Monday, 18 August 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 18 اگست 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 18 August-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۸؍ اگست ۲۰۲۵ء؁
وقت: ۰۰:۹-۱۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ قومی جمہوری اتحاد (NDA) کی جانب سے نائب صدر کے عہدے کیلئے ریاستی گورنر سی پی رادھا کرشنن کو امیدواری۔
٭ عدل و انصاف فریقین کی دہلیز تک پہنچنا چاہیے، چیف جسٹس بھوشن گوائی کا اظہارِ خیال، ممبئی عد الت ِ عالیہ کی کولہاپور سرکٹ بنچ کا افتتاح۔
٭ انتخابی کمیشن کے کام کاج شفاف اور غیر جانبدار ہیں : ووٹ چوری کے الزامات جھوٹے اور بے بنیادہیں، کمیشن کی وضاحت۔
٭ مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کی شفافیت کو چیلنج کرنے والی عرضی پر عدالت ِ عظمیٰ میں آج سماعت ۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ میں ہر طرف بارش کا زور، فصلوں کا بڑے پیمانے پر نقصان - انتظامیہ کی جانب سے آج سے متاثرہ فصلوں کے پنچنامے۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
مہاراشٹر کے گورنر سی پی رادھا کرشنن کو قومی جمہوری اتحاد کے نائب صدر عہدے کے امیدوار کے طور پر منتخب کرلیا گیا ہے۔ گزشتہ روز دہلی میں منعقدہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں یہ فیصلہ لیا گیا۔ اجلاس کے بعد بی جے پی کے صدر جے پی نڈا نے ایک صحافتی کانفرنس میں یہ اعلان کیا۔ نائب صدر کا انتخاب آئندہ ماہ 9 ستمبر کو ہوگا۔
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے، سی پی رادھا کرشنن کی لگن، عاجزی اور سماجی خدمت کے کاموں کی ستائش کرتے ہوئے، نائب صدر کے عہدے کیلئے این ڈی اے کے امیدوار کے طور پر اُن کے انتخاب پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے بھی سی پی رادھا کرشنن کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اُن کا انتخاب مراٹھی افراد کیلئے باعث ِ فخر ہے۔
***** ***** *****
چیف جسٹس بھوشن گوائی نے کہا کہ وہ اس تصور کی حمایت کرتے ہیں کہ انصاف فریقین کی دہلیز تک پہنچنا چاہیے۔ گوائی‘ کل ممبئی عدالت ِ عالیہ کے کولہاپور سرکٹ بنچ کی افتتاحی تقریب سے مخاطب تھے۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کا عہدہ اختیارات کے استعمال کیلئے نہیں بلکہ معاشرے اور ملک کی خدمت کا موقع ہے۔ انھوں نے کہا کہ عدالتی اداروں میں سہولیات کی فراہمی میں مہاراشٹر بالکل پیچھے نہیں ہے۔
اس تقریب میں ممبئی عدالت ِ عالیہ کے چیف جسٹس آلوک آرادھیے، وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس، نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے، وزیرِ صحت پرکاش آبِٹکر، رکنِ پا رلیمان شاہو مہاراج چھترپتی بھی موجود تھے۔
اس موقعے پر وزیر اعلیٰ پھڑنویس نے کہا کہ ریاستی حکومت عدالتوں کیلئے ضروری بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے، اور اس کے ذریعے انصاف کا ایک بہتر نظام قائم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت وکلاء کے تحفظ کیلئےوکلا تحفظ قانون لانے کے مطالبے پر مثبت غور کر رہی ہے اور اس پر جلد ہی فیصلہ لیا جائے گا۔
***** ***** *****
مرکزی انتخابی کمشنر گیانیش کمار نے کہا ہے کہ مرکزی انتخابی کمیشن شفاف طریقے سے کام کر رہا ہے، اور ووٹ چو ری کے الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں ا ور کچھ لوگ گمراہ کُن پروپیگنڈہ کر رہے ہیں۔ وہ گزشتہ روز نئی دہلی میں ایک صحافتی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا ووٹ چوری کا الزام لگانا آئین کی توہین نہیں ہے؟ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ انتخابی کمیشن اور رائے دہندگان ایسے الزامات سے بالکل نہیں ڈریں گے۔ انھوں نے کہا:
Byte: Gyanesh Kumar (CEC)
کمار نے مزید کہا کہ کمیشن کیلئے سبھی سیاسی جماعتیں یکساں ا ور برابر ہیں۔ گزشتہ بیس سالوں سے تقریباً تمام سیاسی جماعتیں فہرست رائے دہندگان پر نظرِ ثانی کا مطالبہ کر رہی تھیں، اسی لیے بہار سے خصوصی نظر ثانی کا آغاز کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کی شفافیت کو چیلنج کرنے والی ایک عرضی پر عد الت ِ عظمیٰ میں آج سماعت کی جائےگی۔ ونچیت بہوجن آگھاڑی کے سربراہ ایڈوکیٹ پرکاش امبیڈکر نے یہ عرضی داخل کی ہے‘ جس میں انتخابی کمیشن کی جانب سے رائے دہی کے دن شام چھ بجے کے بعد ڈالے گئے ووٹوں کے ڈیٹا کو محفوظ نہ کرنے پر سخت اعتراضات کیے گئے ہیں۔ اس سے قبل ممبئی عدالت ِ عالیہ نے اس عرضی کو خارج کر دیا تھا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ریاست میں گزشتہ دو دنوں سے جاری موسلادھار بارش کی وجہ سے ندیوں کی سطح آب میں اضافہ ہوا ہے اور کئی پشتوں سے پانی کا اخراج جاری ہے۔ مسلسل بارش کے باعث فصلوں کو کافی نقصان پہنچا ہے اور متاثرہ فصلوں کے پنچناموں کی آج سے شروعات ہوگی۔
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے جائیکواڑی پشتے میں پانی کی سطح تقریباً 94 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
ہنگولی ضلعے کے اونڈھا ناگناتھ تعلقے میں پورنا منصوبے کا سدھیشور پشتہ لبالب بھرچکا ہے۔ گزشتہ روز پشتے کے آٹھ روازے کھول کر سات ہزار مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی چھوڑا جا رہا تھا جبکہ عیسیٰ پور ڈیم کے تیرہ دروازوں سے 54 ہزار 466 مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی خارج کیا جا رہا ہے۔ اس لیے پین گنگا ندی کے کنارے واقع دیہاتوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ناندیڑ ضلعے میں گزشتہ دو دنوں سے جاری بارش کی وجہ سے کئی تعلقہ جات میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ ضلع کلکٹر راہل کرڈیلے نے کل وِشنو پوری آبی منصوبے کا دورہ کرکے معائنہ کیا۔ اس منصوبے کے چار دروازوں سے پانی کا اخراج جاری ہے۔ ضلع کلکٹر راہل کرڈیلے نے بتایا کہ ضلعے میں تمام سرکاری مشنری سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مستعدی سے کام کر رہی ہے اور انتظامیہ کی طرف سے ضروری احتیاطی تدابیر اور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
پربھنی ضلعے میں گزشتہ تین دنوں سے مسلسل بارش کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے۔ ضلع کلکٹر رگھوناتھ گائوڑے نے بتایا کہ گوداوری، پورنا اور دودھنا ندیوں میں پانی کی آمد میں اضافہ ہوگیا ہے‘ جس سے پانی کی سطح مسلسل بڑھ رہی ہے۔ انھوں نے شہریوں سے محفوظ مقامات پر پناہ لینے اور مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی اپیل کی۔
اسی دوران ضلع کلکٹر گائوڑے نے کل پورنا تعلقے میں متاثرہ فصلوں کا معائنہ کیا۔ ضلعے میں تقریباً 88 ہیکٹر رقبے پر کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔
محکمہ زراعت نے اندازہ ظاہر کیا ہے کہ بیڑ ضلعے کے 24 گاؤں میں 930 ہیکٹر پر خریف کی فصلیں شدید بارش سے متاثر ہوئی ہیں۔
ہمارے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ جالنہ شہر سمیت ضلع میں کل رات سے بارش شروع ہے۔
دریں اثنا، پونے محکمہ موسمیات نے ریاست میں 21 تاریخ تک بھاری بارش کی پیشن گوئی کی ہے۔ آج ممبئی کے مضافاتی علاقوں، تھانے، رائے گڑھ، رتناگیری، چھترپتی سمبھاجی نگر، جالنہ، بیڑ، ناندیڑ، پربھنی اور ہنگولی میں بارش کا ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
بیڑ شہر میں پولس انتظامیہ کی جانب سے ’’منشیات سے پاک بیڑ 2025' میراتھن مقابلہ‘‘ کل منعقد ہوا۔ پولس سپرنٹنڈنٹ نونیت کانوت نے میراتھن کو ہری جھنڈی دکھائی۔ اس میراتھن میں پولس اہلکار، شہری، طلباء اورشیو سنگرام کے عہدیداران و کارکنان نے بڑی تعداد میں شریک تھے۔
***** ***** *****
انسداد منشیات بیداری مہم کے تحت کل پربھنی میں بھی ایک سائیکل ریلی نکالی گئی۔ ضلعے کی رابطہ وزیر میگھنا بورڈیکر کے ہاتھوںہری جھنڈی دکھا کر ریلی کا آغاز ہوا۔ اس موقعے پر ضلع کلکٹر رگھوناتھ گائوڑے ‘ پولس سپرنٹنڈنٹ رویندر سنگھ پردیشی سمیت معزز شخصیات موجود تھیں۔ سائیکل ریلی سے قبل میگھنا بورڈیکر نے منشیات سے د ور رہنے کا حلف دلایا۔ پولس سپرنٹنڈنٹ رویندر سنگھ پردیشی نے اپیل کی کہ ضلعے میں نشہ آور اشیا پائی جاتی ہیں تو فوراً انتظامیہ کو اس کی اطلاع دیں۔ انھوں نے کہا:
Byte: Ravindra Singh Pardeshi (SP, Parbhani)
***** ***** *****
دھاراشیو میں مصنف پروین سردیشمکھ کی کتاب ’’بھارتیہ سواتنتریاچا دوسرا لڑھا‘‘ کا اجرا کل رکنِ اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقعے پر اپنے خطاب میں پاٹل نے کہا کہ حیدرآباد مکتی سنگرام میں مراٹھواڑہ کی شمولیت منفرد ہے اور اس تحریک میں مراٹھواڑہ کے شہیدوں کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ انھوں نے نوجوانوں کوان قربانیوں کو اپنے سامنے رکھنے کا مشو رہ بھی دیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ قومی جمہوری اتحاد (NDA) کی جانب سے نائب صدر کے عہدے کیلئے ریاستی گورنر سی پی رادھا کرشنن کوامیدو اری۔
٭ عدل و انصاف فریقین کی دہلیز تک پہنچنا چاہیے، چیف جسٹس بھوشن گوائی کا اظہارِ خیال، ممبئی عد الت ِ عالیہ کی کولہاپور سرکٹ بنچ کا افتتاح۔
٭ انتخابی کمیشن کے کام کاج شفاف اور غیر جانبدار ہیں : ووٹ چوری کے الزامات جھوٹے اور بے بنیادہیں، کمیشن کی وضاحت۔
٭ مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کی شفافیت کو چیلنج کرنے والی عرضی پر عدالت ِ عظمیٰ میں آج سماعت ۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ میں ہر طرف بارش کا زور، فصلوں کا بڑے پیمانے پر نقصان - انتظامیہ کی جانب سے آج سے متاثرہ فصلوں کے پنچنامے۔
***** ***** *****

No comments:

Text-आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 18.08.2025 रोजीचे सकाळी 11.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date 18 August 2025 Time 11.00 to 11.05 AM Language Marathi आकाशवाणी छत्...