھترپتی سمبھاجی نگر اور جالنہ اضلاع کے سوادھیائے خاندان کی جانب سے کل چھترپتی سمبھاج نگر میں ایک وہیکل ریلی بھی نکالی گئی۔
***** ***** *****
قانون ساز کونسل میں قائد ِ حزب اختلاف امباداس دانوے نے سوال کیا ہے کہ چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن شہر کے ترقیاتی منصوبے کے تحت منہدم کیے گئے مکانات اور جائیدادوں کا معاوضہ کیسے دے گی؟ وہ کل اس سلسلے میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ دانوے نے میونسپل انتظامیہ سے مزید سوال کیا کہ شہر میں اب تک کتنی قانونی اور غیر قانونی جائیدادوں کو منہدم کیا گیا۔
دریں اثنا، دانوے نے کل چھترپتی سمبھاجی نگر کے سرکاری میڈیکل کالج و اسپتال - گھاٹی کا بھی دورہ کیا۔ انھوں نے مریضوں کو معیاری طبّی سہولیات کی فر اہمی کو یقینی بنانے کی ہد ایت کی ساتھ ہی اسپتال میں زیر التواء کاموں کیلئے فنڈز مہیا کرنے کیلئے اقد امات کرنے کا تیقن بھی دیا۔
***** ***** *****
دھاراشیو شہر میں داخلی راستوں کے ساتھ تیرنا اور رُوئی بھر آبی پشتوں سے اضافی پانی فراہمی کی اسکیم کیلئے 330 کروڑ روپے کا خصوصی فنڈ فراہم کیا گیا ہے۔ ان کاموں کا سنگ ِ بنیاد وزیرِ اعلیٰ اور دونوں نائب وزرائے اعلیٰ کے ہاتھوں رکھے جانے کی اطلاع کل‘ رکن اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل نے دی۔
***** ***** *****
بیڑ کے پولس سپرنٹنڈنٹ نونیت کانوت نے کل ضلعے کے 49 پولس نائیک کو پولس کانسٹیبل اور 20 پولیس کانسٹیبلس کو معا ون پولس سب انسپکٹر کے عہدوں پر ترقی دی۔ انھوںنے ترقی یافتہ تمام پولس افسران کو مبارکباد بھی پیش کی۔
***** ***** *****
ریاستی سطح کا ستائیسواں جونیئر تلواربازی ٹورنامنٹ کل سے ہنگولی میں شروع ہوا۔ ٹورنامنٹ کا افتتاح رکنِ اسمبلی تانہا جی مٹکُڑے کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس مقابلے میں ریاست بھر سے 500 کھلاڑی شریک ہوئے ہیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں گووند لاہوٹی نامی ٹیکس مشیر نے ایک تاجر کے جی ایس ٹی نمبر کا غلط استعمال کرتے ہوئے 73 لاکھ 63 ہزار 367 روپے استعمال کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ اس معاملے میں ملزم کے خلاف جواہر نگر پولس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ وزیرِ اعظم اُجولا یوجنا کے مستفیدین کیلئے 12ہزار 60کروڑ روپئے کی سبسڈی جاری رکھنے کا مرکزی حکومت کا فیصلہ۔
٭ بنیادی سہولیات کے ترقیاتی منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی وزیراعلیٰ کی انتظامیہ کوہد ایت۔
٭ ریاست میں تمام سرکاری تعمیراتی کاموں میں مصنوعی ریت کا استعمال کرنے کا وزیرِ محصول کا اعلان۔
٭ یومِ آزادی کی مناسبت سے ملک بھر میں ’’ہر گھر ترنگا‘‘ مہم کا ہوا آغاز۔
اور۔۔۔٭ آج رکشا بندھن کے تہوار پر بازاروں میں مختلف قسم کی راکھیوں اور تحائف کی رو نق۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment