Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 17 August-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۷۱/ اگست ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ریاست کے مختلف حصوں میں بارش سے معمولات ِ زندگی درہم برہم؛ مراٹھواڑہ کے 65 تحصیل منڈلوں میں شدید بارش۔
٭ مختلف آبی منصوبوں سے پانی کا اخراج؛ ہنگولی ضلع میں سیلابی صورتحال۔
٭ وزیرِ زراعت دتاتریہ بھرنے‘ نے بارش سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے کی دی ہدایت۔
٭ خلاء باز شبھانشو شکلا کی ایک کامیاب خلائی مشن کے بعد آج صبح نئی دہلی میں آمد۔
اور۔۔۔٭ ریاست میں دہی ہانڈی کے انعقاد کیلئے جوش و خروش؛ تھانے کی ”کوکن چار راجا گووندا“ نامی ٹیم نے دس پرتیں بناکر قائم کیا عالمی ریکارڈ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ریاست کے مختلف حصوں میں بارش کی شدت میں کافی اضافہ ہواہے‘ جس سے معمولاتِ زندگی درہم برہم ہوگئے ہیں۔ بارش سے متعلقہ مختلف واقعات میں چھ افراد ہلاک ہوگئے۔
ممبئی اور اس اطراف میں پرسوں سے جاری موسلادھار بارش میں دو لوگوں کی موت ہوگئی ہے اور دو دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔ حادثہ آدھی رات کو ایک مکان پر مٹی کا تودہ گرنے کے بعد پیش آیا۔ اس بارش کی وجہ ممبئی میں مختلف مقامات پر پانی جمع ہوگیا ہے جس سے ٹریفک میں خلل پڑا ہے۔
مراٹھواڑہ کے تمام آٹھ اضلاع کے کئی علاقوں میں موسلادھار بارش جاری ہے۔ 65 تحصیل منڈلوں میں شدید بارش کا اندراج کیا گیا ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر کے 10 تحصیل منڈلوں‘ دھاراشیو کے 11‘ بیڑ 17 اور ناندیڑ ضلع کے 27 تحصیل منڈلوں میں شدید برسات ہوئی ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر شہر کے اطراف واقع وَروڑ قاضی‘ پیسا دیوی‘ ہرسول ساونگی اور چوکا سمیت ویجاپور تعلقے کے گارج اور لونی تحصیل منڈلو ں میں بادل پھٹنے جیسی بارش کے سبب فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ کل ضلع بھر میں عموماً ہلکی بارش درج کی گئی، وہیں جائیکواڑی ڈیم کے مضافاتی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش ہورہی ہے۔ اس کے علاوہ لاسور اسٹیشن علاقے میں گذشتہ دو دنوں کی بارش کے سبب شیونا ندی میں طغیانی آئی ہوئی ہے۔ اسی طرح ناندیڑ ضلع کے قندھار تعلقے کے کوٹ بازار میں مسلسل بارش کے سبب ایک کچے مکان کی دیوار گرنے سے میاں بیوی کی موت ہوگئی۔
لاتور-دھاراشیو سرحد پر واقع تیرنا آبی منصوبے کے دس دروازے کل کھول دئیے گئے اور تین ہزار 806مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی ندی میں چھوڑا جارہا ہے۔ دوسری جانب دھاراشیو- بیڑ ضلع کی سرحد پر واقع مانجرا ڈیم کے چار دروازے کھولے گئے ہیں، جہاں سے تین ہزار 494 مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے ندی میں پانی کا اخراج کیا جارہا ہے۔ اس کے پیشِ نظر تیرنا اور مانجرا ندیوں کے کنارے آباد دیہاتوں کو محتاط رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
بیڑ ضلعے کے ماجل گاؤں تعلقے میں پچھلے تین دنوں سے موسلادھار بارش ہورہی ہے۔ جس کی وجہ سے بعض مقامات پر فصلیں زیرِ آب آگئی ہیں۔ کپاس اور سویا بین کی فصلوں کو کافی حد تک نقصان پہنچا ہے۔ علاقے کے کسان پنچنامہ کرواکر نقصانات کا معاوضہ دینے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ وہیں رکنِ پارلیمان بجرنگ سونونے نے بھی وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کو خط لکھ کر فصلوں کے نقصانات کا معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
ہنگولی ضلع میں بھی سیلاب کی صورتحال ہے۔ کیادھو ندی میں طغیانی آئی ہوئی ہے جس کے باعث ہنگولی اور کلمنوری تعلقہ جات میں کئی مقامات پر راستے بند ہوگئے ہیں۔ چکھلی گاؤں سیلابی پانی سے گھر گیا ہے۔ وہیں کلمنوری تعلقے کے شیوالا پل سے ایک تا ڈیڑھ فٹ اونچائی سے پانی بہہ رہا ہے۔ اس کے باعث آکھاڑا بالا پور-حدگاؤں سڑک کو بند کردیا گیا ہے۔ ودربھ اور مرٹھواڑہ کو جوڑنے والی پین گنگا ندی میں گول بازار کے قریب زبردست طغیانی کے سبب سڑکیں بند کردی گئی ہیں۔ اس سے مراٹھواڑہ اور ودربھ کے درمیان رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ رکنِ پارلیمان ناگیش پاٹل آشٹیکر نے کئی متاثر علاقوں کا دورہ کیا اور سرکاری عملے کو چوکس رہنے کی ہدایت دی۔ وہیں عیسیٰ پور ڈیم کے مضافات میں شدید بارش کے سبب ڈیم کے 13 دروازوں سے 22 ہزار کیوبک فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی چھوڑا جارہا ہے۔
جالنہ شہر سمیت ضلع بھر میں آج صبح ہی سے مسلسل برسات کا سلسلہ جاری ہے۔ بارش کی شدت وقفے وقفے سے بڑھ رہی ہے۔ بدناپور تعلقے میں موسلادھار بارش سے زرعی فصلو ں کو بڑا نقصان پہنچا ہے۔ پرتور تعلقے کے کسورا ندی میں طغیانی کے باعث پرتور-آشٹی راستے پر نقل و حمل میں خلل پڑا ہے۔ گھن ساونگی تعلقے میں لگاتار بارش سے ندیوں اور نہروں میں سیلابی کیفیت ہے جس سے روزہ مرہ کی زندگی درہم برہم ہوگئی ہے۔ وہیں ڈھاکے پھل میں مانک دنڈدت مندر علاقے کا نل کانڈی پُل بارش میں بہہ گیا ہے۔ اسی کے ساتھ ماندلہ آبی منصوبے میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے۔
وزیرِ زراعت دتاتریہ بھرنے‘ نے کل دھاراشیو ضلع کے واشی تعلقے کے گھوڑکی گاؤں میں شدید بارش سے تباہ ہوئی فصلوں کا معائنہ کیا۔ وزیرِ موصوف نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ وہ فوری طور پر نقصانات کے پنچنامے کریں۔ انھوں نے تیقن دیا کہ کسانوں کو جلد از جلد معاوضہ دینے کو یقینی بنانے کیلئے کارروائی کی جائیگی۔
موسم کا حال بتانے والی پونے آبزرویٹری نے آج سے آئندہ 21 تاریخ تک ریاست میں شدید بارش کی پیشن گوئی کی ہے۔ وہیں مراٹھواڑہ میں بھی چند مقامات پر شدید برسات کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ بعض علاقوں میں 40 تا 50 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں چلنے کے ساتھ ساتھ آسمانی بجلی گرنے کا بھی امکان ہے۔
***** ***** *****
ایک کامیاب خلائی مشن کے بعد بھارتی خلاء باز شبھانشو شکلا آج صبح نئی دہلی پہنچے۔ مرکزی وزیر جتندر سنگھ‘ دہلی کی وزیرِ اعلیٰ ریکھا گپتا اور اِسرو کے چیئرمین ڈاکٹر وی نارائنن نے طیران گاہ پر ان کا استقبال کیا۔ اپنے آبائی شہر لکھنؤ روانہ ہونے سے قبل وہ وزیرِ اعظم نریندر مودی سے ملاقات کریں گے۔ شکلا‘ جون میں ایکزیوم 4 مشن کے تحت بین الاقوامی خلائی اسٹیشن تک پہنچنے والے پہلے بھارتی بن گئے ہیں۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ملک سے الیکٹرانک اشیاء کی برآمدات میں 47 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ تجارت و صنعت کے مرکزی وزیر پیوش گوئل نے سوشل میڈیا پر یہ اطلاع دی۔ وزیرِ موصوف نے بتایا کہ یہ ”میک اِن انڈیا“ پروگرام کی کامیابی ہے۔ 2014-15 میں الیکٹرانک اشیاء کی برآمدات 31 بلین ڈالرس تھی جو رواں برس میں 133 بلین ڈالرس تک پہنچ گئی ہے۔
***** ***** *****
ممبئی ہائیکورٹ کی سرکٹ بینچ کا افتتاح آج عدالت ِ عظمیٰ کے چیف جسٹس بھوشن گوائی کے ہاتھوں عمل میں آئے گا۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس بھی موجود رہیں گے۔ اس سرکٹ بینچ کے قیام سے چھ اضلاع‘ کولہاپور‘ ستارا‘ سانگلی‘ شولاپور‘ رتناگری اور سندھو دُرگ کو فائدہ ہوگا۔ اس تقریب میں نائب وزرائے اعلیٰ ایکناتھ شندے اور اجیت پوار سمیت ممبئی ہائیکورٹ کے چیف جسٹس آلوک آرادھے بھی حاضر رہیں گے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے ممبئی اور تھانے میں دہی ہانڈی کے بہت سے مقامات کا دورہ کیا اور گوونداؤں کو مبارکباد دی۔ بھیونڈی میں کپل پاٹل فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام دہی ہانڈی تہوار میں وزیرِ اعلیٰ نے گوونداؤں سے اپیل کی کہ وہ اپنا خیال رکھتے ہوئے تہوار منائیں۔ تھانے میں کوکن نگر چار راجہ گووندا کی ٹیم نے پرتاپ سرنائیک فاؤنڈیشن اور سنسکرت یووا فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام سنسکرت دہی ہانڈی میں 10پرتیں بناکر عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ ان کیلئے 25 لاکھ روپؤں کے انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔
دریں اثناء‘ مانخورد میں بال گووندا ٹیم کا ایک رکن دہی ہانڈی تک پہنچنے کے دوران اونچائی سے گرکر ہلاک ہوگیا۔ دہی ہانڈی کے انعقاد کے دوران مختلف مقامات پر حاثات میں 30 افراد زخمی ہوگئے۔ ممبئی کے میونسپل کمشنر بھوشن گگرانی نے ہدایت دی ہے کہ تمام زخمی گوونداؤں کو ممبئی میونسپل کارپوریشن کے اسپتال وں میں مفت علاج کرایا جائے۔
چھترپتی سمبھاجی نگر شہر میں کل گلمنڈی‘ کرانتی چوک‘ ٹی وی سینٹر‘ کیناٹ پیلس‘ کوکن واڑی اور گجانن مندر کے سامنے دہی ہانڈی کا اہتمام کیا گیا، جس میں گوونداؤں کی ٹیموں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
***** ***** *****
قانون ساز کونسل میں قائد ِ حزبِ اختلاف امباداس دانوے نے آج چھترپتی سمبھاجی نگر میں مکئی دروازے کے کام کا معائنہ کیا۔ انھوں نے ریاستی محکمہئ آثارِ قدیمہ کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ آئندہ ایک ماہ مقررہ وقت کے اندر مکمل کریں۔
***** ***** *****
بیڑ ڈسٹرکٹ پولس فورس کی جانب سے آج ”منشیات سے پاک معاشرہ‘ محفوظ مستقبل“ کے تصور کے تحت میراتھان مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔ اس اقدام کا مقصد معاشرے میں منشیات سے متعلق بیداری پیدا کرنا اور نوجوانوں کو نشے سے پاک طرزِ زندگی کی طرف راغب کرنا ہے۔ پولس سپرنٹنڈنٹ نونیت کانوت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس میراتھان میں بڑی تعداد میں شرکت کریں اور منشیات سے پاک معاشرے کی تشکیل میں اپنا حصہ ڈالیں۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ریاست کے مختلف حصوں میں بارش سے معمولات ِ زندگی درہم برہم؛ مراٹھواڑہ کے 65 تحصیل منڈلوں میں شدید بارش۔
٭ مختلف آبی منصوبوں سے پانی کا اخراج؛ ہنگولی ضلع میں سیلابی صورتحال۔
٭ وزیرِ زراعت دتاتریہ بھرنے‘ نے بارش سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے کی دی ہدایت۔
٭ خلاء باز شبھانشو شکلا کی ایک کامیاب خلائی مشن کے بعد آج صبح نئی دہلی میں آمد۔
اور۔۔۔٭ ریاست میں دہی ہانڈی کے انعقاد کیلئے جوش و خروش؛ تھانے کی ”کوکن چار راجا گووندا“ نامی ٹیم نے دس پرتیں بناکر قائم کیا عالمی ریکارڈ۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment