Friday, 17 October 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 17 اکتوبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 17 October-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۷؍ اکتوبر ۲۰۲۵ء؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ مہاراشٹر ملک کا ثقافتی دارالحکومت ہے - سمبائسس یونیورسٹی کی تقسیمِ اسناد تقریب میں وزیر دفاع کا فخریہ اظہا رِ خیال، آج ناسک میں دیسی ساخت کے تیجس لڑ اکا طیارے کا افتتاح۔
٭ بدعنوانی، جرائم اور دہشت گردی کے خلاف حکومت صفربرداشت پالیسی پر عمل پیرا - مرکزی وزیرِ داخلہ کا بیان۔
٭ ریاست میں مندروں، قلعوں اور مذہبی مقامات کے کنوئوں کے تحفظ کا کام دو سالوں میں مکمل کیا جائے گا، ریاستی وزیر آشیش شیلار کی اطلاع۔
اور۔۔۔٭ جالنہ کے میونسپل کمشنر 10 لاکھ روپئے کی رشوت قبول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے مہاراشٹر ملک کا ثقافتی دارالحکومت ہونے کا فخریہ اظہار کیا ہے۔ وہ گزشتہ روز پونے کی سمبائسس اسکل یونیورسٹی کے تقسیم ِ اسناد جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ مہاراشٹر کی سرزمین نے چھترپتی شیواجی مہاراج کے ہندوی سوراجیہ سے لوک مانیہ تلک کی مکمل سوراجیہ تک کے سفر کا تجربہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا...
Byte: Defence Minister Rajnath Singh
اس تقریب میں وزیرِ اعلی دیویندر پھڑنویس بھی موجود تھے۔ انہوں نےبتایا کہ مہاراشٹر نے دفاعی ٹیکنالوجی کے میدان میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا:
Byte: Chief Minister Devendra Fadnavis
دریں اثنا، وزیرِ دفاع سنگھ آج ناسک میں لڑاکا طیارے 'تیجس Mk-1A' کی مینوفیکچرنگ لائن کا افتتاح کریں گے۔ گذشتہ شام اوجھر طیر ان گاہ پر ان کی آمد ہوئی۔
***** ***** *****
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ حکومت نے بدعنوانی، جرائم اور دہشت گردی کے خلاف صفر برداشت کی پالیسی اپنائی ہے۔ وہ گزشتہ روز نئی دہلی میں ’’مفروروں کی حوالگی - چیلنجز اور پالیسی‘‘ کے موضوع پر منعقدہ ایک کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس وقت بھارت کے 300 سے زائد حوالگی کے مقدمات مختلف ممالک میں زیر التوا ہیں۔ شاہ نے بتایا کہ اس کانفرنس میں ان مجرمین کو واپس لانے کیلئے قانونی اور پالیسی اقدامات پر تفصیلی گفتگو کی جارہی ہے، اور اس سے جو نتائج نکلیں گے وہ مفید ثابت ہوں گے۔
***** ***** *****
ثقافتی امور کے وزیر آشیش شیلار نے ریاست میں 500 مندروں، 60 ریاستی محفوظ قلعوں اور 1800 مذہبی مقامات میں واقع کنوؤں کے تحفظ کیلئے ایک جامع منصوبہ تیار کرنے کی ہدایات دی ہیں۔ اس حوالے سے گزشتہ روز ممبئی میں منعقدہ اجلاس سے شیلار خطاب کر رہے تھے۔ پونے، چھترپتی سمبھاجی نگر اور ناسک اضلاع میں تاریخی مقامات، منادر اور قلعہ جات کیلئے ایک علیحدہ مربوط جامع منصوبہ تیار کیا جائے گا۔ اس منصوبے میں 350 قلعے جو محفوظ نہیں ہیں ان کو بھی شامل کیا جائے گا۔ یہ کام دو سال میں مکمل کرنے کا ہدف ہے اور مارچ 2027 تک پہلے مرحلے میں 15 مقامات کا سروے مکمل کرنے کی ہدایات بھی شیلار نےدیں۔
***** ***** *****
سماجی انصاف محکمے کے مرکزی وزیرِ مملکت رام داس آٹھولے نے کہا ہے کہ دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) کو خانگی شعبوں میں بھی ریزرویشن ملنا چاہیے۔ وہ گزشتہ روز ناگپور میں صحیفہ نگاروں سے مخاطب تھے۔ آٹھولے نے کہا کہ اگر پارٹی کے امیدوار منتخب ہوتے ہیں تو وہ آر پی آئی کو قومی جماعت کا درجہ دلانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے پارٹی کا قومی کنونشن آئندہ 8 مارچ کو ناگپور میں ہونے کی اطلاع بھی دی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
مرکزی تحفظ ِخوراک و معیار اتھارٹی نے تمام خوردنی اشیا تیار کرنے والی کمپنیوں کو اپنی مصنوعات کے ناموں سے لفظ ORS ہٹانے کی ہدایت کی ہے۔ اتھارٹی نے تمام متعلقہ عہدیداروں کو فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز ایکٹ 2006 کے تحت مقرر کردہ نشان اور اشتہارات سے متعلق قوانین کی تعمیل کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کی پنچایت سمیتیوں کے چیئرمین کے عہدوں کے ریزرویشن کی قرعہ اندازی کل عمل میں آئی۔ جس میں ویجا پور پنچایت سمیتی کے چیئرمین کا عہدہ درج فہرست ذات کی خاتون کیلئے، سوئیگاوں پسماندہ زمرے اور خلد آباد پسماندہ زمرے کی خاتون کیلئے مختص کیا گیا ہے۔ جبکہ پھلمبری، گنگاپور اور چھترپتی سمبھاجی نگر کی تین نشستیں جنرل زمرے کیلئے مختص ہوئی ہیں ‘ اسی طرح پیٹھن، سلوڑ اور کنڑ پنچایت سمیتیوں کے چیئرمین کے عہدے عام زمرے کی خاتون کیلئے محفوظ کیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
آج وسوبارس یعنی گائے اور اس کے بچھڑے کی پوجا کے ساتھ دیوالی تہوار کی شروعات ہورہی ہے۔ وسو بارس کا روایتی عمل کسانوں کو دودھ کے علاوہ کھیتوں میں مزدوری کیلئے بیل فراہم کرنے والی گائے سے اظہارِ تشکر کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس سلسلے میں چھترپتی سمبھاجی نگر کے بیڑروڈ پر واقع شاردا گوشالہ میں آج شام گائے اور بچھڑے کی پوجا کا پروگرام منعقد کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
بیڑ کی بال رنگ بھومی پریشد کی جانب سے دیوالی کی مناسبت سے کل دھن تیرس کو چھوٹے فنکاروں پر مبنی سُرمئی دیوالی کی صبح کے عنو ان سے ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
جالنہ میونسپل کارپوریشن کے کمشنر سنتوش کھانڈیکر کو انسداد رشوت ستانی محکمے نے کل 10 لاکھ روپے کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ یہ کارروائی گذشتہ دیر رات کھانڈیکر کی سرکاری رہائش گاہ پر کی گئی۔ میونسپل کارپوریشن کی عمارت کے دوسرے منزلے کے تعمیراتی کام کی رقم ادائیگی کیلئے کھانڈیکر نے متعلقہ کانٹریکٹر سے یہ رشوت طلب کی تھی۔
***** ***** *****
قومی تغذیہ مہینہ مہم کے تحت کل پربھنی ضلعے کے دیٹھنا گائوں میں ایک بیداری پر وگرام منعقد ہوا۔ جس میں بہبودیِ خواتین و اطفال محکمے کی سی ای او ریکھا کاڑم نے نوعمر لڑکیوں، حاملہ خواتین اور دودھ پلانے والی ماؤں سمیت چھوٹے بچوں کی صحت کیلئے غذائیت سے بھرپور خوراک کو فروغ دینے اور بھکمری کا شکار بچوں کی تعداد کم کرنے کے بارے میں حاضرین کی رہنمائی کی۔
***** ***** *****
لاتور میونسپل کارپوریشن انتظامیہ نے دیوالی کے موقعے پر گھروں کی صفائی کے دوران شہریان کی جا نب سے پھینکی گئیںبیکار اشیاء کو جمع کرنے کیلئے ایک انوکھے اقدام پر عمل درآمد کرتے ہوئے کپڑے، شطرنجیاں، 15 الیکٹرانک اشیاء، جوتوں کے جوڑے اور بہت سی آہنی اشیاء جمع کیں۔ جمع شدہ تمام سامان سماجی تنظیم کی معرفت ضرورت مندوں تک پہنچایا جائے گا۔
***** ***** *****
خسرہ اور روبیلاتدا رک مہم کے تحت، چھترپتی سمبھاجی نگر میں محکمۂ صحت نے ضلعے کے 62 آشرم اسکولوں اور 15 مدارس کے آٹھ ہزار 836 بچوں کو خسرہ-روبیلا سے حفاظت کی خور اک دی۔ مرکزی محکمہ صحت نے دسمبر 2026 تک خسرہ اور روبیلا کی بیماریوں کو مکمل طور پر ختم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
***** ***** *****
لاتور میں، آئی ڈی بی آئی بینک کے سی ایس آر فنڈ سے میونسپل کارپوریشن کے گوتم نگر ابتد ائی طبّی مرکز کو ضروری سامان فراہم کیے گئے۔ میونسپل کمشنر مانسی کی موجودگی میں اس سامان کی رونمائی عمل میں آئی۔
***** ***** *****
شدید بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ کسانوں کیلئے حکومت کی جانب سے معلّنہ معاوضے کے خلاف شیتکری سنگھٹنا نے کل ہنگولی میں ضلع کلکٹر دفتر کے روبرواحتجاج کیا۔ مظاہرین نے معلّنہ امداد کو انتہائی قلیل قرار دیتے ہوئے حکومت کے فیصلے کی شدید مذمت کی اور سرکا ری فیصلے کی نقولات نذرِ آتش کیں۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ کے تمام اضلاع میں آج تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی محکمہ موسمیات کی جانب سے کی گئی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ مہاراشٹر ملک کا ثقافتی دارالحکومت ہے - سمبائسس یونیورسٹی کی تقسیمِ اسناد تقریب میں وزیر دفاع کا فخریہ اظہا رِ خیال، آج ناسک میں دیسی ساخت کے تیجس لڑ اکا طیارے کا افتتاح۔
٭ بدعنوانی، جرائم اور دہشت گردی کے خلاف حکومت صفربرداشت پالیسی پر عمل پیرا - مرکزی وزیرِ داخلہ کا بیان۔
٭ ریاست میں مندروں، قلعوں اور مذہبی مقامات کے کنوئوں کے تحفظ کا کام دو سالوں میں مکمل کیا جائے گا، ریاستی وزیر آشیش شیلار کی اطلاع۔
اور۔۔۔٭ جالنہ کے میونسپل کمشنر 10 لاکھ روپئے کی رشوت قبول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار۔
***** ***** *****

No comments: