Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 23 October-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۳۲/اکتوبر ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ دیوالی پاڑوا جوش و خروش سے منایا گیا؛ خریداری کیلئے بازاروں میں عوام کا ہجوم۔
٭ خوردنی تیل پروڈیوسرز اور متعلقہ افراد کیلئے مرکزی حکومت کے پاس رجسٹریشن لازمی۔
٭ مرکزی حکومت کے فیصلوں کے باعث کپاس کو مناسب دام نہیں مل رہا: کانگریس رہنماء وجئے وڈیٹیوار کا الزام۔
٭ لاتور ضلع میں شدید بارش سے متاثرہ کسانوں میں نام فاؤنڈیشن کی جانب سے بیج تقسیم۔
اور۔۔۔٭ خواتین کے عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں آج بھارت کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے؛ مردوں کی کرکٹ ٹیم کا آسٹریلیاء کے ساتھ آج دوسرا ایک روزہ میچ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
روشنیوں کا تہوار دیپاولی کا دیوالی پاڑوا کل نہایت جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ ساڑھے تین مہورتوں میں سے ایک سمجھے جانے والے اس تہوار کے دن نئی خریداری اور نئے کاموں وغیرہ کا آغاز کیا جاتا ہے۔ شوہر و بیوی کے رشتے کا تہوار مانے جانے والے پاڑوے پر گھروں میں سجاوٹ‘ پکوان اور خریداری کی گہما گہمی بھی دیکھنے کو ملی۔ چند مقامات پر زراعت سے متعلق پوجا، جبکہ شمالی علاقوں میں گووردھن پوجا کا اہتمام کیا گیا۔
چھترپتی سمبھاجی نگر میں صرافہ بازاروں کے علاوہ کپڑوں‘ گاڑیوں‘ گھریلو استعمال کی اشیاء اور الیکٹرانکس اشیاء کی خریداری کیلئے بازاروں میں ہجوم دیکھا گیا۔
آج بھاؤ بیج کا تہوار روایتی عقیدت کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ بہنیں آج اپنے بھائیوں کی طویل عمر اور خوشحالی کیلئے آرتی اُتار کر ان کیلئے دُعائیں کرتی ہیں۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے تمام خوردنی تیل پروڈیوسرز، پروسیسرز، مکسنگ اور دوبارہ پیکنگ کرنے والے نیز اس رسد زنجیر سے وابستہ تمام فریقوں کیلئے رجسٹریشن لازمی قرار دیا ہے۔ ان تمام افراد کو اس خصوص میں فراہم کردہ پورٹل پر ہر ماہ اپنی پیداوار اور ذخیرے کے اعداد و شمار دینا لازمی ہوگا۔ اس اقدام سے حکومت کی خوردنی تیل کے شعبے سے متعلق درست اعداد و شمار حاصل ہوں گے‘ ذخائر پر نگرانی ممکن ہوگی اور اس ضمن میں پالیسی سازی میں بھی آسانی ہوگی۔
***** ***** *****
ہندوستانی بحریہ کے اعلیٰ افسران کی دو سالہ کانفرنس کل سے نئی دہلی میں شروع ہوئی۔ وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ آج اس اجلاس سے خطاب کریں گے۔ آپریشن سندور کے پس منظر میں اس اجلاس کے دوران بحریہ کی جنگی تیاریوں پر تبادلہئ خیال ہوگا۔ بحریہ کے سربراہ اور دیگر سینئر افسران بحر ہند اور بحرالکاہل میں حفاظتی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔ بری فوج‘ فضائیہ اور ساحلی حفاظتی دستوں کے ساتھ ہم آہنگی کے ساتھ بحرالکاہل اور بحرہ ہند کے حصوں میں موجود چیلنجز سے نمٹنا بحریہ کا مقصد ہے۔
***** ***** *****
ملک کی قابلِ تجدید توانائی کی صلاحیت 2014 میں 35 گیگا واٹ تھی جو اب پانچ گنا اضافے کے ساتھ 197 گیگا واٹ تک پہنچ گئی ہے۔ اس میں بڑے ہائیڈرو پاورپروجیکٹس سے حاصل ہونے والی توانائی شامل نہیں ہے۔ جدید اور قابلِ تجدید توانائی کی وزارت نے بتایا ہے کہ 2030 تک غیر فوسل ایندھن کی صلاحیت 500 میگا واٹ تک لے جانے کا ہدف ہے۔
***** ***** *****
کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے قائد وجئے وڈیٹیوار نے الزام عائد کیا ہے کہ مرکزی حکومت کی پالیسیوں اور فیصلوں کے باعث کپاس کو معقول دام نہیں مل رہے۔ کل ناگپور میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ایک جانب کپاس کے کاشتکار مشکلات سے دوچار ہیں تو دوسری جانب ارکانِ اسمبلی کو پانچ پانچ کروڑو پئے کے فنڈ دئیے جارہے ہیں۔ انھوں نے سوال کیا کہ کیا حکومت کے پاس کسانوں کیلئے پیسہ نہیں ہے؟ انھوں نے الزام عائد کیا کہ قبائلی اور پسماندہ طبقات کے مختص فنڈ کو دوسری طرف خرچ کیا جارہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وجئے وڈیٹیوار نے کہا کہ ایم این ایس کی مہا وکاس آگھاڑی میں شمولیت کے بارے میں فیصلہ اعلیٰ سطح پر ہوگا۔
***** ***** *****
ثقافتی اُمور کے محکمے کی جانب سے اس سال بھر میں 1200 ثقافتی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ یہ اطلاع ثقافتی اُمور کے وزیر اشیش شیلار نے دی۔ وہ کل ممبئی کے ملنڈ علاقے میں ”دیپ اُتسو دیوالی پہاٹ“ پروگرام سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ مہاراشٹر کی ثقافتی روایات کو عوام تک پہنچانے کیلئے کئی اقدامات کیے جارہے ہیں۔
***** ***** *****
اطلاعات و نشریات کی وزارت کے سیکریٹری سنجئے جاجو نے کل ناگپور کے آکاشوانی مرکز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انھوں نے ناگپور کے آکاشوانی‘ دوردرشن‘ پریس انفارمیشن بیورو اور سینٹرل کمیونیکیشن دفاتر کے کام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انھوں نے آکاشوانی کے ذریعے اشتہارات جمع کرنے کے کام کو تیز کرنے سے متعلق ہدایات متعلقہ افسران کو دیں اور پنشن سے متعلق خامیوں کو دور کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
سرکردہ خلائی سائنسداں پدم بھوشن ڈاکٹر ایکناتھ چٹنس کل پونا میں چل بسے۔ وہ 100 برس کے تھے۔ انھوں نے اِسرو کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا۔ ڈاکٹر ہومی بھابھا کے ساتھ ہندوستانی خلائی پروگرام کی بنیاد رکھنے میں بھی انھوں نے کلیدی کردار ادا کیا۔ ملک کا پہلا انسیٹ ٹیلی کمیونکیشن سیٹیلائٹ بنانے میں بھی چٹنس نے اہم رول ادا کیا۔ 1970 کی دہائی سے ان کی کوششوں کے باعث 1990 کی دہائی تک دور دراز کے دیہاتوں تک ٹی وی پہنچ سکا۔ نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار اور کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے قائد وجئے وڑیٹیوار سمیت اہم شخصیات نے انھیں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
***** ***** *****
لاتورضلع میں اس برس شدید بارش سے نقصان اٹھانے والے کسانوں کو نام فاؤنڈیشن کی جانب سے ربیع کے موسم کیلئے چنے اور جوار کے بیج تقسیم کیے جائیں گے۔ دیونی تعلقے کے دھنے گاؤں سے اس تقسیم کا آغاز ہوا۔ بارش اور سیلاب سے مایوس کسانوں کو دوبارہ کھڑا کرنے کیلئے نام فاؤنڈیشن کام کررہی ہے۔ ادارے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ لاتور ضلع میں چنے اور جوار کے تخم کے دو ہزار بیگس تقسیم کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
بلڈانہ ضلع کے چکھلی کے معذور شخص رویندر انگلے نے سودیشی کا نعرے لگاتے ہوئے خود بنائی ہوئی بتیاں اوردیے فروخت کرنے کا کاروبار شروع کیا ہے۔ بھارتیوں کو سودیشی کی سمت راغب کرے کیلئے انھوں نے یہ اقدام کیا ہے۔ اس کاروبار سے ہونے والی آمدن کا کچھ حصہ وزیرِ اعلیٰ امدادی فنڈ میں دینے کا بھی انھوں نے اعلان کیا۔
***** ***** *****
مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ہرش وردھن سپکاڑ نے بلڈانہ ضلع کے جلگاؤں جامود تعلقے کے قبائلی علاقوں میں ہر سال کی طرح اس بار بھی قبائلی بھائیوں کے ساتھ دیوالی منائی۔ گذشتہ 26 سال سے وہ اپنے گھر پر دیوالی نہیں مناتے بلکہ مختلف دیہاتوں کے قبائلی افراد میں مٹھائی اور کپڑے تقسیم کرکے دیوالی مناتے ہیں۔
***** ***** *****
خواتین کے عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے لیگ مرحلے میں آج بھارت اور نیوزی لینڈ کے مابین مقابلہ ہوگا۔ نوی ممبئی کے ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم میں دوپہر تین بجے یہ میچ شروع ہوگا۔ ٹورنامنٹ میں اب تک دونوں ٹیموں نے پانچ پانچ میچ کھیل کر چار پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔ اس لیے سیمی فائنل تک رسائی کیلئے دونوں ٹیموں کا یہ میچ نہایت اہم ہے۔ جنوبی افریقہ، آسٹریلیاء اور انگلینڈ کی ٹیمیں پہلے ہی سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہیں۔
***** ***** *****
بھارت اور آسٹریلیاء کے مابین جاری رواں تین میچوں کی سیریز کا دوسرا ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ آج کھیلا جارہا ہے۔ ایڈیلیڈ اوول کے مقام پر کھیلے جارہے اس میچ میں آسٹریلیاء نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بلّے بازی کی دعوی دی ہے۔ بھارت کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ تازہ ترین اطلاعات ملنے تک بھارت نے ایک اعشاریہ تین اوور میں ایک رن بنایا تھا۔ سیریز کا پہلا میچ جیت کر آسٹریلیاء ایک- صفر سے سبقت حاصل کیے ہوئے ہے۔
***** ***** *****
جنوب وسطی ریلوے نے دسہرہ‘ دیوالی اور چھٹ پوجا کو مدِنظر رکھتے ہوئے 273 اضافی ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اطلاع کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں ڈویژنل مینیجر پردیپ کامبڑے نے ایک اخباری کانفرنس میں دی۔ انھوں نے بتایا کہ ریلوے کا ناندیڑ ڈویژن مسافروں پر خصوصی توجہ دے رہا ہے اور ان کے مسائل حل کرنے کی خصوصی کوششیں کی جارہی ہیں اور مسافروں کی بھیڑ کو دیکھتے ہوئے وار روم شروع کیا گیا ہے۔ مسافروں کو سفر سے متعلق کوئی شکایت ہو تو وہ 139 نمبر پر رابطہ قائم کرسکتے ہیں۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ دیوالی پاڑوا جوش و خروش سے منایا گیا؛ خریداری کیلئے بازاروں میں عوام کا ہجوم۔
٭ خوردنی تیل پروڈیوسرز اور متعلقہ افراد کیلئے مرکزی حکومت کے پاس رجسٹریشن لازمی۔
٭ مرکزی حکومت کے فیصلوں کے باعث کپاس کو مناسب دام نہیں مل رہا: کانگریس رہنماء وجئے وڈیٹیوار کا الزام۔
٭ لاتور ضلع میں شدید بارش سے متاثرہ کسانوں میں نام فاؤنڈیشن کی جانب سے بیج تقسیم۔
اور۔۔۔٭ خواتین کے عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں آج بھارت کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے؛ مردوں کی کرکٹ ٹیم کا آسٹریلیاء کے ساتھ آج دوسرا ایک روزہ میچ۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment