Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 23 August-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۳۲/ اگست ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ آوارہ کتوں سے متعلق پالیسی وضع کرنے کی عدالت عظمیٰ کی جانب سے ریاستی حکومتوں کو ہدایت۔
٭ دوسرے خلائی دن کے سلسلے میں ملک بھر میں تقاریب کا انعقاد۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کی آب رسانی اسکیم کا آج وزیر اعلیٰ کے ہاتھوں افتتاح۔
٭ کسانوں کے لیے کال سینٹر شروع کرنے کی وزیر زراعت دتاترے بھرنے کی ہدایت
اور۔۔۔٭ بیل پولا تہوار کل ملک بھر میں روایتی انداز میں منایا گیا۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ریاستوں اورمرکز کے زیر انتظام علاقوں کو آوارہ کتوں کے بارے میں پالیسی بنانے کی ہدایت عدالت عظمیٰ نے دی ہے۔اس ضمن میں ملک کی مختلف ہائی کورٹس میں زیر التواء عرضداشتیں سپریم کورت منتقل کرنے کا بھی حکم دیاگیاہے۔
اسی دوران قومی دار الحکومت دہلی این سی آر علاقے میں آوارہ کتوں سے متعلق پہلے دیئے گئے حکم میں بھی عدالت عظمیٰ نے ترمیم کی ہے۔ اب آوارہ کتوں کو نس بندی اور ویکسنیشن کے بعد انہیں دوبارہ اپنے ہی علاقوں میں چھوڑا جائے گااور صرف ریبیززدہ اور خطرناک کتوں کو ڈاگ شیلٹرس میں رکھا جائے گا۔عدالت نے انتباہ دیا ہے کہ اس کام میں روکاوٹ ڈالنے والی تنظیموں یاگروپوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائیگی۔
***** ***** *****
نیا انکم ٹیکس قانون یکم اپریل 2026سے نافذ العمل ہوگا۔ پارلیمنٹ کی جانب سے منظور کردہ اس بل کو صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کی منظوری کے بعد یہ قانون بن چکا ہے اور اسے گزٹ میں شامل کرلیاگیا ہے۔دریں اثناء آن لائن گیمنگ تشہر و کنٹرول بل 2025کو بھی صدر جمہوریہ نے کل منظوری دیدی۔
***** ***** *****
ملک بھر میں آج دوسراخلائی دن منا یا جارہاہے۔23اگست 2023کو چندر یان تین مہم کے تحت وکرم لینڈر کے زریعے پرگیان روور کامیابی کے ساتھ چاند کی سطح پر اتارا گیا تھا۔”قدیم علوم تا لامحدود امکانات“ اس برس کے خلائی دن کا عنوان ہے۔اس سلسلے میں ہندوستانی خلائی تحقیقاتی ادارے اسرو کی جانب سے کل قومی خلائی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت تقریباً 1800بھجن منڈلوں کو بھجن گائیکی کے سازوسامان کی خریداری کے لیے 25ہزار روپیؤں کی امداد دے گی۔گنیش اتسو کو ریاستی تہوار کا درجہ دینے کے موقع پر منعقدہ مختلف پروگراموں کے تحت یہ مدد دی جارہی ہے۔اس کے لیے آج سے چھ ستمبر تک ”مہا انودان ڈاٹ اوآر جی“ویب سائٹ پر اس امداد کے لیے درخواست دی جاسکتی ہے۔
اسی دورا ن ثقافتی امور کے ریاستی وزیر آشیش شیلار نے کل مرکز اور ریاستی حکومتو ں کے مختلف نمائندوں کے ایک اجلاس میں شرکت کی۔ گنیش اتسو میں عوامی شرکت کو بڑھانے کے لیے تمام سرکاری محکموں کو مختلف اقدامات کرنے کی تلقین وزیر موصوف نے کی۔
***** ***** *****
وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ سماجی اور اقتصادی تبدیلی کا راستہ صنفی مساوات سے گذرتا ہے۔ قومی خواتین کمیشن اور یاستی خواتین کمیشن کے ”شکتی سنواد“ پروگرام کا افتتاح کل وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کے ہاتھوں عمل میں آیا۔اس موقع پرانہوں نے مرکز اور ریاستی حکومت کی جانب سے خواتین کے لیے چلائی جانے والی اسکیموں کا جائزہ لیا۔ افتتاح کے بعد اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس گفت و شنید سے قطیعت پانے والے امور کو ایکشن پلان کے طور پر ریاست میں نافذ کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے حکم دیا ہے کہ امرت یوجنا اور دیگر زیر التواء کام 31مارچ 2026 تک مشن موڈ پر مکمل کریں۔ وہ اس خصوص میں کل ممبئی میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اسی دوران وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس آج چھتر پتی سمبھاجی نگر کا دورہ کر رہے ہیں۔میونسپل کارپوریشن کے پھارولہ میں آب رسانی اسکیم کا جل پوجن وزیر اعلیٰ کے ہاتھوں عمل میں آئے گا۔اس موقع پر آب رسانی کے کام کا معائنہ اور جائزہ بھی وزیر اعلیٰ لیں گے۔
***** ***** *****
کسانوں کو فوری رہنمائی کے لیے ”کسان کال سینٹر“ شروع کرنے کی ہدایت ریاست کے وزیر زراعت دتاترے بھرنے نے دی ہے۔وہ کل پونے میں محکمے کے ایک جائزاتی اجلاس سے مخاطب تھے۔ انہوں نے واضح طور پر کہاکہ تمام اسکیمیں کسانوں سے متعلق امور کو مرکز مان کر چلائی جائیں گی۔وزیر موصوف نے مزید کہا کہ کھیتوں پر جاکر کام کرنے والے افسران وملازمین کی تعریف کی جائے گی لیکن اپنے کام سے لاپرواہی اور کاہلی برتنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔
***** ***** *****
راشٹر وادی کانگریس شرد پوار پارٹی اور شیو سینا ادھو بالاصاحب ٹھاکرے پارٹی نے قومی جمہوری اتحاد این ڈی اے کے نائب صدر جمہوریہ کے عہدے کے امیدوار سی پی رادھاکرشنن کی حمایت سے انکار کر دیاہے۔بزرگ رہنما شرد پوارنے کل ممبئی میں ایک اخباری کانفرنس میں یہ اعلان کیا۔انہوں نے بتایا کہ ان کی پارٹی کی جانب سے ریاست کے رائے دہندگان کی فہرستو ں کا مطالعہ اور جانچ شروع کردی گی ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
بیل پولا تہوار کل جگہ جگہ جوش و خروش اور روایتی طرز پر منایا گیا۔ بیلوں کو سجا کر ان کے جلوس نکالے گئے اورگھر گھرمیں پورن پولی کھلا کر ان کی پوجا کی گئی۔ پربھنی ضلع میں گاؤ ں گاؤں سے جلوس نکالے گئے۔کاتنیشور میں بھی پولا جوش و خروش سے منایا گیا۔ ہنگولی ضلع میں گورے گاؤں میں روایتی طرز پر یہ تہوار منایاگیا۔بسمت تعلقے کے واٹی گورکھ ناتھ میں آج 23اگست کو پولا منایا جائے گا۔
چھتر پتی سمبھاجی نگر کے ہر سول اور مکندواڑی علاقے میں پولے کے جلو س نکالے گئے۔
***** ***** *****
چھتر پتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے چلائی جارہی شاستی سے آزادی مہم کو عوام کی زبردست پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔ میونسپل کمشنر جی شریکانت نے بتایا کہ پراپرٹی ٹیکس اور نل کے بلو ں کے بقایا جات پر جرمانے میں رعایت دینے والی اس اسکیم کی مدت 31اگست تک بڑھا دی گئی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس اسکیم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بقایاجات پر عائد جرمانے میں 95فی صد رعایت کے ساتھ اپنے ذمہ واجب الا دا ٹیکس ادا کریں۔
***** ***** *****
چھتر پتی سمبھاجی نگر کے شیندرا بڑکن علاقوں یعنی ”اورک سٹی“ میں کئی کمپنیوں کو صنعتی پلاٹ تفویض کیے گئے ہیں۔ ان کمپنیوں میں غذائی اجناس، کاغذ، الیکٹرانکس، سڑکیں تعمیر کرنے کی مشینیں اورسازوسامان کی صنعتیں شامل ہیں۔ ان صنعتو ں میں 200کروڑ روپیؤں کی سرمایہ کاری متوقع ہے اور اس سے کم و بیش ایک ہزار روزگار کے مواقع پیدا ہونگے۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع کے مو کھیڑ تعلقے کے سیلاب ذدگان کو شیو سینا ادھو بالاصاحب ٹھاکرے پارٹی کی جانب سے ایک لاکھ روپیئے امداد دی گئی ہے۔ قانون ساز کونسل میں حزب اختلاف کے رہنماء امباداس دانوے نے کل مکرم آباد گاؤ ں کا دورہ کرکے حالات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ سیلاب میں پانچ افراد ہلاک ہوئے اور دودھ دینے والے کئی مویشی بہہ گئے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت متاثرہ افراد کو فی الفور امداد فراہم کرے۔
***** ***** *****
چھتر پتی سمبھاجی نگر کی ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کا 68واں یو م تاسیس آج منایا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں یونیورسٹی اور اس کے تحت آنے والے کالجو ں میں آج صبح پر چم کشائی عمل میں آئی۔ اس سلسلے میں یو نیورسٹی اور مختلف تعلیمی اداروں میں سیمیناراور تقاریب کا انعقاد کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
ضلع میں سیلاب کے باعث 59گاؤں میں مویشیوں کو نقصان پہنچا اور تقریباً 76بڑے مویشی، 56بکریاں اور 82مرغیاں ہلاک ہوگئیں۔محکمہ ئ مویشی پروری کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ان جانوروں کو مروجہ طرز پر دفنایا گیا ہے۔ دریں اثناء اس سیلاب زدہ علاقے میں مویشیوں کے لیے ویکسنیشن مہم شروع کی گئی ہے۔ مویشی پروری محکمے کے ڈپٹی کمشنر راج کمار پڈیلے نے کسانو ں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے جانوروں کو ٹیکے لگوائیں۔
***** ***** *****
محصول ہفتے کے موقع پر سنجے گاندھی نرادھار یوجنا اورشراون با ل سیوا یوجنا کے تحت بیڑ تعلقے میں 14ہزار 245مستحقین کے کھاتوں میں امداد راست طور پر جمع کروائی گئی ہے۔تحصیلدار چندر کانت شیلکے کی رہنمائی میں مختلف اسکیمیں چلا کر محصول ہفتہ منا یا جارہاہے۔
***** ***** *****
چھتر پتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن انتخابات کے وارڈز کی تشکیل کو ریاستی انتخابی کمیشن نے منظوری دی ہے۔ اور اس سلسلے میں رپورٹ میونسپل کارپوریشن کی ویب سائٹ پر جاری کی دی گئی ہے۔ شہر کے 115وارڈس میں سے 29بلاک تیا ر کیے گئے ہیں۔وارڈس کی ان تشکیل کے خلاف شکایات و اعتراضات چار ستمبر تک در ج کروائی جاسکتی ہے۔
***** ***** *****
چھتر پتی سمبھاجی نگر ضلع کے پیٹھن میں واقع جائیکواڑی آبی منصوبوں سے پانی چھوڑے جانے کے باعث گوداوری ندی میں سیلاب کی صورت حال ہے۔ بیڑ ضلع کے گیورائی تعلقے میں راکشس بھون کے شنی مندر میں پانی بھر جانے کی اطلاع ہمارے نامہ نگار نے دی ہے۔ ریاست میں مراٹھواڑہ اور ودربھ کے کچھ اضلاع کے لیے محکمہئ موسمیات نے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ ان اضلاع میں ہلکی تا درمیانی درنے کی برسات کی پیشن گوئی محکمے نے کی ہے۔
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ آوارہ کتوں سے متعلق پالیسی وضع کرنے کی عدالت عظمیٰ کی جانب سے ریاستی حکومتوں کو ہدایت۔
٭ دوسرے خلائی دن کے سلسلے میں ملک بھر میں تقاریب کا انعقاد۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کی آب رسانی اسکیم کا آج وزیر اعلیٰ کے ہاتھوں افتتاح۔
٭ کسانوں کے لیے کال سینٹر شروع کرنے کی وزیر زراعت دتاترے بھرنے کی ہدایت
اور۔۔۔٭ بیل پولا تہوار کل ملک بھر میں روایتی انداز میں منایا گیا۔
***** ***** *****
اس کے ساتھ ہی علاقائی خبریں ختم ہوئیں۔
ان خبروں کو آپ AIR چھترپتی سمبھاجی نگر یوٹیوب چینل‘ پر دوبارہ کسی بھی وقت سن سکتے ہیں۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment