Wednesday, 1 October 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 01 اکتوبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 01 October-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: یکم/ اکتوبر ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ شدید بارشوں کے دوران‘ قحط سالی کی تمام رعایتوں اور اقدامات کو نافذ کرنے کا ریاستی کابینہ کا فیصلہ۔
٭ ریاستی حکومت ہر ضلع میں کینسر کے علاج کیلئے معیاری سہولیات فراہم کرے گی۔
٭ رواں برس گنّے کا Crushing Season آئندہ یکم نومبر سے شروع کرنے کا ریاستی کابینہ نے کیا فیصلہ۔
٭ خواتین کے عالمی کپ کرکٹ مقابلوں میں بھارتی ٹیم کا فاتحانہ آغاز۔
اور۔۔۔٭ وِدربھ کے چند اضلاع سمیت‘ ناندیڑ، پربھنی، ہنگولی اور لاتور اضلاع میں آج بارش کا یلو الرٹ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ریاستی کابینہ نے شدید بارشوں کے دوران‘ قحط سالی کی تمام رعایتوں اور اقدامات کو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کل ممبئی میں کابینہ کے اجلاس کے بعد یہ اطلاع دی۔ وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ ریاست میں گیلے قحط کے اعلان کی کوئی گنجائش نہیں ہے‘ اس لیے اب تک گیلے قحط کا کبھی اعلان نہیں کیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ گذشتہ ماہِ اگست تک بارشوں سے ہونے والے نقصانات کیلئے دو ہزار 215 کروڑ روپؤں کے فنڈ کی تقسیم کو پہلے ہی منظوری دی گئی ہے اور اس کیلئے E-KYC کی شرط میں نرمی کی گئی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ پھڑنویس نے بتایا کہ امداد کی یہ رقم آئندہ دو تین دنوں میں کسانوں کے کھاتوں میں جمع کردی جائے گی۔ حالیہ شدید بارشوں کے سبب ریاست بھر میں 60لاکھ ہیکٹر رقبے پر کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہر قسم کے نقصان کی بھرپائی کی خاطر ایک جامع پالیسی بنائی جائے گی۔ وزیرِ اعلیٰ نے یقین دلایا ہے کہ حکومت دیوالی سے پہلے کسانوں کو امداد فراہم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت کینسرکے علاج کی خاطر ایک جامع پالیسی بنائے گی اور ہر ضلع میں اس بیماری کے علاج کیلئے معیاری سہولیات فراہم کرے گی۔ ریاستی کابینہ کی کل منعقدہ میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ ریاست بھر کے 18 اسپتالوں میں کینسر سے متعلق خصوصی علاج دستیاب کیا جائے گا۔ اس کیلئے مہا کیئر یعنی مہاراشٹر کینسر کیئر‘ ریسرچ اینڈ ایجوکیشن فاؤنڈیشن نامی کمپنی قائم کی جائیگی، جس کیلئے شیئرس 100 کروڑروپؤں پر مشتمل ہوں گے۔
***** ***** *****
ریاست کی گلوبل۔۔۔سینٹر پالیسی 2025 کو کل منظوری دی گئی۔ ریاستی کابینہ نے صنعتی‘ تجارتی اور دیگر زمروں کے صارفین پر بجلی کے اضافی سیلز ٹیکس لگانے کو منظوری دی ہے۔ اس سے پردھان منتری ”کسم گھٹک- B“ اور دیگر اسکیمات کے تحت شمسی زرعی پمپس کیلئے بجلی فراہمی کی خاطر فنڈس دستیاب ہوں گے۔
***** ***** *****
ریاستی کابینہ نے رواں برس گنّے کا Crushing Season آئندہ یکم نومبر سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس برس گنّے کو تین ہزار 550 روپئے فی میٹرک ٹن‘ منصفانہ اور کفایتی قیمت دی جائیگی۔ اس میں سے وزیرِ اعلیٰ ریلیف فنڈ کیلئے 10 روپئے اور سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے پانچ روپئے فی ٹن کی کٹوتی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
ریاست میں محکمہئ زراعت کے تمام افسران اور ملازمین نے اپنی ایک دن کی تنخواہ وزیرِ اعلیٰ ریلیف فنڈ میں عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہیں زراعت کے ریاستی وزیر دتاتریہ بھرنے بھی متاثرہ کسانوں کی امداد کی خاطر ایک ماہ کی تنخواہ وزیرِاعلیٰ ریلیف فنڈ میں دیں گے۔
اسی طرح چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع میں محکمہئ محصولات کے ملازمین نے ضلع کلکٹر دلیپ سوامی کی اپیل پر سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے اپنی ایک دِن کی تنخواہ عطیہ کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
***** ***** *****
انڈین میڈیکل اسوسی ایشن کی چھترپتی سمبھاجی نگر شاخ نے کل پیٹھن کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں صحت کی جانچ کا کیمپ لگایا۔ ساتھ ہی اناج کی تقسیم بھی کی گئی۔اس موقع پر کم و بیش 110 فوڈ پیکیجس تقسیم کیے گئے۔ شہریان کا طبّی معائنہ کیا گیا اور انھیں ضروری ادویات دی گئیں۔
***** ***** *****
اگرچہ بارش سے ریاست میں کچھ راحت ملی ہے‘ تاہم آبی منصوبوں سے پانی کا اخراج جاری ہے۔ ماجل گاؤں ڈیم سے پانی کے اخراج میں 1200 مکعب فٹ فی سیکنڈ کی کمی کی گئی ہے۔ وہیں جائیکواڑی آبی منصوبے سے فی الحال ایک لاکھ 13 ہزار 184مکعب فٹ فی سکینڈ کی رفتار سے پانی چھوڑا جارہا ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت‘ خدمت اور گڈ گورننس کے ذریعے تبدیلی اور ترقی کی خاطر مسلسل کوشش کررہی ہے۔ خصوصی سیریز سیوا پرو کی آج کی قسط میں آئیے جانتے ہیں کس طرح حکومت نے عالمی شراکت داری کو مضبوط کرکے عالمی سطح پر بھارت کی آواز کو بلند کیا ہے۔
Voice Cast
”وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں بھارت کی عالمی شمولیت غیر معمولی سطح پر پہنچ گئی ہے۔ جس کے باعث بھارت کو عالمی معاملات کی تشکیل میں ایک بااثر قوت کے طور پر مقام دیا جارہا ہے۔ یہ بات بھارت کی سربراہی کے دوران G-20 ممالک میں افریقی یونین کو شامل کرنے کی کوششوں کے ساتھ ساتھ COVID-19 وبائی مرض کے حالات میں بھارت کے ویکسینیشن تعلقات سے بھی واضح ہوتی ہے۔۔ اس سلسلے میں وزیر اعظم مودی نے کہا...
Byte: Prime Minister Narendra Modi
بھارت کی کثیرالجہت شمولیت کے مرکز میں قومی مفاد اور اسٹرٹیجک خود مختاری کا اصول ہے۔ برکس کواڈ اور ایس سی او جیسے فورمز میں بھارت کی شرکت ایک متوازن عمل کی عکاسی کرتی ہے۔ وزیرِ اعظم مودی کے متعدد بین الاقوامی دوروں کے سبب بھارت کو عالمی سطح پر ایک بڑی قیادت کے طور پر ابھرتے دیکھا ہے۔ کثیر قطبیت، بکھرتی ہوئی عالمگیریت، اور مسلسل عالمی طاقت کی تبدیلی جیسے حالات کے دور میں، بھارت، وزیر اعظم مودی کی قیادت میں، نہ صرف ایک شراکت دار ملک کے طور پر بلکہ کثیر الجہت حصے دار کے منتظم کے طور پر ابھرا ہے۔“
***** ***** *****
نوراتر اُتسو کے دوران آج مہانومی کا تہوار منایا جارہا ہے۔ کل دُرگااشٹمی کے موقع پر ہر طرف ہوم ہون اور مختلف مذہبی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔
تلجاپور میں کل تلجا بھوانی دیوی کی خصوصی مہاپوجا کی گئی۔ جس میں عقیدت مندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اسی دوران تلجا پور مندر علاقے میں گداگر بچوں کی بازآبادکاری مہم چلائی گئی۔ کل دو سیزنس میں چلائی گئی اس مہم کے دوران صبح تین اور دوپہر میں چار یعنی کُل سات بچوں کو گداگری سے نجات دلاکر دھاراشیو کی چائلڈ ویلفیئر کمیٹی کے حوالے کیا گیا۔
***** ***** *****
لاتور کے کلّاری میں پیش آئے تباہ کُن زلزلے کو آج 32 برس مکمل ہوچکے ہیں۔ 30 ستمبر 1993 کو صبح چار بجے کے قریب آنے والے اس زلزلے سے لاتور دھاراشیو اضلاع میں بڑے پیمانے پر جان و مال کا نقصان ہوا تھا۔ لاتور میں کل پولس کے جوانوں نے بندوق سے گولیاں داغ کر اس زلزلے کے متاثرین کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ساتھ ہی زلزلے میں مارے جانے والوں کی یادگار پر پھول چڑھا کر انھیں یاد کیا گیا۔
وہیں دوسری جانب لاتور ضلع کے کئی دیہاتوں میں گذشتہ چند مہینوں کے دوران زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کیے جارہے ہیں‘ ساتھ ہی پُراسرار آوازیں بھی سنی جارہی ہیں۔ قدرتی آفات سے نمٹنے والے ضلعی محکمہ نے شہریان سے افواہوں پر دھیان نہ دینے اور کسی بھی واقعے کی اطلاع فوری طور پر قریبی تحصیل دفتر کو دینے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
بھارتی ٹیم نے کل خواتین کے عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں سری لنکا کو شکست دے دی۔ بارش کے سبب روک دئیے گئے اس میچ میں بھارت نے ڈک ورتھ لوئس اُصول کے مطابق 59 رنوں سے کامیابی حاصل کی۔ بھارتی ٹیم نے پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے 269 رنز بنائے۔ جوابی کھیل کے دوران سری لنکا کی خواتین ٹیم 211 رنوں پر ڈھیر ہوگئی۔ بھارت کی دِپتی شرما کو ان کی آل راؤنڈ کارکردگی پر بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔
***** ***** *****
گریجویٹ حلقوں کے انتخابات کی خاطر رائے دہندگان کی نئی فہرستیں تیار کرنے کے پروگرام کا اعلان کیا گیا ہے۔ پربھنی اور لاتور کے ضلع کلکٹرس نے اہل رائے دہندگان سے ووٹرس لسٹ میں نئے سرے سے اپنا نام درج کروانے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلع میں ”صحت مند خاتون‘ مضبوط خاندان‘‘مہم تمام علاقوں میں چلائی جارہی ہے۔ اس کے تحت کل کلمنوری تعلقے کے اکھاڑا بالاپور کے دیہی اسپتال میں 530 خواتین کا طبّی معائنہ کیا گیا۔
***** ***** *****
اب کا موسم کا حال: ریاست میں ودربھ کے چند اضلاع سمیت‘ ناندیڑ‘ پربھنی، ہنگولی اور لاتور اضلاع میں آج بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ شدید بارشوں کے دوران‘ قحط سالی کی تمام رعایتوں اور اقدامات کو نافذ کرنے کا ریاستی کابینہ کا فیصلہ۔
٭ ریاستی حکومت ہر ضلع میں کینسر کے علاج کیلئے معیاری سہولیات فراہم کرے گی۔
٭ رواں برس گنّے کا Crushing Season آئندہ یکم نومبر سے شروع کرنے کا ریاستی کابینہ نے کیا فیصلہ۔
٭ خواتین کے عالمی کپ کرکٹ مقابلوں میں بھارتی ٹیم کا فاتحانہ آغاز۔
اور۔۔۔٭ وِدربھ کے چند اضلاع سمیت‘ ناندیڑ، پربھنی، ہنگولی اور لاتور اضلاع میں آج بارش کا یلو الرٹ۔
***** ***** *****

No comments: