Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 04 October-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۴/ اکتوبر ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ بچوں کو کھانسی کی دوا دینے سے متعلق مرکزی حکومت کی جانب سے رہنما ضوابط جاری۔
٭ انوکمپا کی بنیاد پر 5 ہزار سمیت، 10ہزار امیدواروں کو سرکاری ملازمتوں کے تقرر ناموں کی تفویض۔
٭ مادری زبان سمیت دیگر زبانوں کو زندہ رکھنے کے لیے کوشش کی جائے۔ وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی اپیل۔
٭ سندودرگ میں 9سیاح غرقاب، 3ہلاک، دیگر کی تلاش جاری۔
٭ شدید بارش سے متاثرہ ماہی گیروں کی امداد کی تجاویز تیار کرنے کا نتیش رانے کا حکم۔
اور۔۔۔٭ ویسٹ انڈیز کے خلاف احمدآباد ٹیسٹ کے دوسرے دن بھارت کو 286رنوں کی برتری۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت نے کھانسی کی دوا اور نزلہ زکام کے علاج کے لیے دوائیوں کے استعمال سے متعلق تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے لیے رہنما ضوابط جاری کئے ہیں۔ اس کے تحت ماہرین امراض اطفال اور طبی ملازمین کو کمسن بچوں کو یہ دوائیاں تجویز کرتے وقت خصوصی احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے۔ دو برس سے کم عمر کے بچوں کو کف اور نزلہ زکام کے لیے کوئی بھی دوا نہیں دی جائے گی۔اس کے علاوہ یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ پانچ برس سے کم عمر کے بچوں کو یہ ادویہ عام حالات میں تجویز نہ کی جائے۔
***** ***** *****
انوکمپا کی بنیاد پر در جہئ سوم و چہارم کے پانچ ہزار سے زائد امیدواروں کو آج سرکاری ملازمتوں کے تقرر نامے تفویض کئے جائیں گے۔ ریاستی پبلک سروس کمیشن کی معرفت عام بھرتی کے زمرے میں منتخب ہونے والے پانچ ہزار سے زائد امیدواروں کو بھی تقرر نامے دیئے جائیں گے۔
چھترپتی سمبھاجی نگر میں ریاست کے سماجی انصاف اور ضلع کے رابطہ وزیر سنجئے شرساٹھ کی موجودگی میں سنت ایکناتھ رنگ مندر میں منعقد ہونے والے ایک پروگرام میں 296افراد کو تقرر کے صداقت نامے دیئے جائیں گے۔ آج صبح 10بجے یہ پروگرام شروع ہوگا۔
***** ***** *****
ناندیڑ میں بھی آج مجوزہ تقریب میں انوکمپا اسکیم کی بنیاد پر درجہئ سوم کے 70، درجہئ چہارم کے 222اور ریاستی پبلک سروس کمیشن کے سفارش یافتہ 64امیدواروں کو رابطہ وزیر اتول ساوے کے ہاتھوں ملازمت کے تقرر سے متعلق صداقت نامے دیئے جائیں گے۔
***** ***** *****
وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ ثقافتی ترقی میں زبان کا کردار نہایت اہم ہے اس لیے اپنی زبان مادری زبان اور دیگر زبانوں کو زندہ رکھنے کے لیے کوشش کرنے کی انہوں نے اپیل کی ”ابھیجات مراٹھی بھاشا سمان دیوس“ اور ابھیجات مراٹھی بھاشا ہفتے کا افتتاح کل ممبئی میں وزیر اعلیٰ کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ مراٹھی زبان کے فروغ کے لیے وسائل کی کمی محسوس نہیں ہونے دی جائیگی۔
***** ***** *****
ضلعی مراٹھی زبان کمیٹی پر مراٹھی زبا ن کے ماہرین کی تین سال کے لیے تقرری اور مراٹھی سفیرکے تصور کی تجویز مراٹھی زبان کے وزیر اودئے سامنت نے پیش کی تھی۔ اس کے جواب میں وزیر اعلیٰ نے یہ یقین دہانی کروائی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے ہاتھوں ابھیجات مراٹھی بھاشا دن کی مناسبت سے ایک خصوصی ڈاک ٹکٹ اور لفافے کی اشاعت او ٹی ٹی پلیٹ فار م کے لیے ابھیجات مراٹھی نامی ایپ کا افتتاح اور مختلف مراٹھی کی کتابوں کا اجراء بھی عمل میں آیا۔
***** ***** *****
وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ سائبر جرائم کو روکنے کے لیے عوامی بیداری ہی واحد حل ہے۔ کل ممبئی میں سائبر بیداری مہم کا افتتاح وزیر اعلیٰ کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پھڑنویس نے کہا کہ سائبر جعلسازی کی فی الفور شکایت کرنے پر ازالہ ہو سکتا ہے۔ اس لیے انہوں نے متاثرہ شہریوں سے اپیل کی کہ وہ سامنے آئیں اور جعل سازی کی شکایت درج کروائیں۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت کی جانب سے ریاستوں کو ٹیکس کی پیشگی منتقلی کی گئی ہے جس کے تحت مہاراشٹر کو چھ ہزار 418کروڑ روپیئے موصول ہوئے ہیں۔ یہ منتقلی 10اکتوبر 2025کو ہونے والی ماہانہ منتقلی کے علاوہ ہے۔ یہ اطلاع نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے دی اس سلسلے میں انہوں نے مرکزی حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا۔
***** ***** *****
ریاستی ثانوی اور اعلیٰ ثانوی تعلیمی ڈائریکٹریٹ کی جانب سے طلبہ کو گیارہویں جماعت میں داخلے کی ایک آخری مہلت دی جارہی ہے۔ ایجوکیشن ڈائریکٹر ڈاکٹر مہیش پالکر نے آج کل اور پرسوں ہونے والے داخلے کے آخری راونڈ سے استفادہ کرنے کی اپیل طلبہ، سرپرستوں اور جونیئر کالج کے پرنسپلز سے کی ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
دودھ اور دودھ سے بنی مصنوعات کی پیداواری صلاحیت بڑھانے اور کسانوں کے معاشی استحکام کے لیے ریاستی سطح پر ایک مطالعاتی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ ڈیری ڈیولپمنٹ کے وزیر اتول ساوے نے کل یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ کمیٹی دودھ کی پیداوار کم ہونے والے علاقوں میں دودھ کی پیداوار بڑھانے کے لیے طویل مدتی اقدامات تجویز کرے گی۔
***** ***** *****
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ آج اہلیہ نگر کا دورہ کررہے ہیں۔ ان کی موجودگی میں آج اورکل لونی اور کوپر گاؤں میں مختلف پروگرام منعقد کیے جارہے ہیں۔
***** ***** *****
وزیر اعظم نریندر مودی کے ماہانہ پروگرام من کی بات کو کل گیارہ برس مکمل ہوگئے ہیں۔ 3اکتوبر 2014کو وجئے دشمی کے دن من کی بات پروگرام کی پہلی قسط نشر کی گئی تھی۔اس سلسلے میں جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ صرف ریڈیو پروگرام نہیں بلکہ سماجی تبدیلی کا ایک علامتی پروگرام ہے جو حکومت اور شہریوں کے درمیان براہ راست رابطہ قائم کرتا ہے۔
***** ***** *****
سانگلی کی اکھل بھارتیہ ناٹیہ ودیا مندر کا وشنو داس بھاوے ایوارڈس اس سال مشہور اداکارہ نینا کلکرنی کو دیا جائے گا۔ 25ہزار روپیئے، مومنٹو، شال اور ناریل پر مشتمل یہ ایوارڈ انہیں پانچ نومبر کو رنگ بھومی دن کے موقع پر دیا جائے گا۔ یہ اطلاع کمیٹی کے صدر ڈاکٹر شرد کراڈے نے ایک اخباری کانفرنس میں دی۔
***** ***** *****
سندو درگ ضلع کے شروڈا ویڑا گھر کے سمندر میں کل نو سیاح ڈوب گئے۔ یہ واقعہ کل شام پیش آیا۔ ان میں تین افراد کی لاشیں مل چکی ہیں اور دو کو بچا لیا گیاہے۔ باقی چار افراد کی تلاش جاری ہے۔ ان میں کچھ کا تعلق کڈال اور بیلگام سے ہے۔ رپورٹ میں بتا یا گیا ہے کہ پانی کی گہرائی کا اندازہ نہ ہونے کے سبب یہ ڈوب گئے تھے۔
***** ***** *****
شدید بارش کے باعث ماہی گیروں کو ہونے والے نقصانات کے پنچ نامے کرکے ماہی گیروں کی امداد سے متعلق تجاویز تیار کرنے کی ہدایت ماہی پروری اور بندر گاہوں کے وزیر نتیش رانے نے دی ہے۔ چھتر پتی سمبھاجی نگر ضلع کے پھلمبری تعلقے کے سانڈوا میں کل وزیر موصوف نے شدید بارش سے متاثرہ ماہی گیروں سے ملاقات اور بات چیت کی۔ اس ڈویژن میں افزائش ماہی کے 385تالاب ہیں جن میں 330تالابوں کو بارش کے باعث نقصان پہنچا۔ یہ اطلاع ڈپٹی کمشنر بھارتی نے دی۔
***** ***** *****
لاتور ضلع کے احمد پور تعلقے کے ناندورا بدرک سے تعلق رکھنے والے ضٹورے ینانوبا رام سیلاب کے پانی میں بہہ گئے تھے اور چار دن کے بعد ان کی لاش دستیاب ہوئی تھی۔ امداد باہمی کے وزیر بابا صاحب پاٹل کے ہاتھوں کل انکے لواحقین کو چار لاکھ روپیئے کا امدادی چیک دیا گیا۔
***** ***** *****
اس برس فصل بیمہ منصوبے میں نقصان کے معاوضے کا تعین کرتے وقت فصل کی کٹائی کے تجربے کو بنیاد بنا یا جائے گا۔ ناندیڑ ضلع میں کل ضلع کلکٹر راہل کرڈیلے نے کھڑکوت میں اس کا ذاتی طو ر پر معائنہ کیا۔ انہوں نے کسانوں کو فصل کٹائی کے تجربات کی اہمیت، طریقہ ئ کار اور حاصل ہونے والے نتائج سے متعلق رہنمائی کی۔
***** ***** *****
بھارت اور ویسٹ انڈیز کے مابین احمد آباد میں جاری پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں آج تیسرے دن بھارت کی ٹیم نامکمل پہلی اننگ پانچ وکٹوں پر 448رن سے آگے کھیلنا شروع کرے گی۔ بھارتی ٹیم کو پہلی اننگ میں اب تک 286رنوں کی برتری حاصل ہے۔ کل شام جب کھیل روکا گیا تو اجئے جدیجہ 104اور واشنگٹن سندر نو رن بنا کر کھیل رہے تھے۔ ویسٹ انڈیز نے اپنی پہلی اننگ میں 162رن بنائے تھے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ بچوں کو کھانسی کی دوا دینے سے متعلق مرکزی حکومت کی جانب سے رہنما ضوابط جاری۔
٭ انوکمپا کی بنیاد پر 5 ہزار سمیت، 10ہزار امیدواروں کو سرکاری ملازمتوں کے تقرر ناموں کی تفویض۔
٭ مادری زبان سمیت دیگر زبانوں کو زندہ رکھنے کے لیے کوشش کی جائے۔ وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی اپیل۔
٭ سندودرگ میں 9سیاح غرقاب، 3ہلاک، دیگر کی تلاش جاری۔
٭ شدید بارش سے متاثرہ ماہی گیروں کی امداد کی تجاویز تیار کرنے کا نتیش رانے کا حکم۔
اور۔۔۔٭ ویسٹ انڈیز کے خلاف احمدآباد ٹیسٹ کے دوسرے دن بھارت کو 286رنوں کی برتری۔
***** ***** *****
اس کے ساتھ ہی علاقائی خبریں ختم ہوئیں۔
ان خبروں کو آپ AIR چھترپتی سمبھاجی نگر یوٹیوب چینل‘ پر دوبارہ کسی بھی وقت سن سکتے ہیں۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment