Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 05 October-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۵/اکتوبر ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ صرف ایک ادارہ جاتی طور پر مضبوط انتظامیہ ہی متحرک‘ حساس اور عوام پر مبنی ہوسکتی ہے: وزیرِ اعلیٰ کا بیان۔
٭ انوکمپا اور ریاستی لوک سیوا آیوگ کے تقریباً دس ہزار اُمیدواروں کو سرکاری ملازمت کے تقرر نامے کیے گئے تفویض۔
٭ OBC سمیت کسی بھی برادری کے ساتھ ناانصافی نہیں کی جائیگی: OBC وفد سے ملاقات کے دوران وزیرِ اعلیٰ کی یقین دہانی۔
٭ وزیرِ اعلیٰ میری لاڈلی بہن اسکیم کے مستفیدین کیلئے E-KYC لازمی۔
٭ سینئر اداکارہ سندھیا شانتارام کی آخری رسومات ادا۔
اور۔۔۔٭ ویسٹ انڈیز کو ایک اننگز اور 140 رن سے شکست دیکر احمد آباد ٹیسٹ میں بھارت فاتح۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ اداراہ جاتی طور پر مضبوط انتظامیہ ہی متحرک‘ حساس او عوام پر مبنی ہوسکتی ہے۔ کل ممبئی میں وزیرِ اعلیٰ ریاستی پبلک سروس کمیشن کے ذریعے گروپ سی اور گروپ ڈی میں انوکمپا کی بنیاد پر براہِ راست بھرتی کے ذریعہ منتخب کیے گئے امیدواروں کو تقرر نامے تفویض کیے گئے۔ اس موقع پر وہ مخاطب تھے۔ انھوں نے کہا کہ انوکمپا کی بنیاد پر 80 فیصد نشستیں پُر ہوچکی ہیں اور باقی چند دنوں میں پُر ہو جائیں گی۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ انتظامیہ کو مضبوط بنانا حکومت کی ترجیح ہے اور انوکمپا کی بنیاد پر حکومتی فیصلے میں اس کو مدِنظر رکھتے ہوئے ترمیم کی گئی ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے 303 امیدواروں کو سماجی انصاف کے وزیر اور ضلعے کے سرپرست وزیر سنجئے شرساٹ نے تقرر نامے تفویض کیے۔ انھوں نے اُمیدواروں کو اس سے بڑے عہدوں کیلئے جدوجہد کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ انھیں جو سرکاری ملازمت ملی ہے وہ عوام کی خدمت کا موقع ہے۔
کل ہنگولی میں 109‘ لاتور 174‘ پربھنی میں 137‘ بیڑ میں 108 اور ناندیڑ میں 378 امیدوارو ں کو تقرر نامے تفویض کیے گئے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ اوبی سی سمیت کسی بھی برادری کے ساتھ ناانصافی نہیں کی جائیگی اور حکومت ہر برادری کو انصاف فراہم کرنے کیلئے عہد بند ہے۔ وہ کل ممبئی میں او بی سی کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران مخاطب تھے۔ انھوں نے کہا کہ مراٹھواڑہ واحد ایسا خطہ تھا جہاں انگریزوں کا نہیں بلکہ نظام کا راج تھا، اسی لیے حیدرآباد گزٹ کو قبول کرلیا گیا ہے۔
دریں اثناء‘ او بی سی تنظیموں کی جانب سے کیے گئے اہم مطالبات یہ ہیں کہ حکومت اس حکومتی فیصلے کو منسوخ کریں اور ریاست میں 2014 سے جاری کیے گئے ذات پات کے صداقت نامے اور ذات کی تصدیق کے صداقت ناموں سے متعلق وائٹ پیپر کو واپس لیا جائے۔ تاہم‘ ان دونوں مطالبات پر حکومت کی جانب سے کوئی مثبت جواب نہیں آیا‘ اس لیے تنظیموں نے کہا کہ 10 اکتوبر کو پوری او بی سی برادری ایک مارچ نکالے گی۔
***** ***** *****
وزیرِ محصول اور او بی سی کابینی ذیلی کمیٹی کے چیئرمین چندر شیکھر باونکولے نے کہا ہے کہ مراٹھا برادری کو کُنبی سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے فیصلے پر او بی سی برادری میں پیدا ہونے والی اُلجھن دور ہوگئی ہے اور فرضی سرٹیفکیٹ جاری کرنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی اور انھیں ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی وزیرِ اعلیٰ نے او بی سی برادری سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ ریاست میں سیلاب کی صورتحال کے پیشِ نظر 10 اکتوبر کو طئے شدہ مارچ واپس لے لیں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ میری لاڈلی بہن اسکیم کیلئے استفادہ کنندگان کی E-KYC کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ حکومت کے نئے فیصلے کے مطابق اس اسکیم کے غیر شادی شدہ مستفیدین کو اپنے والد کا E-KYC کرنا ہوگا اور شادی شدہ مستفیدین کو اپنے شوہر کا E-KYC کرنا ہوگا۔ اس سے فائدہ حاصل کرنے والے خاندان کی سالانہ آمدنی کی تصدیق ہوجائے گی اور اگر مستفید خواتین کی سالانہ آمدنی بشمول اس کے والد یا شوہر کی آمدنی ڈھائی لاکھ روپئے سے زیادہ ہے تو ان خواتین کا اسکیم کا فائدہ روک لیاجائے گا۔ ریاست بھر میں دو کروڑ 59 لاکھ خواتین نے لاڈلی بہن اسکیم کیلئے درخواستیں دی ہیں۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
بزرگ اداکارہ سندھیا شانتا رام کی آخری رسومات کل ممبئی کے شیواجی پارک شمشان بھومی میں ادا کی گئیں۔ ریاستی ثقافتی اُمور کے وزیر آشیش شیلار نے اس موقعے پر سندھیا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ سندھیا کا انتقال کل ہوا۔ وہ 87 برس کی تھیں۔
***** ***** *****
بھارت نے احمد آباد میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ ایک اننگز اور 140 رنز سے جیت کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔ بھارت نے کل تیسرے دن اپنی پہلی اننگز پانچ وکٹ 448 رنز پر ختم کی۔ اس کے بعد بلّے بازی کیلئے آئی ویسٹ انڈیز کی ٹیم الِک اتھاناژھے کے 38 رنز کے علاوہ دیگر کوئی بھی کھلاڑی کریز پر نہیں ٹک سکا۔ دوسری اننگز میں صرف 146 رنز پر میزبان ٹیم آؤٹ ہوگئی۔ رویندر جڈیجہ نے چار، محمد سراج نے تین، کُلدیپ یادو نے دو جبکہ واشنگٹن سندر نے ایک وکٹ حاصل کی۔
***** ***** *****
خواتین عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں آج بھارت کا مقابلہ پاکستان سے ہوگا۔ سری لنکا کے کولمبو میں بھارتی وقت کے مطابق دوپہر تین بجے یہ مقابلہ شروع ہوگا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے سینئر ہاکی کھلاڑی لکشمی نارائن گارول کل ضعیف العمری کے باعث چل بسے۔ وہ 93 برس کے تھے۔ گارول نے Right In اس جگہ سے ضلع اور ریاستی ٹیم کی پانچ مرتبہ نمائندگی کی۔ میجر دھیان چند نے بھی گارول کی بہترین کارکردگی کی تعریف کی تھی۔ گارول کے انتقال سے ریاستی ہاکی طبقے میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔
***** ***** *****
تعمیراتِ عامہ کے وزیر اور لاتور کے رابطہ وزیر شیویندر سنگھ راجے بھوسلے نے لاتور ضلعے میں شدید بارش اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے پنچناموں کو فوری طور پر مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ وہ گزشتہ روز ضلع کلکٹر دفتر میں منعقدہ جائزاتی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے نقصانات کے پنچنامے حساس طریقے سے کرنے اور کسانوں کے کھاتوں میں پہلے اعلان کردہ امداد جمع کرنے کو ترجیح دینے کی ہدایت بھی دی۔دریں اثناء، بھوسلے نے کل رینا پور تعلقے کے ہرواڑی اور لاتور تعلقے کے مہاپور میں متاثرہ علاقوں کا معائنہ بھی کیا۔
***** ***** *****
سابق رکنِ پارلیمان راجو شیٹی کی قیادت میں سوابھیمانی شیتکری سنگھٹناکی جانب سے کل چھترپتی سمبھاجی نگر-پیٹھن شاہراہ پر راستہ روکو آندولن کیا گیا۔ شیٹی نے پیٹھن تعلقے کے کئی دیہاتوں میں بارش سے ہوئے نقصانات کا جائزہ لیا۔ بعد ازاں‘ایک صحافتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے گنے کی راست اور مناسب قیمت میں سے 15 روپے فی ٹن کٹوتی کرنے کے ریاستی حکومت کے فیصلے پر تنقید کی۔ شیٹی نے دیوالی سے پہلے کسانوں کی مدد نہ کرنے کی صورت میں سخت احتجاج کا انتباہ بھی دیا۔
***** ***** *****
پیٹھن کے جائیکواڑی آبی پشتے سے پانی کے اخراج میں کمی کر دی گئی ہے۔ پشتے کے 18 دروازے ڈیڑھ فٹ کھلے رکھ کر 28 ہزار 296 مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے گوداوری ندی میں پانی چھوڑا جائے گا۔ دریں اثناء‘ مانجرا آبی منصوبے سے پانی کے اخراج میں اضافہ کر دیا گیا ہے اور پشتے سے آٹھ ہزار 735 ملین کیوبک فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی ندی میں چھوڑا جا رہا ہے۔
***** ***** *****
موسم: ریاست میں ودربھ کے کچھ اضلاع کیلئے آج بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے اور مراٹھواڑہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ کچھ علاقوں میں بارش ہونے کا امکان محکمہ موسمیات نے ظاہر کیا ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے میونسپل کمشنر و ایڈمنسٹریٹر نے شہر کے تمام 98 نالوں کو صاف کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ نئے ترقی یافتہ علاقوں میں زمین مافیا کی وجہ سے نالے غائب ہورہے ہیں۔ موسمِ باراں میں نشیبی علاقوں میں رہنے والوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بارش کی وجہ سے شہر کے کئی علاقوں میں پانی جمع ہوجاتا ہے۔ ان میں ستارا‘ دیولائی، راہل نگر، میوربن کالونی، شاہ نور میاں درگاہ علاقہ، کیلاش نگر، دادا کالونی، ہلال کالونی اور جلال کالونی قابلِ ذکر ہیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے نارے گاؤں میں تحریک پیامِ انسانیت اور آزاد کالج کے باہمی اشتراک سے ایک میڈیکل کیمپ کا کل انعقاد کیا گیا۔ اس میں پیامِ انسانیت کی چھترپتی سمبھاجی نگر زون ٹیم‘ آزاد کالج اور کارپوریشن اسکول کیمپس نے بھرپور محنت کی۔ کیمپ میں نورہاسپٹل بدناپور سے 20 ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل خصوصی ٹیم نے اپنا گرانقدر تعاون پیش کیا۔ اس کیمپ سے قریب دو ہزار افراد کے مستفید ہونے کی اطلاع ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ صرف ایک ادارہ جاتی طور پر مضبوط انتظامیہ ہی متحرک‘ حساس اور عوام پر مبنی ہوسکتی ہے: وزیرِ اعلیٰ کا بیان۔
٭ انوکمپا اور ریاستی لوک سیوا آیوگ کے تقریباً دس ہزار اُمیدواروں کو سرکاری ملازمت کے تقرر نامے کیے گئے تفویض۔
٭ OBC سمیت کسی بھی برادری کے ساتھ ناانصافی نہیں کی جائیگی: OBC وفد سے ملاقات کے دوران وزیرِ اعلیٰ کی یقین دہانی۔
٭ وزیرِ اعلیٰ میری لاڈلی بہن اسکیم کے مستفیدین کیلئے E-KYC لازمی۔
٭ سینئر اداکارہ سندھیا شانتارام کی آخری رسومات ادا۔
اور۔۔۔٭ ویسٹ انڈیز کو ایک اننگز اور 140 رن سے شکست دیکر احمد آباد ٹیسٹ میں بھارت فاتح۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment