Sunday, 10 August 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 10 اگست 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 10 August-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۰۱/ اگست ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ معیارپر پورا نہ اُترنے والی 345 سیاسی جماعتوں کی منظوری مرکزی انتخابی کمیشن کی جانب سے منسوخ۔
٭ وزیرِ اعظم نریندر مودی کے ہاتھوں آج اَجنی- پونا سمیت تین وندے بھارت ریل گاڑیوں کا افتتاح۔
٭ بھارتی ریلوے کی راؤنڈ ٹرپ پیکیج اسکیم؛ مسافروں کو واپسی کے کرایے میں 20 فیصد رعایت۔
٭ آپریشن سندورکے دوران بھارت نے پاکستان کے چھ طیارے گرائے: فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل اے پی سنگھ کا دعویٰ۔
اور۔۔۔٭ ریاست میں مختلف پروگراموں کے ساتھ رَکشا بندھن کا تہوار منایا گیا۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
345 سیاسی جماعتوں کی منظوری مرکزی انتخابی کمیشن نے منسوخ کردی ہے۔ اس سلسلے میں انتخابی کمیشن نے بتایا کہ گذشتہ چھ برسوں میں ان جماعتوں نے ایک بھی انتخاب میں حصہ نہیں لیا۔ اس کے علاوہ بھی دیگر ضوابط پر عمل درآمد نہ کرنے پر ان کی منظوری منسوخ کی گئی ہے۔ ان پارٹیوں میں مہاراشٹر کی عوامی وکاس پارٹی‘ نوبھارت ڈیموکریٹک پارٹی‘ نوبہوجن سماج پریورتن پارٹی اور یوا شکتی سنگھٹنا سمیت دیگر 9 پارٹیاں شامل ہیں۔ انتخابی کمیشن کے اس فیصلے کے بعد اب ملک میں چھ قومی اور 67 علاقائی پارٹیوں سمیت کُل دو ہزار 520 مسلمہ سیاسی جماعتیں موجود ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی آج بنگلورو ریلوے اسٹیشن پر تین نئی وندے بھارت ٹرینوں کا افتتاح کریں گے۔ ان میں ناگپور ضلع کے اَجنی تا پونا‘ بنگلورو- بیلگام اور کٹرا- امرتسر وندے بھارت ایکسپریس شامل ہیں۔ اَجنی- پونا ٹرین‘ وردھا- آکولہ- شیگاؤں - بھساول- جلگاؤں - منماڑ- پُن تامبا اور دَونڈ کے راستے چلے گی۔ منگل کو چھوڑ کر ہفتے میں چھ دن پونا سے اور پیر کے سوا ہفتے کے دیگر چھ دن اَجنی سے یہ ریل گاڑی چلائی جائیگی۔ اس گاڑی کو شیگاؤں ریلوے اسٹیشن پر رُکنے کی منظوری دی گئی ہے۔
***** ***** *****
بھارتیہ ریلوے راؤنڈ ٹرپ کے نام سے ایک اسکیم شروع کرنے جارہا ہے۔ جس کے تحت مسافروں کو واپسی کے کرایے میں 20 فیصد رعایت دی جائیگی اور مسافروں کے صرف دونوں جانب کے پیشگی ٹکٹ خریدنے پر ہی یہ رعایت میسر ہوگی۔ اس کے علاوہ اسکیم کے تحت پیشگی محفوظ کروائے گئے ٹکٹ منسوخ نہیں ہوسکیں گے۔ ایک سمت کیلئے قبل از وقت کٹ صرف 60 دن پہلے محفوظ ہوسکے گا۔ تاہم واپسی کے ٹکٹ کیلئے مسافروں پر 60 دن کی شرط لاگو نہیں ہوگی۔
***** ***** *****
مالی سال 2024-25 میں ملک کی دفاعی پیداوار ایک لاکھ 51 ہزار کروڑ روپئے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ یہ اطلاع وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ نے سماجی رابطے پر اپنے ایک پیغام میں دی۔ گذشتہ برس کی بہ نسبت یہ پیداوار 18 فیصد زیادہ ہے۔
دریں اثناء‘ قومی دفاعی تحقیق و ترقی کے محکمے کے سیکریٹری سمیر کامت نے بتایا ہے کہ بھارت کی دفاعی شعبے میں برآمدات آئندہ دو سے تین سالوں میں 45 ہزار کروڑ روپئے تک پہنچنے کا امکان ہے۔ وہ کل پونا میں اعلیٰ دفاعی ٹکنالوجی ادارے کے جلسہئ تقسیمِ اسناد سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقعے پر طلبہ کی رہنمائی کرتے ہوئے انھوں نے تمام نئے فارغ التحصیل طلبہ سے کہا کہ وہ ”سب سے پہلے وطن“ کے جذبے سے کام کریں۔
Byte: Sameer Kamat
(Secretary DDR&D and Chairman Defence Research and Development Organisation (DRDO))
***** ***** *****
آپریشن سندور کے دوران بھارت نے پاکستان کے چھ طیارے مار گرائے تھے۔ یہ اطلاع فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ نے دی۔ وہ کل بنگلورو میں ایک خصوصی لیکچر دے رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ یہ کارروائی تقریباً 300 کلو میٹر فاصلے سے کی گئی جو کہ زمین سے فضاء میں مار کرنے کا ایک نیا ریکارڈ ہے۔
***** ***** *****
لوک سبھا انتخابات میں جعلی ووٹ ڈالنے کا الزام عائد کرتے ہوئے حزبِ اختلاف نے کل پیر کو انتخابی کمیشن کے دفتر پر جلوس نکالنے کا انتباہ دیا ہے۔ راشٹروادی کانگریس پارٹی شرد پوار گروپ کے سربراہ شرد پوار نے کل ناگپور میں ایک اخباری کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ انھوں نے کہا کہ لوک سبھا میں قائد ِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے اس انتخاب میں جعلی ووٹ ڈالنے کا مفصل تجزیہ پوری جانچ پڑتال کے بعد پیش کیا ہے‘ لیکن اس کے باوجود انتخابی کمیشن نے راہل گاندھی سے حلف نامہ مانگ لیا ہے جو نامناسب ہے۔
دریں اثناء‘ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے حزبِ اختلاف کے ان الزامات کو مسترد کردیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے جو حلف نامہ طلب کیا ہے وہ دینے میں کوئی قباحت نہیں ہونا چاہیے کیونکہ اگر دعوے جھوٹے ہوئے تو حلف نامے کی بنیاد پر قانونی کارروائی کی جاسکتی ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
گذشتہ چھ ماہ کے دوران ”اَنتودئے“ اور ”پرادھانیہ“ اسکیموں کے تحت غلہ نہ لینے والے تقریباً تین لاکھ تینتیس ہزار آٹھ سو اکیاسی راشن کارڈ پر غلہ دینا بند کرنے کا حکم ریاستی حکومت نے دی ہے اور اس فیصلے سے بچن جانے والا غلہ ویٹنگ لسٹ میں موجود راشن کارڈ ہولڈرز کو دینے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ ان راشن کارڈ رکھنے والوں کا غلط بند کردیا گیا ہے لیکن راشن کارڈ منسوخ نہیں ہوں گے۔ اس سلسلے میں جاری خبروں میں بتایا گیا ہے کہ اس طرح افراد درخواست دیتے ہیں تو اگلے ماہ سے ان کا غلہ دوبارہ جاری کردیا جائیگا۔
***** ***** *****
ملک کے سابق چیف جسٹس دھننجے چندر چوڑ نے کہا ہے کہ وکلاء کو ایمانداری اور ذمہ داری کے ساتھ قانون کا مکمل علم حاصل کرکے ساری زندگی سیکھتے رہنا چاہیے۔ وہ کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں ”وکالت کے پیشے کا حال اور مستقبل: مواقع‘ چیلنجز اور نقصانات“ اس عنوان پر رہنمائی کررہے تھے۔ شہر کے مانک چند پہاڑے لاء کالج کی جانب سے اس پروگرام کا اہتمام کیا گیا تھا۔ انھوں نے مشورہ دیا کہ محروم طبقے کو انصاف دلانے کیلئے نوجوان وکیل، بڑے وکالتی اداروں کی بجائے ضلع و تعلقہ عدالتوں میں وکالت کریں۔
***** ***** *****
بھائی بہن کے مقدس رشتے کا تہوار رَکشا بندھن کل ملک بھر میں منایا گیا۔ گورنر سی پی رادھا کرشنن کو ممبئی میں راج بھون میں قبائلی طالبات‘ نابینا طالبات‘ خواتین بچت گروپوں کی کارکنان اور اسکولی طالبات نے راکھی باندھی۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے ممبئی میں لاڈلی بہنوں کے ساتھ رَکشا بندھن کا تہوار منایا، جبکہ چھترپتی سمبھاجی نگر میں دامنی اسکواڈ کی خواتین اہلکاروں اور افسران نے قانون ساز کونسل میں حزبِ اختلاف کے قائد امبا داس دانوے کو راکھی باندھ کر یہ تہوار منایا۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع کے پینور میں ضلع پریشد اسکول کی طالبات نے بیکار اشیاء سے ماحول دوست راکھیاں تیار کیں اور ان راکھیوں پر مختلف سماجی پیغامات درج تھے۔ اس سرگرمی کیلئے ہیڈ ماسٹر کلکرنی اور اساتذہ نے ان کی رہنمائی کی۔ ضلع پریشد کی چیف ایگزیکٹیو افسر میگھنا کاؤلی کی موجودگی میں طالبات نے برگد کے درختوں کو راکھی باندھ کر درختوں کے تحفظ کا حلف لیا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کے پریہ درشنی اسکول کی طالبات نے بھی درختوں کو راکھی باندھ کر یہ تہوار منایا۔ یہ اطلاع اسکول کے ہیڈ ماسٹر سنجیو سونار نے دی۔ انھوں نے بتایا کہ جماعت ِ نہم اور دہم کی جن طالبات نے اپنے اسکول کے آغاز میں درخت لگائے تھے وہ اب تناور درخت ہوگئے ہیں ان طالبات نے انھیں راکھی باندھ کر عزم کیا کہ وہ وقفے وقفے سے یہاں آکر مستقبل میں بھی درختوں کا تحفظ کریں گی۔
***** ***** *****
قبائلی دن کے موقع پر کل ادیواسی بھائیوں نے ہنگولی ضلع کلکٹر دفتر پر ایک احتجاجی جلوس نکالا۔ اس موقع پر مختلف مطالبات پر مبنی ایک محضر ان قبائلی افراد کی جانب سے انتظامیہ کو پیش کیا گیا۔
***** ***** *****
وزیرِ محصول چندر شیکھر باون کُڑے نے یقین دہانی کروائی ہے کہ ضلع جالنہ کے جعفرآباد کی ترقی کیلئے فنڈز کی کمی محسوس نہیں ہونے دی جائیگی۔ وہ کل شہر میں مختلف ترقیاتی کاموں کے سنگ ِ بنیاد کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔
***** ***** *****
موسم: جنوب وسطی مہاراشٹر اور مرٹھواڑہ کے کچھ حصوں میں آج تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان محکمہئ موسمیات نے ظاہر کیا ہے۔ مرٹھواڑہ کے تمام ہی اضلاع میں بارش کیلئے یلو الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ اسی دوران ناندیڑ ضلع کے حد گاؤں میں موسلادھار بارش کے باعث آم گوہان گاؤں کا رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ معیارپر پورا نہ اُترنے والی 345 سیاسی جماعتوں کی منظوری مرکزی انتخابی کمیشن کی جانب سے منسوخ۔
٭ وزیرِ اعظم نریندر مودی کے ہاتھوں آج اَجنی- پونا سمیت تین وندے بھارت ریل گاڑیوں کا افتتاح۔
٭ بھارتی ریلوے کی راؤنڈ ٹرپ پیکیج اسکیم؛ مسافروں کو واپسی کے کرایے میں 20 فیصد رعایت۔
٭ آپریشن سندورکے دوران بھارت نے پاکستان کے چھ طیارے گرائے: فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل اے پی سنگھ کا دعویٰ۔
اور۔۔۔٭ ریاست میں مختلف پروگراموں کے ساتھ رَکشا بندھن کا تہوار منایا گیا۔
***** ***** *****

No comments: