Saturday, 18 October 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 18 اکتوبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 18 October-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۸۱/اکتوبر ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ شدید بارش سے متاثرہ کسانوں کیلئے 13 سو 56 کروڑ روپئے امداد کی منظوری؛ مراٹھواڑہ کے پانچ اضلاع بھی شامل۔
٭ ناسک میں تیار کردہ طیارے کی پرواز‘ خودانحصار بھارت کی خلائی چھلانگ ہے: وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ کا استدلال۔
٭ گڈچرولی ضلع کو آدی کرمیوگی بہترین عمومی انتظامیہ کا ایوارڈ۔
٭ ریزرویشن غریبی ہٹاؤ پروگرام نہیں بلکہ سماجی طورپر پسماندہ طبقات کیلئے ہے: اوبی سی رہنماء چھگن بھجبل کا بیان۔
اور۔۔۔٭ دھن تریودَشی آج منایا جارہا ہے۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
شدید بارش سے متاثرہ کسانوں میں 13 سو 56 کروڑ تیس لاکھ روپئے امداد کی تقسیم سے متعلق سرکاری حکمنامہ کل جاری کیا گیا۔ وزیر برائے امداد و بازآبادکاری مکرند جادھو پاٹل نے یہ اطلاع دی۔ بیڑ، دھاراشیو، لاتور، پربھنی‘ ناندیڑ، ستارا اور کولہاپور اضلاع کے 21لاکھ 66 ہزار 198 کسانو ں کی 15 لاکھ 16 ہزار 682 ہیکٹر اراضی پر فصلوں کو ہونے والے نقصانات کے معاوضے کے طور پر یہ رقم دی جارہی ہے۔ ان میں بیڑ ضلع کیلئے 577 کروڑ 78 لاکھ 92ہزار روپئے‘ دھارا شیو کیلئے 292 کروڑ 49لاکھ 22ہزار‘ لاتور 202 کروڑ 38 لاکھ 19ہزار‘ پربھنی 245 کروڑ 64 لاکھ 49 ہزار اور ناندیڑ ضلع کیلئے 28کروڑ 52 لاکھ 37 ہزار روپئے کی امداد منظور کی گئی ہے۔ آفت ِ سماوی سے ہلاک ہونے والے افرادکے ورثاء کو اور جن شہریوں کے مویشیوں اور مکانات کا نقصان ہوا ہے انھیں ضلعی سطح پر ہی امداد دئیے جانے کی اطلاع وزیر مکرند پاٹل نے دی۔
اسی دوران بیڑ کے ضلع کلکٹر ویویک جانسن نے کسانوں کو ہدایت کی ہے کہ یہ امداد بلا رُکاوٹ کسانوں کے کھاتوں میں جمع ہونے کیلئے وہ KYC عمل مکمل کروالیں۔ انھوں نے کہا کہ فی الحال پورٹل پر اس امداد کی تقسیم جاری ہے۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلع میں دو ہیکٹر سے زیادہ اور تین ہیکٹر تک زمینوں کے نقصان کے معاوضے کی تقسیم تیسرے مرحلے میں دیوالی کے بعد کی جائیگی۔ یہ اطلاع رکنِ اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل نے دی۔ انھوں نے بتایا کہ زیادہ اراضی رکھنے والے کسانوں کو بھی امداد دئیے جانے کیلئے وہ حکومت سے رابطے میں ہے۔
***** ***** *****
ریاست کے متاثرہ کسانوں کو دیوالی سے قبل امداد دینے کیلئے ریاستی حکومت کوشش کررہی ہے۔ وزیرِ محصول چندر شیکھر باون کُڑے نے کہا ہے کہ KYC کا عمل مکمل کرلینے والے کسانوں کے کھاتوں میں امداد جمع کروانے کیلئے محکمہئ مالیات تعطیل کے دن بھی کام کاج جاری رکھے گا۔ کل ناگپور میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں فی الحال سیاست کو بالائے طاق رکھ کر کسانوں کے ساتھ کھڑے رہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ زراعت دتاتریہ بھرنے‘ نے کہا ہے کہ اس برس بہترین برسات کے باعث ربیع کی کاشت کے رقبے میں 65 لاکھ ہیکٹر تک توسیع ہونے کا امکان ہے۔ اس سلسلے میں تخم، کھاد اور زرعی اشیاء کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ وہ کل پونا میں ربیع ہنگام کی منصوبہ بندی کے سلسلے میں منعقدہ ریاستی سطح کے جائزہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔
***** ***** *****
دریں اثناء‘ کسانوں کو معاوضے کی ادائیگی کے معاملے پر حزبِ اختلاف نے ایک بار پھر حکومت پر تنقید کی ہے۔ بزرگ رہنماء شرد پوار نے اس سرکاری امداد کو حقیر قرار دیا ہے۔ کل بارامتی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ کسانوں کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کے طور پر ان کی پارٹی نے دیوالی نہ منانے کا فیصلہ کیا ہے۔
کانگریس رہنماء وجئے وڑیٹیوار نے الزام لگایا ہے کہ امداد کے نام پر کسانوں کے ساتھ جعلسازی کی جارہی ہے۔ کل ناگپور میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس برس کی دیوالی سیاہ دیوالی ہوگی۔
***** ***** *****
وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ ناسک میں تیار کردہ طیارے کی پرواز ”خودانحصار بھارت کی خلائی چھلانگ ہے۔“ ناسک میں تیار کردہ پہلا لڑاکا طیارہ تیجس کل وزیرِ دفاع کی موجودگی میں فضائیہ کے سپرد کیا گیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں راجناتھ سنگھ نے کہا:
Byte: Defence Minister Rajnath Singh
تیجس ایم کے وَن اے طیارہ‘ لائٹ کمبیٹ ایئر کرافٹ کی جدید شکل ہے۔ جس میں جدید رڈار سسٹم اور الیکٹرانک کل پرزے ہیں اور ہوا ہی میں ایندھن بھرنے کی صلاحیت ہے۔ یہ طیارہ دو ہزار 200 فی گھنٹہ کی رفتار سے پرواز کرسکتا ہے۔
***** ***** *****
چھتیس گڑھ میں گذشتہ روز 208 مسلح نکسلائٹس نے جو سپردگی ان میں 110 خواتین اور 98 مرد شامل ہیں۔ ان جنگجوؤں نے 19 اے کے 47 رائفل‘ اور 17یس ایل آر کل 153 ہتھیار پولس کے حوالے کیے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
آدمی کرمیوگی مہم کے تحت شاندار کارکردگی کیلئے گڈچرولی ضلع انتظامیہ کو صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو کے ہاتھوں بہترین عمومی انتظامیہ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ کل دہلی میں راشٹرپتی بھون میں گڈ چرولی کے ضلع کلکٹر اوی شانت پنڈا نے یہ اعزاز وصول کیا۔ اس مہم کے ذریعے ضلع میں 553 آدی سیوا کیندر قائم کیے گئے۔ 53 ہزار شہریوں کو یکجا کرکے 553 گرام سبھاؤں کے ذریعے ہر گاؤں کا دیہی ایکشن پلان تیار کیا گیا۔ اس عوامی بہبود کے پروگرام کیلئے ضلع انتظامیہ کو یہ ایوارڈ دیا گیا۔
***** ***** *****
اہلیا نگرکے راہوری کے رکنِ اسمبلی شیواجی راؤ کرڈیلے کل مختر علالت کے بعد چل بسے۔ وہ 65 برس کے تھے۔ ان کی آخری رسومات کل ادا کردی گئیں۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کرڈیلے کی رہائش گاہ پر جاکر ان کی تصویر پر گلہائے عقیدت پیش کیے اور ان کے اہلِ خانہ کی تعزیت کی۔
***** ***** *****
اسکالر شپ امتحانات اب جماعت ِ چہارم اورجماعت ِ ہفتم کیلئے منعقد ہوں گے۔ آئندہ تعلیمی سال سے یہ فیصلہ نافذ العمل ہوگا۔ اس برس کا جماعت پنجم اور ہشتم کا اسکالر شپ امتحان آئندہ فروری میں منعقد ہوگا‘ اور اس کے بعد اپریل یا مئی میں چہارم اور ہفتم کا اسکالر شپ امتحان منعقد ہوگا۔
***** ***** *****
او بی سی رہنماء چھگن بھجبل نے کہا ہے کہ ریزرویشن سماجی طور پر پسماندہ طبقات کیلئے ہے۔ یہ غربت کے خاتمے کا پروگرام نہیں ہے۔ کل بیڑ میں او بی سی ایلگار سمّیلن سے خطاب کرتے ہوئے بھجبل نے کہا کہ سپریم کورٹ بھی یہ بات تسلیم کرچکا ہے کہ مراٹھا اور کنبی دو علیحدہ ذاتیں ہیں اور مراٹھا سماج پسماندہ نہیں ہے۔ رکنِ اسمبلی دھننجئے منڈے اور رکنِ اسمبلی گوپی چند پڈلکر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ منڈے نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ مراٹھا ریزرویشن کے خلاف نہیں ہیں لیکن اپنے حق کا ریزرویشن چھوڑنے کو وہ تیار نہیں۔ جبکہ پڈلکر نے کہا کہ معاشی طور پر کمزور مراٹھوں کو ریزرویشن دینے کے وہ مخالف نہیں ہیں۔
***** ***** *****
آبی وسائل کے وزیر رادھا کرشن وکھے پاٹل کا‘ کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں چند مراٹھا ریزرویشن کارکنوں نے گھیراؤ کیا۔ان کارکنوں نے وزیرِ موصوف نے سوال کیا کہ حیدرآباد گزٹ لاگو کرنے سے متعلق 2 ستمبر 2025 کے فیصلے کے مطابق اب تک کتنے صداقت نامے جاری کیے گئے ہیں؟
***** ***** *****
آج دھن تریودَشی ہے۔ صحت اور لمبی عمر کیلئے آج صحت کے دیوتا دھن وَنتری کی پوجا کا رواج ہے۔ آج سے ہر جگہ دیوالی کا جوش و خروش نظر آرہا ہے۔ گائے اور بچھڑے کی پوجا کے ساتھ کل سے دیوالی کے تہوار کا آغاز ہوچکا ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر میں بیڑ بائے پاس روڈ پر واقع شاردا گوشالہ میں کل گائے اور بچھڑے کی پوجا کی گئی۔
***** ***** *****
لاتور میونسپل کارپوریشن کی خواتین کارکنوں کو دیوالی کے موقع پر کل ضلع کلکٹر ورشا ٹھاکر گھوگے اور میونسپل کمشنر مانسی کے ہاتھوں مٹھائی تقسیم کی گئی۔ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع انتظامیہ نے ”ایک ہاتھ مدد کا“ پروگرام کے تحت پیٹھن، پھلمبری اور چھترپتی سمبھاجی نگر تعلقوں میں خودکشی سے متاثرہ کسانوں کے خاندانوں میں امداد تقسیم کی۔
***** ***** *****
سوامی رامانند تیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی انتظامیہ نے آئندہ 20 تا 25 اکتوبر کے دوران دیوالی کی تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔ رجسٹرار ڈاکٹر گیانیشور پوار نے بتایا کہ آج ہفتے کی چھٹی منسوخ کرکے یونیورسٹی کا کام کاج جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ شدید بارش سے متاثرہ کسانوں کیلئے 13 سو 56 کروڑ روپئے امداد کی منظوری؛ مراٹھواڑہ کے پانچ اضلاع بھی شامل۔
٭ ناسک میں تیار کردہ طیارے کی پرواز‘ خودانحصار بھارت کی خلائی چھلانگ ہے: وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ کا استدلال۔
٭ گڈچرولی ضلع کو آدی کرمیوگی بہترین عمومی انتظامیہ کا ایوارڈ۔
٭ ریزرویشن غریبی ہٹاؤ پروگرام نہیں بلکہ سماجی طورپر پسماندہ طبقات کیلئے ہے: اوبی سی رہنماء چھگن بھجبل کا بیان۔
اور۔۔۔٭ دھن تریودَشی آج منایا جارہا ہے۔
***** ***** *****

No comments: