Friday, 3 October 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 03 اکتوبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 03 October-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۳؍ اکتوبر ۲۰۲۵ء؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ وجئے دشمی کا تہوار ہر طرف جوش و خروش سے منایا گیا، مراٹھواڑہ میں دہلیز پار کرنے کی روایتی تقریب کا اہتمام۔
٭ اخلاقی اقدار پر مبنی سیاست میں شمولیت عوامی خدمت کا مؤثر ذریعہ ہے- سابق صدر ِ جمہوریہ رام ناتھ کووند کا آر ایس ایس کی صد سالہ تقریبات میں اظہارِ خیال۔
٭ دیوالی سےقبل شدید بارشوں سے متاثرہ افرادکو امداد فراہم کرنے کانائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کا تیقن، ادھو ٹھاکرے کا کسانوں کو پچاس ہزار رروپے فی ایکڑ معاوضہ دینے کا مطالبہ۔
٭ ہزاروں بدھ پیروکاروں کی موجودگی میں منایا گیا69 واں دھم چکر پرورتن دن۔
اور۔۔۔٭ چھترپتی سمبھاجی نگر وجالنہ کو چھوڑ کر مراٹھواڑہ میں محکمۂ موسمیات کی جانب سے آج بارش کا یلو الرٹ جاری۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وجئے دشمی یعنی دسہرہ کا تہوار کل روایتی انداز میں جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ برائی پر اچھائی کی جیت کی علامت مانے جانے والے اس تہوار میں سرسوتی پوجا، اسلحہ پوجا اور گاڑیوں کی پوجا بھی کی جاتی ہے، جبکہ شام کو سیمولنگھن یعنی دہلیز پار کرنے کی روایتی رسم کی ادائیگی کے بعد، گھر گھر مخصوص پتوں کی تقسیم کا پروگرام، اور راون کو نذرِ آتش کرنا اس تہوار کی خصوصیات ہیں۔ کل وجئے دشمی ہر جگہ اسی روایتی انداز میں منائی گئی۔
***** ***** *****
تلجا پور میں، تلجا بھوانی دیوی کی روایتی سیمولنگھن تقریب کل صبح جوش و خروش کے ساتھ منعقد ہوئی۔ دیوی کی مورتی کو 108 ساڑیوں میں لپیٹ کر اہلیا نگرکے بِھنگار سے لائی گئی پالکی میں رکھ کر ایک جلوس نکالا گیا۔ جس کے بعد، دیوی کی منچکی ندرا کا آغاز ہوا۔ اب اشونی پورنیما کے موقعے پر دیوی دوبارہ تخت نشین ہوگی۔
مراٹھواڑہ میںماہور اور امباجوگائی سمیت کولہاپور کی امبا بائی اور ناسک ضلع میں سپت شُرنگی دیوی کی سیمولنگھن تقریب روایتی انداز میں منعقد ہوئی۔
امباجوگائی میں شری یوگیشوری دیوی کی پالکی کا جلوس نکالا گیا۔ اس موقع پر عقیدت مندوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
ستارا میں، روایت کے مطابق، چھترپتی شیواجی مہاراج کے تیرھویں وارث، رکن پارلیمان ادین راجے بھوسلے کی موجودگی میں شاہی سیمولنگھن کی تقریب منعقد ہوئی۔ پالکی کو ستارا پولس نے توپوں کی سلامی دی۔
ہنگولی کے رام لیلا میدان میں تاریخی دسہرہ جلسہ جوش و خروش کے ساتھ منعقد ہوا۔
تلجا بھوانی دیوی کے درشن کیلئے چھترپتی سمبھاجی نگر کے کرن پورہ علاقے میں بھی عقیدت مندوں کا ہجوم دیکھا گیا۔ جالنہ شہر میں، نوراتری کے دوران پوجی گئی دیوی دیوتاؤں کی مورتیوں کو شہر کے موتی تالاب سے متصل ٹینک میں غرقاب کیا گیا۔
ناندیڑ کے تخت سچ کھنڈ شری حضور صاحب گرودوارہ میںدسہرہ کا تہوار روایتی انداز میں منایا گیا۔ ملک اور بیرون ملک سے آئے سکھ برادری کے عقیدت مندوں کی موجودگی میں ہلّہ محلہ کا جلوس رو ایتی جوش و خروش کے ساتھ نکالا گیا۔
***** ***** *****
ریاست بھر میں مختلف تنظیموں کے دسہرہ اجتماعات بھی کل منعقد ہوئے۔ سابق صدر رام ناتھ کووند راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کی صد سالہ تقریب کے موقعے پر ناگپور میں منعقدہ پروگرام میں مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھے۔ اس موقعے پر انھوں نے کہا کہ اخلاقی اقدار پر مبنی سیاست میں شمولیت عوامی خدمت کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سنگھ 2047 تک ترقی یافتہ بھارت کی تشکیل کے تصور میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انھوں نے کہا:
Byte: Ex President Ramnath Kovind
آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے اپنے خطاب میں سماجی ہم آہنگی، اہلِ خانہ کی بیداری، ماحولیاتی تحفظ، نظم و ضبط اور آئینی اقدار پر عمل آوری جیسے پانچ اصولوں پرعمل پیرا ہونے کی تلقین کی۔ بھاگوت نے کہا کہ خود کفیل بھارت کی تشکیل میں ملک کی ضروریات کے مطابق نہیں بلکہ ملک کی خواہشات کے مطابق دوسری قوموں پر انحصار کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا...
Byte: Sar Sangh Chalak Mohan Bhagwat
اس تقریب میں وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس اور مرکزی وزیر نتن گڈکری بھی موجود تھے۔ اس موقعے پر بدھ مذہب کے روحانی پیشوا دلائی لامہ کا صد سالہ تقریبات پر مبنی مبارکبادی کا پیغام بھی پڑھ کر سنایا گیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ممبئی کے گورےگاؤں میں منعقدہ ایک جلسے میں شیوسینا کے سربر اہ اور نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے شیوسینکوں سے خطاب کیا۔ انہوں نے دیوالی سے قبل موسلا دھار بارش کی وجہ سے بحران کا شکار کسانوں کی مدد کرنے کا تیقن دیتے ہوئے کہا کہ حکومت سیلاب متاثرین کی دیوالی میں اندھیرا نہیں ہونے دے گی۔
***** ***** *****
شیوسینا ادھو بالا صاحب ٹھاکرے کی پارٹی کی دسہرہ ریلی ممبئی کے شیواجی پارک میدان میں منعقد ہوئی۔ بھارتیہ جنتا پارٹی اور حکومت پرنکتہ چینی کرتے ہوئےاُدّھو ٹھاکرے نے کسانوں کو فی ایکڑ پچاس ہزار روپے کی امداد دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کسانوں کو معاوضے نہ دینے پر ریاست گیر احتجاج کا انتباہ بھی دیا۔ انہوں نے کسانوں کو فی الفور معاوضے نہ دینے پر مراٹھوا ڑہ سمیت ر یاست بھر میں مظاہرے کرنے کا الٹی میٹم بھی دیا۔
***** ***** *****
بیڑ ضلعے کے ساورگاؤں میں وزیرِ ماحولیات پنکجا منڈے اور سابق وزیر دھننجے منڈے کی موجودگی میں دسہرے کا اجتماع منعقد ہوا۔ پنکجا منڈے نے بیڑ ضلع کو حق کا پانی دلاکر خشک سالی کو ختم کرنے کا وعدہ کیا، جبکہ دھننجے منڈے نے بیڑ ضلعے میں ذات پات کی نفرت کو ختم کرنے کی رائے کا اظہار کیا۔
***** ***** *****
مراٹھا ریزرویشن تحریک کے رہنما منوج جرانگے پاٹل نے بیڑ ضلعے کے نارائن گڑھ میں منعقدہ دسہرہ اجتماع میں حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے مشورہ دیا کہ جو کچھ ملا ہے اس پر مطمئن رہیں اور جلد بازی سے گریز کرتے ہوئے او بی سی سماج کوالزام نہ دیں۔
***** ***** *****
بابائے قوم مہاتما گاندھی اور سابق وزیرِ اعظم لال بہادر شاستری کے یوم پیدائش کے موقعے پر کل ہر جگہ ان کی خدمات کو یاد کیا گیا۔ چھترپتی سمبھاجی نگر اور جالنہ سمیت ہر جگہ مہاتما گاندھی اور لال بہادر شاستری کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
***** ***** *****
چھتیس گڑھ کے بیجاپور ضلعےمیں کل 103 نکسلیوں نے حفاظتی دستوں کے سامنے خودسپردگی کردی۔ ان میں 23 خواتین بھی شامل ہیں۔ خود سپردگی کرنے والوں میں سے 49 نکسلیوں پر کُل ایک کروڑ چھ لاکھ روپے کا انعام تھا۔
***** ***** *****
69 واں دھم چکرپرورتن دن کل منایا گیا۔ اس موقعے پر ملک اور بیرون ملک سے بڑی تعداد میں بدھ مذہب کے پیروکار ناگپور کی دِکشا بھومی پر جمع ہوئے تھے۔ کل صبح ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر یادگاری کمیٹی کے صدر بھدنت آریہ ناگارجن سرائی سسائی نے عقیدت مندوں کو بدھ وندنا پیش کی۔ جبکہ شام کو منعقدہ مرکزی تقریب میں سارناتھ لرننگ سینٹر کے بھدنت چندیما تھیرو، ہریانہ حکومت کے ایڈیشنل چیف سکریٹری ڈاکٹر راج شیکھر وُنڈرُو اور دیگر کئی معززین نے حاضرین کی رہنمائی کی۔
وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کل کامٹھی میں ڈریگن پیلس مندر پہنچ کر بھگوان گوتم بدھ کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر منعقدہ بدھ وندنا میں بھی وزیرِ اعلیٰ نے شرکت کی۔
چھترپتی سمبھاجی نگر شہر کے بدھ غاروںمیں واقع وِپشینا مرکز میں دھم چکر پرورتن دن کے موقعے پر مختلف مذہبی تقریبات منعقد ہوئیں۔
***** ***** *****
مہاراشٹر روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن ST نے مسافرین کی سہولت کیلئے ’’آپلی ایس ٹی‘‘ کے نام سے ایک نیا ایپ لانچ کیا ہے۔ وزیر حمل و نقل اور ایس ٹی کارپوریشن کے چیئرمین پرتاپ سرنائیک نے کہا کہ اس ایپ سے بسوں کے منتظرمسافرین کو بس کا صحیح مقام جاننے اور سفر کو سہل، اور زیادہ شفاف بنانے میں آسانی ہوگی۔
***** ***** *****
بھارت اور ویسٹ انڈیز کے مابین جاری ٹیسٹ کرکٹ سیریز کے احمد آباد ٹیسٹ میں، بھارت نے کل اپنی پہلی اننگ میں دو وکٹ پر 121 رنز بنائے ہیں۔ اس سے قبل بھارت نے ویسٹ انڈیز کو 162 رنز پر آؤٹ کر دیا ۔ محمد سراج نے چار، جسپریت بمراہ نے تین، کلدیپ یادو نے دو اور واشنگٹن سندر نے ایک وکٹ حاصل کی۔ بھارت کے سلامی بلّے باز یشسوی جیسوال 36 اور سائی سدرشن سات رنز بناکر آئوٹ ہو گئے۔ کل دن کا کھیل ختم ہونے پر کے ایل راہل 53 اور شبھمن گل 18 رنز بناکر کریز پر موجود تھے۔
***** ***** *****
اور اب موسم کا حال: چھترپتی سنبھاجی نگر اور جالنہ کو چھوڑ کر مراٹھواڑہ کے باقی اضلاع میں آج بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج ودربھ کے جلگاؤں سمیت تمام اضلا ع سمیت اہلیا نگر اور شولاپور اضلاع کیلئے بھی بارش کا یلو الرٹ جاری کیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ وجے دشمی کا تہوار ہر طرف جوش و خروش سے منایا گیا، مراٹھواڑہ میں دہلیز پار کرنے کی روایتی تقریب کا اہتمام۔
٭ اخلاقی اقدار پر مبنی سیاست میں شمولیت عوامی خدمت کا مؤثر ذریعہ ہے- سابق صدر ِ جمہوریہ رام ناتھ کووند کا آر ایس ایس کی صد سالہ تقریبات میں اظہارِ خیال۔
٭ دیوالی سےقبل شدید بارشوں سے متاثرہ افرادکو امداد فراہم کرنے کانائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کا تیقن، ادھو ٹھاکرے کا کسانوں کو پچاس ہزار رروپے فی ایکڑ معاوضہ دینے کا مطالبہ۔
٭ ہزاروں بدھ پیروکاروں کی موجودگی میں منایا گیا69 واں دھم چکر پرورتن دن۔
اور۔۔۔٭ چھترپتی سمبھاجی نگر وجالنہ کو چھوڑ کر مراٹھواڑہ میں محکمۂ موسمیات کی جانب سے آج بارش کا یلو الرٹ جاری۔
***** ***** *****

No comments: